Thursday, 2 May 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 02.05.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 May - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍مئی  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر میں گڈچرولی پولس کے مائو نواز مخالف دستے کے 15/ جوان اور ایک ڈرائیور گڈچرولی ضلع کے کُرکھیڑہ تعلقہ سے محض 6/ کلومیٹر دور جامبھولکھیڑہ میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔ دیسی ساخت کی اس بارودی سرنگ کا دھماکہ اُس وقت ہوا جب یہ جوان مہاراشٹر کے یومِ تاسیس کی تقریبات میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ کئی جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس دوران مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس نکسلی حملے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ مرنے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ پھڑنویس نے یہ بھی کہا کہ مرکزی وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے مرکزی حکومت کی ہر ممکن امداد کا یقین دلایا ہے۔ اس سے قبل تقریباً ڈیڑھ سو مسلح نکسلیوں نے اسی کرکھیڑہ تعلقہ میں دانا پور کے علاقے میں رات میں چھتیس گاڑیوں کو آگ لگادی تھی۔
صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووندنے نکسلی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ کووند نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پورا ملک اس طرح کے تشدد کیخلاف متحد ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی اس حملے کو نفرت آمیز قرار دیا ہے۔ مودی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس طرح کا تشدد کرنے والوں کو بخشا نہیں جائیگا۔ ہمارے جوانوں کی اس قربانی کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ نائب صدرِ جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ حفاظتی دستوں پر یہ حملے امن اور ترقی کو روکنے کی ایک کوشش ہیں۔ وزیرِ داخلہ راجناتھ سنگھ نے اس حملے کو بزدلی اور مایوسی پر محمول قرار دیا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں جناب سنگھ نے کہا ہے کہ ملک ہمارے پولس اہلکاروں کی بہادری پر بہت فخر کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی خدمت کرتے ہوئے اُن کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔
وزیرِ داخلہ نے اس حادثے کے بارے میں مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے گفتگو کی اور کہا کہ مرکز ریاستی حکومت کو ہر قسم کی ضروری امداد فراہم کرے گا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس حملے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ ایک پیغام میں گاندھی نے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
نکسلائٹ کے اس حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں ہنگولی ضلع کا ایک جوان سنتوش چوہان اور بیڑ ضلع کا پولس اہلکار عارف شیخ شامل ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ریاست کا 59/ واں یومِ تاسیس کل جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع میں مختلف پروگرامس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مختلف مقامات پر پرچم کشائیاں کی گئیں۔
 ریاست کی اہم سرکاری پرچم کشائی تقریب گورنر سی ودّیا ساگر رائو کے ہاتھوں ممبئی میں عمل میں آئی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی میں شہید یادگار پر گل دائرہ نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اورنگ آباد میں ضلع کے وزیر ٹرانسپورٹ دیواکر رائوتے، ناندیڑ میں ضلع کے رابطہ وزیر رام داس کدم، جالنہ میں پانی فراہمی اور صفائی کے وزیر ببن رائو لونیکر، عثمان آباد میں رابطہ وزیر ارجن کھوتکر، بیڑ میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے اور ہنگولی میں رابطہ وزیر دلیپ کامبلے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔
 پربھنی میں ضلع کلکٹر پی شیوشنکر اور لاتور میں ضلع کلکٹر جی شریکانت کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
 بھارت کی ایک زبردست سفارتی جیت میں اقوامِ متحدہ نے کل پاکستان میں مقیم جیش ِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو ایک عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے چین نے بلیک لسٹ کرنے کی تجویز پر اپنی روک ہٹالی تھی۔ ایک ٹوئٹ میں بھارت کے سفیر اور اقوامِ متحدہ میں مستقل نمائندے سیّد اکبرالدین نے کہا کہ سبھی چھوٹے بڑے ممالک اس معاملے پر ایک ساتھ آئے اور بھارت ان کے تعاون کیلئے احسان مند ہے۔ ایک عالمی دہشت گرد قرار دئیے جانے کے بعد اظہر کے اثاثے منجمد کیے جائیں گے‘ اس کے سفر اور اسلحہ پر پابندی لگادی جائیگی۔ 2009ء میں بھارت نے اسے عالمی دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پیش کی تھی۔ بھارت نے پھر 2016ء میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر اظہر پر پابندی عائد کرنے کیلئے اقوامِ متحدہ کی پابندیوں سے متعلق ایک دو چھ سات کمیٹی کو تجویز دی تھی۔
 اظہر جنوری 2016ء میں پٹھان کوٹ فضائی اڈّے پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ 2017ء میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے اسی طرح کی ایک اور تجویز پیش کی تھی، البتہ تمام موقعوں پر چین نے اقوامِ متحدہ کے مستقل ممبر ہونے کے ناطے اسے ویٹو کردیا تھا۔
***** ***** *****
 حکومت ریاست کی چارہ چھائونیوں کی حالت بہتر کرے اور مویشیوں کو دئیے جارہے چارے میں اضافہ کرے۔ ایسا مطالبہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار نے کیا ہے۔ قحط زدہ حالات کا جائزہ لینے کیلئے پوار دو یوم سے شولا پور اور عثمان آباد کے دورے پر ہے۔ نصف ریاست قحط سے دوچار ہے۔ بیڑ، عثمان آباد، دھولیہ سمیت چند مقامات پر ٹینکر سے پانی فراہم کرنے کیلئے حکومت الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی وجہ بتاکر انکار کررہی ہے۔ اس سلسلے میں کہتے ہوئے پوار نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوراً ایسے علاقوں میںپانی کے ٹینکر شروع کریں۔
***** ***** ****

No comments:

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ 22 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 22 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...