Saturday, 2 May 2020

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.05.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 May-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ مئی  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ملک بھر میںجاری لاک ڈائون کی مدت میں مزید دو ہفتوں کا اضافہ؛ اب 17/مئی تک نافذ رہے گا لاک ڈائون۔
٭ ریڈ زون میں شامل ضلعوں میں لاک ڈائون قوانین میں مزید سختی لانے کا وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا اشارہ؛ کہا کورونا کے خلاف جنگ میں حوصلہ برقرار رکھنا ضروری۔
٭ قانون ساز کونسل کی 9/ سیٹوں کیلئے تاریخوں کا اعلان‘ 21/مئی کو ہوگی رائے دہی۔
٭ مہاراشٹر دِن کل ریاست بھر میں نہایت سادگی سے منایا گیا۔
٭ اور۔۔۔ اورنگ آباد میں لاک ڈائون قوانین مزید سخت؛ اگلے دو ہفتوں تک Odd-Even طریقۂ کار پر چلیں گی معاشی سرگرمیاں۔
***** ***** *****
ملک بھر میں جاری لاک ڈائون دو ہفتے یعنی 17/ مئی تک بڑھا دیا گیاہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کے پسِ منظر میں کل مرکزی وزارتِ داخلہ نے یہ اعلان کیا۔ وزارتِ داخلہ نے کہا کہ ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ اعلان کیا جارہا ہے۔ واضح ہو کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کی بناء پر ملک کے 733/ ضلعوںکو گرین زون‘ اورینج زون اور ریڈ زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ریڈ زون میں 130/ ضلعے ہیں جبکہ اورینج زون میں 284/ ضلعے آتے ہیں۔ اس کے علاوہ 319/ ضلعے ایسے ہیں جو گرین زون میں شامل ہیں۔ لاک ڈائون کے نئے رہنما خطوط کے مطابق گرین اور اورینج زون میں شامل ضلعوں میں نرمی برتی جائیگی۔ کل اعلان کیے گئے نئے ضابطوں کے مطابق ملک بھر میں بسیں، ٹرینیں اور فضائی خدمات بدستور بند رہیں گی جبکہ ریاستوں کے بیچ کی ٹریفک آمد و رفت بھی بند رہے گی۔ کسی بھی زون کے ضلعوں میں اسکول‘ کالج اور دوسرے تعلیمی ادارے نہیں کھلیں گے او رہر طرح کی مذہبی اور ثقافتی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ ہوٹلس‘ ریسٹورنٹ‘ سینما تھیٹرس‘ مالس‘ جِم اور اسپورٹس کامپلیکس بھی بند رہیں گے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہیکہ ملک بھر میں اب شام سات بجے سے صبح سات بجے تک لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔
دوسری جانب ریڈ زون میں شامل ضلعوں میں پیشہ وارانہ اور خانگی دفتروں کو 33% ملازمین کی حاضری کے ساتھ شروع کیا جائیگا۔ تاہم ہیئر کٹنگ سیلون اور Spa بند رہیں گے۔ وہیں اورینج زون میں شامل ضلعوں میں ٹیکسی اور کیب خدمات شروع کی جائیں گی لیکن ڈرائیورکے علاوہ صرف دو مسافر ٹیکسی میں سفر کرسکتے ہیں۔ اورینج زون میں شامل ضلعوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ وہیں خانگی گاڑیاں بھی اورینج زون کے ضلعوں کے بیچ چل سکتی ہیں۔ اسی طرح گرین زون کے ضلعوں میں سبھی سرگرمیاں مشروط اجازت کے ساتھ شروع کی جائیں گی۔ وزارتِ داخلہ نے کہا ہیکہ گرین زون میں بس خدمات شروع کی جائیں گی، لیکن بسوں میں گنجائش سے پچاس فیصد کم مسافر سفر کرسکتے ہیں۔ گرین زون میں مال برداری بھی جاری رہے گی۔
***** ***** *****
اس دوران مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ ریڈ زون میں شامل ضلعوں میں لاک ڈائون قوانین مزید سخت کیے جاسکتے ہیں۔ کل مہاراشٹر دِن کے موقعے پر سوشل میڈیا کے ذریعے کیے گئے عوامی خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ اورینج زون کے متاثرہ حصوں کے علاوہ گرین زون میںلگی پابندیوں کو مرحلہ وار طریقے سے ہٹایا جائیگا۔
مراٹھواڑہ کے عثمان آباد کے علاوہ واشم‘ وردھا‘ گڈچرولی‘ گوندیا اور سندھو دُرگ یہ 6/ ضلعے گرین زون میں شامل ہیں۔ وہیں بیڑ‘ پربھنی‘ ہنگولی‘ جالنہ، ناندیڑ اورلاتور سمیت ریاست کے 16/ ضلعے اورینج زون میں ہیں۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد سمیت ریاست کے 14/ ضلعے ریڈ زون میں پڑتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے سلسلے کو روکنے میں کامیابی مل رہی ہے اور عوام کو اس بیماری کے خوف سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کی علامات نظر آنے پر فوراً علاج کروائیں۔ ٹھاکرے نے کہا کہ علاج کے بعد کورونا کا مریض ٹھیک ہوجاتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کا کہ دوسری ریاستوں میں پھنسے لوگوںکو بحفاظت ان کی ریاستوں میں پہنچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور اس کام کیلئے ریاستوںکے درمیان تال میل کے ساتھ انتظامات کیے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ دوسری ریاستوں میں پھنسے مہاراشٹر کے لوگوںکو بھی واپس لایا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس دوران جلد بازی نہ کریں اور کہیں بھی ہجوم جمع نہ ہونے دیں۔
***** ***** *****
اس بیچ لاک ڈائون کی وجہہ سے ملک کے مختلف حصوں میں پھنسے مزدوروں‘ طلبہ اور مذہبی عقیدت مندوں کو اُن کے گھروں تک پہنچانے کیلئے خصوصی ٹرینیں چلانے کو بھی وزارتِ داخلہ نے منظوری دی ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جوائنٹ سیکریٹری پونیہ سلیلہ شریواستو نے کل نئی دلّی میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ ان خصوصی ٹرینوں کے ٹکٹ کی فروخت کے بارے میں جلد ہی رہنما خطوط جاری کیے جائیں گے۔ کل جن چھ ایکسپریس ٹرینوںکا اعلان کیا گیا ہے اُن میں ناسک سے بھوپال اور ناسک سے لکھنؤ ٹرینیں بھی شامل ہیں۔ ناسک سے بھوپال چلنے والی ٹرین گذشتہ رات ساڑھے نو بجے‘ 332/ مزدوروں کو لیکر بھوپال کیلئے روانہ ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
بھارت بھر میں کل کورونا کے ایک ہزار 993/ نئے معاملوںکا انکشاف ہوا۔ اس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوںکی تعداد بڑھ کر 35/ ہزار 43/ ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارتِ صحت کے جوائنٹ سیکریٹری لَو اگروال نے کل یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک ملک میں 8/ ہزار 888/ افراد کو کورونا سے صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ اگروال نے بتایا کہ کورونا کے مریضوں کی صحت یابی کا تناسب بھی بڑھ کر 25% ہوگیا ہے۔
دوسری جانب مہاراشٹر میں کل ایک ہی دِن میں ایک ہزار آٹھ کورونا مریضوں کی شناخت ہوئی۔ یہ ایک دِن میںپائے گئے مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان مریضوںکا پتہ لگنے کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کرگیارہ ہزار 506/ ہوگئی ہے۔ ریاست میں کل 26/ لوگوںکی کورونا سے موت بھی ہوئی‘ اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 485/ ہوگئی ہے۔ وہیں ایک ہزار 879/ لوگ ایسے ہیں جو کورونا سے پوری طرح ٹھیک ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے گرودتّ نگر علاقے کے 47/ سالہ کورونا مریض کی کل صبح موت ہوگئی۔ انہیں 27/ تاریخ کو اسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اورنگ آباد میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد اب 8/ ہوگئی ہے۔ اورنگ آباد شہر میں کل 40/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف بھی ہوا، جس کے بعد پازیٹیومریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 217/ہوگئی ہے۔گذشتہ کل سامنے آئے مریضوں میں سنجے نگر مکند واڑی کے 18/مریض ہیں، جبکہ نور کالونی اور آصفیہ کالونی سے 3-3‘ گلاب واڑی‘ پدم پورہ اور بھیم نگر سے 2-2 مریض شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھڑکل گیٹ‘ وڑ گائوں‘ محمود پورہ، سٹی چوک، قلعہ ارک، سڈکو این 6- اور وجئے شری کالونی سے کل ایک۔ ایک کورونا پازیٹیو مریض پایا گیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی 9 سیٹوں کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیاہے۔ مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے مہاراشٹرکے چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہیکہ پیر کے روز اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔ اعلان کے مطابق 11/ مئی تک کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 21/مئی کو ہوگی اور رائے دہی کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتیجوں کا اعلان کردیا جائیگا۔
مہاراشٹر کے چیف سیکریٹری کی جانب سے الیکشن کمشنر کو دئیے گئے تیقن میںکہا گیا ہیکہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے دوران کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے سے متعلق جاری کیے گئے سبھی رہنما خطوط پر سختی سے عمل آوری کی جائے گی۔ واضح ہوکہ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے فی الحال ریاستی قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں سے کسی بھی ایوان کے رُکن نہیں ہیں اور ان کیلئے عہدہ سنبھالنے کے چھ مہینوں کے اندر کسی ایک کا رُکن بننا ضروری ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کیلئے چھ مہینوں کی یہ مدت 27/ مئی کو ختم ہورہی ہے۔ اس لیے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی درخواست پر انتخابی کمیشن نے کل صبح میٹنگ لی اور قانون ساز کونسل کے انتخابات منعقدکروانے کا فیصلہ لیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں کل ساٹھواں مہاراشٹر دِن نہایت سادگی سے منایا گیا۔ ممبئی کے ہتاتما چوک پر واقع یادگار پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اورنگ آباد میں بھی ضلع کلکٹر دفتر میں رابطہ وزیر سبھاش دیسائی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر ضروری جسمانی دوری بنائے رکھنے کا خاص خیال رکھا گیا۔
جالنہ میں رابطہ وزیر راجیش ٹوپے‘ بیڑ میں رابطہ وزیر دھننجے منڈے‘ پربھنی میں رابطہ وزیر نواب ملک اور لاتور میں رابطہ وزیر اَمت دیشمکھ نے پرچم کشائی کی۔ وہیں ناندیڑ میں رابطہ وزیر اشوک چوہان‘ عثمان آباد میں ریاستی وزیر سنجے بنسوڑے اور ہنگولی میں ضلع کلکٹر رُچیش جئے وَنشی کے ہاتھوں پرچم کشائی کرکے مہاراشٹر دِن منایا گیا۔ دھولیہ میں رابطہ وزیر عبدالستار نے پرچم کشائی کی، جبکہ احمد نگر میںرابطہ وزیر حسن مشرف کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے پولس انتظامیہ نے لاک ڈائون کے قوانین میں مزید سختی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے مطابق اگلے دو ہفتوں تک شہر میں کاروباری سرگرمیاں ایک دِن کے وقفے سے جاری رہیں گی۔ پولس انتظامیہ نے اس کیلئے Odd-Even طریقۂ کار اپنایا ، جس کے مطابق آج سے صرف طاق تاریخوں پر ہی ضروری چیزیں خریدی جاسکتی ہیں، کل سے جفت تاریخوں پر اورنگ آباد شہر پوری طرح بند رہے گا۔ پولس کمشنریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کاروائی کی جائیگی، جن میں گاڑیوں کی ضبطی بھی شامل ہوگی۔
***** ***** *****
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی‘ NTA نے مختلف امتحانوں کیلئے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخوں میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔ اِن امتحانات میں JEE-2020‘ اِندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کا Ph.D داخلہ امتحان اور MBA انٹرنس امتحان شامل ہیں۔ خبر میں کہا گیا ہیکہ طلبہ مزید تفصیلات کیلئے NTA کی ویب سائٹ www.nta.ac.in پر لاگ اِن کریں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ملک بھر میںجاری لاک ڈائون کی مدت میں مزید دو ہفتوں کا اضافہ؛ اب 17/مئی تک نافذ رہے گا لاک ڈائون۔
٭ ریڈ زون میں شامل ضلعوں میں لاک ڈائون قوانین میں مزید سختی لانے کا وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا اشارہ؛ کہا کورونا کے خلاف جنگ میں حوصلہ برقرار رکھنا ضروری۔
٭ قانون ساز کونسل کی 9/ سیٹوں کیلئے تاریخوں کا اعلان‘ 21/مئی کو ہوگی رائے دہی۔
٭ مہاراشٹر دِن کل ریاست بھر میں نہایت سادگی سے منایا گیا۔
٭ اور۔۔۔ اورنگ آباد میں لاک ڈائون قوانین مزید سخت؛ اگلے دو ہفتوں تک Odd-Even طریقۂ کار پر چلیں گی معاشی سرگرمیاں۔
***** ***** *****

No comments: