Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 15 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۱/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاستی کابینہ نے کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے اصولوں میں نرمی کرنے کا کیا فیصلہ، مرکزی حکومت کے زیرِ اہتمام اربن چیلنج فنڈ مہم کے نفاذ کو بھی منظوری۔
٭ دوسری مرتبہ بوائی کا وقت آنے پر ضلعی پلاننگ کمیٹی کے فنڈز سے کسانوں کو مفت بیج فراہم کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاست کے آبی پشتوں میں پانی کا ذخیرہ 44 فیصد، 12 اضلاع میں اوسط سے 75 فیصد کم بارش۔
٭ کل سے پنڈھرپور میں 24 گھنٹے درشن کی سہولت۔
اور۔۔۔ ٭ دسویں جماعت کے 29 فیصد اور بارہویں جماعت کے 39 فیصد امیدوار ریاستی تعلیمی بورڈ کے ضمنی امتحان میں کامیاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی کابینہ نے پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے اصولوں میں نرمی کو منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے 2019 کی قرض معافی اسکیم میں تقریباً 13 لاکھ کسانوں کیلئے پچاس ہزار روپے تک کی حد کو ختم کرنے اور انہیں باقاعدہ قرض معافی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سال 2026-27 میں باقاعدہ ادائیگی کی شرط کو ختم کرنے کے فیصلے کو منظوری دی۔
کابینہ نے ریاست میں مرکزی حکومت کے زیر اہتمام اربن چیلنج فنڈ مہم کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے شہروں کو معیاری انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے مارکیٹ پر مبنی فائنانسنگ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
میٹنگ میں ریاست کے شہری بلدیاتی اداروں کے اثاثوں کیلئے مونیٹائزیشن پالیسی کو بھی منظوری دی گئی۔ یہ میونسپل کارپوریشن، میونسپلٹی، نگر پریشد اور نگر پنچایتوں کو اثاثوں کے استعمال سے شفاف اور اچھے ذرائع آمدنی پیدا کرنے کے قابل بنائے گا۔
کل جیلوں میں آزاد اور پروبیشنری قیدیوں کو فراہم کی جانے والی ذیلی گرانٹ اسکیم کی رقم کو 50 ہزار روپے کرنے اور بری ہونے والے قیدیوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے بیڑ ضلع اسپورٹس کمپلیکس کیلئے 24 کروڑ 95 لاکھ روپے کے کاموں کو منظوری دی۔ اس فنڈ سے اسپورٹس کمپلیکس میں مصنوعی ایتھلیٹک ٹریک، فٹبال، ہاکی، والی بال، کبڈی، کھو کھو، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی جیسے کام کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے بتایا کہ اگر بوگس بیجوں کی وجہ سے فصل نہیں اگتی ہے یا قدرتی آفات کی وجہ سے دوبارہ بونے کا وقت آتا ہے تو کسانوں کو ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے فنڈز سے مفت بیج فراہم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
فی الحال ریاست کے آبی ذخائر میں ذخیرہ کرنے کی کل گنجائش کا 44 فیصد دستیاب ہے۔ کل تک ریاست کے تین ہزار نو آبی پشتوں میں تقریباً 633 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ تھا۔ یہ ذخیرہ گزشتہ سال اسی تاریخ کو ریکارڈ کیے گئے 843 ٹی ایم سی ذخیرہ سے بہت کم ہے۔
ریاست کے چھ محصول ڈویژنوں میں ناسک ڈویژن میں سب سے زیادہ پانی کا ذخیرہ 86 فیصد درج کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 66 فیصد، کوکن میں 62، پونے 51، امراوتی میں 42، جبکہ ناگپور ڈویژن میں 40 فیصد پانی کا ذخیرہ ہے۔ ریاست کے بڑے آبی ذخائر میں سے جائیکواڑی ڈیم میں 32 فیصد، کوئنا میں 49 فیصد، اُجنی میں 50 فیصد، گوسی خورد میں 36 فیصد جبکہ کھڑک واسلا ڈیم گروپ میں 41 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔
دریں اثناء، اس سال کے مانسون کے دوران ریاست میں اب تک 334 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔ اگرچہ یہ ریاست کی عام اوسط کے مقابلے میں تقریباً 96 فیصد کے قریب ہے، لیکن ریاست بھر میں بارش کی تقسیم یکساں نہیں ہے۔ بارہ اضلاع میں 50 سے 75 فیصد بارش ہوئی جبکہ دیگر 12 اضلاع میں 75 سے 100 فیصد بارش ہوئی۔
کل ریاستی کابینہ کے سامنے پیش کردہ پریزنٹیشن کے مطابق 96 لاکھ 21 ہزار ہیکٹر رقبے پر خریف کی بوائی مکمل ہو چکی ہے۔ تیل کے بیج، سویابین، اور کپاس سب سے زیادہ رقبے پر بویا گیا ہے۔ کچھ جگہوں پر چاول کی کاشت کا کام جاری ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے زرعی ترقیاتی افسر ڈاکٹر پرکاش پاٹل نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تور یا باجرہ کی بوائی کو ترجیح دیں، اور جو فصلیں اگی ہیں ان کو پانی فراہم کرنے کا بھی انتظام کریں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر مندر کمیٹی کے شریک چیئرمین گہینی ناتھ مہاراج اوسیکر نے بتایاکہ پنڈھر پور میں عقیدت مندوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کی منصوبہ بندی آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ آشاڑھی ایکادشی پر، وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس اور معزز وارکری وٹھل-رکمنی ماتا کی سرکاری مہاپوجا کریں گے۔ عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے پیدل درشن کی سہولت 16 تاریخ سے چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی خدمت کیلئے تقریباً دو ہزار پانچ سو افرادی قوت کام کرے گی۔
***** ***** *****
سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) نے کل R3، یعنی تین زبانوں کے فارمولے پر ایک بیان جاری کیا۔ اس کے مطابق، سی بی ایس ای کے تحت تیسری زبان کا Assessment صرف اسکولوں کے داخلی امتحانات کے ذریعے کیا جائے گا۔ موجودہ تعلیمی سال میں سی بی ایس ای بورڈ تیسری زبان کا امتحان منعقد نہیں کرائے گا۔ جو طلبا نویں کلاس میں R3 پاس نہیں کرتے ہیں انہیں دسویں جماعت میں داخلہ دیا جائے گا، لیکن انہیں یہ امتحان دسویں جماعت کے سال میں پاس کرنا ہوگا۔ آٹھویں جماعت میں تین زبانوں کا انتخاب جماعت نہم میں بھی برقرار رہے گا اور ان میں سے ایک کو ’R3‘ کے طور پر منتخب کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے دسویں اور بارہویں جماعت کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا کل اعلان کیا گیا۔ ریاست بھر سے صرف 29 اعشاریہ 53 فیصد طلباء نے دسویں جماعت میں کامیابی حاصل کی، جبکہ بارہویں جماعت کے امتحان میں، یہ تناسب 38 اعشاریہ 72 فیصد ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے دسویں جماعت کا نتیجہ 34 اعشاریہ 27 فیصد ہے اور بارہویں جماعت کا نتیجہ تقریباً 53 فیصد ہے۔ لاتور ڈویژن کا دسویں کا نتیجہ 34 اعشاریہ 55 فیصد اور بارہویں کا نتیجہ 46 اعشاریہ 53 فیصد ہے۔
***** ***** *****
مرکزی کمیٹی نے دھاراشیو ضلعے میں خریف 2025 کے فصل بیمہ کے بارے میں ریاستی حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے اور فصل بیمہ کمپنی کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ کمیٹی نے آئندہ سات دنوں میں اہل کسانوں کے کھاتوں میں 337 کروڑ روپے کی انشورنس کی رقم تقسیم کرنے کا حکم دیا ہے۔ رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ خریف 2025 میں دھاراشیو ضلعے میں سویا بین کی فصل کیلئے کل 504 فصل کی کٹائی کے تجربات کیے گئے تھے۔ ان میں سے، بیمہ کمپنی نے 56 محصول ڈیویزن میں 368 تجربات پر اعتراض کیا تھا اور پہلے ریاست اور پھر مرکزی تکنیکی مشاورتی کمیٹی سے اپیل کی گئی تھی۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں اسکول سے باہر بچوں کا سروے کرنے اور انہیں تعلیم کے دھارے میں لانے کیلئے آج سے ایک خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھرت باسٹیواڑ نے ہدایت دی کہ 30 جولائی تک چلنے والی اس مہم کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔
***** ***** *****
کنڑ تعلقہ نے ایس آئی آر مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ ووٹر رجسٹریشن آفیسر اور سب ڈویژنل آفیسر سنتوش گورڈ اور تحصیلدار ساریکا بھگت کی رہنمائی میں یہ مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی۔
ضلع انتظامیہ نے پربھنی ضلعے کے جنتور، پاتھری اور گنگا کھیڑ اسمبلی حلقوں کے کچھ بوتھ لیول افسران کی اس مہم میں منصوبہ بند کام کیلئے خصوصی طور پر تعریف کی۔
***** ***** *****
واشم کے سنت سورداس مہاراج معذور پیدل واری کل دھاراشیو ضلعے کے کلمب شہر پہنچی۔ اس دِنڈی میں 15 نابینا وارکری اور 5 رضاکار حصہ لے رہے ہیں، جو آشادھی ایکادشی کے موقع پر وٹھل کے درشن کرنے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے کرکٹ مقابلے میں بھارت نے انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 258 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے یہ ہدف 46ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کپتان شبھمن گل نے 80 رنز بنائے۔ چار وکٹیں لینے والے اکشر پٹیل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
اسپین فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں داخل ہو گیا ہے۔ کل پہلے سیمی فائنل مقابلے میں اسپین نے فرانس کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ دوسرا سیمی فائنل آج ارجنٹینا اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ریاستی کابینہ نے کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے اصولوں میں نرمی کرنے کا کیا فیصلہ، مرکزی حکومت کے زیر اہتمام اربن چیلنج فنڈ مہم کے نفاذ کو بھی منظوری۔
٭ دوسری مرتبہ بوائی کا وقت آنے پر ضلعی پلاننگ کمیٹی کے فنڈز سے کسانوں کو مفت بیج فراہم کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاست کے آبی پشتوں میں پانی کا ذخیرہ 44 فیصد، 12 اضلاع میں اوسط سے 75 فیصد کم بارش۔
٭ کل سے پنڈھرپور میں 24 گھنٹے درشن کی سہولت۔
اور۔۔۔ ٭ دسویں جماعت کے 29 فیصد اور بارہویں جماعت کے 39 فیصد امیدوار ریاستی تعلیمی بورڈ کے ضمنی امتحان میں کامیاب۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment