Monday, 6 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی مہم کے تحت ریاستوں کو 25 ہزار کروڑ روپئے کی امداد منظور۔
٭ ناندیڑ کیلئے دو نئی ایکسپریس ریلوے گاڑیوں کی آج سے شروعات۔
٭ اس سال پہلی بار، آشاڑھی واری کے دوران خصوصی ”ایئر ایمبولینس“ کی سہولت فراہم کرنے کا وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر کا اعلان۔
٭ ایودھیا کے شری رام مندر میں عطیات چوری کے خلاف شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کا ریاست بھر میں رام رکشا گھنٹہ ناداحتجاج۔
اور۔۔۔ ٭ ممبئی سمیت کوکن میں شدید بارشوں کے سبب معمولاتِ زندگی متاثر، مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر آج بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات شیوراج سنگھ چوہان نے ترقی یافتہ بھارت روزگار اورضمانت ِ معاش دیہی مشن - VBG رام جی قانون، 2025کے کامیاب نفاذ پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کل اس مہم کے تحت ریاستوں کو ورچول طریقے سے25 ہزار کروڑ روپے کی امداد کی منظوری دیکر فنڈز تقسیم کئے۔ چوہان نے کہا کہ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت منصوبے کو کامیابی سے وی بی جی‘ رام جی اسکیم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
عیاں رہے کہ وی بی جی رام جی قانون گذشتہ ایک جولائی سے نافذ ہو گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ترغیب دی ہے کہ گو شالاؤں کو گائے کی طاقت کے مراکز میں تبدیل کیا جانا چاہیے، جہاں نہ صرف گائے کا تحفظ ہو بلکہ گائے سے متعلق تحقیق بھی ہونی چاہیے۔ وہ کل ناگپور میں مہاراشٹر گوسیوا کمیشن اور مویشی پروری محکمے کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے گائے سے حاصل ہونے والی مختلف مصنوعات کی ترقی اور تشہیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ان مصنوعات کی فروخت کیلئے مختلف مقامات پر مناسب نرخ پر اسٹال فراہم کرے گی۔
***** ***** *****
ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین منصوبے میں کل ایک اہم سنگ ِمیل عبور ہوا۔ وکھرولی میں ملک کے سب سے بڑے ریلوے ٹنل کی بورنگ مشین کی مدد سے زیرِ زمین سرنگ کی کھدائی شروع کی گئی۔ یہ جدید ترین 13 اعشاریہ چھ میٹر قطر کا”مکس شیلڈ“ ٹنل بورنگ مشین، تقریباً تین ہزار 100ٹن وزنی ہے اور اس کی مدد سے وکھرولی سے بی کے سی کے درمیان تقریباً چھ کلومیٹر لمبی سرنگ کھودی جائے گی۔ یہ زیرِ زمین ریلوے راستہ گنجان آبادی، بڑی سڑکوں کے علاوہ میٹھی ندی اور دیگر اہم بنیادی سہولیات کے نیچے سے گزرے گا۔ ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین منصوبے میں 21 کلومیٹر طویل اس سرنگ کی تعمیر کو اہم سنگِ میل سمجھا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ-ممبئی اور ٹَنک پور-ناندیڑ کے درمیان دو نئی ایکسپریس ریلوے گاڑیاں آج سے شروع ہو رہی ہیں۔ ان دونوں ٹرینوں کو مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو، وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی ورچول طریقے سے سبز جھنڈی دکھائیں گے۔ ناندیڑ ریلوے اسٹیشن پر اس افتتاحی تقریب میں ضلع کے رابطہ وزیر اتل ساوے اور رکن پارلیمان اشوک چوہان موجود رہیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت پرکاش آبِٹکر نے اعلان کیا کہ پہلی بار اس سال آشاڑھی یاترا کے دوران خصوصی ”ایئر ایمبولینس“ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وہ کل‘ پنڈھر پور میں ذیلی ضلع اسپتال کا معائنہ کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے طبّی عملے کو چوبیس گھنٹے خبردار رہنے کی ہدایت دی تاکہ آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور آنے والے عقیدت مندوں کو ضرورت پڑنے پر بروقت پر معیاری علاج مل سکے۔
***** ***** *****
آشاڑھی کے موقع پر پنڈھرپور کی طرف گامزن سنت مکتا بائی کی پالکی کی پہلی گول دائرہ تقریب کل جالنہ میں جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ انتظامیہ اور محکمہ پولس نے اس تقریب کیلئے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے تھے۔
ناسک ضلعے میں سنّر تعلقے کے داتلی میں سنت نیورتّی ناتھ مہاراج کی پالکی کا پہلا گول دائرہ جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس میں تقریباً 30 تا 35 ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں، نیورتّی ناتھ مہاراج کی پالکی کل اہلیا نگر ضلعے میں پہنچی۔ جہاں سابق ریاستی وزیر بالاصاحب تھورات نے پالکی کی پوجا کرکے وارکری عقیدت مندوں کا استقبال کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
شیو سینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ایودھیا کے رام مندر کے عطیات میں بدعنوانیوں کے خلاف کل ریاست بھر میں رام رکشا گھنٹہ ناد احتجاج کیا گیا۔ ممبئی کے دادر میں واقع ہنومان مندر سے پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کی موجودگی میں اس احتجاج کا آغاز ہوا۔ انہوں نے رام للّا مندر سے عطیات کی چوری کی منصفانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ ٹھاکرے نے انتباہ دیا کہ وہ اس وقت تک گاؤں گاؤں میں احتجاج کریں گے جب تک اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات اور فیصلہ نہیں آجاتا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سپاری ہنومان مندر کے رُوبرو کیے گئے اس احتجاج میں شیوسینک بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کو چھوڑ کر ریاست کے دیگر حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ ممبئی، تھانے، پال گھر اور کوکن میں کل موسلادھار بارش ہوئی۔
ممبئی سمیت ریاست کے کئی مقامات پر کل بارش کے سبب پانی جمع ہوجانے سے آمد و رفت متاثر ہوئی۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ پر تمام پروازیں ایک گھنٹے کیلئے روک دی گئیں‘ جس سے فضائی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔
نئی ممبئی کے مضافات میں کل بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تھانے ضلعے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
رائے گڑھ ضلعے کے نیرول حدود میں پیب قلعے پر ٹریکنگ کیلئے جانے والے چار افراد میں سے ایک چٹانیں کھسکنے سے زخمی ہوگیا‘ جبکہ کھوپولی میں زینتھ آبشار کے قریب پھنسے ہوئے سو سے زائد سیاحوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا گیا۔ ممبئی-گوا شاہراہ پر پانی بھر جانے کی وجہ سے اس راستے کوبند کردیا گیا ہے۔
رتناگری ضلعے میں مسلسل بارش کی وجہ سے تمام ندیوں کی سطحِ آب میں اضافہ ہوا ہے۔ کھیڑ میں واقع جگ بُڑی ندی خطرے کے نشان کو عبور کر گئی ہے، جبکہ نارنگی ندی بھی لبریز ہوکر بہہ رہی ہے۔
سندھو دُرگ، ناسک، گڑچرولی، پال گھر، بلڈانہ، کولہاپور اور سانگلی اضلاع میں بھی کل بارش ہوئی۔
شدید بارش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے طور پر ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ اضلاع کے تمام اسکولوں اور کالجوں کیلئے آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اسی دوران، محکمہئ موسمیات نے آج ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، ناسک، پونے اورستارا میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے‘ جبکہ پال گھر، رتناگری، سندھو دُرگ اضلاع کیلئے آرینج الرٹ اور چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور ودربھ کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اغذیہ و ادویات محکمے نے دودھ میں ملاوٹ کرنے والے ایک بڑے گروہ کا پردہ فاش کیا۔ پونے کے منچر سے کام کرنے والے اس گروہ کے 13 افراد کو پولس نے گرفتار کیا ہے‘ جبکہ دیگر 13 افراد فرار بتائے گئے ہیں۔ گرفتار شدہ تمام ملزمان کو آئندہ 9 جولائی تک پولس تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے اورنگ آباد سنٹرل کوآپریٹیو بینک کے انتخابی نتائج کا کل اعلان کردیا گیا۔ اس انتخاب میں کُل 13 ڈائریکٹرس عہدوں کیلئے رائے دہی ہوئی تھی اور بینک کے 21 ڈائریکٹرز میں سے آٹھ ڈائریکٹرز پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے تھے۔ کُل 21 اراکین میں دو وزراء کے علاوہ ایک رکنِ پارلیمان اور پانچ اراکینِ اسمبلی مجلس ِ عاملہ کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اور اِنٹیک کے اشتراک سے کل شہر میں مہاتما گاندھی مجسّمے سے اپا حلوائی تک ایک ہیریٹیج واک کا اہتمام کیا گیا۔ شاہ گنج میں تاریخی مہاتما گاندھی مجسّمے کے امرت مہوتسوی سال کے آغاز اور سکھ برادری کے بھائی دیاسنگھ جی کے 365 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یہ واک کیا گیا۔ اس موقعے پر تاریخ کے مطالعہ نگار سنکیت کلکرنی اور آدتیہ واگھمارے نے شاہ گنج، صرافہ، دھاؤنی محلہ اور پان دریبہ علاقوں کی تاریخ سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ میئر سمیر راجورکر اس واک میں خصوصی طور پر موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاستی ٹرانسپورٹ محکمے کے دھاراشیو ڈویژن کی جانب سے کل 30 راج ماتا جیجاؤ بسوں کا افتتاح رکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پرانہوں نے ہر گاؤں اور دیہات تک آمد و رفت کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے مزید بسیں فراہم کرنے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں 31 جولائی تک ”اسٹاپ ڈائریا مہم“ چلائی جارہی ہے۔ اس کے تحت ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جتن رحمان نے ضلع کی تمام گرام پنچایتوں اور ابتدائی صحت مراکز سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی مہم کے تحت ریاستوں کو 25 ہزار کروڑ روپئے کی امداد منظور۔
٭ ناندیڑ کیلئے دو نئی ایکسپریس ریلوے گاڑیوں کی آج سے شروعات۔
٭ اس سال پہلی بار، آشاڑھی واری کے دوران خصوصی ”ایئر ایمبولینس“ کی سہولت فراہم کرنے کا وزیرِ صحت پرکاش آبٹکر کا اعلان۔
٭ ایودھیا کے شری رام مندر میں عطیات چوری کے خلاف شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کا ریاست بھر میں رام رکشا گھنٹہ ناداحتجاج۔
اور۔۔۔ ٭ ممبئی سمیت کوکن میں شدید بارشوں کے سبب معمولاتِ زندگی متاثر، مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر آج بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 06.07.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 06 July 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...