Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
چھترپتی سمبھاجی نگر کے آبرسانی منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت۔
کسانوں کے 48 ہزار کروڑ روپے کے بقایہ بلوں کو معاف کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
بھارت-برطانیہ جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدہ عملی طورپر نافذ۔
موبائل فون سازی منصوبے سمیت یوریا قومی سرمایہ کاری پالیسی اور سیمی کان کے اگلے مرحلے کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
سنت گیانیشور مہاراج کے پاپوش کا نیرا ندی میں روایتی غسل‘جبکہ سنت گجانن مہاراج کی پالکی کی آج تلجا پور میں آمد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کیلئے جائیکواڑی پشتے سے آبرسانی منصوبے کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور شہریان کو صاف اور باقاعدہ پانی فراہم کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز منترالیہ میں اس سلسلے میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر سماجی انصاف کے وزیر اور ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ، رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے، سابق مملکتی مرکزی وزیر ڈاکٹر بھاگوت کراڑسمیت انتظامی افسران وعہدیداران موجود تھے۔ انھوں نے ٹھیکیدار اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آب رسانی منصوبے کے کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مہاراشٹر جیون پرادھیکرن کو پانی فراہمی کے پرانے نظام کو بحال رکھنے، منصوبے کے کاموں کیلئے کھودی گئی سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت کرنے اور بارش کے موسم میں شہر میں کہیں بھی گڑھوں کی وجہ سے کوئی حادثہ پیش نہ آئے‘ اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اس آبرسانی منصوبے کے تحت شہر میں پانی کی تقسیم کیلئے59 ٹاکیاں تعمیر کی جائیں گی جن میں سے 29ٹاکیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ شہر میں ایک ہزار 911 کلومیٹر طویل پانی کی فراہمی کے نظام میں سے ایک ہزار 291 کلومیٹر پائپ لائن کا کام مکمل ہو چکا ہے، اور 46 ہزار 500 نل کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ساڑھے سات ہارس پاور تک کے کسانوں کے بقایہ بلوں کو معاف کر دیا جائے گا۔ کل ممبئی میں، وزیر اعلیٰ کا بی جے پی کسان مورچے کی جانب سے پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کیلئے استقبال کیا گیا‘ اس موقعے پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ قرض معافی کے علاوہ، کسانوں کو 95 ہزار کروڑ روپے کی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی یقین دلایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں زرعی شعبے کو مؤثر اور پائیدار بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سمندر میں بہہ جانے والے بارش کے پانی کو گوداوری اور تاپی ندیوں تک پہنچانے کیلئے وین گنگا اور نل گنگا جیسے منصوبوں کے ذریعے ندیاں بنائی جائیں گی اور تقریباً 24 نئے ڈیم تعمیر کیے جائیں گے‘ جبکہ 16 پرانے پشتوں کی اونچائی بڑھائی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ ہر سال سیلاب کی وجہ سے بہہ جانے والے 200 ٹی ایم سی پانی کو مغربی مہاراشٹر سے مراٹھواڑہ کی طرف موڑنے کا منصوبہ ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور برطانیہ کے درمیان جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدہ کل سے نافذ ہو گیا۔ اس اہم معاہدے کے تحت برطانیہ میں بھارت کی 99 فیصد برآمدات پر کوئی بھی فیس عائد نہیں ہو گی۔ اس معاہدے کے تحت برآمد کیلئے سامان کی پہلی کھیپ کل ممبئی کے قریب نہاوا شیوا بندرگاہ سے روانہ ہوئی۔
اس تجارتی معاہدے کے تحت مختلف اشیاء کی درآمد اور برآمد کا آغاز ممبئی میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور ممبئی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ہرجِندر کانگ کی موجودگی میں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعے پر کہا کہ مہاراشٹر بھارت کے نئے برآمداتی انقلاب کی قیادت کرنے اور بھارت و برطانیہ کے مابین جامع تجارتی معاہدے سے پیدا ہونے والے نئے مواقع سے استفادے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت صنعت اور برآمدات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے 62 ہزار پانچ سو کروڑ روپئے کے بجٹ کے ساتھ موبائل فون سازی منصوبے کو منظوری دی۔ یہ منصوبہ اگلے پانچ سالوں کیلئے نافذالعمل ہوگا، جس کے تحت ملک میں موبائل فونز کی تیاری کیلئے اہل فروختگی پر ڈھائی سے پانچ فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ موبائل فون کے دیسی پُرزوں کی خریداری پر ڈیڑھ فیصد تک اضافی رعایت دی جائے گی۔ وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے بتایا کہ اس اسکیم کی مدت کے دوران، تقریباً 39 لاکھ کروڑ روپئے کے موبائل فون تیار ہونے کی توقع ہے، اور 60 ہزار افراد کو براہِ راست روزگار ملے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
کابینہ نے ملک کے سیمی کنڈکٹر ڈیزائن اور پیداوار ساز ماحولیاتی نظام کی ترقی کیلئے سیمی کان 2.0 کو بھی منظوری دے دی ہے، اور اس کیلئے کُل فراہمی ایک لاکھ 27 ہزار 500 کروڑ روپے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس کا مقصد ملک کو دنیا کے سیمی کنڈکٹر نقشے پر لانے کیلئے حکومت کے عزم کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
کابینہ نے خود کفیل بھارت کیلئے یوریا قومی سرمایہ کاری پالیسی2026- کو بھی منظوری دی۔ یہ پالیسی ملک میں گیس پر مبنی یوریا پیداواری یونٹس قائم کرنے اور خود انحصاری کے ہدف کو حاصل کرنے کی طرف پیش قدمی کیلئے یوریا کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئے پنڈھر پور کی جانب گامزن سنت گیانیشور مہاراج کے پاپوش کو، کل نیرا ندی میں روایتی طریقے سے غسل دیا گیا۔ قبل ازیں ستارا ضلع میں گیانیشور ماؤلی کی پالکی کا شاندار اور روایتی عقیدت و احترام سے استقبال کیا گیا۔ یہ پالکی آئندہ تین دنوں تک ستارا ضلعے میں قیام کرے گی۔ آج پالکی کا پہلا کھڑا دائرہ چندوباچا لمب پر ہوگا۔
اسی دوران، سنت تکارام مہاراج کی پالکی نے کل بارامتی میں قیام کیا۔
شیگاؤں کے سنت گجانن مہاراج کی پالکی کل دھاراشیو شہر پہنچی۔ اس دوران عقیدت مندوں نے جوش و خروش سے پالکی کا استقبال کیا۔ پالکی کے درشن کیلئے راستے کی دونوں جانب قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ آج یہ پالکی تلجا پور کیلئے روانہ ہوگی۔
سنت نام دیو مہاراج کی پالکی کل امباجوگائی پہنچی۔ اس موقعے پر پالکی کی پہلی گھوڑوں کی دائرہ تقریب منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ سے پہلی بین الاقوامی فضائی خدمات کا کل کامیابی سے آغاز ہوگیا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کا بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ اس ہوائی اڈے سے ابوظہبی کیلئے روانہ ہوا۔ پہلی بار اس طیارے کے ذریعے نئی ممبئی ہوائی اڈے سے ناکارہ اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔
***** ***** *****
خوراک اور ادویہ محکمے نے پربھنی میں دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی کی۔ شہر کے بسمت روڈ پر کالی کمان اور شیو شکتی کارنر علاقوں میں سڑک کے کنارے اسٹالس اور دو پہیہ گاڑیوں پرکین میں دودھ بیچنے والے نو تاجروں سے لیے گئے دودھ کے نمونے لیبارٹری بھیجے۔ لیباریٹری کی رپورٹ آنے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میونسپل کارپوریشن نے تجاوزات برخاستگی کی مہم تیز کر دی ہے۔ میونسپل کمشنر انجلی شرما کی ہدایات کے مطابق کل منگل بازار اور بھکاری چوک علاقوں میں 52 تجاوزات کو پولس کی حفاظت میں ہٹایا گیا۔ میونسپل انتظامیہ نے انتباہ دیا ہے کہ دوبارہ تجاوزات کرنے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور تجاوزات ہٹانے کی قیمت بھی وصول کی جائے گی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع مرگ بہار 2026 پھل فصل انشورنس منصوبے میں ریاست میں دوسرے نمبر پر رہا ہے۔ کسانوں کی اس اسکیم کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور اب تک 81 ہزار 523 بیمہ کی درخواستوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت نے ضلعے کے زیادہ سے زیادہ کسانوں سے انشورنس کروانے اور اپنی فصلوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
کل ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی۔ سانگلی ضلعے کے میرج میں ہلکی بارش ہوئی‘ جبکہ ناسک شہر اور اس کے اطراف میں شدید بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلعے کے ویجاپور، پیٹھن، خلد آباد اور دولت آباد میں بھی کل شام ہلکی بارش ہوئی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے آبرسانی منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ کسانوں کے 48 ہزار کروڑ روپے کے بقایہ بلوں کو معاف کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ بھارت-برطانیہ جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدہ عملی طورپر نافذ۔
٭ موبائل فون سازی منصوبے سمیت یوریا قومی سرمایہ کاری پالیسی اور سیمی کان کے اگلے مرحلے کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
اور۔۔۔ ٭ سنت گیانیشور مہاراج کے پاپوش کا نیرا ندی میں روایتی غسل‘جبکہ سنت گجانن مہاراج کی پالکی کی آج تلجا پور میں آمد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment