Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ امتحانی نظام میں اصلاحات کے نفاذ سے متعلق مرکزی حکومت اور این ٹی اے کوتفصیلی حلف نامہ جمع کرنے کی عدالت ِ عظمیٰ نے دی ہدایت
٭ NEETامتحانات کے معاملات کی سماعت کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور میں خصوصی عدالتوں کا قیام۔
٭ پیپر لیک معاملات میں ترمیم شدہ بل کے مسودے کو مرکزی کابینہ نے دی منظوری؛ این ٹی اے کے 47 افسران عہدوں سے فارغ۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت مزید 16 لاکھ 96 ہزار اہل کسانوں کی فہرست جاری۔
اور۔۔۔ ٭ آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں پانڈورنگ کی مہاپوجا؛ دھاراشیو کے مانے جوڑے کو ملا سرکاری پوجا میں شرکت کااعزاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
عدالت ِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی(این ٹی اے) کو ہدایت دی ہے کہ وہ NEET کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے بعد امتحانی نظام میں اصلاحات کے نفاذ سے متعلق ایک تفصیلی حلف نامہ پیش کریں۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آلوک آرادھے کی بنچ نے کل ہوئی سماعت کے دوران ہدایت دی کہ امتحانی نظام میں اصلاحات کو عارضی اقدامات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ادارہ جاتی سطح پر کیے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جائے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مجوزہ انتظامی بورڈ، ماہرین کی کمیٹیوں، شراکت داروں کی نمائندگی اور ڈیجیٹل بنیادی سہولیات، حفاظت، شفافیت، انتظامات اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عمل درآمد کی تفصیلات پیش کی جائیں۔
***** ***** *****
پرچے افشاء ہونے کے معاملات کی سماعت کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کے فیصلے پر بھی عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور میں دو خصوصی عدالتیں نامزد کی ہیں۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رویندرگھوگے نے ان مقدمات کی سماعت کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ایس وی پوار، اور ناگپور کے ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ گلشن کولتے کی تقرری کی ہے۔
دریں اثناء، لاتور میں NEET پرچہ افشاء معاملے کے ملزم شیوراج موٹیگاؤنکر کی درخواست ِ ضمانت خصوصی جج اجئے گپتا نے مسترد کر دی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت اور کاکروچ جنتا پارٹی کے نمائندوں کے مابین کل دو گھنٹے تک مذاکرات ہوئے‘ جبکہ مذاکرات کا اگلا دور آج ہوگا۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا نے بتایا کہ سی جے پی کے نمائندوں نے کل کی بات چیت میں تین مطالبات کیے۔ انھوں نے کہا….
Byte: Union Minister J.P. Nadda
***** ***** *****
میڈیا نمائندوں کو اس بات چیت کی تفصیلات بتلاتے ہوئے کاکروچ پارٹی کے ترجمان سورو داس نے کہا کہ حکومت کے سامنے رکھے گئے مطالبات میں وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ، مظاہرین پر حملے کیلئے معافی اور NEET امتحان کی منسوخی کی وجہ سے خودکشی کرنے والے طلباء کے سرپرستوں کو ایک کروڑ روپئے کی مالی امداد شامل ہے۔ داس نے بتایا کہ حکومت کا مؤقف ان میں سے دو مطالبات کیلئے مثبت ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Saurav Das
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے پرچے لیک ہونے کے معاملات میں ملوث مجرموں کو سخت سزا دینے کے بل کے مسودے کو منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس مسودے میں دس کروڑ روپے تک کا جرمانہ اور دس سال تک قید کی سزا بھی شامل ہے۔ جبکہ موجودہ قانون میں پانچ سے دس سال قید اور ایک کروڑ روپئے تک جرمانے کی سزا رکھی گئی ہے۔ امتحانات میں ہونے والی بدعنوانیوں کی روک تھام کیلئے سخت تعزیری اور قانونی اصلاحات والا یہ بل آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دریں اثناء، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی(NTA) میں کام کر نے والے 47 افسران اور ملازمین کو کل ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔ خبروں میں بتایا گیا کہ یہ سبھی کانٹریکٹ کی بنیاد پر برسرِکار تھے۔
***** ***** *****
NEET امتحانات کے سوالیہ پرچے لیک ہونے اور طلباء کے احتجاج کے معاملے پر حزبِ مخالف جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کل بھی جاری رہی۔ جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی مسلسل پانچویں روز بھی ٹھپ رہی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض اسکیم کے تحت 16 لاکھ 96 ہزار مزید اہل کسانوں کی فہرست ظاہر کی ہے۔ اس فہرست کو متعلقہ بینکوں نے مہا آئی ٹی کے تیار کردہ پورٹل پر اپلوڈ کیا ہے اور اس کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔ امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے بتایا کہ بقیہ اہل کسانوں کی فہرستیں بھی جلد شائع کی جائیں گی۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کے تقریباً 56 لاکھ اہل کسانوں کو قرض معافی کا فائدہ ملے گا۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کی تقاریب آج منائی جارہی ہیں۔ اس مناسبت سے پنڈھر پور میں وٹھل رُکمنی کی سرکاری مہاپوجا وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور ان کی اہلیہ امرتا پھڑنویس کے ہاتھوں کی گئی۔ دھاراشیو ضلعے کے بابا صاحب مانے اور ان کی اہلیہ پربھاوتی مانے کو ایک معزز وارکری کے طور پر سرکاری پوجا میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس موقع پر سرپرست وزیر جئے کمار گورے، آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن، وزیر محنت آکاش پھنڈکر، مندر کمیٹی کے شریک چیئرمین گہینی ناتھ مہاراج اَوسیکر اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے معزز وارکریوں کا استقبال اور مختلف دِنڈیوں کو ”شری وٹھل نرمل دِنڈی“ ایوارڈ پیش کیا گیا۔
دریں اثناء، وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مہاپوجا میں انہوں نے پانڈورنگ سے ریاست میں اطمینان بخش بارش اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے دُعا کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے قیاس ظاہر کیا کہ اس سال آشاڑھی یاترا کیلئے تقریباً تیس لاکھ عقیدت مند پنڈھرپور آئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ عقیدت مندوں کی قطار 25 کلومیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے ان عقیدت مندوں کے انتظامات کا بھی جائزہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنڈھر پور کوریڈور میں 100 فیصد شہریوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دریں اثناء، ماحولیات سے متعلق بیداری مہم ’ماحولیاتی واری-پنڈھری کے درپے‘ کل پنڈھر پور میں وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کل پنڈھرپور میں زرعی نمائش اور ایک اجلاس میں حاضرین کی بھی رہنمائی کی۔ انہوں نے ریاست کے تمام کسانوں سے مہاوستار ایپ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ اے آئی پر مبنی ایپ کسانوں کیلئے سہولت بخش ہے۔
اسی دوران آشاڑھی ایکادشی کے پیشِ نظر مختلف مقامات پر وٹھل مندروں میں وارکریوں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب واقع پنڈھر پور کے وٹھل-رکمنی مندر میں کل ریاستی وزیرِ صنعت ادئے سامنت کے ہاتھوں مہاپوجا کی گئی۔ مختلف تنظیموں کی متعدد دِنڈیاں مندر کے احاطے میں پہنچ رہی ہیں۔
***** ***** *****
فروغِ مراٹھی زبان محکمے کے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے اشاعت ِمراٹھی زبان مرکز کے قیام کا اعلان کیا۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کلکٹردفتر میں مراٹھی زبان محکمے کے جائزاتی اجلاس اور ادبی مذاکرے سے مخاطب تھے۔
دریں اثناء‘ سامنت نے کل آرِک سٹی ہال میں صنعتی منصوبوں سے متاثر ہونے والے کسانوں کے مختلف مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ انھوں نے کل صنعت کاروں کے ہمراہ ایک میٹنگ بھی کی اور ان سے بات چیت کے بعد انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے ڈویژنل کمشنر جی شری کانت نے ہدایات دی ہیں کہ انتظامیہ عوام پر مبنی، معیاری اور اختراعی کاموں کو اولین ترجیح دے۔ وہ کل ناندیڑ میں خصوصی جامع نظرِ ثانی مہم سمیت محکمہ محصول کی مختلف اسکیمات کے تفصیلی جائزے کے بعد مخاطب تھے۔ جی شری کانت نے آئی ٹی آئی اداروں کے ذریعے ہنر پر مبنی تربیت فراہم کرکے نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے جنتور میں کل ”چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو سمادھان ابھیان“منعقد ہوا۔ سرپرست وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر کی موجودگی میں منعقدہ اس کیمپ کو شہریوں کی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔
***** ***** *****
گلاسگو میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں کل‘ بھارت کے جھنڈوکمار نے پیرا پاور لفٹنگ زمرے میں 190 کلوگرام وزن اٹھا کر کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس سال اس مقابلے میں بھارت کا یہ پہلا تمغہ ہے۔
***** ***** *****
موسم:محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات پر، وسطی مہاراشٹر کے متعدد مقامات اور ودربھ کے مختلف مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اسی دوران‘ ناسک ضلعے میں اب بارش تھم گئی ہے۔ تاہم ضلعے کے پشتوں میں پانی کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ ناندور -مدھیمیشور پشتے سے تقریباً 82 ہزار 600 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے فی الحال 66 ہزار 153 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی شرح سے پانی جائیکواڑی پشتے میں داخل ہو رہا ہے۔ جائیکواڑی میں پانی کا ذخیرہ 39 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ امتحانی نظام میں اصلاحات کے نفاذ سے متعلق مرکزی حکومت اور این ٹی اے کوتفصیلی حلف نامہ جمع کرنے کی عدالت ِ عظمیٰ نے دی ہدایت
٭ NEETامتحانات کے معاملات کی سماعت کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور میں خصوصی عدالتوں کا قیام۔
٭ پیپر لیک معاملات میں ترمیم شدہ بل کے مسودے کو مرکزی کابینہ نے دی منظوری؛ این ٹی اے کے 47 افسران عہدوں سے فارغ۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت مزید 16 لاکھ 96 ہزار اہل کسانوں کی فہرست جاری۔
اور۔۔۔ ٭ آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر پنڈھرپور میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں پانڈورنگ کی مہاپوجا؛ دھاراشیو کے مانے جوڑے کو ملا سرکاری پوجا میں شرکت کااعزاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment