Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ جولائی ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آئندہ 22 جولائی سے آغاز۔
٭ مراٹھا سماج کے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر سیاسی مؤقف اختیار کیا جائے گا: مراٹھا احتجاج کے روحِ رواں منوج جرانگے پاٹل کا انتباہ۔
٭ ”مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین“ اسکیم کیلئے 31 اگست کے بعد کی درخواستوں پر بھی غور ہوگا؛ ہنگولی ضلع میں اس اسکیم سے متعلق رشوت خور گرام سیوک پر مقدمہ درج۔
٭ جالنہ ضلع کے بھوکردن میں غیر قانونی طور پر حمل کی تشخیص کے معاملے میں سونوگرافی مرکز پر چھاپہ؛ بوگس ڈاکٹر فرار۔
اور۔۔ ٭ تلجاپور- دھاراشیو ریلوے راستے کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا: رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل کی اطلاع۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن آئندہ 22 جولائی سے شروع ہوگا۔ 23 جولائی کو مالی سال 2024-25 کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔ پارلیمنٹ کا یہ اجلاس 12 اگست تک جاری رہے گا۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
میڈیکل میں داخلے کے مقابلہ جاتی امتحان NEET کی کاؤنسلنگ کی تاریخ اب تک ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ تاہم میڈیا میں چلنے والی یہ خبر کہ کاؤنسلنگ کو آگے بڑھادیا گیا ہے غلط ہے۔ مرکزی وزارتِ صحت نے یہ وضاحت کی۔
***** ***** *****
اناج و تقسیم ِ عامہ کی مرکزی وزارت نے بتایا کہ ربیع موسم کی پیاز کے بازار میں آنے کے سبب اس کی قیمت کنٹرول میں آرہی ہے۔ گذشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال پیاز کی پیداوارمیں کمی کے باوجود بازار میں یہ مناسب مقدار میں دستیاب ہے۔ وزارت نے مزید بتایا کہ اس بار کے ربیع موسم میں پیاز کی پیداوار ملک بھر میں 191 لاکھ ٹن ہوئی ہے۔ جوملک کے صارفین کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کافی ہے۔
***** ***** *****
بین الاقوامی امدادِ باہمی دِن کی مناسبت سے کل گجرات کے گاندھی نگر میں ”سہکار سے سمردّھی“ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت امدادِ باہمی شعبے کو ملک کی معیشت کا اہم ستون بنانے کیلئے مسلسل کاوشیں کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ممبئی میں سرکاری اسکیمات اور اُن پر عمل آوری سے متعلق منعقد کیے گئے مہایوتی کے عہدیداروں کے ریاست گیر اجتماع کی رہنمائی کی۔ اس موقع پر انھوں نے مہایوتی کے عہدیداروں سے ریاستی حکومت کی گذشتہ دو برسوں کے دوران فلاحی اسکیمات گھر گھر پہنچانے کی اپیل کی‘ تاکہ آئندہ انتخابات میں مہایوتی کامیاب ہو۔ اس اجتماع میں دونوں نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر اور اجیت پوار سمیت مہایوتی کے دیگر قائدین موجود تھے۔
***** ***** *****
ملک کی آٹوموبائل صنعت میں خرید و فروخت سات لاکھ کروڑ روپؤں سے بڑھ کر 20 لاکھ کروڑ روپئے ہوگئی ہے اور آنے والے وقت میں یہ ٹرن اوور 50 لاکھ کروڑ تک لے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔ زمینی حمل و نقل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کل ناگپور میں ایک کمپنی کے افتتاح کے موقع پر یہ بات کہی۔ اس پروگرام میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں سیمی کنڈکٹر منصوبوں کے قیام کیلئے چند کمپنیوں سے تبادلہئ خیال کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن سے متعلق حیدرآباد گیزٹ میں اگر کسی بھی ضلع کا ذکر موجود ہو تو ریزرویشن کیلئے اس سے فائدہ ہوگا۔ اس سلسلے میں انتظامیہ سے معلومات لی جارہی ہے۔ رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے یہ اطلاع دی۔ مراٹھاریزرویشن تحریک کے روحِ رواں منوج جرانگے پاٹل نے کل ناندیڑ میں اشوک چوہان سے ملاقات کی، جس کے بعد چوہان نے صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ مراٹھا ریزرویشن تحریک کی سنواد یاترا کی کوئی بھی مخالفت نہیں کررہا ہے۔
***** ***** *****
اسی بیچ جرانگے پاٹل کی قیادت میں کل ہنگولی میں ریزرویشن سے متعلق عوامی بیداری کیلئے امن ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر انھوں نے مراٹھا سماج کو کُلی طورپر کنبی ذات کے صداقت نامے جاری کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔ اس موقع پر انھوں نے مراٹھا سماج کے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر سیاسی مؤقف اختیار کرنے کا انتباہ دیا۔ لاکھوں کی تعداد میں مراٹھا سماج کے شہریان نے اس ریلی میں شرکت کی۔
***** ***** *****
ممبئی کے جوگیشوری میں منظرِ عام پر آئے زمین گھپلہ معاملے میں شیوسینا کے رکنِ پارلیمان رویندر وائیکر کے خلاف ممبئی پولس کی جانب سے تفتیش بند کرنے کی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد‘ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وہ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وائیکر کو کلین چٹ دینے کا مطلب یہ ہے کہ بی جے پی بدعنوان قائدین کی حمایت کرتی ہے۔
***** ***** *****
دھنگر سماج کے ایک وفد نے کل نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کی اور پنڈھرپور میں اہلیہ بھون کی تعمیر کیلئے پانچ کروڑ روپؤں کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات پیش کیے۔ وفد نے انتباہ دیا کہ دھنگر سماج کے ان مطالبات کو تسلیم نہ کیے جانے پر آئندہ آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور کے وِٹھل مندر کو بھیڑ بکریوں سے گھیر کر احتجاج کیا جائیگا۔
***** ***** *****
NEET امتحانات میں بدعنوانی کے معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسی CBI کی تحویل میں موجود ملزم سنجے جادھو کو آٹھ جولائی تک‘ جبکہ دوسرے ملزم جلیل خان پٹھان کو آئندہ 14 دِنوں کیلئے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ان دونوں ملزمان کی CBI تحویل کے خاتمے پر انھیں کل عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اسی بیچ CBI نے عدالت کو بتایاکہ ملزم سنجے جادھو کے موبائل میں دلّی کے گنگادھر نامی شخص کا پتہ ملنے پر اُسے آندھرا پردیش سے گرفتار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے امداد اور بازآباد کاری کے وزیر انل پاٹل نے کہا ہے کہ ”مکھیہ منتری لاڈکی بہین“ ایک مسلسل جاری رہنے والی اسکیم ہے اور 31 اگست تک اگر کاغذی کارروائی مکمل نہیں کی گئی تو بعد میں داخل کی گئی درخواستوں پر بھی امداد دینے سے متعلق غور کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف کل نندوربار میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں راشٹروادی کانگریس کے دونوں امیدوار کامیاب ہوں گے‘ کیونکہ پارٹی کے پاس کاؤنسل میں ضروری عددی قوت موجود ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ”مکھیہ منتری لاڈکی بہین“ اسکیم سے استفادہ کرنے والی ایک خاتون سے 100 روپئے رشوت قبول کرنے والے ایک گرام سیوک کے خلاف جرم داخل کردیا گیا ہے۔ کلمنوری تعلقے کے ڈونگر کڑا اور بھاٹے گاؤں کا گرام سیوک مکند گھن ساونت اس اسکیم سے استفادہ کرنے والی خواتین سے رہائشی صداقت نامے جاری کرنے کے بدلے غیر قانونی طور پر وصولی کررہا تھا۔ اس تعلق سے ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تفتیش کی گئی۔ کلمنوری گرام پنچایت کے BDO لمباجی بارگیر کی شکایت پر مذکورہ گرام سیوک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
پولس نے جالنہ ضلع کے بھوکردن میں واقع راجپوت سونوگرافی مرکز پر غیر قانونی طور پر حمل کی تشخیص اور اسقاطِ حمل کی شکایات موصول ہونے پر کارروائی کی۔ دلیپ سنگھ راجپوت نامی شخص حمل کی تشخیص کیا کرتا تھا جو بوگس ڈاکٹر نکلا۔ اس معاملے میں پولس نے اس مرکز کے تین ملازمین کو حراست میں لیا ہے۔ تاہم ملزم راجپوت فرار ہے۔ پولس کے ساتھ موجود طبّی دستے نے اس مرکز سے اسقاطِ حمل کے انجکشنز‘ دو سونوگرافی مشینیں‘ ریاست بھر میں پھیلے دلالوں کی معلومات پر مبنی تحریر سمیت کم و بیش نو لاکھ روپئے ضبط کیے ہیں۔
***** ***** *****
شولاپور- تلجاپور- دھاراشیو ریلوے راستے کے حصے تلجاپور- دھاراشیو کی تعمیر کو منظوری مل گئی ہے اور جلد ہی اس کام کا آغاز کیا جائیگا۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ 41 کلو میٹر طویل اس ریلوے راستے کی تعمیر کیلئے 487 کروڑ روپؤں کے خرچ کی تجویز ہے۔ اس ریلوے راستے کی تعمیر کے بعد دھاراشیو اسٹیشن ایک جنکشن بن جائے گا اور تلجاپور ریلوے اسٹیشن سے جڑنے کے بعد اس علاقے میں سیاحت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آئندہ 22 جولائی سے آغاز۔
٭ مراٹھا سماج کے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر سیاسی مؤقف اختیار کیا جائے گا: مراٹھا احتجاج کے روحِ رواں منوج جرانگے پاٹل کا انتباہ۔
٭ ”مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین“ اسکیم کیلئے 31 اگست کے بعد کی درخواستوں پر بھی غور ہوگا؛ ہنگولی ضلع میں اس اسکیم سے متعلق رشوت خور گرام سیوک پر مقدمہ درج۔
٭ جالنہ ضلع کے بھوکردن میں غیر قانونی طور پر حمل کی تشخیص کے معاملے میں سونوگرافی مرکز پر چھاپہ؛ بوگس ڈاکٹر فرار۔
اور۔۔ ٭ تلجاپور- دھاراشیو ریلوے راستے کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا: رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل کی اطلاع۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment