Monday, 20 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع، 25 دنوں تک جاری رہنے والے اجلاس میں 19 نشستوں کا انعقاد۔
٭ سماجی کارکن سونم وانگچک کوخانگی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دینے کیلئے عبوری حکم جاری کرنے سے دہلی ہائی کورٹ کا انکار۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پنڈھرپور میں تیاریوں کا لیاجائزہ۔
٭ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ پانچ دنوں تک ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔
اور۔۔۔٭ علم کیمیاء اور حیاتیات کے بین الاقوامی اولمپیاڈ مقابلوں میں بھارتی طلباء نے جیتے طلائی تمغے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس 13 اگست تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 19 نشستیں ہوں گی۔ اس دوران اہم بلوں اور قومی مسائل پر بحث متوقع ہے۔اجلاس کے آغاز سے قبل حکومت نے کُل جماعتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ وزیر ِدفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں تمام سیاسی جماعتوں سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کی اپیل کی گئی۔ شیوسینا اور ترنمول کانگریس کے منحرف اراکینِ پارلیمنٹ کو اجلاس میں مدعو کیے جانے کے احتجاج میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے میٹنگ کا بائیکاٹ کیا، تاہم احتجاج درج کرانے کے بعد تقریباً پچاس ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
پارلیمانی امور کے وزیر کیرن رجیجو نے بھی مخالف جماعتوں سے اجلاس کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کاروائی جتنی موثر طریقے سے چلے گی، اتنا ہی ملک کے لیے بہتر ہوگا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مسلسل ہنگامہ آرائی کے باعث ماضی میں پارلیمنٹ کی کارروائی چلانا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔ رجیجو نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کی بات سننے کیلئے تیار ہے اورانہیں بھی حکومت کا موقف سننا چاہیے۔
***** ***** *****
سماجی کارکن سونم وانگچک کو صفدر جنگ اسپتال سے کسی خانگی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دینے کیلئے عبوری حکم جاری کرنے سے دہلی ہائی کورٹ نے انکار کر دیا ہے۔اس سلسلے میں وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی کی جانب سے دائر درخواست پر کل سماعت ہوئی۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صفدر جنگ اسپتال نے سونم وانگچک کے علاج سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھا اور شفافیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔عدالت نے کہا کہ طبیعت بگڑنے کے باوجود وانگچک نے خود اسپتال میں داخل ہونے سے انکار کیا تھا، لہٰذا ایسی صورت میں حکومت کو مداخلت کا اختیار حاصل ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ صحت کی بنیاد پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کا حکومتی فیصلہ من مانی نہیں تھا۔عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ وانگچک کی طبی رپورٹس ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جائیں۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔
***** ***** *****
دہلی کے جنتر منتر پر”کاکروچ جنتا پارٹی“ اور سونم وانگچک کی تحریک کی حمایت اور مختلف مطالبات کے حق میں شیو سیناادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی نے کل ممبئی کے شیواجی پارک میں احتجاج کیا۔اس موقع پر پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کیلئے ایک بھرپور جدوجہد شروع ہونی چاہیے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے اپیل کی کہ ملک کے مستقبل کیلئے تمام اختلافات بھلا کر سب کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مختلف مسائل پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مرکزی وزیرِتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔
***** ***** *****
آئندہ آشاڑھی ایکادشی کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل پنڈھرپور میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے وارکری عقیدت مندوں کو آسان اور جلد درشن کی سہولت فراہم کرنے کیلئے درشن کے انتظامات اور مندر کی ترقی و تحفظ کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کیلئے حکومت اور انتظامیہ چوبیس گھنٹے مستعد ہے۔پنڈھرپورراہداری منصوبے کے بارے میں انہوں نے واضح کیا کہ مقامی تاجروں اور نسل در نسل کاروبار کرنے والے شہریوں پر کسی قسم کی زبردستی نہیں کی جائے گی بلکہ سب کو اعتماد میں لے کر ہی منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے واری کے دوران طبی کیمپوں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔
اسی بیچ، شری سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کا کل شولاپور ضلع کے دھرم پوری میں پُرجوش استقبال کیا گیا۔ ضلع کے نگراں وزیر جئے کمار گورے نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پالکی کے درشن کیے اور پھولوں کا ہار پیش کیا، جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پالکی رتھ پر دلکش انداز میں پھول برسائے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نیٹ-یو جی پرچہ لیک معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی نے کل مسلسل دوسرے روز بھی ملزم شیوراج موٹے گاؤنکرکی آر سی سی کلاسز میں پوچھ تاچھ کی۔ دو ماہ کے وقفے کے بعد کل سے سی بی آئی کی ٹیم نے ایک بار پھر اس معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے۔
***** ***** *****
میونسپل کمشنر امول ییڑگے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے سدھارتھ گارڈن میں واقع چڑیا گھر کو دیوالی کے بعد مِٹمِٹہ کے نئے مقام پر منتقل کرنے کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت متعلقہ افسران کو دی ہے۔اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت مِٹمِٹہ میں سو ایکڑ اراضی پر نیا چڑیا گھر زیرِتعمیر ہے۔ یہاں جانوروں کیلئے قدرتی ماحول تیار کیا جا رہا ہے اور اب تک آٹھ ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں۔ کمشنر ییڑگے نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کی منتقلی کی اجازت حاصل کرنے کیلئے اس ماہ کے آخر تک مرکزی چڑیا گھر اتھارٹی کو درخواست بھیجی جائے گی۔
***** ***** *****
پرہار جن شکتی پارٹی نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں بیج تیار کرنے والی ایک نجی کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔کارکنوں نے الزام لگایا کہ کمپنی کے ناقص معیار کے سویا بین کے بیجوں کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے34 دیہاتوں کے ایک ہزار بیس مستحقین کو جنہیں گھرکُل اسکیم کے تحت رہائشی مکان منظور ہو چکے ہیں مگر ان کے پاس اپنی زمین نہیں ہے، انہیں ضلع انتظامیہ زمین فراہم کرے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ عمل آئندہ آٹھ دنوں میں مکمل کیا جائے گا، جس کے بعدمحصول مہم کے دوران مستحقین کو زمین الاٹمنٹ کے خطوط دیے جائیں گے۔ رہائشی ڈپٹی کلکٹر جناردن ودھاتے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
بیڑ شہر کے بارشی ناکہ علاقے میں بندوسرا ندی پر تعمیر کیے جا رہے پل کے کام کا رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے کل معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کام کی پیش رفت کی معلومات لی اوراسے طئے شدہ منصوبہ بندی اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے عنبڑ شہر میں چھترپتی شیواجی مہاراج چوک علاقے میں کل شام شدید آگ لگنے سے سات دکانیں جل کر خاک ہو گئیں۔ابتدائی اندازے کے مطابق اس آگ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں تقریباً بیس دن کے وقفے کے بعد گزشتہ دو دنوں سے بارش ہونے کے باعث کسانوں پر دوبارہ بیج بونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ دنوں کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں بادلوں کی گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ بارش ہونے‘ اور 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمے کے مطابق خلیجِ بنگال میں بننے والے موسمی حالات کے سبب ریاست میں بارش کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔ آج پونے اور ستارا کے بالائی علاقوں سمیت رائے گڑھ میں، جبکہ کل منگل کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے بالائی علاقوں سمیت کوکن، مغربی مہاراشٹر اور خاندیش میں بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ازبکستان کے تاشقند میں منعقد ہونے والے 58ویں علم کیمیاء کے بین الاقوامی اولمپیاڈ 2026 میں بھارتی طلبہ نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار طلائی تمغے حاصل کیے۔سونے کے یہ تمغے جیتنے والوں میں اڈیشہ کے دیبدت پریہ درشی، پنجاب کے ہرشِت سِنگلا، دہلی کے کبیر چلّر اور تلنگانہ کے سندیپ کُچی شامل ہیں۔اسی دوران لیتھوانیا کے شہر ولنیئس میں منعقد ہونے والے 37ویں حیاتیات کے بین الاقوامی اولمپیاڈ 2026 میں بھی بھارتی ٹیم نے ایک سونے اور تین چاندی کے تمغے اپنے نام کیے۔
***** ***** *****
اسپین نے فیفا فٹ بال عالمی کپ کا خطاب جیت لیا ہے۔نیویارک میں کھیلے گئے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دی۔ اسپین نے دوسری مرتبہ فٹ بال عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت کی معروف بیڈمنٹن کھلاڑی پی۔ وی۔ سندھو نے جاپان اوپن ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا ہے۔فائنل میں انہوں نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو 21-17، 21-17سے شکست دی۔وہ جاپان اوپن کا خطاب جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور کھیل مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے اس کامیابی پر سندھو کو مبارک باد دی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع، 25 دنوں تک جاری رہنے والے اجلاس میں 19 نشستوں کا انعقاد۔
٭ سماجی کارکن سونم وانگچک کوخانگی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دینے کیلئے عبوری حکم جاری کرنے سے دہلی ہائی کورٹ کا انکار۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پنڈھرپور میں تیاریوں کا لیاجائزہ۔
٭ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ پانچ دنوں تک ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔
اور۔۔۔٭ علم کیمیاء اور حیاتیات کے بین الاقوامی اولمپیاڈ مقابلوں میں بھارتی طلباء نے جیتے طلائی تمغے۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...