Saturday, 2 February 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ پیوش گوئل نے کل لوک سبھا میں کسانوں‘ غیر منظم محنت کشوں‘ چھوٹے اور درمیانی صنعتکاروں اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے متعدد فائدوں سے پُر عارضی بجٹ پیش کیا۔ اس بجٹ کے مطابق چھوٹے اور درمیانی کسانوں کو ’’پردھان منتری کرشی سنمان فنڈ‘ کے تحت ہر برس 6/ ہزار روپئے گرانٹ دیا جائیگا۔ اس اسکیم کا فائدہ 2/ ہیکٹر تک اراضی رکھنے والے 12/ کروڑ کسانوں کو ملے گا۔ غیر منظم شعبے کے مزدوروں کو پردھان منتری شرم یوگی ماندھن اسکیم کے تحت عمر کے ساٹھ سال کے بعد 3/ ہزار روپئے ماہانہ پنشن دی جائیگی۔ جس کے لیے 29/ برس عمر کے مزدوروں کو ماہانہ 100/ روپئے بینک میں جمع کرنا ہوگا‘ جبکہ 18/ برس عمر کے مزدوروں کو صرف 55/ روپئے جمع کرنے ہونگے۔ اس کے علاوہ ذاتی انکم ٹیکس دہندگان کی سالانہ 5/ لاکھ روپیوں تک کی آمدنی کو ٹیکس سے مبرا قرار دیا گیا ہے۔ وہیں پراویڈنٹ فنڈ‘ دیگر بچت اسکیموں اور بیمہ اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افرادکی ساڑھے چھ لاکھ روپیوں تک کی آمدنی کو ٹیکس سے مبرا کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی خانہ بدوش قبائل کی ترقی کیلئے بورڈ کے قیام‘ گائے کی نسل کی افزائش کے لیے قومی کام دھینو کمیشن کے قیام کی گنجائش بھی اس بجٹ میں رکھی گئی ہے۔ بجٹ کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں ایک لاکھ دیہاتوں کا ڈیجیٹلائزیشن کیا جائیگا۔ بجٹ میں گریجویٹی کی حد میں 10/ لاکھ سے بڑھا کر 30/ لاکھ کی گئی ہے اور آنگن واڑی ملازمین کے مشاہرے میں 50/ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پراویڈنٹ فنڈ کے تحت موت ہوجانے کی صورت میں ملنے والی بیمے کی رقم ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر 6/ لاکھ روپئے کرنے کی گنجائش بجٹ میں رکھی گئی ہے۔ دفاعی شعبے کے لیے بجٹ میں 3/ لاکھ کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں‘ وہیں تعلیم‘ صحت‘ بہبودِ اطفال‘ ریلوے‘ درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل کی ترقی‘ مہاتما گاندھی روزگار ضمانت اسکیم کے لیے بجٹ میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج پیش کیے گئے عارضی بجٹ کے ذریعے حکومت نے ملک کو مضبوط کرنے کیلئے ایک اور قدم آگے بڑھایا ہے۔ وزیرِ اعظم نے بجٹ کو تاریخی قرار دیا۔ مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں سماج کے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وہیں مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات کرنل راجیہ وردھن سنگھ راٹھوڑ نے اُمید ظاہر کی کہ بجٹ کے سبب بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید استحکام ملے گا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ عام لوگوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پیش کیا جانے والا یہ بجٹ ان کا معیارِ زندگی بلند کرنے کی ایماندارانہ کوشش ہے۔
دریں اثناء حزبِ اختلاف نے اسے BJP کی جانب سے انتخابات کو پیش ِ نظر رکھ کر تیار کردہ بجٹ قرار دیا۔ سابق مرکزی وزیرِ مالیات پی چدمبرم نے بجٹ کو ووٹ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اس میں تعلیم‘ روزگار اور نوجوانوں کے مسائل کو نظر انداز کرنے کی بات کہی۔ CPIM رہنما کروناکرن نے کہا ہے کہ بجٹ میں بہت زیادہ اعلانات کیے گئے ہیں جبکہ حکومت کی میعاد مکمل ہونے میں صرف تین مہینے باقی ہیں۔ وہیں کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو سالانہ صرف 6/ ہزار روپئے یعنی 17/ روپیہ روزانہ کی امداد کسانوں کی بے عزتی ہے۔
***** ***** *****
اسمبلی اسپیکر ہری بھائو باگڑے نے ہا ہے کہ جل یُکت شیوار اسکیم اور پانی کے محتاط استعمال کے ذریعے ہی مراٹھواڑہ میں قحط کی صورتحال سے نمٹا جاسکتا ہے۔ اورنگ آبادمیں کل ریاست گیر زرعی نمائش ’’مہا اَیگرو‘‘ کا افتتاح باگڑے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی پیداوار بازار کمیٹیوں میں ہونے والی حمالی سے کسانوں کو نجات دلائی ہے۔ اس موقع پر نئی تکنیک استعمال کرنے والے کسانوں کیلئے دیا جانے والا پدم شری بھنور لال جین انعام 12/ زرعی گروپوں اور کسان کمپنیوں کو معزز شخصیات کے ہاتھوں دیا گیا۔ چار روز جاری رہنے والی اس نمائش میں 200/ مشہور زرعی کمپنیوں نے اپنے اسٹالس لگائے۔
***** ***** *****
پال گھر ضلع کے ڈہانو‘ تلاسری اوراس کے آس پاس کے علاقوں میں کل زلزلے کے 6/ جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق کل صبح سات تا دوپہر تقریباً دو بجے کے دوران زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر تین تا چار اکائی درج کی گئی۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی کے قائد پرکاش امبیڈکر نے کل اورنگ آباد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے امبیڈکر نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل رام مندر کی تعمیر کی تاریخ طئے کرنے کو غیر دستوری قرار دیا۔ انھوں نے سماج میں امن اور استحکام کیلئے امن مورچہ نکالنے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** ***** 

No comments: