Wednesday, 22 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 22 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں 
تاریخ:  ۲۲/جولائی  ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00   سے  09.10/ بجے 
***** ***** *****
سرخیاں 
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں... 
٭ حکومت‘ پارلیمنٹ میں ”NEET“ سمیت تمام موضوعات پر بحث کیلئے تیار ہے: وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی وضاحت۔
٭ مستقبل میں سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے کی وزیرِاعظم کی تمام متعلقہ اداروں سے اپیل۔
٭ شیوسینا اُدّھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے چھ منحرف ارکانِ پارلیمان کی شیو سینا میں شمولیت کو منظوری دینے کے فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج۔
٭ ریاست کے 177 ترجیحی تعلقہ جات میں تجرباتی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں مسلسل بارش، آج بھی بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے... 
وزیر اعظم دفتر کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت NEET پرچہ افشاء معاملے اور اس سے متعلقہ مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کیلئے تیار ہے۔ قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں نے کل اس مسئلے پر وزیرِاعظم کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کیا۔ اس کے بعد جتیندرسنگھ بول رہے تھے۔ انھوں نے مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، راہل گاندھی اور دیگر قائدین سے بات چیت کی۔ سنگھ نے بتایا کہ کانگریس نے اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کیلئے کوئی درخواست پیش نہیں کی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Dr. Jitendra Singh
سنگھ نے شہریوں کو ہونے والی تکالیف کے پیشِ نظر مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔ تاہم‘ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس اپیل کے بعد بھی احتجاج جاری رکھنے پر دہلی پولس نے راہل گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں کو حراست میں لیکر کچھ دیر بعد رہا کر دیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء، NEET پرچہ افشاء معاملے سمیت مختلف مسائل پر حزبِ اختلاف کے ہنگامے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کل دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
وزیر ِاعظم نریندر مودی نے تمام متعلقہ ایجنسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مستقبل میں سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کو روکنے کیلئے مشترکہ طور پر ٹھوس کوششیں کریں۔ وزیرِ اعظم‘ کل نئی دہلی میں قومی جمہوری اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِاعظم نے سوالیہ پرچے افشاء کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرکے ملک کے نوجوانوں کے مفادات کے تحفظ کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رجیجو نے بتایا کہ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ NEET سوالیہ پرچہ افشاء معاملے کے تمام ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں اور انہیں سخت سزا ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا..
Byte: Parliamentary Affairs Minister Kiren Rijiju
رِجیجو نے حزبِ مخالف جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کے جاری مانسون اجلاس کے کام میں تعاون کریں۔ 
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے عدالت ِ عظمیٰ میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے چھ باغی اراکینِ پارلیمان کی شیو سینا میں شمولیت کو منظوری دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ دیو دتّ کامت نے یہ عرضی چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس وِپل پنچولی کی بنچ میں دائر کی ہے اور اس پر کل سماعت کرنے کی درخواست کی ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرِ ثانی کی وجہ سے مہاراشٹر میں بقیہ 20 ضلع پریشدوں کے انتخابات کو ایک سال کیلئے ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے کل‘ ریاستی انتخابی کمیشن کو ووٹرس فہرست پر نظرثانی کے کام کرنے والے اہلکار‘ اِن انتخابات کے کاموں کیلئے دستیاب ہوں گے یا نہیں‘ اس بات کی وضاحت کرنے کی ہدایت بھی دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی ادویات معیار کنٹرول ادارے نے مچھروں سے پھیلنے والی بیماری ”ڈینگیو“ کی ویکسین ”کُڈینگا“ کی فروخت کی اجازت دے دی ہے۔ ڈینگیو سے بچاؤ کیلئے ملک میں منظور ہونے والی یہ اوّلین ویکسین ہے اور اسے چار سال سے 60 سال کی عمر کے افراد کے ڈینگیو سے بچاؤ کیلئے منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں ریاست کے 177 ترجیحی تعلقہ جات میں تجرباتی بنیادوں پر ترجیحی تعلقہ ترقیاتی پروگرام پر عمل آوری کو منظوری دی گئی۔ ان میں دھاراشیو، ہنگولی، جالنہ، بیڑ اور پربھنی سمیت 10 اضلاع کے مختلف تعلقہ جات شامل ہیں۔ ان اضلاع کو اس سال کیلئے پانچ کروڑ روپے کا فنڈ دیا جائے گا۔ اس سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تعلقے کو بالترتیب 10 کروڑ، آٹھ کروڑ، چھ کروڑ، چار کروڑ اور دو کروڑ روپے کے ایک سے پانچ ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تمام شعبوں میں مشترکہ کارکردگی کی بنیاد پر 21، 15 اور 11 کروڑ روپے کے تین ایوارڈز دیئے جائیں گے۔ ان تعلقہ جات کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی سطح، ضلعی سطح اور تعلقہ سطح کی نگراں کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
کل منعقدہ کابینی اجلاس میں لوک آیکت دفاترمیں 143 عہدوں کے ترمیم شدہ ڈھانچے کو منظوری دی گئی۔ مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے لوک آیکت اور ڈپٹی لوک آیکت کا دفتر قائم کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ آج سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی یوم پیدائش کے موقعے پرکسانوں کے قرض معافی کی پہلی فہرست کے اعلان کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کل ممبئی میں اجیت پوار کی یوم پیدائش کے موقعے پر تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد وزیرِ اعلیٰ مخاطب تھے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی سالگرہ کے موقعے پر، بھارتیہ جنتا پارٹی خواتین شعبے کی جانب سے آج ریاست بھر میں ”دیوابھاؤ کُرشی ماؤلی“ نامی ایک خصوصی پہل چلائی جائیگی۔ اس پہل کے تحت چار ہزار شہری خواتین کو ”کچن گارڈن کٹس“ اور چار ہزار دیہی خواتین میں ”کُرشی ماؤلی کٹس“ مفت تقسیم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
وزیر حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے بتایا ہے کہ ایس ٹی کارپوریشن تلجا پور میں 841 ایکڑ اراضی پر ریاست کا پہلا شمسی توانائی منصوبہ قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دیگر مقامات اور اضلاع میں بھی ایسے پروجیکٹ شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ اقدام ماحول دوست توانائی کے استعمال سے ایس ٹی کارپوریشن کی مالی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ سرنائیک نے یقین ظاہر کیا کہ اس اقدام سے توانائی کی بچت، ماحولیاتی تحفظ اور مالیاتی نظم و ضبط جیسے تینوں شعبوں پر مثبت اثر پڑے گا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہاسپٹل(گھاٹی) کے آس پاس ایک تمام سہولیات سے آراستہ سات منزلہ دھرم شالہ کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ نہ نفع نہ نقصان کے اصول پر چلایا جائے گا۔ ریاست کے کُل چھ سرکاری میڈیکل کالجز میں اس طرح کی دھرم شالائیں قائم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
درجِ فہرست ذاتوں کے ریزرویشن کی ذیلی زمرہ بندی کو ختم کرنے اور سماج کیلئے 20 فیصد ریزرویشن کو نافذ کرنے کے مطالبے پرامبیڈکری تحریک کی تنظیموں کی جانب سے کل جالنہ میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اس جلوس میں ضلع بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں کل‘ بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور مضافات سمیت جالنہ شہر و ضلعے کے بیشتر حصوں میں رات سے لگاتار بارش ہو رہی ہے۔
لاتور ضلع میں گزشتہ تین دنوں سے ہلکی سے اوسط بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خریف کی فصلوں کو نئی زندگی ملی ہے۔ اس بارش سے زمین میں زراعت کیلئے درکار نمی پیداہوئی ہے، تاہم‘ محکمہ زراعت کے مطابق ضلعے کے تقریباً 60 فیصد رقبے پر اب بھی تخم ریزی باقی ہے۔
ناسک کے بالائی پہاڑی علاقوں میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ 103 ملی میٹر بارش اِگت پوری میں درج کی گئی۔ تاہم، سنّر، ییولا، ناندگاؤں، مالیگاؤں اور ضلعے کے دیگر تعلقہ جات میں ابھی تک اطمینان بخش بارش نہیں ہوئی ہے۔
***** ***** *****
موسم: ممبئی، ناسک، پونے اور ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ پال گھر اور ناسک ضلعے کے کچھ حصوں سمیت کوکن کے تمام اضلاع کو بارش کا آرینج الرٹ دیا گیا ہے، اسی طرح پونے ضلعے کے بالائی پہاڑی علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ میں آج‘ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں 
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ حکومت‘ پارلیمنٹ میں ”NEET“ سمیت تمام موضوعات پر بحث کیلئے تیار ہے: وزیرِ مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی وضاحت۔
٭ مستقبل میں سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے کی وزیرِاعظم کی تمام متعلقہ اداروں سے اپیل۔
٭ شیوسینا اُدّھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے چھ منحرف ارکانِ پارلیمان کی شیو سینا میں شمولیت کو منظوری دینے کے فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج۔
٭ ریاست کے 177 ترجیحی تعلقہ جات میں تجرباتی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے کئی علاقوں میں مسلسل بارش، آج بھی بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔

***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...