Monday, 3 April 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 03  April  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۳؍ اپریل  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ رِیاست میں مستقبل میں کسی بھی گائوں کی باز آباد کاری کرتے وَقت ماڑِن گائوں کو مثالی نمونہ تسلیم کیا جائیگا۔ پونا ضلع میں پہاڑ سے قریب واقع ماڑِن گائوں جولائی 2014 میں موسلادھار بارِش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے پوری طرح تباہ ہوگیا تھا۔ بعد اَزاں اِس گائوں کو اس سے قریب واقع آمڈے دیہات میں باز آباد کاری کی گئی۔ کل اِس باز آباد کاری پروجیکٹ کو عوام کے حوالے کیا گیا۔ اِس موقع پر وَزیرِ اَعلیٰ نے نوآباد شدہ اِس پروجیکٹ کا اِفتتاح کیا اَور نئے گھرو ں کا معائنہ کیا۔ اَور دو گائوں والوں کو ان کے گھروں کی کنجیاں بھی وَزیرِ اَعلیٰ کے ہاتھوں دی گئیں۔ اِس موقع پر وَزیرِ اَعلیٰ نے کہا کہ ماڈرن دیہات کو آبرسانی کے لیے 14/ کروڑ 77/لاکھ رُوپئے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ دَریں اَثناء کل پونا میں یشدا فائونڈیشن کی جانب سے دیہی ترقیات فیلو شِپ کا اِفتتاح بھی وَزیرِ اَعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اِس اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وَزیرِ اَعلیٰ نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ ملک کو سُپر پاور بنانے کیلئے نوجوان تبدیلی کے سفیر بنیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 غیر سبسیڈائز گھریلو گیس سلنڈروں کی قیمت میں 14/ رُوپئے کمی کی گئی ہے۔ جبکہ سبسیڈائزڈ گیس سلینڈر کی قیمت میں 5/ رُوپئے 75/ پیسے کا اِضافہ کردِیا گیا ہے۔ گذشتہ دَرمیانی شب سے یہ نئی قیمتیں نافذ کردی گئیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ کسانوں کے قرض معاف کرنے سے متعلق معاشرے میں بیداری آرَہی ہے۔ کل ناسک میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ کسانوں کے قرضۂ جات کی معافی کے لیے جاری سنگھرش یاترا کی اِختتامی تقریب میں وہ شریک رَہیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ آئندہ اِنتخابات میں اَگر شیوسینا۔ ان کی پارٹی کے ساتھ آنا چاہے تو وہ اس کا خیر مقدم کریں گے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 کسانوں کے قرضۂ جات کی معافی کیلئے حزبِ اِختلاف کی سنگھرش یاترا کل عثمان آباد اَور لاتور پہنچی۔ لاتور ضلع کے اُزنی میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وَزیرِ اَعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے بی جے پی حکومت کو غیر سنجیدہ اَور غیر حساس قرار دِیا۔ جبکہ اَسمبلی میں حزبِ اِختلاف کے قائد دھننجے منڈے نے حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ اِس سے قبل سنگھرش یاترا کے شرکاء نے لاتور ضلع کے اَوسا تعلقے میں واقع یلوری میں ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اَور وَہاں اَنگور کے ایک کسان گنڈپا نِٹورے کو ایک لاکھ رُوپئے کی اِمداد دی۔ عثمان آبا ضلع میں ایک جلسۂ عام سے سابق نائب وَزیرِ اَعلیٰ اَجیت پوار‘ رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے خطاب کیا۔ سابق وَزیرِ اَعلیٰ اَشوک چوہان‘ سماج وادی پارٹی کے قائد اَبو عاصم اَعظمی اَور دیگر قائدین اِس جلسے میں شریک تھے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 قومی پلس پولیو مہم کے تحت کل ملک بھر میں 5/ برس سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ڈوز پلائے گئے۔ عثمان آباد ضلع میں اِس مہم کا اِفتتاح ضلع پریشد صدر نیتاجی پاٹل کے ہاتھوں اَور ناندیڑ ضلع کی ضلع پریشد صدر شانتا بائی پوار نے اَردھا پور تعلقے میں اِ س کا اِفتتاح کیا۔ اَورنگ آباد۔ جالنہ۔ پربھنی۔ ہنگولی۔ لاتور اَور بیڑ اَضلاع میں بھی اِس مہم کا کامیاب اِنعقاد کیا گیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 روزنامہ اَورنگ آباد ٹائمز کی گولڈن جوبلی تقاریب کے سلسلے میں کریسنٹ ایجوکیشن سوسائٹی ‘ قومی کونسل برائے فروغِ اُردو زَبان اَور مولانا آزاد کالج کے اِشتراک سے منعقدہ 2/ روزہ سمینار کل اِختتام پذیر ہوا۔ ’’اُردوصحافت: ماضی‘ حال اَور اِمکانات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اِس سمینار کے آخری سیشن کی صدارت دَہلی یونیورسٹی کے شعبۂ اُردو کے سابق صدر اَور معروف تنقید نگار پروفیسر عتیق اللہ نے کی۔ اِس سیشن میں بھوپال سے تعلق رَکھنے والے عارِف عزیز اَور مقامی اُردو روزناموں کے مدیران مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ اِختتامی تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر اِدریس فاروقی عسکری نے اَنجام دِئیے۔ جبکہ سمینار کے کنوینر خان مقیم خان نے شرکاء کا شکریہ اَدا کیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 جالنہ ضلع کے بھوکردن کی تحصیلدار روپا چترک کو ڈِویژنل کمشنر پُرشوتم بھاپکر نے معطل کردِیا ہے۔ چترک کے ریت مافیا کے ساتھ مالی لین دین کی شکایت علاقہ مکینوں نے کی تھی جس پر جالنہ ضلع کلکٹر دَفتر نے اَپنی رِپورٹ ڈِویژنل کمشنر کو پیش کی۔ اِس رِپورٹ کے مطابق کل یہ کاروائی کی گئی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ہنگولی۔ ناندیڑ قومی شاہراہ پر مالیگائوں پھاٹے سے قریب ایک خانگی بس اَور ٹرک کے مابین راست تصادُم میں 6/ مسافر ہلاک ہوگئے۔ کل صبح پیش آئے اِس حادثے میں 14/ اَفراد شدید زَخمی ہوئے جس میں 8/ اَفراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments: