Thursday, 6 January 2022

TEXT - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 06.January.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 06 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶؍ جنوری  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر میں کورونا مریضوںکی تعداد میں ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو تیار رہنے اور سبھی ضروری اقدامات کرنے کی
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ اسپتالوں میں بیڈز کی دستیابی اور دوا ئوں کی فراہمی یقینی بنانے کو کہا۔
٭ ریاست کے سبھی کالجوں کو 15 فروری تک کیا گیا بند؛ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت کا اعلان۔
اور
٭ اورنگ آباد ضلعے میں کورونا مریضوں میں ہورہے اضافے کے بعد شہر کی میونسپل حدود میں اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں تک کی
کلاسیز کو 31 جنوری تک کیا گیا بند؛ Online طریقے سے ہوگا درس و تدریس کا عمل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر میں کورونا مریضوں کی تعدادمیں زبردست اضافے کی ماہرین کی پیشن گوئی کے بعد صورتحال سے نمٹنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں کل ہوئی میٹنگ میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ سے پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ماسک کا لازمی استعمال، محکمہ صحت کے پاس موجود افرادی قوت‘ طریقۂ علاج اور کوا رنٹائن سہولتوں جیسے کئی معاملوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ نے ریاستی کووِڈ ٹاسک فورس کے افسران سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور محکمۂ صحت سمیت سبھی محکموں کو تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ اجیت پوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ لہٰذا کورونا مریضوں کے قریبی رابطے میں آئے لوگوں کو ڈھونڈ نکالنے کے عمل ’’Contact Tracing‘‘ کو بڑھایا جائے اور ہلکی علامتوں والے مریضوں کو ہوم کوارنٹائن کیا جائے۔ ا نھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی سنگین علامتوں والے مریضوں کیلئے بیڈز دستیاب ہوں اور علاج کے دوران دوائوں کی قلّت نہ ہو۔
***** ***** *****
اس بیچ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہورہے لگاتار اضافے کے پسِ منظر میں مہاراشٹر کے سبھی کالجوں کو 15 فروری تک بند کردیا گیا ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کل یہ اعلان کیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ اس عرصے کے دوران سبھی مقامات پر Online تعلیم جاری رہے گی۔ سامنت کا کہنا تھا کہ امتحانات کے Online انعقاد کا فیصلہ بھی لیا جاچکا ہے‘ تاہم جن مقامات پر Online امتحانات منعقد کرنے کیلئے ضروری افرادی قوت موجود نہیں ہے وہاں ضلع کلکٹر کی اجازت سے امتحانات Off line طریقے سے لیے جاسکتے ہیں۔ ہوسٹل بند کردئیے جائیں گے لیکن غیر ملکی طلبہ کو قیام کی اجازت ہوگی۔ ان غیر ملکی طلبہ کو سبھی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سامنت نے کہا کہ اس عرصے میں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ پچاس فیصد تعداد کے ساتھ کام کرے گا۔ 15 فروری کے بعد صورتحال کے مطابق اگلا فیصلہ لیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے واضح کیا ہیکہ اینٹی جن ٹسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آنے پر اِسے حتمی رپورٹ سمجھا جائیگا اور اس مریض کا RT-PCR نہیں کیا جائیگا۔ اس سے پہلے اینٹی جن ٹسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آنے پر مریض کا RT-PCR کیا جاتا تھا اور RT-PCR کی رپورٹ پازیٹیو آنے پر ہی اُسے کورونا پازیٹیو قرار دیا جاتا تھا۔ ٹوپے کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ ٹوپے نے ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ تاہم لاک ڈائون کے امکانات سے انکار کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ریاست میں سخت پابندیاں نافذ رہیں گی۔ دریں اثناء ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر اُترنے والے بین الاقوامی مسافروں کیلئے نئے رہنماء خطوط جاری کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق مسافروں کیلئے Rapid Covid Test  لازمی قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں آئے اچانک اُچھال کے بعد اورنگ آباد ضلع انتظامیہ نے بھی رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق ہوم کوارنٹائن کورونا پازیٹیو مریض کے گھر کے سبھی افراد کو کورونا وائرس سے بچائو کے دونوں ٹیکے لگوانے ہوں گے۔ اس دوران گھر کے افراد باہر بھی نہیں جاسکیں گے۔ ہوٹلوں میں بھیڑ کے جمع ہونے پر پابندی ہے اور موجود لوگوں کی ویڈیو گرافی کی جائیگی۔ اورنگ آباد ضلع میں ہُرڈا پارٹیوں پر پابندی لگادی گئی ہے اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پولس کاروائی ہوگی۔ اورنگ آباد شہر سے باہر واقع فارم ہائوز اور ریسٹورنٹس پر بھی پابندیاں نافذ ہیں۔ فنکشن ہال انتظامیہ کو حلف نامے جمع کروانے ہوں گے جس کے مطابق وہ 50 سے زیادہ افراد کو شادیوں کی تقریبات میں شرکت کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ٹیکہ اندازی مکمل کرچکے اور ماسک لگانے والے شہریان کو ہی پٹرول دیا جائیگا‘ سبھی سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ یہ افسران اورنگ آباد ضلعے کے شہری اور دیہی علاقوں میں منعقد کی جانے والی شادیوں کی تقریبات کا اچانک معائنہ کریں گے اور پابندیوں کی خلاف ورزی پائے جانے پر سخت کاروائی کریں گے۔
***** ***** *****
اس بیچ کورونا مریضوں کی تعداد میں ہورہے اضافے کے بعد اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن حدود میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسیز کو 31 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے کل اس بارے میں حکمنامہ جاری کیا۔ حکمنامے کے مطابق 31 جنوری تک پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو Online طریقے سے تعلیم دی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومیکرون سے متاثرہ 144 نئے مریض پائے گئے۔ اس تعدادمیں 100 مریض ممبئی سے ہیں جبکہ پونے میں 13‘ ناگپور میں 11‘ کولہاپور میں 5  اور تھانے میں 7  لوگوں کو اومیکرون پازیٹیو پایا گیا ۔ اس کے علاوہ امراوتی، بھیونڈی اور اُلہاس نگر میں 2-2  اور پنویل اور عثمان آباد میں ایک۔ ایک شخص کو اومیکرون پازیٹیو قرار دیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد مہاراشٹر میں اومیکرون پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 797 تک جا پہنچی ہے۔ اس تعداد میں سے 330  افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 26,538 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس اُچھال کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 67 لاکھ 57 ہزار 32 ہوگئی ہے۔ وہیں 8 مریضوں نے کل دورانِ علاج ریاست کے مختلف اسپتالوں میں دَم توڑ دیا۔ ان اموات کو ملاکر مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 581 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 2 فیصد رہی۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے 5331  افراد کو کورونا وا ئرس سے صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو رُخصت کیا گیا۔ اس طرح مہاراشٹر میں اب تک کورونا وا ئرس سے ٹھیک ہونے والوں کی کُل تعداد 65 لاکھ 24 ہزار 247 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کا ریاستی تناسب لگ بھگ 97% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 87505 ہوگئی ہے اور ان سبھی مریضوں کا ریاست بھر کے اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھوا ڑہ میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ گذشتہ کل مراٹھوا ڑہ میں 293  افراد کو کورونا پازیٹیو پایا گیا اور 3 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں اورنگ آباد ضلعے سے 2  اور لاتور ضلعے سے ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ کل 120 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اس تعداد میں 103 مریض اورنگ آباد شہر سے ہیں جبکہ 17 مریضوں کا تعلق اورنگ آباد کے دیہی علاقوں سے ہے۔ لاتور ضلعے میں 51‘ ناندیڑ میں 45‘ عثمان آباد میں 40  اور پربھنی میں 17  افراد کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اس کے علاوہ بیڑ ضلعے میں 12‘ جالنہ میں 6  اور ہنگولی ضلعے میں 2 کورونا پازیٹیو مریضوں کا کل اضافہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
معروف خاتون سماجی خدمت گار اور یتیموں کی ماں کے طور پر جانے جانیوالی سندھو تائی سپکاڑ کی آخری رسومات کل پونے کی ٹھوسر باغ شمشان بھومی میں ادا کی گئیں۔ ان کے جسدِ خاکی کو مہانوبھائو عقیدے کے مطابق پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ دفن کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ میچ میں بھارت نے دوسری اننگز میں 266 رن بنالئے۔ اس طرح جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کیلئے 240 رَنوں کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ کل دِن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ کھوکر 118 رَن بنالیے ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم کو جیت کیلئے 122 رن بنانے ہوں گے جبکہ بھارت کو یہ میچ جیتنے کیلئے جنوبی افریقہ کے 8 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھو اڑہ میں 9 جنوری سے 15 جنوری کے درمیان درجۂ حرارت گرسکتا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ پربھنی کی وسنت رائو نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے شعبۂ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد اور جالنہ ضلعوں کے کچھ مقامات پر 8 جنوری سنیچر کو ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے:
٭ مہاراشٹر میں کورونا مریضوںکی تعداد میں ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو تیار رہنے اور سبھی ضروری اقدامات کرنے کی
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ اسپتالوں میں بیڈز کی دستیابی اور دوا ئوں کی فراہمی یقینی بنانے کو کہا۔
٭ ریاست کے سبھی کالجوں کو 15 فروری تک کیا گیا بند؛ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت کا اعلان۔
اور
٭ اورنگ آباد ضلعے میں کورونا مریضوں میں ہورہے اضافے کے بعد شہر کی میونسپل حدود میں اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں تک کی
کلاسیز کو 31 جنوری تک کیا گیا بند؛ Online طریقے سے ہوگا درس و تدریس کا عمل۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.07.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 07 July 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्...