Friday, 20 November 2020

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Dated : 20.11.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 20 November-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۰؍ نومبر ۔۲۰۲۰؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ ایک لاکھ زرعی پمپوں کو بجلی کنکشن دینے کی حکومت کی نئی پالیسی۔ یومیہ 8 گھنٹے بجلی فراہمی کی منصوبہ بندی۔
٭ پیر تک بجلی بل معاف نہ کرنے پر ہر ضلع میں عوامی احتجاج کا ایم این ایس کا انتباہ۔
٭ حج 2021 کیلئے آن لائن درخواست دہی کی آخری تاریخ 10 دسمبر۔
٭ LOC پر دراندازی کی کوشش کرنے والا کوئی بھی دہشت گرد زندہ واپس نہیں لوٹے گا: فوجی سربراہ جنرل منوج نرونے۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے ساڑھے پانچ ہزار نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں مریضوں کی تعداد میں ساڑھے چار سو کا اضافہ۔
اور۔۔٭ جالنہ ضلع کے بھوکردن میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے تین حقیقی بھائیوںکی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
کاشتکاروں کے ایک لاکھ زرعی پمپوں کو بجلی کنکشن دینے سے متعلق حکومت نے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت کل منعقدہ کابینی اجلاس میں اس پالیسی کو منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت تمام زرعی صارفین کو تین برسوں میں مرحلہ وار مستقل طور پر یومیہ 8 گھنٹے بجلی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ زرعی فیڈر اور ڈسٹری بیوشن پوائنٹ پر میٹر کی تنصیب اور سرِدست کام کررہے زرعی پمپ پر Capastor بٹھائے جائیں گے۔ اس کام کیلئے حکومت کی جانب سے سالانہ 15 سو کروڑ روپئے 2024 تک مہاوِترن کمپنی کو دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
محکمۂ تعمیراتِ عامہ کے شعبۂ نجکاری کے تحت تعمیر کردہ منصوبوں میں صرف بڑی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ بھی ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ یہ اضافہ صرف 10 فیصد ہے جو کہ قومی شاہراہ پر عائد کردہ ٹول ٹیکس کی شرح کی بہ نسبت بہت کم ہے، جبکہ کار‘ جیپ‘ ایس ٹی بس‘ اسکول بس اور چھوٹی گاڑیوں کا ٹول ٹیکس سے استثنیٰ برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی اس کابینی اجلاس میں کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست بھر کی ایک ہزار 566 گرام پنچایتوں کے انتخابات کورونا کے باعث ملتوی کردئیے گئے تھے‘ اب اس انتخابی پروگرام کا دوبارہ اعلان کیا جائیگا۔ ریاستی انتخابی کمشنر یوپی ایس مدان نے کل یہ اعلان کیا۔ 19  اضلاع میں انتخابات کیلئے 24 فروری 2020 کو پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم لاک ڈائون کے سبب یہ انتخابی پروگرام ملتوی کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ترمیم شدہ فہرست رائے دہندگان 25 ستمبر کو جاری کی گئی۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے کہا ہیکہ لاک ڈائون کے عرصے کے اضافی بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم اس کیلئے ریاست کی معاشی صورتحال پر بھی غور کرنا چاہیے۔ وہ کل ناسک میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ چند کانگریسی وزراء کی جانب سے ان کی وزارتوں کو مناسب فنڈ نہ دئیے جانے کی شکایت کے پس منظر میں وہ اپنا ردّ عمل دے رہے تھے۔ تھورات نے کہا کہ اس اعتراض پر انھوں نے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سے گفتگو کی ہے اور اس خصوص میں شکایات کا بہت جلد ازالہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا نے بجلی بل کی معافی کے مطالبے پر جارحانہ مؤقف اختیار کرلیا ہے۔ ایم این ایس کے رہنما باڑا ناندگائونکر نے انتباہ دیا ہیکہ پیر تک اضافی بجلی بل معاف کیے جائیں ورنہ ہر ضلع میں عوامی احتجاج کیا جائیگا۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے عرصے کے بجلی بلوں کو معاف کرنے کے مسئلے پر حکومت نے ریاست کے ساڑھے گیارہ کروڑ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے اور اسی لیے عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔
اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے مہاراشٹر نونرمان سینا کے اس مجوزہ احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے کہا ہے کہ بی جے پی کا رکن بھی اس احتجاج میں شریک ہوں گے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یومِ پیدائش پر کل انہیں ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے آنجہانی اندرا گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اندرا گاندھی کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ ہر سال 19 نومبر کو اندرا گاندھی کی یومِ پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں یومِ یکجہتی منایا جاتا ہے۔ اس خصوص میں وزیرِ اعلیٰ نے ایک تقریب میں قومی یکجہتی کا حلف دلایا۔ راج بھون میں گورنر کے سیکریٹری سنتوش کمار نے اندرا گاندھی کے مجسّمے پر پھول چڑھائے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے آنجہانی وزیرِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وہاں موجود افراد کو قومی یکجہتی کا حلف دلایا۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر دفتر میں بھی اندرا گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
آئندہ برس حج 2021 کیلئے مرکزی حکومت کی اقلیتی امور کی وزارت نے عازمینِ حج کو آن لائن درخواست دہی کی ترغیب دی ہے۔ جو افراد آئندہ برس حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرواسکتے ہیں۔ درخواست دہی کی آخری تاریخ 10 دسمبر 2020 ہے۔ یہ اطلاع مہاراشٹر حج کمیٹی کے ذمہ دار امتیاز قاضی نے دی ۔
***** ***** *****
شولاپور کے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولس نے پنڈھر پور کی آئندہ کارتک واری علامتی طور پر نکالنے کی سفارش وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سے کی ہے۔ ان افسران نے سفارش کی ہے کہ مذہبی رسومات روایتوں کے مطابق انجام دی جائے، لیکن زائرین کے ہجوم کو روکنے کیلئے متعلقہ حکام و انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے صحت ِ عامہ ڈاکٹر ہرش وردھن نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں کووِڈ 19- کی ویکسین دستیاب ہوگی۔ قومی صنعت و تجارت کی تنظیم ’’فیکی‘‘ کے ایک پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ کورونا کے تدارک کیلئے متوقع ٹیکہ اندازی کے سلسلے میں رہنما خطوط تیار کرنے کا کام جار ی ہے۔ سب سے پہلے یہ ٹیکے طبّی شعبے میں کام کرنے والے افراد کو اور اس کے بعد 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو دئیے جائیں گے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ آئندہ برس جولائی۔ اگست تک کورونا کے تدارک کے ان ٹیکوں کے 40 تا 50 کروڑ ڈوز تیار کرلیے جائیں گے۔
***** ***** *****
برّی فوج کے سربراہ جنرل منوج نرونے نے انتباہ دیا ہے کہ لائن آف کنٹرول سے دراندازی کی کوشش کرنے والا ایک بھی دہشت گرد زندہ واپس نہیں جاسکے گا۔ جموں و کشمیر میں کل صبح ناگ روٹا علاقے میں مسلح افواج نے جیش ِ محمد کے 4 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ اس واردات کے بعد جنرل نرونے نے یہ انتباہ دیا۔ اودھم پور ضلع میں جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ایک ٹول ناکے کے قریب یہ مقابلہ آرائی ہوئی۔ جائے واردات سے 11  اے کے رائفلز‘ 3 پستول‘ 29 دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل مزید 5 ہزار 535 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں مریضوں کی کُل تعداد 17 لاکھ 63 ہزار 55 ہوگئی ہے۔ کل اس موذی مرض سے 145  افراد انتقال کرگئے۔ ریاست میں اب تک کورونا کے باعث 46 ہزار 356  افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔ کل 5 ہزار 860 مریض علاج کے بعد شفاء یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ فی الحال 79 ہزار 738 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل کورونا کے نئے ساڑھے چار سو مریض پائے گئے‘ جبکہ 9  افراد کی موت واقع ہوئی۔ اورنگ آباد ضلع میں 5 مریض انتقال کرگئے۔ پربھنی ضلع میں 3  اور بیڑ ضلع میں ایک شخص چل بسا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ محصول ایکناتھ کھڑسے بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ بغرضِ علاج ممبئی روانہ ہورہے ہیں۔ انھوں نے ترغیب دی کہ ان سے رابطے میں رہنے والے افراد بھی اپنی کورونا جانچ کروالیں۔
***** ***** *****
آئندہ 23 نومبر سے جماعت نہم تا بارہویں کی کلاسیس کا آغاز ہورہا ہے۔ اس کیلئے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو اپنا کووِڈ ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے اساتذہ کی جانچ کیلئے 16 مراکز قائم کیے ہیں۔ کل ان مراکز پر ایک ہزار 44  اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین نے RTPCR جانچ کروائی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے بھوکردن تعلقے میں 3 حقیقی بھائیوں کی بجلی کا شاک لگنے سے کنویں میں گرکر موت واقع ہوگئی۔ بجلی کی موٹر چلاتے وقت ایک بھائی کو بجلی کا جھٹکا لگا۔ اسے بچاتے ہوئے دوسرے دو بھائی بھی کنویں میں گرکر ہلاک ہوگئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ایک لاکھ زرعی پمپوں کو بجلی کنکشن دینے کی حکومت کی نئی پالیسی۔ یومیہ 8 گھنٹے بجلی فراہمی کی منصوبہ بندی۔
٭ پیر تک بجلی بل معاف نہ کرنے پر ہر ضلع میں عوامی احتجاج کا ایم این ایس کا انتباہ۔
٭ حج 2021 کیلئے آن لائن درخواست دہی کی آخری تاریخ 10 دسمبر۔
٭ LOC پر دراندازی کی کوشش کرنے والا کوئی بھی دہشت گرد زندہ واپس نہیں لوٹے گا: فوجی سربراہ جنرل منوج نرونے۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے ساڑھے پانچ ہزار نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں مریضوں کی تعداد میں ساڑھے چار سو کا اضافہ۔
اور۔۔٭ جالنہ ضلع کے بھوکردن میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے تین حقیقی بھائیوںکی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 03.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 03 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...