Tuesday, 21 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن اپوزیشن کے اراکین نے رام مندر چندے میں کی گئی بدعنوانی، نیٹ امتحان کاپرچہ لیک کیے جانے سمیت دیگر معاملات پر دونوں ایوانوں میں کیا شدید ہنگامہ۔
٭ پارلیمنٹ کی ہر بحث میں تمام اراکینِ سرگرمی اور جوش و خروش سے حصہ لیں:وزیر اعظم نے کی اپیل۔
٭ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر کاکروچ جنتا پارٹی کا دہلی میں احتجاج، مرکزی وزیر جے پی نڈا کومطالباتی محضر پیش۔
٭ رواں برس کا لوک مانیہ تلک قومی اعزاز اجیت ڈووال کے نام۔
اور۔۔۔٭ گنگاکھیڑ میں واقع شری سنت جنابائی تیرتھ استھان کیلئے48 کروڑ 55 لاکھ روپے کے ترقیاتی خاکے کی منظوری، ساتھ ہی دھاراشیو ضلع کے اسکولوں کیلئے 22 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن مخالف جماعتوں کے اراکین نے رام مندر چندے میں کی گئی بدعنوانی، نیٹ امتحان کاپرچہ لیک کیے جانے سمیت دیگر معاملات پر دونوں ایوانوں میں شدید ہنگامہ کیا۔ اس کے باعث لوک سبھا کی کارروائی پہلے ڈھائی بجے تک اور بعد میں تین بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی اپوزیشن کے نعرے جاری رہے۔ بار بار رکاوٹوں کے سبب دونوں ایوانوں کی کارروائی پورے دن کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 34 سے بڑھا کر 38 کرنے سے متعلق بل قانون کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے کل پارلیمنٹ میں پیش کیا۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے گزشتہ مئی میں اس بل کے مسودے کی منظوری کے بعد آرڈیننس کے ذریعے نئے ججوں کی تقرری بھی کی جا چکی ہے۔
اسی بیچ‘ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپیل کی ہے کہ پارلیمنٹ کی ہر بحث میں تمام اراکینِ پارلیمنٹ سرگرمی اور جوش و خروش سے حصہ لیں۔ اجلاس کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی نے اب رفتار پکڑ لی ہے‘ پارلیمنٹ میں مثبت، منطقی اور حقائق پر مبنی مباحثے اس ترقی کو نئی توانائی فراہم کریں گے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کی نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارت نے کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وزیر اعظم نے مانسون کی بارش اور پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں پوری طرح سرگرم رہیں تو ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
***** ***** *****
نیٹ امتحان کا پرچہ لیک کیے جانے کے معاملے میں مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے سمیت دیگر مطالبات کی یکسوئی کیلئے نئی دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں جنتر منتر سے پارلیمنٹ تک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اسی دوران مذکورہ پارٹی کے دو رکنی وفد نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے ملاقات کی۔ وفد میں پارٹی کے مرکزی ترجمان سوربھ داس اور قومی ترجمان آشوتوش رانکا شامل تھے۔ انہوں نے مختلف مطالبات پر مشتمل اپنا محضر جے پی نڈا کو پیش کیا۔
اسی بیچ، پارلیمنٹ مخالف جماعتوں کے اراکین، شہری تنظیموں کے نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے وفد کی درخواست پر آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے جنتر منتر پر جاری بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
اس احتجاج کی حمایت میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک علاقے میں مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل میں ِ حزبِ اختلاف کے سابق رہنما ایم ایل سی امباداس دانوے سمیت مختلف جماعتوں کے قائدین، عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کی جانب سے بیڑ ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ پارٹی کے ضلعی صدر راجندر مہسکے نے مطالبہ کیا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں۔ لاتور میں مختلف سماجی تنظیموں اور طلبہ نے گاندھی چوک میں دھرنا دے کر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
باوقار لوک مانیہ تلک قومی ایوارڈ،رواں برس قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ، یادگاری نشان،توصیفی سند اور نقد ایک لاکھ روپیوں پر مشتمل ہے۔ تلک اسمارک ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر روہت تلک نے ایک صحافتی کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ لوک مانیہ تلک کی 106ویں برسی کے موقع پر یکم اگست کو پونے میں یہ ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ مراٹھی زبان کے تحفظ اور فروغ کیلئے ایک موثر عملی منصوبہ نافذ کیا جائے۔ وہ ریاستی مراٹھی ترقیاتی ادارے کی گورننگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ادارے کے کام کاج میں تسلسل، شفافیت اور تاثیر لانے کیلئے سال بھرکے تمام قانونی اجلاسوں کا شیڈول پہلے سے طئے کیا جائے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ضلع پربھنی کے گنگاکھیڑ میں واقع شری سنت جنابائی مذہبی مقام کیلئے 48 کروڑ 55 لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبے کو منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی صدارت میں کل ممبئی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف تیرتھ استھانوں کیلئے مجموعی طور پر 115 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ اس منصوبے سے وارکری، عقیدت مندوں اور سیاحوں کو معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور گنگاکھیڑ، سنت جنابائی کے روحانی ورثے کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی کرے گا۔
***** ***** *****
سمگرتعلیمی مہم اور ریاستی حکومت کی مختلف اسکیموں کے اشتراک سے دھاراشیو ضلع کے لوک سبھا حلقے میں سرکاری اور ضلع پریشد کے اسکولوں کی 203 جماعتوں کیلئے 22 کروڑ 19 لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ تعلیم کے مرکزی وزیر مملکت جینت چودھری نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے اس سلسلے میں سوال اُٹھایا تھا۔
***** ***** *****
شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ریاستی حکومت کے وزیرِ تعاون بابا صاحب پاٹل نے یہ ہداہت دی۔ وزیر موصوف کل لاتور کے احمدپور میں محکمہ محصول کے افسران اور ملازمین کی رہائشی عمارتوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ اس منصوبے کیلئے 15 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں، جن سے 20 رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں سہکار بھون کی تعمیر کی بھی منظوری مل چکی ہے اور اس کا کام جلد شروع ہوگا۔
***** ***** *****
سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کا پہلا گول رنگن کل تعلقہ مالشیرس کے پرندواڈے میں منعقد ہوا۔ سنت تکارام مہاراج کی پالکی کے شولاپور ضلع میں پہنچنے پر ضلع کلکٹر ایس۔ کارتیکین نے پادوکا پوجن اور اشو پوجن کے ذریعے اس کا استقبال کیا۔ اکلوج میں پالکی کی گول رنگن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی کے چوتھے رنگن کی تقریب کویدنڈ میں منعقدہوئی۔ یہ پالکی آج کُرڈُو کے قیام سے ارن کی جانب روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کا تہوار آئندہ ہفتے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب واقع پندھرپور میں ہونے والی یاترا کے دوران عقیدت مندوں کے لیے صفائی، صاف پینے کے پانی، مفت طبی سہولیات، ہیرکنی روم اور چلتے پھرتے بیت الخلاء جیسی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر منّو پی ایم نے دی ہے۔ انہوں نے کل ایک میٹنگ میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات دیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی اورنگ آباد ضلع مرکزی کوآپریٹیو بینک کے انتخابات میں شیو سینا کے رکن اسمبلی ولاس بھومرے صدر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رام شیلکے نائب صدر منتخب ہوئے۔کل بلامقابلہ یہ انتخابات عمل میں آئے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجے شرساٹ نے کہا ہے کہ مہاراشٹر سے بودھ گیا درشن کیلئے جانے والے زائرین کو مستقل اور معیاری رہائش فراہم کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور بودھ گیا میں 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ تیرتھ درشن اسکیم کے تحت ممبئی کے دادر ریلوے اسٹیشن سے بودھ گیا جانے والی خصوصی ریل گاڑی کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی سالگرہ کے موقع پر لاتور ضلع کے تمام اسمبلی حلقوں میں کل سے ”چھترپتی شیواجی مہاراج محصول سمادھان کیمپ“ منعقد کیے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق ان کیمپوں میں مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد شہریوں کو ایک ہی مقام پر فراہم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی سالگرہ کے موقع پر کل 22 جولائی کو ضلع دھاراشیو میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ضلع بھر میں ”شجرکاری اور نگہداشت مہم“ کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضلع کے ہر بوتھ پر کم از کم ایک پودا نہ لگا دیا جائے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن اپوزیشن کے اراکین نے رام مندر چندے میں کی گئی بدعنوانی، نیٹ امتحان کاپرچہ لیک کیے جانے سمیت دیگر معاملات پر دونوں ایوانوں میں کیا شدید ہنگامہ۔
٭ پارلیمنٹ کی ہر بحث میں تمام اراکینِ سرگرمی اور جوش و خروش سے حصہ لیں:وزیر اعظم نے کی اپیل۔
٭ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر کاکروچ جنتا پارٹی کا دہلی میں احتجاج، مرکزی وزیر جے پی نڈا کومطالباتی محضر پیش۔
٭ رواں برس کا لوک مانیہ تلک قومی اعزاز اجیت ڈووال کے نام۔
اور۔۔۔٭ گنگاکھیڑ میں واقع شری سنت جنابائی تیرتھ استھان کے لیے 48 کروڑ 55 لاکھ روپے کے ترقیاتی خاکے کی منظوری، ساتھ ہی دھاراشیو ضلع کے اسکولوں کے لیے 22 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...