Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸؍ جنوری ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46 یا 1075 پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ میڈیکل پوسٹ گریجویشن داخلہ امتحانات میں OBC کو 27 فیصد اور معاشی پسماندہ طبقے کیلئے 10 فیصد ریزرویشن کو عدالت ِ عظمیٰ کی منظوری۔
٭ ملک گیر کووِڈ ٹیکہ اندازی مہم میں دیڑھ سو کروڑ ٹیکے دینے کا تاریخی ہدف عبور۔
٭ بین الاقوامی مسافروں کیلئے کووِڈ ضوابط کے نئے رہنماء خطوط جاری۔
٭ قواعد و ضوابط پر عمل نہ ہونے کی صورت میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کا انتباہ۔
٭ اورنگ آباد شہر میں پیر سے 5 کووِڈ مراکز دوبارہ شروع ہوں گے۔
اور۔۔٭ تلجاپور میں MIDC کے قیام کیلئے کوشش کی جائیگی: وزیرِ صنعت آدیتی تٹکرے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
میڈیکل پوسٹ گریجویشن داخلہ امتحانات NEET-PG میں دیگر پسماندہ طبقات کیلئے 27 فیصد اور معاشی طور پر پسماندہ طبقے کیلئے 10 فیصد ریزرویشن دینے کو عدالت نے منظوری دے دی ہے۔ اس خصوص میں کل ہوئی سماعت کے دوران جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے یہ فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ رواں تعلیمی سال کے دوران داخلوں کے عمل میں کوئی رُکاوٹ نہ آئے اس غرض سے OBC اور معاشی پسماندہ طبقے کیلئے ریزرویشن برقرار رکھا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پانڈے کمیٹی کی سفارشات پر آئندہ تعلیمی سال سے عمل درآمد کو منظوری دی جارہی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقے کیلئے سالانہ آمدن 8 لاکھ روپئے کے معاملے پر آئندہ مارچ میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ملک گیر کووِڈ ٹیکہ اندازی مہم میں ملک نے دیڑھ سو کروڑ ٹیکوں کا ہدف عبور کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ ٹیکہ اندازی کے آغاز کے بعد سے ایک برس سے بھی کم عرصے میں یہ ہدف حاصل کیا گیا ۔ گذشتہ برس 16 جنوری کو شروع کی گئی اس مہم میں اب تک 90 فیصد اہل شہریوں کو ٹیکوں کی پہلی خوراک اور 65 فیصد اہل شہریوں کو دونوں خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ عالمی سطح کی اس سب سے بڑی ٹیکہ اندازی مہم میں گذشتہ برس 21 اکتوبر کو 279 دِنوں میں ملک نے 100 کروڑ کا ہدف حاصل کرلیا تھا۔
دریں اثناء اس تاریخ ساز کامیابی پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا ملک کے سائنس دانوں‘ طبّی شعبے کے ملازمین اور ٹیکہ سازوں کو جاتا ہے۔
مرکزی وزیرِ صحت من سکھ مانڈویا نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں طبّی شعبے کے اہلکار و ملازمین کی انتھک محنت کے باعث یہ نشانہ حاصل کیا جاسکا۔
***** ***** *****
بین الاقوامی مسافروں کیلئے کووِڈ پابندیوں سے متعلق نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ بھارت آنے والے مسافرین کو 7 دِنوں کیلئے کورنٹائن ہوکر آٹھویں دِن RT-PCR جانچ کروانا لازمی ہوگا‘ ملک سے باہر جانے وا لے مسافروں کیلئے 72 گھنٹے کے اندر RT-PCR جانچ کی رپورٹ نیز یہ رپورٹ درست ہونے کا بیانِ حلفی پیش کرنا لازمی ہوگا۔ برطانیہ سمیت تمام یوروپی ممالک، جنوبی افریقہ، چین‘ نیوزی لینڈ‘ ہانگ کانگ‘ قزاقستان اور کینیاء وغیرہ سمیت 19 ممالک سے بھارت آنے والے مسافروں کیلئے پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر برائے صحتِ عامہ راجیش ٹوپے نے انتباہ دیا ہے کہ کورونا سے متعلق قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے وا لوں کیخلاف مقدمات درج کیے جانے چاہیے اور احکامات کی خلاف ورزی ہونے پر مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ کل جالنہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے تلقین کی کہ اس ماہ کی 10 تاریخ کے بعد سے ہی شہری بوسٹر ڈوز لگوالیں۔ انھوں نے کہا کہ جن مقامات پر کورونا کے پھیلائو کی شرح 25 تا 30 فیصد تک ہونے کا خدشہ ہے ان مقامات پر اسکول بند کرنے کا فیصلہ مقامی سطح پر کیا جارہا ہے اور سینما ہال اور مذہبی مقامات پر ضرورت پڑنے پر پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ 40 ہزار 925 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا متاثرین کی کُل تعداد 68 لاکھ 34 ہزار 222 ہوگئی ۔ کل 20 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے، جس کے بعد ریاست میں کورونا کے باعث فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 614 ہوگئی۔ ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں ایک لاکھ 41 ہزار 492 مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ دریں اثناء کل ریاست بھر میں اومیکرون کا ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 493 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ بیڑ ضلع میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 183 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی، جس میں شہر کے 151 اور دیہی علاقوں کے 32 مریض شامل ہیں۔ کل عثمان آباد ضلع میں 80‘ لاتور میں 77‘ ناندیڑ 74‘ پربھنی 29‘ جالنہ 23‘ بیڑ 16‘ اور ہنگولی ضلع میں 11 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں کل سے 11 جنوری تک تمام اسکولی طلباء و طالبات کی ٹیکہ اندازی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائیگی۔ ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو افسر شیوا نند ٹاکساڑے نے بتایا کہ اس دوران 15 تا 18 سال کے ایک لاکھ ایک ہزار 805 طلباء و طالبات کی ٹیکہ اندازی کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے ضلع کے 15 تا 18 برس کے طلباء و طالبات کو ترغیب دی ہے کہ وہ جلد از جلد ٹیکہ اندازی کروالیں۔ وہ کل اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن اور ضلع کلکٹوریٹ کے مشترکہ ٹیکہ اندازی کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر شہرِ اورنگ آباد میں آئندہ پیر سے پانچ کووِڈ مراکز دوبارہ شروع کیے جارہے ہیں۔ قبل ازیں مریضوں کی تعداد میں کمی آنے پر یہ مراکز بند کیے گئے تھے۔ گھر میں آئیسولیشن کرنے والے افراد اور شہریوں کیلئے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں خصوصی وار روم تیار کیا گیا ہے۔ اس وار روم میں 10 ڈاکٹر خدمات انجام دیں گے اور دِن میں دو مرتبہ مریضوں کی جانچ کریں گے۔ یہ اطلاع کارپوریشن کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر پارس منڈلیچا نے دی۔
***** ***** *****
وزیرِ حمل و نقل انیل پرب نے کہا ہے کہ ایس ٹی ملازمین کام پر رجوع ہوکر بس خدمات کا آغاز کریں، اس کے بعد ہی ہڑتالی ملازمین سے گفت و شنید کرکے اُن کیخلاف کاروائی سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔ کل شولاپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایس ٹی ملازمین کیخلاف کی گئی کاروائی واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد بھی ان ملازمین نے ہڑتال ختم نہیں کی۔ اس لیے فی الحال ان کیخلاف کی گئی کاروائی منسوخ نہیں کی جارہی۔
دریں اثناء بی جے پی کے ضلع صدر نتن کاڑے کی زیرِ قیادت ایک وفد نے انیل پرب کو ایک محضر پیش کیا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شولا پور۔ تلجا پور۔ عثمان آباد ریلوے لائن کیلئے جلد از جلد فنڈ مہیا کرکے یہ ریلوے لائن شروع کی جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ مملکت برائے صنعت و حرفت آدیتی تٹکرے نے کہا ہے کہ تلجاپور کی ترقی کے ساتھ ساتھ تعلقے کی صنعتی ترقی کیلئے مہاراشٹر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کی معرفت MIDC قائم کرنے کیلئے کوشش کی جائیگی۔ کل تلجاپور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ‘ نائب وزیرِ اعلیٰ‘ وزارتِ صنعت اور متعلقہ اربابِ مجاز کو مکتوب ارسال کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں جرائم کی شرح کم ہوکر 84 فیصد رہ گئی ہے۔ پولس کمشنر ڈاکٹر نکھل گپتا نے اورنگ آباد شہر کے جرائم کی سالانہ رپورٹ کی بنیاد پر ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اعداد و شما ر پیش کیے۔ انھوں نے بتایا کہ شہر میں منشیات کے استعمال اور سائبر کرائم کی تعداد میںاضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ میڈیکل پوسٹ گریجویشن داخلہ امتحانات میں OBC کو 27 فیصد اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقے کیلئے 10 فیصد ریزرویشن کو عدالت ِ عظمیٰ کی منظوری۔
٭ ملک گیر کووِڈ ٹیکہ اندازی مہم میں دیڑھ سو کروڑ ٹیکے دینے کا تاریخی ہدف عبور۔
٭ بین الاقوامی مسافروں کیلئے کووِڈ ضوابط کے نئے رہنماء خطوط جاری۔
٭ قواعد و ضوابط پر عمل نہ ہونے کی صورت میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کا انتباہ۔
اور۔۔ ٭ اورنگ آباد شہر میں پیر سے 5 کووِڈ مراکز دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment