Monday, 15 June 2020

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 15.06.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍جون  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
شروع میںچند اہم خبروںکی سرخیاں:
٭ مہاراشٹرمیں صنعتوں کو بڑھاوا دینے اور معیشت میں نئی جان پھونکنے کے مقصد سے ممبئی میں آج ہونگے 12/ سمجھوتے۔ امریکہ،چین، جنوبی کوریا اور سنگا پور جیسے ممالک کے ادارے کریں گے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری۔
٭ بھارت میں نومبر کے مہینے میں کورونا وائرس کا پھیلائو ہوگا نقطۂ عروج پر؛ انڈین کائونسل فار میڈیکل ریسرچ نے ظاہر کیا خدشہ۔
٭ اورنگ آباد میں آج پائے گئے 50/ کورونا پازیٹیو مریض۔ مریضوںکی مجموعی تعداد ہوئی 2806۔
اور۔۔۔ ٭ بالی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے کی خودکشی۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
مہاراشٹر میں صنعتوںکو فروغ دینے اورمعیشت میں نئی جان پھونکنے کے مقصد سے مہاراشٹر اور بین الاقوامی شہرت کی حامل کئی کمپنیوںکے بیچ آج ممبئی میں 12/ سمجھوتے ہوں گے۔ یہ مفاہمت نامے‘ میگنیٹک مہاراشٹر 2- تقریب کے دوران ہوںگے جس کا مقصد ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینا ہے۔ اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے بھی موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ صنعتوںکے وزیر سبھاش دیسائی اور صنعتوں کی مملکتی وزیر اَدِتی تٹکرے سمیت اعلیٰ سرکاری افسران بھی تقریب میں شرکت کریںگے۔ اس دوران عالمی شہرت یافتہ صنعتکار، اہم ممالک کے سفیر اور دو طرفہ سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کے اہلکار ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک دوسرے سے تبادلۂ خیال بھی کریں گے۔ میگنیٹک مہاراشٹرا مہم کے تحت انجینئرنگ‘ آٹو موبائل اوراُس کے کَل پرزے بنانے والی کمپنیوں‘ انفارمیشن ٹکنالوجی، Logistics‘ کیمیاء اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبے کی کمپنیاںمہاراشٹر میں سرمایہ کاری کریںگی۔ اس کے علاوہ امریکہ، چین، جنو بی کوریا اور سنگا پور جیسے ممالک کے صنعتی ادارے بھی مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کریںگے۔
***** ***** *****
بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلائو نومبر مہینے کے وسط میں اپنے عروج پر پہنچ جائیگا۔ انڈین کائونسل فار میڈیکل ریسرچ ICMRنے یہ بات کہی۔ ICMR کی جانب سے قائم کیے گئے تحقیقاتی پینل نے پایا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلائو میں کافی حد تک کمی آئی ہے، جس سے اس وباء کے اپنے نقطۂ عروج پر پہنچنے کا وقت آٹھ ہفتے آگے بڑھ گیا ہے۔ اپنی رپورٹ میں ICMR نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلائو میں 69% سے 97% تک کی کمی آئی ہے جس سے صحت خدمات او رطبّی ڈھانچہ کھڑا کرنے کیلئے معقول وقت ملا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تناسب بھی قابو میں ہے تاہم اس بحران کا سامنا کرنا کیلئے صحت خدمات اور اُس سے جڑے ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وہیں مرکزی وزارتِ صحت نے کہا ہیکہ فی الحال بھارت بھر میں 958/کووِڈ اسپتال اور 2313/ کووِڈ ہیلتھ سینٹرس ہیں۔ اسی طرح 10,748/ ICU beds اور 46,635/ آکسیجن سہولت والے بیڈز بھی موجود ہیں۔ وزارتِ صحت کی رپورٹ میں اندیشہ ظاہر کیا گیا کہ کورونا وائرس کی وباء سے معیشت کو کافی خسارہ جھیلنا پڑسکتا ہے اور گھریلو پیداوار کی شرح میں 6.2% کی زبردست کمی آسکتی ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ٹھیک ہونے کا تناسب بڑھ کر پچاس فیصد ہوگیا ہے۔ وزارتِ صحت کی جانب سے جار ی کیے گئے بیان کے مطابق کل ایک دِن میں 8/ ہزار سے زیادہ کورونا مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔ اب تک بھارت بھر میں ایک لاکھ 62/ ہزار 378/ افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ہیں اور ایک لاکھ 49/ ہزار 348/ مریضوں کا علاج جاری ہے۔ ICMR نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اس کے مطابق کورونا وائرس کی جانچ کرنے کیلئے اجازت یافتہ سرکاری تجربہ گاہوںکی تعداد 646/ اور خانگی تجربہ گاہوں کی تعداد 247/ ہوگئی ہے۔ محکمۂ صحت کے بیان کے مطابق کل ایک دِن میں ملک بھر میں ایک لاکھ 51/ ہزار سے زیادہ افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
اس بیچ مہاراشٹرمیں کل ایک دِن میں تین ہزار 390/ نئے کورونا پازیٹیو مریضوںکا اندراج ہوا، جس کے بعد ریاست میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سات ہزار 958/ ہوگئی ہے۔ وہیں ریاست میں کل 120/ لوگوں کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔ مہاراشٹر میں اب تک تین ہزار 950/ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں آج صبح 50/ کورونا پازیٹیو مریضوںکا اضافہ ہوا۔ اس کے بعد ضلع میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 2806/ ہوگئی ہے۔ ان میں سے 1502/مریض ٹھیک ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ 1154/ مریضوںکاعلاج ہورہا ہے۔ اورنگ آبادمیں اب تک 150/ لوگوں کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔ آج پائے گئے 50/ مریضوں میں 32/ مرد اور 18/ خواتین ہیں۔
اورنگ آباد شہر میں کل کورونا وائرس سے متاثرہ سات لوگوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ان افراد کا تعلق میور نگر‘ رحمانیہ کالونی، جہانگیر کالونی، سڈکو N-6 اور سلک ملز سے ہے۔ اس کے علاوہ کل فوت ہونے والوں میں باری کالونی کی ایک خاتون اور ایک مرد بھی شامل ہیں۔
اس سے پہلے کل اورنگ آباد میں دِن بھر میں 130/ کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے تھے۔
***** ***** *****
دریںاثناء عثمان آباد ضلعے میں کل ایک مریض کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔ عثمان آباد ضلعے میں اب تک پانچ افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوا چکے ہیں۔ وہیں ضلعے میں کل تین نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں تلجاپور سے ایک‘ تامل واڑی سے ایک اور لوہارا تعلقے کے فنے پور سے ایک مریض شامل ہے۔ یہ تینوںمریض ممبئی‘ شولاپور اور پونے سے لوٹے ہیں۔ عثمان آباد میںکورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 147/ ہے جبکہ 104/ مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے دوسرے ضلعے لاتور میں بھی کل تین نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ان میں بھسار لائن‘ موتی نگر اور سرسوتی کالونی سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ دوسری جانب ناندیڑ میں کل 9/ افراد کو کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے کے بعداسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ ناندیڑ ضلعے میں اب تک 177/ مریض کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ہیں۔ فی الحال 66/ افراد کا علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع اسپتال اور منٹھا کے کووِڈ کیئر سینٹر سے کل 15/ مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ جالنہ ضلع میں 165/ افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وہیں 96/ لوگوں کا ضلع اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ جالنہ میں اب تک 8/ لوگوں کی کورونا سے موت ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
اکولہ ضلعے میں کل پانچ کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ضلعے میں کل 12/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا بھی پتہ چلا ہے۔ اکولہ میں گذشتہ آٹھ دِنوں کے دوران 17/ لوگوں کی کوروناسے موت ہوچکی ہے۔ ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی تعداد ایک ہزار سات تک جا پہنچی ہے، جبکہ 51/ لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ فی الحال اکولہ میں 331/ مریضوںکا علاج ہورہا ہے۔
***** ***** *****
ہندی فلمو ںکے اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے کل ممبئی میں اپنے گھر میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ اُن کی خودکشی کی وجہ ہنوز معلوم نہیں کی جاسکی۔ 34/ سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے چھوٹے پردے سے اپنی اداکاری کے سفرکی شروعات کی تھی۔ سال 2013ء میں آئی فلم ’کائی پوچے‘ انکی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کیلئے سشانت سنگھ راجپوت کو فلم فیئر انعام سے نوازا بھی گیا تھا۔ اس کے علاوہ بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی فلم M.S. Dhoni- The Untold Story میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔ سشانت سنگھ راجپوت کی قابلِ ذکر فلمو ںمیں کیدار ناتھ، رابطہ، پی کے‘ شدّھ دیسی رومانس اور چھچورے شامل ہیں۔ ہر مرتبہ الگ طرح کے کردار نبھانے کیلئے سشانت سنگھ راجپوت جانے جاتے تھے۔ ان کی موت پر وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت فلمی دُنیا اور کھیلوں کے شعبے سے وابستہ کئی شخصیات نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
شولاپور کے سابق رُکنِ اسمبلی یونس شیخ کا کل صبح انتقال ہوگیا۔ وہ 80/ برس کے تھے۔ رکنِ اسمبلی بننے سے پہلے یونس شیخ تین مرتبہ شولاپور میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر بھی رہے۔ 1990ء میں یونس شیخ کو قانون ساز کونسل کے رکن کے طور پر چنا گیا۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے اورنگ آباد شہر کو پانی فراہم کرنے والے فاروڑہ پلانٹ کی بجلی کل صبح سات گھنٹوں تک بند رہی۔ مہاوِترن کی جانب سے درستگی کے کاموں کو وجہ بتاتے ہوئے بجلی فراہمی بند کی گئی تھی۔ اس وجہ سے اورنگ آباد شہر اور سڈکو علاقے کی پانی فراہمی متاثر رہے گی۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے ممنوعہ علاقوںیعنیContainment Zone  میں کل عوام میں ہومیو پیتھک دوا آرسینک البم 30- تقسیم کی گئی۔ لاتور کے نگراں وزیر اَمت دیشمکھ کے ہاتھوں یہ گولیاں تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ مہاراشٹرمیں صنعتوں کو بڑھاوا دینے اور معیشت میں نئی جان پھونکنے کے مقصد سے ممبئی میں آج ہونگے 12/ سمجھوتے۔ امریکہ،چین، جنوبی کوریا اور سنگا پور جیسے ممالک کے ادارے کریں گے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری۔
٭ بھارت میں نومبر کے مہینے میں کورونا وائرس کا پھیلائو ہوگا نقطۂ عروج پر؛ انڈین کائونسل فار میڈیکل ریسرچ نے ظاہر کیا خدشہ۔
٭ اورنگ آباد میں آج پائے گئے 50/ کورونا پازیٹیو مریض۔ مریضوںکی مجموعی تعداد ہوئی 2806۔
اور۔۔۔ ٭ بالی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے کی خودکشی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 24.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 24 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...