Tuesday, 11 January 2022

TEXT - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 11.January.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 11 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱؍ جنوری  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں:
٭ جنوری مہینے کے آخر میں سامنے آسکتی ہے مہاراشٹر میں کورونا مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد؛ ریاستی وزیرِ صحت
راجیش ٹوپے نے کیا خدشے کا اظہار۔
٭ ملک بھر میں طبّی ملازمین اور کورونا وائرس کے خلاف لڑرہے صفِ اوّل کے ملازمین کو بوسٹر ڈوز دینے کی ہوئی شروعات؛ 60 سال
سے زیادہ اور سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد بھی ڈاکٹر کی صلاح کے بعد لگوا سکتے ہیں بوسٹر ڈوز۔
٭ مراٹھواڑہ میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری؛ اورنگ آباد ضلعے میں کل پائے گئے 317 مریض۔
اور
٭ مہاراشٹر میں کم از کم اگلے چار سے پانچ مہینوں تک نہیں ہوں گے علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات؛ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف کا بیان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
جنوری مہینے کے آخر میں مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد سامنے آسکتی ہے۔ اس خدشے کا اظہار ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کیا ہے۔ کورونا مریضوں کی تعداد میں ملک بھر میں ہورہے اضافے کے پسِ منظر میں مرکزی وزیرِ صحت منسکھ مانڈویہ نے کل مہاراشٹر سمیت چھ ریاستوں اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں کے وزرائے صحت سے بات چیت کی۔ اس دوران ریاستوں کے نظامِ صحت کی تیاریوں اور جاری ٹیکہ اندازی مہم کی پیشِ رفت کا جائزہ لیا گیا۔
راجیش ٹوپے نے مرکزی وزیرِ صحت کو بتایا کہ مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آچکی ہے اور ہر دِن 40 ہزار سے زیادہ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہورہا ہے۔ اس تبادلۂ خیال کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹوپے نے کہا کہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن نظامِ صحت پر فی الحال کوئی اضافی بوجھ نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں بڑی تعداد میں مریض ہوم کوارنٹائن ہیں جنھیں کورونا کِٹ گھروں پر فراہم کی جائیں گی۔ ساتھ ہی ٹوپے نے اپیل کی کہ ریاست میں لگائی گئی پابندیوں کو مثبت انداز میں لیا جائے اور عائد کردہ پابندیوں پر عمل کیا جائے۔
دریں اثناء اورنگ آباد ضلعے میں کورونا مخالف ٹیکہ اندازی مہم کے کم تناسب پر مرکزی وزیرِ صحت منسکھ مانڈویہ نے فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔ ٹوپے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ملک بھر میں طبّی ملازمین اور کورونا وائرس کیخلاف لڑرہے صف ِ اوّل کے اہلکاروں کو کورونا وائرس سے بچائو کا ’’بوسٹر ڈوز‘‘ دینے کی کل سے شروعات ہوگئی ہے۔ اس کے تحت 60 سال سے زیادہ سنگین بیماریوں میں مبتلاء افراد بھی ڈاکٹر کی صلاح کے بعد بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ ممبئی کے JJ اسپتال میں کل صبح مہاراشٹر کے طبّی تعلیم کے وزیر اَمت دیشمکھ کی موجودگی میں ریاست میں اس مہم کا آغاز ہوا۔ بوسٹر ڈوز اُن افراد کو دیا جارہا ہے جو کورونا وائرس سے بچائو کا دوسرا ٹیکہ لگوانے کے بعد 9مہینے یا 39 ہفتے مکمل کرچکے ہیں۔ اس دوران اقلیتی اُمور کے ریاستی وزیر نواب ملک نے کل ممبئی کے باندرہ۔ کُرلاکمپلیکس کے جمبو کووِڈ سینٹر میں تیسرا ٹیکہ یعنی بوسٹر ڈوز لگوایا۔ کل شام تک بھارت بھر میں ساڑھے نو لاکھ، جبکہ مہاراشٹر میں 48 ہزار افراد نے بوسٹر ڈوز لگوایا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 31  افراد کو کورونا وا ئرس کے نئے و یرئنٹ اومیکرون سے متاثر پایا گیا۔ یہ سبھی مریض پونے ضلعے سے ہیں۔ اس اضافے کے بعد مہاراشٹر میں اومیکرون پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 1247 تک جاپہنچی ہے۔ اس تعداد میں 467 مریض ٹھیک بھی ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 33,470  افراد کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 69 لاکھ 53 ہزار 514 تک جاپہنچی ہے۔ وہیں کل ریاست میں 8 کورونا مریض دورانِ علاج دَم توڑ گئے۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 647 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب 2 فیصد رہی۔
دوسری جانب کل ایک دِن میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے کُل 29,671 کورونا مریض ٹھیک ہوکر اپنے گھروں کو لوٹے۔ اس طرح مہاراشٹر میں اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی کُل تعداد 66 لاکھ 2 ہزار 103 سے تجاوز کرگئی ہے۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کا ریاستی تناسب لگ بھگ 95% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 6 ہزار 46ہوگئی ہے اور ان سبھی مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ مراٹھواڑہ میں بھی کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضافہ لگاتار جاری ہے۔ مراٹھواڑہ میں گذشتہ روز 873 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اورنگ آباد ضلع میں کل ایک دِن میں 317 نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ اس تعداد میں 276 مریض اورنگ آباد شہر کی میونسپل حدود سے ہیں جبکہ 41 مریضوں کا تعلق اورنگ آباد ضلعے کے دیہی علاقوں سے ہے۔
اورنگ آباد کے علاوہ مراٹھواڑہ کے دوسرے شہروں میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ ناندیڑ ضلعے میں 164‘ لاتور میں 155‘ اور عثمان آباد میں 104  افراد میں کل کورونا وائرس کا پتہ چلا۔ وہیں پربھنی میں 68‘ جالنہ میں 37‘ بیڑ میں 16‘ اور ہنگولی ضلعے میں 21 لوگوں میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں ہڑتال کررہے ایس ٹی ملازمین سے فوراً کام پر لوٹنے کی اپیل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے کی ہے۔ پوار نے کہا کہ ایس ٹی ملازمین کو عوام کو ہورہی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے کام پر لوٹ جانا چاہیے۔ پوار نے گذشتہ روز ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ انیل پرب اور ایس ٹی ملازمین کی ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں انھوں نے یہ بات کہی۔
اس دوران انیل پرب نے کہا کہ ایسے 50 ہزار ملازمین جو ہڑتال پر ہیں اور ان کیخلاف ابھی تک کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے وہ اگر کام پر لوٹتے ہیں تو انھیں رجوع کرلیا جائیگا اور ان کیخلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔ ساتھ ہی پرب نے یہ بھی یقین دلایا کہ برطرف‘ معطل اور خدمات ختم کردئیے گئے ہڑتالی ملازمین کے بارے میں بھی ST خدمات کی بحالی کے بعد مثبت انداز میں غور کیا جائیگا۔ دوسری جانب ST ملازمین کی تنظیم کے ستیش مٹکری نے کہا کہ ST ملازمین‘ ریاستی حکومت میں ضم کرنے کے اپنے مطالبے پر بدستور قائم ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کم از کم چار سے پانچ مہینوں تک علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات نہیں ہوں گے۔ دیہی ترقیات کے ریاستی وزیر حسن مشرف نے یہ بات کہی۔ مشرف کل کولہاپور میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات یعنی OBC ریزرویشن کے بارے میں شماریات پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے پسماندہ طبقات کے کمیشن کو فنڈز اور افرادی قوت فراہم کردی ہے اور جب تک OBC ریزرویشن پر کوئی فیصلہ نہیں آجاتا تب تک مہاراشٹر میں علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات نہیں ہوں گے۔
***** ***** *****
بڑھتے کورونا معاملوں کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں نئے کورونا ضا بطوں کا اعلان کیا ہے۔ ان کے تحت سیاحتی مقامات کو اگلے احکامات تک بند کردیا گیا ہے۔ حکمنامے کے مطابق اورنگ آباد ضلعے کی سبھی تاریخی عمارتیں اور غار بند کردئیے گئے ہیں۔ بھارتی آثارِ قدیمہ‘ ASI کے اورنگ آباد رینج کے سپرنٹنڈنٹ ملن کمار چولے نے یہ اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے کل کورونا وائرس سے بچائو کا بوسٹر ڈوز لگوایا۔ اس دوران ضلع کلکٹر نے کہا کہ طبّی ملازمین اور صفِ اوّل کے کورونا مخالف اہلکاروں کو بھی بوسٹر ڈوز لینا چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے 60 سال سے زیادہ عمر والے افراد سے بھی ڈاکٹر کی صلاح کے بعد بوسٹر ڈوز لگوانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کی نائیگائوں نگر پنچایت کی 3 سیٹوں کیلئے امیدواری واپس لینے کے آخری دِن کل 8  امیدواروں نے اپنے نام واپس لیے۔ اس طرح اب 13  امیدوار انتخابی میدان میں رہ گئے ہیں۔ ماہور نگر پنچایت کے دوسرے مرحلے میں باقی رہ گئے 4  وارڈز کیلئے 21  اور اردھاپور نگر پنچایت کی 4سیٹوں کیلئے 25  امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
***** ***** *****
کرکٹ مقابلوں پر آن لائن سٹہ لگانے والے 3 لوگوں کو کل اورنگ آباد کرائم برانچ نے گرفتار کرلیا۔ سیّد ریاض‘ تبریز خان اور شیخ مجاہد ان تینوں ملزمین سے پولس نے 47 ہزار روپئے نقد اور 28 ہزار روپئوں کے موبائل فون سمیت کُل 75 ہزار 500 روپئے مالیت کا سامان ضبط کیا۔ پولس نے جانچ میں پایا کہ تینوں ملزمین مقامی لوگوں سے پیسے لیکر آن لائن سٹہ لگایا کرتے تھے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ میں 291 کروڑ 61 لاکھ 79 ہزار روپئوں کے تخمینے کو منظوری دی گئی۔ جالنہ کے نگراں وزیر راجیش ٹوپے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ ٹوپے نے مزید کہا کہ وہ جالنہ ضلعے میں ترقیاتی کاموں کیلئے اضافی فنڈز منظور کروانے کیلئے کوشاں ہیں۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان جاری تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج سے کیپ ٹائون میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیمیں ایک۔ ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔ لہٰذا یہ میچ فیصلہ کُن نوعیت کا حامل ہے۔ کپتان وِراٹ کوہلی چوٹ سے اُبھر چکے ہیں اور آج سے شروع ہورہے ٹسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔
***** ***** *****
موسم: اگلے دو دِنوں میں ودربھ اور مراٹھوا ڑہ کے کچھ مقامات پر بجلی کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ مہاراشٹر کے باقی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ پونے دفترِ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے:
٭ جنوری مہینے کے آخر میں سامنے آسکتی ہے مہاراشٹر میں کورونا مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد؛ ریاستی وزیرِ صحت
راجیش ٹوپے نے کیا خدشے کا اظہار۔
٭ ملک بھر میں طبّی ملازمین اور کورونا وائرس کے خلاف لڑرہے صفِ اوّل کے ملازمین کو بوسٹر ڈوز دینے کی ہوئی شروعات؛ 60 سال سے
زیادہ اور سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد بھی ڈاکٹر کی صلاح کے بعد لگوا سکتے ہیں بوسٹر ڈوز۔
٭ مراٹھواڑہ میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری؛ اورنگ آباد ضلعے میں کل پائے گئے 317 مریض۔
اور
٭ مہاراشٹر میں کم از کم اگلے چار سے پانچ مہینوں تک نہیں ہوں گے علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات؛ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف کا بیان۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 03 July 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...