Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 July-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍جولائی ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ملک میں چل رہے ہائی وے پروجیکٹس میں اب چینی کمپنیاں نہیں ہوسکیں گی شامل؛ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے ریاست کی سبھی خانگی ایمبولنسوں کو حکومتی تحویل میں لینے کا کیا فیصلہ؛ ضرورت پڑنے پر خانگی گاڑیاں بھی حاصل کی جائیں گی۔
٭ مہاراشٹر میں کل ہوا پانچ ہزار 537/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف؛ 198/ افرادکی ہوئی موت۔
اور٭ اورنگ آباد ضلعے میں کورونا وائرس کی وجہ سے کل گئی آٹھ لوگوں کی جان؛ کل پائے گئے 217/ مریض۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
بھارت میں جاری کسی بھی ہائی وے کے تعمیری کام میں چین کی کمپنیاں شامل نہیں ہوں گی اور نہ ہی وہ MSME شعبے میں سرمایہ کاری کرسکیں گی۔ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے یہ بات کہی۔ ایک خبر رساں ادارے کو دئیے کل اپنے انٹرویو گڈکری نے کہا کہ چینی کمپنیاں ہائی وے پروجیکٹس میں مشترکہ ساجھے دار یعنی Joint Venture کے طور پر بھی شامل نہیں ہوسکتیں۔ گڈکری نے اسے آتم نِربھر بھارت بنانے کی سمت میں اُٹھایا گیا قدم بتایا۔ گڈکری نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے کی پالیسی کا جلد ہی اعلان کردیا جائیگا۔ گڈکری کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں کے پروجیکٹس میں بھارتی کمپنیوں کو مواقع دینے کے مقصد سے قوانین میں نرمی لائی جارہی ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ سرکاری ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ BSNL نے 4G نیٹ ورک Upgradation کے ٹینڈر ردّ کردئیے ہیں۔ اس سے پہلے گھریلو ٹیلی کام کمپنیوں نے میک اِن انڈیا مہم کو بڑھاوا دنے کیلئے اِن ٹینڈرس کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے ریاست کی سبھی پرائیویٹ ایمبولنس کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مقصد کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو جلد سے جلد اسپتال پہنچانا اور پرائیویٹ ایمبولنس والوں کی من مانی روکنا ہے۔ اس کے تحت ضلع انتظامیہ ضلع میں موجود سبھی پرائیویٹ ایمبولنسوں کو اپنے قبضے میں لے گا۔ اس بارے میں سرکاری حکمنامہ محکمۂ صحت نے جاری کیا ہے۔ ایمبولنسوں کو تحویل میںلینے کا عمل متعلقہ ضلعوں کے میونسپل کمشنرس اورضلع کلکٹروں کی نگرانی میں ہوگا۔ تحویل میں لی گئی ایمبولنسوں کو ایسے مریضوں کیلئے استعمال کیا جائیگا جن کی حالت زیادہ خراب نہیں ہے۔ سب سے پہلے ضلعوں کے اسپتالوں اور فلاحی تنظیموں کے پاس موجود ایمبولنسوں کو ترجیحی بنیادوں پر تحویل میںلیا جائیگا اور اس کے بعد ضرورت پڑنے پر پرائیویٹ گاڑیاں فراہم کرنے والوں کی گاڑیوںکو بھی ایمبولنس کے طور پر حاصل کیا جائیگا۔ پرائیویٹ ایمبولنسوں کے ذریعے غیر واجبی رقم وصول کیے جانے کی شکایتوں کے پسِ منظر میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کے تحت تحویل میں لی گئی گاڑیوں کے کرائے طئے کیے جائیں گے۔ RTO ان گاڑیوں کے کرائے طئے کرے گا۔ سرکاری حکمنامے میں کہا گیا کہ تحویل میں لی گئی ایمبولنس اور گاڑیاں چوبیس گھنٹے دستیاب رہیں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ کووِڈ 19- کے خلاف جاری لڑائی میں اگلے مورچوں پر لڑرہے ڈاکٹروں پر پورے ملک کو ناز ہے۔ کل ڈاکٹر دِن کے موقعے پر کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں مودی نے مصیبت کے اس وقت میں ڈاکٹروں اور نرسوںکی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خدا کا روپ قرار دیا۔ مودی نے یاد دلایا کہ ملک کیلئے خدمات دینے والے سبھی افراد کا احترام کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔
***** ***** *****
اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے بھی ڈاکٹر دِن کے موقعے پر کل ڈاکٹروں کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے جائوڑیکر نے اُن کی گرانقدر خدمات کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی ڈاکٹروں کی خدمات اور فرض کے تئیں خود کو وقف کردینے کے اُن کے جذبے کو سلام کیا۔ ڈاکٹر دِن کے موقعے پر مبارکباد کا پیغام دینے کیلئے وزیرِ اعلیٰ نے ڈاکٹروں کے نام کھلا خط لکھا۔ انھوں نے کہا کہ کووِڈ 19- کے خلاف لڑائی میں ڈاکٹروں کے جذبے کو آنے والی کئی نسلیں یاد رکھیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کورونا وائرس کا پھیلائو لگاتار جاری ہے۔ کل ایک دِن میں ریاست میں 5537/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس اضافے کے بعد ریاست بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 80/ ہزار 298/ ہوگئی ہے۔ ریاست میں کل ایک دِن میں 198/ کورونا مریض چل بسے۔ ان اموات کے بعد ریاست بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کُل تعداد آٹھ ہزار 53/ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب گذشتہ روز دو ہزار 243/ مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد ریاست کے مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی گئی۔ اب تک مہاراشٹر میں 93/ ہزار 154/ افراد کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ فی الحال ریاست بھر میں 79/ ہزار 91/ مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلائو لگاتار جاری ہے۔ کل ایک دِن میں اورنگ آباد ضلعے میں کورونا وائرس کی وجہ سے آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوںکا تعلق شہر کے سڈکو N-8‘ عارف کالونی، لوٹا کارنجہ، اہنسا نگر، رشید پورہ‘ آزاد چوک اور رحمانیہ کالونی علاقوں سے ہے۔ اس کے علاوہ گنگا پور اور جالنہ کے ایک ۔ ایک مریض نے بھی علاج کے دوران کل اورنگ آباد میں دَم توڑ دیا۔ اورنگ آباد ضلعے میں اب تک 271/ مریضوں کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔
اس سے پہلے کل اورنگ آباد ضلعے میں 217/ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کل پائے گئے 217/ مریضوں میں سے 136/ مریض شہری علاقے سے ہیں جبکہ 81/ مریضوںکا تعلق اورنگ آباد کے دیہی علاقوں سے ہے۔
***** ***** *****
اس دوران جالنہ ضلعے میں کل دو کورونا مریضوںکی موت ہوگئی۔ ان میں دانہ بازار کی رہنے والی 55/ سالہ خاتون اور برہان نگر کا رہائشی 60/ سالہ شخص شامل ہے۔ جالنہ ضلعے میں اب تک 17/ لوگوں کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔
دوسری جانب جالنہ میں گذشتہ کل 27/ نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ ان میں 22/ افرادکا تعلق جالنہ شہر سے ہے جبکہ پانچ مریض جالنہ کے دیہی علاقوں سے ہیں۔ ان مریضوں کے سامنے آنے کے بعد جالنہ میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 580/ ہوگئی ہے۔ وہیں 9/ مریضوں کو علاج کے بعد کل اسپتال سے رُخصت کیا گیا۔ جالنہ ضلعے میں اب تک 360/ افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں اور فی الحال 178/ مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے دیگر اضلاع میں بھی کورونا وائرس کے پھیلائو کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور ہر دِن مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ لاتور ضلعے میں کل 34/ کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ضلعے میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 387/ ہوگئی۔ لاتور میں 206/ مریض کورونا سے ٹھیک ہوئے ہیں اور 18/ افراد کی اب تک موت ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں گذشتہ کل 6/ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان میں بھانڈے گائوں سے 2/ اور بسمت‘ پمپل کھٹا، ہنگولی شہر اور اونڈھا ناگناتھ سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ ہنگولی ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 276/ تک جاپہنچی ہے۔ ان میں 238/ مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں اور 38/ مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں بھی کل 6/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ ان میں عثمان آباد اور تلجا پور سے 2-2/ اور پرنڈا اور عمرگہ تعلقوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ عثمان آباد میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 235/ ہوگئی ہے۔ ان میں 175/ مریض ٹھیک ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ 12/ افراد نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ فی الحال ضلعے میں 48/ مریضوںکا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے ہی دوسرے ضلعے ناندیڑ میں کل کورونا وائرس کے پانچ نئے معاملوںکی تصدیق ہوئی۔ ان مریضوں میں چار کا تعلق ناندیڑ شہر سے ہے جبکہ ایک مریض ناندیڑ کے قندھار تعلقے کا رہنے والا ہے۔ ناندیڑ ضلعے میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 392/ہوگئی ہے۔ وہیں 9/ مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد کل اسپتال سے رخصت کیا گیا۔ ناندیڑ میں اب تک 292/ مریض ٹھیک ہوچکے ہیں اور 83/ مریضوںکا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی شہر میں کل 3/ نئے کوروناپازیٹیو مریضوںکے سامنے آنے کے بعد ضلعے میں پازیٹیو مریضوںکی تعداد 118/ ہوگئی ہے۔ کل سامنے آئے 3/ مریضوں میں 2/ پربھنی شہر سے ہیں جبکہ ایک مریض پاتھری تعلقے کا رہنے والا ہے۔ پربھنی میں اب تک 4/ لوگوںکی کورونا وائرس سے موت ہوگئی ہے‘ وہیں 91/ مریض ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ فی الحال پربھنی میں 23/ مریضوںکا علاج ہورہا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ شہر میں کل 3/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ضلعے میں اب تک 127/ کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے ہیں۔ اس سے پہلے منگل کے روز کورونا پازیٹیو پائے گئے ایک مریض کے ایک خانگی اسپتال میں علاج کروانے کی بات سامنے آئی۔ یہ بھی پایا گیاکہ یہ شخص کئی لوگوں کے رابطے میں بھی آیا ہے۔ جس کے بعد ان سبھی لوگوں کا پتہ لگانے کیلئے ضلع کلکٹر راہل ریکھا وار نے بیڑ میں 9/ جولائی تک لاک ڈائون نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس دوران صرف ضروریاتِ زندگی پر مشتمل سامانوں کی فراہمی جاری رہے گی۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ 9/ جولائی تک بیڑ میں صرف ضلع کلکٹر دفتر‘ دیہی ترقیات کا دفتر اور بجلی کمپنیوں کے دفتر کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ سبھی بینک‘ خانگی دفاتر اور دیگر سبھی ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں کورونا وائرس کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کل ایک دِن میں ممبئی میں 1511/ افراد کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ وہیں 75/ افراد نے کل ممبئی میں اپنی جان گنوائی۔ مہاراشٹر کے دوسرے بڑے شہر پونے میں کل ایک ہزار 251/ کورونا پازیٹیومریضوں کی تصدیق ہوئی۔ یہ ایک دِن میں پونے میں سامنے آئے کورونا مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پونے میں گذشتہ روز 25/ لوگوں کی جان گئی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں جہاںکورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تو وہیں فرائض کی انجام دہی میں مصروف پولس اہلکاروں کے کورونا وائرس سے متاثرہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اب تک ریاست بھر میں 60/ پولس ملازمین کی کورونا وائرس سے موت ہوچکی ہے۔ ان میں سے 38/ پولس ملازمین کا تعلق ممبئی سے ہے۔ ریاست بھر میں اب تک 4900/ پولس ملازمین کو کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ PTIکی خبر میں کہا گیا ہے کہ 3700/ پولس اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں اور فی الحال 1015/ اہلکاروں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں کورونا وائرس کیخلاف جاری لڑائی میں محکمہ محصول، ضلع پریشد، محکمہ صحت اور پولس محکمے کو آپس میں تال میل کے ساتھ مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت محصول اور دیہی ترقیات کے ریاستی وزیر عبدالستار نے دی ۔ وہ کل اورنگ آباد کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے سے متعلق منعقدہ میٹنگ میںبول رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ملک میں چل رہے ہائی وے پروجیکٹس میں اب چینی کمپنیاں نہیں ہوسکیں گی شامل؛ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے ریاست کی سبھی خانگی ایمبولنسوں کو حکومتی تحویل میں لینے کا کیا فیصلہ؛ ضرورت پڑنے پر خانگی گاڑیاں بھی حاصل کی جائیں گی۔
٭ مہاراشٹر میں کل ہوا پانچ ہزار 537/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف؛ 198/ افرادکی ہوئی موت۔
اور٭ اورنگ آباد ضلعے میں کورونا وائرس کی وجہ سے کل گئی آٹھ لوگوں کی جان؛ کل پائے گئے 217/ مریض۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment