Wednesday, 29 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پرلوک سبھا میں بحث کا آغاز۔
٭ مجرمانہ پس منظر نہ رکھنے والے اٹھارہ برس سے کم عمر طلبہ CJP احتجاجی معاملے سے بری کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم۔
٭ درج فہرست ذات و قبائل پر مظالم سے متعلق مقدمات کی سماعت کیلئے ریاست میں پانچ خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ پربھنی۔مدکھیڑDouble Track ریلوے لائن کیلئے 163 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ 31جولائی تک ریاست کے مختلف حصوں میں اوسط سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
لوک سبھا میں گزشتہ سات دنوں سے جاری تعطل ختم ہونے کے بعد عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پر کل سے بحث شروع ہو گئی۔ اس بل کی دفعات کے مطابق منظم انداز میں پرچہ لیک کرنے کے جرم پر سات تا دس برس قید اور دس کروڑ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ امتحانات منعقد کرانے والے اداروں کے اعلیٰ افسران کیلئے پانچ سے دس سال قید اور پانچ کروڑ روپے تک جرمانہ، جبکہ امتحان منعقد کرنے والے ادارے پر پانچ کروڑ روپے جرمانہ اور آٹھ برس تک امتحانات منعقد کرنے پر پابندی کی بھی تجویز رکھی گئی ہے۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ لیک ہونے کے بعد دو ماہ کے دوران تفتیش مکمل کی جائے گی اور فاسٹ ٹریک عدالت تین مہینوں میں مقدمے کا فیصلہ سنائے گی۔
بحث میں کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے احتجاج کے دوران اور اس کے بعد حکومت کے رویّے پر تنقید کی۔ بی جے پی کے تیجسوی سوریہ نے کہا کہ پرچہ افشاء ہونے کے بعد طلبہ کے نقصان کو کم کرنے کیلئے حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انھوں نے آئندہ سال سے یہ امتحان آن لائن طریقے سے منعقد کرنے کے حکومتی فیصلے کی طرف توجہ دلائی۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے اس بل کے سلسلے میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد پرچہ لیک کے خلاف مزید سخت قانون بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جبکہ شیو سینا کے ڈاکٹر شری کانت شندے نے نجی کوچنگ کلاسیز کوقانون کے دائرے میں لانے اور طلبہ پر بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے بعد گرفتار یا حراست میں لیے گئے، ایسے اٹھارہ برس سے کم عمر طلبہ جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے، انہیں رہا کرنے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کل کی سماعت کے دوران کہا کہ طلبہ اور پولس اہلکاروں کو پہنچنے والی چوٹوں کی غیرجانبدارانہ اور آزادانہ جانچ ضروری ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد محفوظ رکھے جائیں، لیکن انہیں عام نہ کیا جائے۔ اس معاملے میں دائر درخواستوں پر مرکز کے علاوہ مہاراشٹر، آسام، بہار، مغربی بنگال، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور کیرالہ حکومتوں سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، اس احتجاج کے سلسلے میں مہاراشٹر میں طلبہ مظاہرین کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کے احکامات وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے جاری کیے ہیں۔
اس احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم میں شامل پانچ سو سے زائد اکاؤنٹس کی شناخت ریاستی سائبر پولس نے کر لی ہے۔ ان میں سے بعض اکاؤنٹس پاکستان اور خلیجی ممالک سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے درج فہرست ذاتوں SC اور قبائلST پر مظالم کی روک تھام کے قانون کے تحت درج مقدمات کی سماعت کیلئے مزید پانچ خصوصی عدالتوں کے قیام کو منظوری دی ہے۔ یہ عدالتیں ناندیڑ، پربھنی، اہلیا نگر، شولاپور اورا یوت محل میں قائم کی جائیں گی۔
منشیات اور نشہ آور اشیاء سے متعلق قانون کے تحت درج مقدمات کی سماعت کیلئے پونے میں بھی ایک خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
غیر اہم معدنیات کی غیرقانونی کانکنی اور نقل و حمل کے معاملات میں رائلٹی کی رقم کے دس گنا جرمانے کی تجویز پر متعلقہ قواعد میں ترمیم کرنے اور محفوظ نشستوں پر منتخب عوامی نمائندوں کوکاسٹ ویلیڈیٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کیلئے آرڈیننس جاری کرنے کی بھی کابینہ نے منظوری دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گرو پورنیما آج منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر شرڈی میں کل سے اس تہوار کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ کل صبح شری سائی بابا کی شبیہ، مقدس پوتھی کا مذہبی جلوس نکالا گیا۔ اس کے بعد چیف ایگزیکٹیو آفیسر گورکش گاڈِلکر کے ہاتھوں شری سائی بابا کی پادیہ پوجا کی گئی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔
***** ***** *****
مرکزی ریلوے نے جنوبی وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے پربھنی–مدکھیڑDouble Track ریلوے لائن کی جدیدکاری کیلئے 163 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت موجودہ برقی نظام کو مکمل طور پر جدید بنایا جائے گا، جس سے اس راستے پر مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی رفتار اور گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے سے وندے بھارت ایکسپریس جیسی تیز رفتارریل گاڑیوں کی زیادہ مؤثر طریقے سے آمدورفت بھی ممکن ہو سکے گی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کا رگھوناتھ شیورام بورسے بال کمار ادبی ایوارڈ اس برس ستارا سے تعلق رکھنے والی بچوں کی معروف ادیبہ ساوتری جگدالے کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ 26 اگست کو پیش کیا جائے گا۔ پریشد کے صدر پرنسپل کوتک راؤ ٹھالے پاٹل نے کل اس کا اعلان کیا۔ ساوتری جگدالے کی بچوں کیلئے کی گئی تالیف ”گوگلگائیچے پنکھ“، کہانیوں کا مجموعہ ”سفر منگڑاورچی“ اور بچوں کے ناول ”اُجل پری، دودھاچا مِشا،”آجی پِزّا اور اسپائیڈر مین سمیت 16 کتابیں شائع ہو چکی ہیں، جنہیں مختلف ادبی انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت اہل کسانوں کیلئے آدھار کی تصدیق کی سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی گئی ہے۔ اس لیے لاتور ضلع کے آپلے سرکار سیوا کیندر یا‘وی ایل ای کسانوں سے اس کیلئے کسی بھی قسم کی فیس وصول نہ کریں۔ اگر فیس وصول کرنے کی شکایت موصول ہوئی یا ایسا پایا گیا تو متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ یہ انتباہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے دیا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت موسم خریف 2026-27 کیلئے پربھنی ضلع میں اب تک دو لاکھ ایک ہزار 912 کسانوں نے اندراج کرایا ہے، جس کے ذریعے ایک لاکھ 34ہزار 187 ہیکٹر رقبہ بیمے کے دائرے میں آ چکا ہے۔ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ زرعی افسر دولت چوہان نے باقی کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 31 جولائی سے پہلے اپنی فصلوں کا بیمہ کرا کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی تاریخی فصیل کے ساتھ ساتھ اس سے 15 میٹر کے اندر موجود تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کل ورثہ تحفظ کمیٹی کے صدر جینت دیشپانڈے کی صدارت اور میونسپل کمشنر امول ییڑگے کی موجودگی میں اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس میں شہر کے تاریخی دروازوں، فصیل اور دیگر تاریخی مقامات کی صفائی پر بھی زور دیا گیا۔
***** ***** *****
درج فہرست ذاتوں SC کی ذیلی درجہ بندی کے خلاف کل دھاراشیو میں ایک یلغار مورچہ نکالا گیا۔در ج فہرست ذاتوں کے رہنما آنندراج امبیڈکر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ذیلی درجہ بندی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو شدید احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
***** ***** *****
گلاسگو میں جاری دولتِ مشترکہ کھیلوں میں دس ہزار میٹر دوڑ میں گل ویر سنگھ نے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ ان مقابلوں میں دوڑ کے شعبے میں یہ بھارت کا پہلا تمغہ ہے۔ ویٹ لفٹنگ کے 69 کلوگرام زمرے میں ہرجندر کور نے بھی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارت اب تک دو طلائی، سات چاندی اور تین کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر12 تمغے جیت چکا ہے۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے 31 جولائی تک ریاست کے مختلف حصوں میں اوسط سے موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ خلیجِ بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے آئندہ تین دنوں میں بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے۔ اس دوران ودربھ، شمالی مراٹھواڑہ، خاندیش، کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قائم کئے گئے محکمے نے شہریوں کو محتاط رہنے، نشیبی علاقوں، ندی نالوں کے کناروں اوربالائی علاقوں کی سڑکوں پر سفر کرتے وقت زیادہ احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
دریں اثنا، ناسک اور اہلیا نگر ضلع کے مختلف آبی منصوبوں سے تقریباً ستر ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں جائیکواڑی ڈیم میں اس وقت تقریباً 42ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ پانی کی آمد ہو رہی ہے اور ڈیم کا ذخیرہ 65 اعشاریہ 76 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پرلوک سبھا میں بحث کا آغاز۔
٭ مجرمانہ پس منظر نہ رکھنے والے اٹھارہ برس سے کم عمر طلبہ کو سی جے پی احتجاجی معاملے سے بری کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم۔
٭ درج فہرست ذات و قبائل پر مظالم سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے ریاست میں پانچ خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ پربھنی۔مدکھیڑDouble Track ریلوے لائن کے لیے 163 / کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ 31/جولائی تک ریاست کے مختلف حصوں میں اوسط سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...