Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ NEETپیپر لیک ہونے اور طلبہ کے احتجاج پر کارروائی کے معاملے پر پارلیمنٹ کی کارروائی تیسرے دن بھی متاثر۔
٭ حکومت پارلیمنٹ میں بحث کیلئے تیار ہے، وزیر پارلیمانی امور کا بیان جبکہ کانگریس کا تحریک التواء لا کر بحث کا مطالبہ۔
٭ اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی یوجنا کی 532 کسانوں کی فہرست شائع۔
٭ کرشنا وادی سے پانی کو مراٹھواڑہ کی جانب موڑنے کے منصوبے میں تیزی، تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کو دی گئی انتظامی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ ناسک ضلع کے نندورمدھمیشور سمیت آٹھ آبی پشتوں سے پانی چھوڑا گیا، آج اکثر مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
NEET پیپر لیک کے معاملے پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ کل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی جیسے ہی دوبارہ شروع ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پریسائیڈنگ آفیسر کی نشست کے سامنے آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ لوک سبھا میں کے سی وینوگوپال نے اس مسئلہ پر ایوان میں بحث کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے اس معاملے پر شفاف بحث کیلئے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے لوک سبھا کو بتایا کہ حکومت اس مسئلہ پر بحث کیلئے تیار ہے۔ تاہم ہنگامہ آرائی جاری رہنے پر ایوان کی کارروائی پہلے دوپہر 12 بجے تک اور پھر دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ دوپہر دو بجے کے بعد جب لوک سبھا کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اسپیکر نے رکن پارلیمان کلیان بنرجی کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا۔ بنرجی کو قابل اعتراض بیان دینے اور خواتین ممبران پارلیمنٹ کے خلاف قابل اعتراض حرکات کرنے پر موجودہ سیشن کے بقیہ وقت کیلئے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
راجیہ سبھا میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کارروائی دوپہر دو بجے کے بعد دوبارہ ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔ کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد، رجیجو نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی بحث کیلئے تیار ہے، لیکن مختلف شرائط لگا کر بحث سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ رجیجو نے اپوزیشن جماعتوں سے بحث میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Parliamentary Afaairs Minister Kiren Rijiju
رجیجو کے بیان کے بعد بھی اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا جاری رکھا، اس لیے ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا میں تقریر کرتے ہوئے قائد ایوان جے پی نڈا نے اپوزیشن کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔
***** ***** *****
دریں اثناء کانگریس لیڈر و رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ میں تحریک التواء پیش کرکے اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا:
Byte: Congress Leader and MP Priyanka Gandhi
***** ***** *****
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنا موقف واضح کیا۔ گاندھی نے کہا کہ وہ ان تین مطالبات پر قائم ہیں: دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ، احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کی ذمہ داری کا تعین اور اس کارروائی کے لیے طلبہ سے معافی مانگنا۔
***** ***** *****
دریں اثناء کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کل اسی معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ممبئی میں بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کانگریس کے ریاستی دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں بی جے پی نے شاہ گنج علاقے کے گاندھی بھون میں احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ کانگریس پارٹی نے بھی کرانتی چوک پر حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
بیڑ میں بی جے پی کی جانب سے سابق کانگریس رکن پارلیمان رجنی پاٹل کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا" جبکہ ماجلگاؤں میں طلبہ، ہم خیال جماعتوں اور تنظیموں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔
لاتور ضلعے کے ادگیر میں حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے ذریعے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم بھیجا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ کے رکن پارلیمان بجرنگ سونونے نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو خط لکھ کر NEET کے نتائج کے اسکینڈل کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس خط میں سونونے" نے اس سنگین معاملے کی فوری طور پر آزاد اور اعلیٰ سطحی تحقیقات اور قومی امتحانی ادارے سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ونچیت بہوجن اگھاڑی نے دہلی میں احتجاج کے خلاف کی گئی کارروائی کے خلاف آج مہاراشٹر بند کی کال دی ہے۔ پارٹی کے ریاستی نائب صدر اور چیف ترجمان سدھارتھ موکڑے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
مدھیہ پردیش میں کروڑوں روپے کے مشہور چاول کے گھپلے کے سلسلے میں گوندیا ضلعے کے دو رائس مل آپریٹروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے نام کھنڈیلوال رائس مل کے ڈائریکٹر کشن لال کھنڈیلوال اور جگل کھنڈیلوال ہیں۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ فورٹیفائیڈ چاول کے اس گھپلے میں ملزمان کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
آنجہانی سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے یوم پیدائش کے موقعے پر گورنر جشنو دیو ورما نے کل لوک بھون میں انکی تصویر پر پھول چڑھائے۔ نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے بارامتی میں اجیت پوار کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر، قانون ساز کونسل کے چیئرمین سچن اہیر نے اجیت پوار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اجیت پوار کو چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ، ناسک میں مختلف سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے یوم پیدائش کے موقع پر، کل 532 کسانوں کی فہرست کا اعلان کیا گیا جو اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کی نمائندگی کرتی ہیں۔ یہ فہرستیں گاؤں کی سطح پر گرام پنچایت، مختلف ایگزیکٹیو کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفاتر اور متعلقہ بینک کی شاخوں میں شائع کی جائیں گی۔ اس فہرست میں اہل کسانوں کو ایک مخصوص نمبر دیا جائے گا۔ آدھار کی تصدیق کے بعد، فائدے کی رقم ڈی بی ٹی کے ذریعے متعلقہ استفادہ کنندگان کے لون اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ ریاست کے تمام ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینکوں کے اہل استفادہ کنندگان کیلئے پورا عمل 31 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی سالگرہ کے موقع پر، بی جے پی کے ضلع کوآرڈینیٹر نتن بھوتڑا نے ایوت محل ضلعے کے عمرکھیڑ-مہاگاؤں اسمبلی حلقہ میں 57 ہزار چھوٹے کسانوں کیلئے حادثہ بیمہ لینے کی پہل کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں پھڑنویس کی سالگرہ کے موقع پر شجر کاری، خون عطیہ کیمپ، گرین فیسٹیول سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں۔
***** ***** *****
کرشنا وادی سے 50 بلین مکعب فٹ اضافی پانی کو مراٹھواڑہ کی جانب موڑنے کا منصوبہ اب زور پکڑ چکا ہے۔ اس ضمن میں، ”تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ“ تیار کرنے کے لیے انتظامی منظوری دی گئی ہے اور اس کیلئے 24 کروڑ پانچ لاکھ روپے کا فنڈ بھی منظور کیا گیا ہے، یہ اطلاع تلجا پور کے رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔
دریں اثنا، ریلوے کی وزارت نے نئی ریلوے لائن دھاراشیو - بیڑ - چھترپتی سمبھاجی نگر کیلئے DPR تیار کرنے کیلئے درکار سروے کو منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے پروجیکٹ رپورٹ کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاٹل نے بتایا کہ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کل لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں جاری ایس آئی آر کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔ ضلع انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر ملند دوسانے کے ساتھ ان کا انٹرویو آج صبح آکاشوانی کے چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز سے نشر کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور کے رکن اسمبلی امیت دیشمکھ نے کل لاتور میں ایس آئی آر مہم کا جائزاتی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے بوتھ سطح کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کے عہدیداروں اور ملازمین کے ساتھ تعاون کریں اور شہریوں کو گھر گھر جا کر ووٹ کا اندراج کرانے کی ترغیب دیں۔
***** ***** *****
سنت گیانیشور مہاراج اور سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکیاں، جو پنڈھرپور کی جانب جارہی ہیں، کل شولاپور شہر میں داخل ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دونوں پالکیوں کے درشن کئے۔
***** ***** *****
چائنا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پی وی سندھو نے کل خواتین کے سنگلز میں بھارت کی انّتی ہڈا کو 21-14، 9-21، 21-10 سے شکست دی۔ مردوں کے سنگلز میں بھارت کے آیوش شیٹی نے انڈونیشیا کے اے فرحان کو 21-17، 5-21، 21-17 سے شکست دی جبکہ لکشیا سین نے جاپان کے وائی تاناکا کو 22-20، 15-21، 21-14 سے شکست دی۔
***** ***** *****
ناسک شہر سمیت ضلع میں بارش کا زور بڑھ گیا ہے۔ اس کی وجہ سے آٹھ چھوٹے اور بڑے ڈیموں سے پانی چھوڑا گیا ہے جن میں دارنا، گنگا پور، ناندور مدھمیشور شامل ہیں۔ ناندور مدھمیشور سے جائیکواڑی کی جانب چار ہزار سات سو 69 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی آ رہا ہے۔
***** ***** *****
کونکن کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، پونے ضلع کے پہاڑی علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جبکہ ودربھ اور خاندیش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ NEETپیپر لیک ہونے اور طلبہ کے احتجاج پر کارروائی کے معاملے پر پارلیمنٹ کی کارروائی تیسرے دن بھی متاثر۔
٭ حکومت پارلیمنٹ میں بحث کیلئے تیار ہے، وزیر پارلیمانی امور کا بیان جبکہ کانگریس کا تحریک التواء لا کر بحث کا مطالبہ۔
٭ اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی یوجنا کی 532 کسانوں کی فہرست شائع۔
٭ کرشنا وادی سے پانی کو مراٹھواڑہ کی جانب موڑنے کے منصوبے میں تیزی، تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کو دی گئی انتظامی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ ناسک ضلع کے نندورمدھمیشور سمیت آٹھ آبی پشتوں سے پانی چھوڑا گیا، آج اکثر مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment