Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 15 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۵؍ستمبر ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گجرات کے گورنر آچاریہ دیووَرَت آج مہاراشٹر کے گورنر کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
٭ 99 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن کی صدارت کیلئے بزرگ مصنف وشواس پاٹل کا انتخاب۔
٭ جی ایس ٹی کی شرحوں میں اصلاحات کے بعد ادویات، طبی آلات اور سہولیات مزید سستی ہوں گی ۔
٭ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نےپاکستان کو دی سات وکٹوں سے شکست۔
اور۔۔۔٭ موسلادھار بارش کی وجہ سے جالنہ ضلعے کے گھنساونگی اور عنبڑ تعلقوںمیںفصلوں کا نقصان ،جائیکواڑی اور وشنو پوری پشتوں سے پانی کا اخراج جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت آج مہاراشٹر کے گورنر عہدے کا حلف لیکر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ دیووَرَت ان اضافی ذمہ داریوں کو سنبھالنے کیلئے کل ممبئی پہنچے تھے۔ احمد آباد سے تیجس ایکسپریس کے ذریعے ممبئی پہنچنے کے بعد ممبئی سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں ریلوے پولس کی جانب سے سلامی دی گئی۔
***** ***** *****
بزرگ مصنف وشواس پاٹل کو 99ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب کل پونے میں منعقدہ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ مہا منڈل کے اجلاس میں کیا گیا۔ ریاستی وزیرِ برا ئے تعمیرات عامہ شیویندر سنگھ راجے بھوسلے اس سمّیلن کے استقبالیہ صدر ہوں گے۔ ساہتیہ مہامنڈل کی کارگذار آفیسر سنیتا راجے پوار نے بتایا کہ یکم جنوری تا 4 جنوری 2026 کے درمیان ستارا میں اس ادبی کانفرنس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ اجلاس میں لیا گیا۔
سبکدوش سرکاری افسر وشواس پاٹل نے کئی ناول لکھے ہیں جن میں پانی پت، پنگیرا، سمبھاجی، جھاڑا جھڑتی جیسی تصنیفات شامل ہیں۔ انہیں 1992 میں ناول جھاڑا جھڑتی کیلئے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ وشواس پاٹل اس وقت ساہتیہ اکادمی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے رکن ہیں۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ ریاست میں مراٹھا ۔او بی سی ریزرویشن پر جاری تنازعے کو آپسی گفت و شنیدکے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے اور کمیٹیوں کا تقرر کرتے وقت ایک جامع نظریہ اختیار کیا جانا چاہئے۔ وہ گزشتہ روز ناسک میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں منعقدہ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ پوار نے مراٹھا ریزرویشن کیلئے تحریک چلانے والے منوج جرانگے پاٹل کے پس پشت ہونے کے الزامات کی تردیدبھی کی۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیرِ مملکت برائے خزانہ و رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی معیشت تیزرفتاری سے ترقی کر رہی ہے اور ترقی کی شرح سات فیصد ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ کر اڑ نے بھارتی معیشت کے دنیا میں گیارہویں نمبر سے تیسرے نمبر پر پہنچنے کا دعو یٰ کرتے ہوئے جی ایس ٹی میں اصلاحات سے متعلق معلومات بھی دیں۔
***** ***** *****
جی ایس ٹی کونسل کی جانب سے ٹیکس ڈھانچے میں کی گئی تبدیلیوں سے ادویات، طبی آلات اور طبّی سہولیات سستی ہو جائیں گی۔
ان ترامیم کے مطابق کینسر اور دیگر سنگین بیماریوں کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی 36 جان بچانے والی ادویات پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کو صفر کر دیا گیا ہے جس سے علاج کے اخراجات میں بڑی بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ مختلف طبی مصنوعات جیسے گاز، مرہم پٹیاں، تشخیصی ٹیسٹ کٹس، گلوکو میٹر اور تھرمامیٹر پر بھی جی ایس ٹی 12 فیصد سے کم کر کے پانچ فیصد کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مہنگے علاج کیلئے مالی طور پر پریشان نہ ہونا پڑے۔ اس سے بروقت اور مناسب علاج کو یقینی بنایا جاسکے گا اور اس کے نتیجے میں شہریوں کی صحت زیادہ محفوظ ہو گی۔ صحت بیمہ اور لائف انشورنس پریمیم پر صفر جی ایس ٹی کے نفاذ کے ساتھ، پریمیم کی رقم بھی نمایاں طور پر کم ہو جائے گی، اس لیے زیادہ سے زیادہ لوگ انشورنس کی جانب راغب ہوں گے۔ اشیا اور خدمات ٹیکس کے تحت صحت کے شعبے سے متعلق یہ اصلاحات خاص طور پر متوسط طبقے کے خاندانوں کیلئے ایک بڑی راحت ہیں، اور امید کی جارہی ہے کہ اس سے نہ صرف صحت کے اخراجات میں بڑی بچت ہوگی، بلکہ ایک صحت مند بھارت کی جانب پیش رفت بھی مزید مضبوط ہوگی۔ یہ نئی تبدیلیاں 22 تاریخ سے نافذ العمل ہوں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت خدمت اور گڈ گورننس کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے تبدیلی اور ترقی لانے کیلئے اقد امات کررہی ہے۔ آج، ہفتۂ خدما ت کے تحت جاری خصوصی معلوماتی سیریز میں ماحولیات اور حیاتیاتی تنوع میں لائی گئی مثبت تبدیلیوں کے بارے میں تفصیلات پیش کی جارہی ہیں:
Voice Cast
قدیم ویدک حکمت میں ایک اقتباس ہے کہ’’زمین ہماری ماں ہے اور ہم اس کے بچے ہیں‘‘، ماحولیاتی ہم آہنگی کی طرف بھارت کا سفر ایک زندہ اور چلتا پھرتا نظر آتا ہے۔ گزشتہ 11 سالوں میں، وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، اس قدیم حکمت کو مستحکم اور عملی اقدامات میں تبدیل کیا گیا ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi On Environment
پروجیکٹ ٹائیگر اور پروجیکٹ لاین سے لے کر اہمیت کے حامل پروجیکٹ ’’چیتا‘‘ تک، ملک نے رہائش گاہوں کو مضبوط کیا ہے، اور ایسی انواع کی مخلوقات کو بحال کیا ہے جن کے بارے میں کبھی سوچا جاتا تھا کہ وہ معدوم ہوگئی ہیں۔ آج، بھارت میں دنیا میں سب سے زیادہ جنگلی شیروں کی آبادی ہے۔ ایشیائی شیروں کی آبادی بڑھ کر 891 ہو گئی ہے جو کہ پچھلی دہائی میں ان کی آبادی میں 70 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ چیتے سات دہائیوں کے بعد وطن واپس آئے ہیں اور انہوں نے بھارتی سرزمین پر چیتا پروجیکٹ کے تحت نئے بچوں کو جنم دیا ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi On Tiger
ہماری گیلی زمینوں، جنہیں اکثر زمین کے گردے کہا جاتا ہے، پر بھی نئے سرے سے توجہ دی جا رہی ہے۔ بھارت میں اب 91 رام سر مقامات موجود ہیں، جو ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں، جو مہاجر پرندوں اور نازک ماحولیاتی نظام کی حفاظت کرتے ہیں۔
زمینی سطح پر ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم کے تحت 142 کروڑ سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں، جس نے ماحولیات کو جذبات سے جوڑا ہے۔ دریں اثنا، جنگلات کا احاطہ مسلسل پھیل رہا ہے، جس سے بھارت کے قدرتی کاربن سِنک میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح پالیسیوں اور عوام کی شراکت کے ذریعے، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت سب کیلئے ایک سرسبز، صحت مند اور زیادہ محفوظ مستقبل کی تعمیر کیلئے کام کر رہی ہے۔
***** ***** *****
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل‘ بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہر ا دیا۔ کل دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 126 رنز ہی بنا سکی۔ کلدیپ یادو نے تین، جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت نے یہ ہدف سولہویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت کا اگلا مقابلہ ہانگ کانگ کے خلاف ہوگا۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کوچاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ چین نے کل ہانگ زئو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کو 4-1 سے شکست دی۔ اس شکست کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو آئندہ سال بیلجیئم اور ہالینڈ میں ہونے والے عالمی کپ میں براہ راست داخلہ نہیں مل سکے گا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے گھن ساونگی اور عنبڑ تعلقوں میں موسلادھار بارش سے خریف کی فصلوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ رہائشی ڈپٹی کلکٹر گنیش مہاڈک اور گھن ساونگی کی تحصیلدار پوجا ونجاری نے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور شہریوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
اطلاع کے مطابق چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن تعلقہ میں شدید بارش کی وجہ سے گنے کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ دادےگاؤں-داورواڑی سمیت علاقے کے کئی کسانوں کی گنے کی فصل تباہ ہو گئی ہے۔
دریں اثنا، پیٹھن کا جائیکواڑی آبی پشتہ 99اعشاریہ 34فیصد بھر چکا ہے، اور پانی کو 18 دروازوں سے 432 اعشاریہ نو ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔ اسی طرح ناندیڑ کے وشنوپوری منصوبے کے علاقے میں بارش جاری ہے اور ڈیم لبریز ہوچکا ہے، اس لیے منصوبے کے آٹھ دروازے کھول دیے گئے ہیں اور ان سے 237 اعشاریہ 67ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کے رفتار سے پانی چھوڑاجا رہا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کوکن، وسطی مہاراشٹر اور ودربھ کے زیادہ تر مقامات اور مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ودربھ کے کچھ مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گجرات کے گورنر آچاریہ دیووَرَت آج مہاراشٹر کے گورنر کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
٭ 99 ویں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن کی صدارت کیلئے بزرگ مصنف وشواس پاٹل کا انتخاب۔
٭ جی ایس ٹی کی شرحوں میں اصلاحات کے بعد ادویات، طبی آلات اور سہولیات مزید سستی ہوں گی ۔
٭ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نےپاکستان کو دی سات وکٹوں سے شکست۔
اور۔۔۔٭ موسلادھار بارش کی وجہ سے جالنہ ضلعے کے گھن ساونگی اور عنبڑ تعلقوں میں فصلوں کا نقصان ،جائیکواڑی اور وشنو پوری پشتوں سے پانی کا اخراج جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment