Saturday, 4 May 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 04.05.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 May - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍مئی  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 مشرقی ریاست اوڈیشہ میں بڑے پیمانے پر تباہی برپا کرنے کے بعد سمندری طوفان ’’فونی‘‘ اب مغربی بنگال کے کھڑک پور علاقے میں داخل ہوگیا ہے۔ یہ طوفان 90/ کلو میٹر فی گھنٹے کی تیز رفتار ہوائوں کے ساتھ شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ فی الحال اس سے متاثرہ علاقوں میں زبردست بارش ہورہی ہے۔ شام تک اس طوفان کے بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس بیچ سمندری طوفان فونی وجہ سے کولکاتہ ہوائے اڈے سے پرواز کرنے والی اُڑانیں کل دوپہر تین بجے سے آج صبح آٹھ بجے تک کیلئے روک دی گئی ہیں۔ ساحل ِ سمندر پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر روک لگادی گئی ہے۔
 طوفان نے کل اوڈیشہ کے کئی ضلعوں میں زبردست تباہی مچائی۔ اوڈیشہ کے وزیرِ اعلیٰ نوین پٹنائک نے بتایا کہ پوری میں بجلی فراہمی اور موبائل خدمات ٹھپ رہیں۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی گائووں اور چھوٹے شہروں کے بیشتر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ ہزاروں درخت اور بجلی کے کھمبے اُکھڑ گئے ہیں اور گھرں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ اوڈیشہ حکومت نے تیرہ ضلعوں کے قریب بارہ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ طوفان کی وجہ سے اب تک آٹھ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
 جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلعے میں حفاظتی دستوں کے ساتھ ہوئی مڈبھیڑ میں حزب المجاہدین کے تین دہشت گرد مارے گئے۔ مڈبھیڑ کے دوران فوج کا ایک جوان زخمی بھی ہوا ہے۔ کاروائی کے دوران شوپیاں ضلعے کے آدخارا گائوں میں گیارہویں برہان وانی گروپ کے دہشت گرد لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر کو اس کے دو ساتھیوں سمیت مار گرایا گیا۔ لطیف ٹائیگر‘ برہان وانی گروپ کا واحد زندہ رکن تھا جسکے خاتمے کے بعد اب برہان وانی گروپ بھی ختم ہوگیا ہے۔ یہ مڈبھیڑ کل علی الصبح اس وقت شروع ہوئی تھی جب فوج‘ CRPF اور جموں و کشمیر پولس اس علاقے میں مشترکہ طور پر ناکے بندی اور تلاشی مہم پر تھے۔
***** ***** *****
 مرکزی وزیرِ مملکت برائے داخلہ ہنس راج آہیر نے کہا ہے کہ مرکز اور مہاراشٹر حکومت اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ گڈچرولی جیسے نکسلی حملے دوبارہ نہ ہوں۔ کل حیدرآباد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران آہیر نے یہ بات کہی۔ نکسلیوں نے بدھ کے روز گڈچرولی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ کرتے ہوئے پندرہ جوانوں کی جان لے لی تھی۔ اس حملے میں گاڑی کے ڈرائیور کی بھی موت ہوگئی تھی۔ آہیر نے کہا کہ حکومت اس حملے کو ایک چیلنج کے طور پر لے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے دبدبے اور برتری کی وجہ سے نکسلیوں نے مایوسی میں یہ حملہ کیا ہے۔ آہیر نے مزید کہا کہ اس حملے کے قصور واروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
***** ***** *****
 گڈچرولی میں ہوئے نکسلی حملے میں شہید ہوئے جوان سنتوش چوہان کی آخری رسومات کل ہنگولی ضلع کے اونڈھا میں اُن کے آبائی گائوں براہمن واڑہ میں پوری سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔ ایوت محل ضلعے کے جوان اگرمَن رہاٹے کی آرنی میں اور بیڑ ضلعے کے پاٹودہ کے شہید جوان توصیف شیخ کی آخری رسومات بھی کل پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دی گئیں۔
***** ***** *****
 لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کی رائے دہی کیلئے تشہیری مہم آج شام ختم ہوجائیگی۔ پانچویں مرحلے میں سات ریاستوں کی 51/ لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان میں اُترپردیش‘ راجستھان‘ مدھیہ پردیش‘ مغربی بنگال‘ بہار‘ جھارکھنڈ اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔ تشہیری مہم کا آج آخری دن ہونے سے سبھی اہم سیاسی جماعتیں اور آزاد اُمیدوار زورو شور سے تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اس کے تحت جلسے‘ جلوس اور کارکنوں سے ملاقاتوں پر زور دیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
 شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد کے اورنگ آباد سے اُمیدوار چندرکانت کھیرے نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سے شکایت کی ہیکہ بی جے پی کے ریاستی صدر رائو صاحب دانوے نے اورنگ آباد لوک سبھا حلقے میں اتحاد کے خلاف کام کیا ہے۔ PTI کی خبر میں کہا گیا ہے کہ کھیرے نے الزام لگایا کہ دانوے نے اپنے داماد اور شیوسوراجیہ پارٹی کے اُمیدوار ہرش وردھن جادھو کی مدد کی ہے۔
 دوسری جانب کھیرے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سب کے باوجود وہ بڑے فرق سے جیت حاصل کرینگے۔ خبر میں مزید کہا گیا ہیکہ کھیرے نے اس معاملے میں شیوسینا صدر اُدّھو ٹھاکرے سے بھی شکایت کی ہے۔
 اس بیچ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مہاراشٹر سیکریٹری اور رکنِ اسمبلی سجیت سنگھ ٹھاکر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اورنگ آباد لوک سبھا حلقے میں بی جے پی نے چندر کانت کھیرے کی حمایت میں ہی تشہیری مہم چلائی۔
***** ***** *****
 پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے جالنہ شہر کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن سے غیر قانونی طریقے سے کنکشن لے کر پاچوڑ سے داور واڑی کے درمیان پانی چرانے والے بارہ کسانوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ جالنہ نگر پریشد کے انجینئر راجیش بگلے کی شکایت پر ان کسانوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا۔ یہ معاملہ اُس وقت منظرِ عام پر آیا جب پائپ لائن کے والوز کے ساتھ چھیڑ خانی کے بعد پانی چوری کا انکشاف ہوا۔ اس چوری سے جالنہ نگر پریشد کا قریب 36/ لاکھ روپئوں کا نقصان ہوا ہے۔
 دریں اثناء اس چوری کی وجہ سے پانی ضائع ہونے سے جالنہ شہر میں پانی فراہمی رُک گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گذشتہ ایک مہینے سے پانی فراہمی نہ ہونے سے عوام کو بڑے پیمانے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پریشان شہریوں نے جالنہ۔ دیول گائوں راجہ راستے پر ڈیڑھ گھنٹے تک راستہ روکو احتجاج کیا۔ دونوں طرف کے ٹریفک کے تھم جانے سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ پانی فراہمی انجینئروں کی جانب سے جلد ہی پانی فراہم کرنے کے تیقن کے بعد یہ احتجاج ختم ہوا۔
***** ***** *****

No comments: