Sunday, 19 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 19 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ 72ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان؛ کئی مراٹھی فلمیں ایوارڈز کیلئے منتخب۔
٭ شیو سینا ادھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ باغی ارکانِ پارلیمان کو شیو سینا میں شمولیت کی اجازت۔
٭ خانگی کمپنی اسکائی روٹ کے تیار کردہ وکرم ون راکٹ کی کامیاب لانچنگ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر- پونے گرین فیلڈ ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے سمیت مختلف شاہراہوں کا وزیرِ اعلیٰ نے رکھا سنگ ِ بنیاد۔
٭ بزرگ سماجی کارکن ڈاکٹر کمار سپترشی کا انتقال۔
اور۔۔۔ ٭ پی وی سندھو‘جاپان اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
72ویں قومی فلم ایوارڈز کا‘ کل اعلان کیا گیا۔ اس سال قومی ایوارڈز میں مراٹھی فلموں نے اپنی برتری ثابت کی۔ ”شری کانت“ فلم کو ہندی زبان کی بہترین فلم قرار دیا گیا، جبکہ ”مقام پوسٹ بومبِل واڑی“ کو بہترین مراٹھی فلم قرار دیا گیا۔ فلم ”پَرَت 41 اَنشانچیاماگاور“ کی موسیقی کیلئے شیو پال سنگھ کو بہترین بیک گراؤنڈ میوزک ڈائریکٹر قرار دیا گیا۔ شارٹ فلموں کے زمرے میں مراٹھی فلم ”ہم سفر“ نے بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ ڈاکومینٹری فلم کے زمرے میں ”بھنگار“ نامی فلم نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔
منوج منتشیر کو بہترین نغمہ نگار، شاشوت سچدیو کو بہترین موسیقی، پشپا 2- کو بہترین کاسٹیوم ڈیزائن، یوگیش دیشپانڈے کو فلم ”سُورگندھروَ سدھیر پھڑکے“ کیلئے بہترین کہانی نویس، ابھئے جودھ پورکر کو فلم ”گھرت گنپتی“ کے گانے ”نَوَساچی گورائی ماجھی“ کیلئے بہترین پلے بیک سنگر اور ملیالم فلموں کی گلوکارہ وجئے لکشمی کو بہترین گلوکارہ کے اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا۔ بہترین ابتدائی ہدایتکاری کا ایوارڈ فلم ’سواتنتریہ ویر ساورکر‘ کیلئے رندیپ ہُڈا کو دیا گیا، جبکہ بہترین اداکار کے ایوارڈ کیلئے فلم ’چندو چمپئن‘ کے کردار پر کارتک آرین اور فلم ’برہما یوگم‘ میں کردار کیلئے ماموٹی کو مشترکہ طور پرمنتخب کیا گیا، اسی طرح فلم ”آرٹیکل 370“ کیلئے اداکارہ یامی گوتم کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا، ساتھ ہی بہترین فلم کا ایوارڈ بھی ”آرٹیکل 370“ کے حصے میں آیا۔ جبکہ بہترین مقبول فلم کے ایوارڈ کیلئے تیلگو فلم ’کلکی‘ کا انتخاب عمل میں آیا۔
***** ***** *****
شیو سینا ادھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ باغی ممبران پارلیمان کو شیو سینا میں شمولیت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کل یہ فیصلہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس چھوڑ کر این سی پی آئی میں شامل ہونے والے 20 ارکانِ پارلیمان کے گروپ کو علیحدہ آزاد گروپ کے طور پر بھی تسلیم کرلیاگیا۔ اس گروپ کے اراکین کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں علیحدہ آزاد نشستوں پر بیٹھ سکیں گے۔
دریں اثناء، حکومت نے مانسون اجلاس کے پس منظر میں آج ایک کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ اس دوران حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے قائدین سے مانسون اجلاس کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے اور اہم بلوں پر مثبت بحث میں تعاون کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ملک کی ایک نجی کمپنی کے تیار کردہ ”وکرم ون“نامی راکٹ کو کل کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔ خانگی کمپنی اسکائی روٹ نے مشن آمد کے تحت یہ راکٹ تیار کیا ہے۔ اس طرح‘ بھارت نجی کمپنی کی طرف سے راکٹ تیارکرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔ اسکائی روٹ کے اپنے اسکوپ سسٹم کے ساتھ، یہ راکٹ نجی تنظیموں اسپیس گرہ، Cosmoserve، DeCubed کے سیٹلائٹس اور کا سمک بلوم نامی تخلیقی کام کو خلا میں لے گئی۔ حیدرآباد کی نجی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس کمپنی نے وکرم ون راکٹ مکمل طور پر ملک میں تیار کیا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت مختلف معززین نے وکرم ون کی کامیاب لانچنگ پر اسکائی روٹ ایرو اسپیس کا خیر مقدم کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کھاد، بیج اور جراثیم کش ادویات سے متعلق شکایات کا اندرونِ سات دن ازالہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے بتایا کہ کسانوں کی موصولہ شکایات پر ایک ہفتہ کے اندر کھیتوں کا دورہ کرکے معائنہ رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ساتھ ہی کسی تعلقے میں شکایات کی تعداد 100 سے تجاوز ہونے پر ضرورت کے مطابق اضافی شکایات ازالہ کمیٹیاں قائم کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہیں اور ضلع زرعی سپرنٹنڈنٹ افسران کو فوری طور پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ حکومت پونے شہر کی چاروں سمتوں میں ٹریفک کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ کل پونہ ضلعے میں مختلف ترقیاتی شاہراہوں کا سنگ ِبنیاد رکھنے کے بعد مخاطب تھے۔
ان ترقیاتی منصوبوں پر 16 ہزار سات سو کروڑ روپے کا خرچ متوقع ہے۔ ان پروجیکٹس میں کھراڑی جنکشن اور شِرور بائی پاس کے درمیان 53 کلومیٹر کی سکس لین شاہراہ بھی شامل ہے، اور یہ 246 کلومیٹر کے پونے-سمبھاجی نگر گرین فیلڈ ایکسپریس وے کا پہلا مرحلہ ہے۔ ساتھ ہی ہڑپسر اور یَوَت کے درمیان 32 کلومیٹر کا راستہ اور تڑے گاؤں -چاکن-شِکراپور کے درمیان 54 کلومیٹر کا راستہ بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
بزرگ سماجی کارکن اور یووک کرانتی دَل کے بانی ڈاکٹر کمار سپترشی‘ کل پونے میں انتقال کرگئے۔ وہ 85 برس کے تھے۔ 21 اگست 1941 کو پیدا ہونے والے کمار سپترشی نے نومبر 1976 میں یووا کرانتی دَل کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پہلے تین ماہ تک ایک حکمت ِ عملی کے طور پر کام کیا۔ جس کے بعد انھیں یروڑا جیل میں 16 ماہ تک قید کردیا گیا۔ 1977 میں انہوں نے جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور اگلے سال اس وقت کے احمد نگر کے رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے۔ 15 اگست 2002 کو یووا کرانتی دَل کے دوبارہ قیام کے بعد، انہوں نے اس تنظیم کے صدر اور مہاراشٹر گاندھی میموریل فنڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کمار سپترشی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سماجی تبدیلی کی تحریک کے ایک بے لوث رہنماء سے محروم ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
NEET امتحانات کے پرچے افشاء ہونے کے معاملے پر نئی دہلی کے جنتر منتر پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے والے سماجی کارکن سونم وانگچک کو کل دہلی پولس نے صفدر جنگ اسپتال میں شریک کرایا۔ جس کے بعد، کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے سالانہ منصوبے کے تحت ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں کل‘ سال 2026-27 کیلئے 547 کروڑ 97 لاکھ روپے کے منصوبے کو منظوری دی گئی۔ رابطہ وزیر پنکجا منڈے کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں منظور شدہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ گذشتہ تین سالوں سے زیرِالتواء کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے رابطہ وزیر منڈے نے متعلقہ محکموں کو سات دنوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****
بھارت کی پی وی سندھو جاپان اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ میں خواتین کے سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ سیمی فائنل میں سندھو نے دنیا کی چوتھے نمبر کی چین کی چن یوفے ای کے خلاف پہلا گیم 21-19 کے فرق سے جیتا۔ دوسرے گیم میں سندھو 15-10 سے آگے تھی جب چن یوفے ای چوٹ کی وجہ سے دستبردار ہوگئی‘ جس کے بعد سندھو کو فاتح قرار دیا گیا۔ سندھو کا مقابلہ آج فائنل میں جاپان کی اکانے یاماگوچی سے ہوگا۔
***** ***** *****
کرکٹ: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ آج لندن کے لارڈز کرکٹ میدان پر کھیلا جائے گا۔ تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
فیفا عالمی کپ فٹ بال خطابی مقابلہ آج ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا۔
دریں اثناء‘ انگلینڈ نے اس ٹورنامنٹ میں فرانس کو 6-4 سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے بیڑ، پربھنی اور ہنگولی، سمیت مغربی مہاراشٹر کے اہلیا نگر، پونے اور ودربھ کے تمام اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریں اثناء کل چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ضلعے کے مختلف مقامات پر بارش ہوئی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ 72ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان؛ کئی مراٹھی فلمیں ایوارڈز کیلئے منتخب۔
٭ شیو سینا ادھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے چھ باغی ارکانِ پارلیمان کو شیو سینا میں شمولیت کی اجازت۔
٭ خانگی کمپنی اسکائی روٹ کے تیار کردہ وکرم ون راکٹ کی کامیاب لانچنگ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر- پونے گرین فیلڈ ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے سمیت مختلف شاہراہوں کا وزیرِ اعلیٰ نے رکھا سنگ ِ بنیاد۔
٭ بزرگ سماجی کارکن ڈاکٹر کمار سپترشی کا انتقال۔
اور۔۔۔ ٭ پی وی سندھو‘جاپان اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...