Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 March-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ مارچ ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے کئی حصوں میں گذشتہ دو دنوں میں ہوئی غیر موسمی بارش سے ربیع کی فصل اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی ضلعے کے پورنا‘ پالم اور گنگا کھیڑ تعلقوں میں جبکہ لاتور ضلعے کے ریناپور‘ چاکور‘ شرور اننت پال اور اودگیر تعلقوں میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ کل بھی بارش ہوئی۔ ییرول میں ہوئی بارش سے کیلے‘ آم‘ پپیتا اور چیکو جیسے پھلوں کے باغوں کا بھی زبردست نقصان ہوا ہے۔
وہیں ناندیڑ ضلعے کے مدکھیڑ تعلقے میں اور روہے پمپل گائوں‘ چکالہ اور مختار پور واڑی میں بارش کے دوران ژالہ باری بھی ہوئی۔ ناندیڑ کے حمایت نگر اور لوہا تعلقے سمیت نائیگائوں تعلقے سے بھی بارش کی خبر ملی ہے۔ اس غیر موسمی بارش نے تور‘ گیہوں‘ چنا‘ سورج مکھی اور جوار کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اس بیچ بیڑ ضلعے سے بھی گذشتہ شام غیر موسمی بارش کی خبر موصول ہوئی ہے۔ کچھ مقامات سے ژالہ باری کی بھی اطلاع ملی ہے۔
بیڑضلعے کے امبہ جوگائی‘ کیج، شرور تعلقوں میں رِم جھم بارش ہوئی۔ اس دوران بیڑ کے رابطہ وزیر دھننجے منڈے نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ غیر موسمی بارش سے متاثرہ کسانوں کی فصلوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کیلئے پنچناموں کا عمل فوری شروع کیا جائے اور ان کی رپورٹ پیش کی جائے۔ جالنہ ضلعے میں بھی کل شام تیز ہوائوںکے ساتھ غیر موسمی بارش ہوئی ۔
***** ***** *****
یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان سبودھ ہرتوال نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی بیروزگاری کے دوران شہریت ترمیمی قانون‘ NPR اور NRC جیسے قوانین لاکر مرکزی حکومت فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینا چاہتی ہے۔سبودھ ہرتوال کل اورنگ آباد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو ان قوانین کی نہیں بلکہ بیروزگاروں کے قومی رجسٹر یعنی NRU کی ہے۔ ہرتوال نے مزید کہا کہ کانگریس ’’ینگ انڈیا کے بول‘‘ نام سے قومی سطح پر تقریری مقابلوں کا انعقاد کرے گی جس میں NRU لانے کا مطالبہ کیا جائیگا۔ ہرتوال کا کہنا تھا کہ یوتھ کانگریس اگلے مہینے حکومت کو بے روزگاروں کے اعداد و شمار پیش کرے گی اور انھیں روزگار دستیاب کروانے کا مطالبہ کرے گی۔
***** ***** *****
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے شہریت ترمیمی قانون اور NPR کی مخالفت کرنے والوں پر سخت تنقید کی ہے۔ BJP کے مہاراشٹر صدر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ ان قوانین کی مخالفت کے ذریعے اربن نکسل اور بائیں بازو کی تنظیمیں ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ پاٹل‘ کل احمد نگر ضلعے کے شرڈی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ پاٹل نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا مسلم ریزرویشن مسلمانوںکو گمراہ کرنے کی حکومت کی چال ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد پولس نے کل سے پولس کمشنریٹ کے تحت آنے والے شہر کے حصے میں آپریشن مسکان۔8 نامی خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت صفر سے اٹھارہ سال کے کھوئے ہوئے یا گھر سے بھاگے ہوئے بچوں کو ڈھونڈ کر ان کے سرپرستوں کے حوالے کیا جائیگا۔ آپریشن مسکان کے دوران یتیم خانوں‘ غیر سرکاری تنظیموں‘ ریلوے اسٹیشن‘ مذہبی مقامات‘ ہوٹلوں اور دُکانوں میں کام کررہے بچوں اور سڑکوں پر بھیک مانگ رہے بچوں کو کھوئے ہوئے بچے تصورکرکے ان کے سرپرستوں کا پتہ لگایا جائیگا۔
اورنگ آباد پولس کمشنر چرنجیو پرساد نے بتایا کہ جن بچوں کے سرپرستوں کا پتہ نہیں لگ سکے گا انہیں بچوں کے سرکاری ہوسٹل میں روانہ کردیا جائیگا۔ مسکان مہم 31/ مارچ تک چلے گی۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے درجِ فہرست جماعتوں کی شاخ کی جانب سے ریزرویشن برقرار رکھنے کیلئے ریاست بھر میں ’’آرکشن بچائو‘‘ مہم چلائی جائیگی۔ اس کی شروعات گذشتہ کل اورنگ آباد سے ہوئی۔ اس موقع پر قومی کوآرڈینٹر منوج باگڑی‘ ریاستی صدر وجئے امبھورے اور ریاستی کار گذار صدر ڈاکٹر جتندر دیہاڑے موجود تھے۔ مراٹھواڑہ میں آرکشن بچائو مہم تین دِن چلے گی۔
***** ***** *****
وِدھان سبھا اسپیکر نانا پٹولے نے کہا ہیکہ ودربھ کی طرح مراٹھواڑہ میں بھی کُنبی مراٹھا سماج کو OBC ریزرویشن میں شامل کرنے کیلئے وہ حکومت پر زور دیں گے۔ کُنبی مراٹھا سیوا سنگھ اور کُنبی یوا سنگھ کی جانب سے کل جالنہ شہر میں کُنبی حق پریشد کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس دوران نانا پٹولے نے یہ بات کہی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے لاتور ضلعے میں خریف کی فصل کا نقصان جھیل رہے کسانوں کو 2019 کے بیمہ کے تحت 709/ کروڑ 80/ لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ گذشتہ سال بارش سے لاتور ضلعے میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سات وکٹ سے ہرادیا ہے۔ پہلی اننگز میں محض سات رنو ںکی برتری کے بعد بھارتی ٹیم دوسری اننگزمیں صرف 124/ رن ہی بناسکی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کیلئے جیت کا نشانہ صرف 132/ رَن ہی رہ گیا تھا۔ اس جیت کے ساتھ ہی دوٹسٹ مقابلوںکی سیریز نیوزی نے دو۔ صفر سے اپنے نام کرلی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment