Saturday, 29 February 2020




Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 29.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.Date: 29 February-2020Time: 8:40 to 8:45 amآکاشوانی اَورنگ آبادعلاقائی خبریںتاریخ:۲۹؍ فروری  ۲۰۲۰؁وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸***** ***** *****مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن‘ میونسپلٹی اور صنعتی علاقہ قانون ترمیمی بل کل قانون ساز کونسل نے منظور کرلیا۔ شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے نے ایوان میں یہ بل پیش کیا ۔ اس ترمیم کے بعد اب ایک بلاک سے ایک سے زائد کونسلرز کا انتخاب اور صدرِ بلدیہ اور میئر کے براہِ راست انتخاب سے متعلق قانون ردّ ہوجائے گا۔ اب حسب ِ سابق ایک بلاک سے ایک ہی کارپوریٹر منتخب ہوگا۔ حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہارس ٹریڈنگ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ نیز یہ بل سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔***** ***** *****ریاست میں مسلمانوں کو تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے پانچ فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق بل عنقریب منظور کرکے اس پر عمل درآمد کیا جائیگا۔ یہ اعلان اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کل قانون ساز کونسل میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال میں داخلوںکے عمل کے آغاز سے قبل ہی اس قانون پر عمل درآمد کیا جائیگا اور اس خصوص میں تمام زاویوں سے غور و خوص کے بعد حکومت فیصلہ کریگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ پسماندہ طبقات کو انصاف فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔***** ***** *****وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ڈویژنل سطح پر شروع کیے گئے وزیرِ اعلیٰ دفاتر میں تعلقہ سطح تک توسیع کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ وہ کل اسمبلی میں گورنر کے خطبے پر مباحثے کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ترقیاتی کاموں کی ترجیح طئے کرکے ان پرعمل درآمد کیا جارہا ہے اور ریاست کی ہمہ گیر ترقی کیلئے حکمراں اور حزبِ اختلاف متحد ہوکر کام کرنے کے پابند ہیں۔***** ***** *****محکمۂ دیہی ترقیات کی جانب سے چلائی جانے والی اسمارٹ گرام یوجنا کا نام تبدیل کرکے اسے ’’آر آرپاٹل سندر گائوں پُرسکار یوجنا‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ دیہی ترقیات کے وزیر حسن مشرف نے کل اسمبلی میں یہ اعلان کیا۔ نومبر 2016ء سے جاری اسمارٹ گرام یوجنا کے تحت گرام پنچایتوں کو اسمارٹ گرام ایوارڈز دئیے جاتے ہیں۔ حسن مشرف نے بتایا کہ اب آنجہانی آر آر پاٹل کی برسی یعنی 16/ فروری کو ضلع سطح پر ہر برس یہ ایوارڈ دئیے جائیں گے۔ ریاستی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔***** ***** *****دیگر پسماندہ طبقات کی ذاتوں کی بنیاد پر مردُم شماری کے موضوع پر کل اسمبلی میں بحث ہوئی۔ اس خصوص میں ایک قرارداد اسمبلی کی جانب سے مرکزی حکومت کو روانہ کی گئی ہے۔ تاہم درجِ فہرست ذاتوں اور جماعتوں کے سوا دیگر طبقات کی ذات کی بنیاد پر مردم شماری کیے جانے کا عندیہ متعلقہ محکمے نے دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر برائے اُمورِ تحفظ ِ صارفین چھگن بھجبل نے مطالبہ کیا کہ دیگر پسماندہ طبقات یعنی OBC کے لیے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا مطالبہ متحدہ طور پر کیا جائے اور حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نمائندہ وفدکے ہمراہ وزیرِ اعظم سے ملاقات کرکے یہ مطالبہ کریں۔***** ***** *****غیر امداد یافتہ اسکولوں کو امداد دینے اور اساتذہ کو سابقہ پنشن اسکیم لاگو کرنے کا معاملہ کل قانون ساز کونسل میں توجہ دلائو نوٹس کے ذریعے اٹھایا گیا۔ کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف پروین دریکر‘ تعلیمی حلقے سے منتخب رکن وکرم کاڑے اور دیگر ارکان نے اس موضوع پر توجہ دلائو نوٹس پیش کی۔ جس کے جواب میں اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ اس خصوص میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کمیٹی کے اجلاس میں ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔***** ***** *****آر آر پاٹل فائونڈیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے سے متعلق سماعت پانچ ججوں پر مشتمل آئینی بینچ کرے۔ اس سلسلے میں فائونڈیشن کے صدر ونود پاٹل نے عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کردہ درخواست میں کہا کہ اس موضوع پر سماعت کیلئے پانچ رُکنی آئینی بینچ تشکیل دی جائے اور آئینی بینچ ہی مراٹھوں کے ریزرویشن سے متعلق فیصلہ کرے۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ کی جانب سے یہ ریزرویشن برقرار رکھے جانے پر فی الحال عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت جاری ہے۔***** ***** *****نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رُکن پارلیمنٹ وندنا چوہان نے کہا ہے کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے عوامی معاونت سے ہی پارٹی منشور تیارکیا جائیگا۔ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیشِ نظر پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کے بعد وہ اخباری نمائندوں سے مخاطب تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ان انتخابات میں مہا وِکاس آگھاڑی سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح پر تبادلۂ خیال کے بعد کیاجائیگا۔***** ***** *****لاتور ضلع کے رینا پور تعلقے کے رینا آبی منصوبے سے پانی چھوڑے جانے پر کلکٹر جی شریکانت نے حکمِ التواء جاری کردیاہے۔ پانی نہ چھوڑے جانے کے مطالبے پر مقامی باشندوں کی جانب سے تین دِن سے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے کل مظاہرین سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔***** ***** *****

No comments: