Monday, 30 March 2020

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date : 30 March 2020
Time:  09 : 00 to 09: 15 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:   ۳۰؍  مارچ  ۲۰۲۰ئ؁
وَقت: صبح  ۰۰۔۹  سے  ۱۵۔۹؍ بجے 

 پہلے خاص خبروں کی سر خیاں......

 ٭   مزدوروں کی نقل مکانی روکنے کے مقصد سے ریاستوں اور تمام اضلاع کی سر حدیں مکمل طور پر بند کرنے  مرکزی حکو مت کاحکم   ‘  خلاف ورزی کرنے والوں کو 14 ؍ دن آئسولیشن واڈر میں رکھنے کی ہدایت۔
 ٭کوروناء وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں سخت اقدامات ۔ وزیر اعظم نریندر مودی
 ٭  ہجوم سے گریز کریں بہ صورت دیگر مزید سخت فیصلے کرنا ہو گے ۔ وزیر اعلیٰ کا انتباہ۔
 ٭ریاست میں کورونا سے متاثرہ مزید 2؍ مریض جا بحق  ‘  جبکہ کُل مریضوں کی تعداد203؍
  اور
 ٭آئندہ تین ماہ کے لیے شیو بھوجن محض فی کس 5؍ روپئے میں دستیاب۔ ریاستی حکو مت کا فیصلہ

  اور اب خبریں تفصیل سے....

 مرکزی حکو مت نے مزدوروں کی نقل مکا نی پر روک لگانے کے مقصد سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنی سر حدیں بند کردینے کی ہدایت دی ہے۔ اِس کے علا وہ سرحدیں عبور کر نے والوں کوحکو مت کی جانب سے قائم کردہ آئسولیشن وارڈ میں کم از کم14؍ دن رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔مرکزی کابینہ کے سیکریٹری  راجیو گوَ با  اور داخلہ سیکریٹری اجئے بھللا  نے کل اِ س خصوص میں تمام ریاستوں کے پرنسپل سیکریٹریز  اور ڈائریکٹر جنرل آف پولس  سے ویڈو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلۂ خیال کیا۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے یہ ہدایت دی کہ ایک شہر سے دوسرے شہر آنے والے  اور شاہرراہوں پر شہر یان کی آ مد و رفت پوری طرح روک دینے کی بھی ہدایت دی ۔ تاہم اِس دوران ضرور ت مندوں اور مسافر مزدوروں کے لیے خوراک اور رہائش کا نظم کیا جائے۔  اور اِس کے لیے ریاست کے ڈِزاسٹر پری وینشن فنڈ کا استعمال کریں۔ سا تھ ہی کر فیو کے دوران مزدوروں‘اور ملازمین کو وقت پر تنخواہ دی جائے‘  اور اُن سے گھرکا کرایہ وصول نہ کیا جائے ۔ ریاستی حکو متیں اِن باتوں کا بھی خاص خیال رکھیں۔ اِن ہدایات پرعمل در آمد کرنے کی ذمہ داری ضلع کلکٹروں اور پولس سپرنٹنڈنٹ کو سونپی گئی ہے۔ تاہم اِس دوران صرف اشیاء ضروریہ اور دیگر لازمی اشیاء کی حمل و نقل کرنے کی ہی اجازت ہو گی۔ 

***** ***** *****

 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہمارے130؍ کروڑ آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے مکمل بند ہی واحد طریقہ ہے۔ وہ کل آکاشوانی سے نشر ہونے والے پروگرام من کی بات میں عوام سے خطاب کررہے تھے۔ اِس پروگرام کے دوسرے مرحلے کی یہ دسویں قسط تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی در اصل زندگی اور موت کے درمیان لڑائی ہے اور یہ لڑائی جیتنے کے لیے ہی مکمل بند جیسا سخت قدم اُٹھا یا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران عوام کو پیش آ رہی مشکلات سے وہ بخوبی واقف ہیں۔اپنے خطاب میں مودی نے ملک بھر کے تقریباً 20؍ لاکھ ڈاکٹرو ں‘ نرسوں ‘  پیرا میڈیکل عملہ ‘  آ شا اور صفائی ملازمین کے لیے حکو مت نے 50؍ لاکھ روپئے کی جو بیمہ اسکیم کا اعلان کیا ہے اُسکا بھی اعادہ کیا۔ ساتھ ہی اُنھوں نے لازمی خد مات فراہم کرنے والوں کا بھی شکر یہ اداکیا۔ تاہم کورونا وائرس کے وہ مُشتبہ مریض جنھیں ہوم کورنٹائن کی صلاح دی گئی ہے اور وہ اُس پر عمل نہ کر تے ہوئے لا پر واہی کر رہے ہیں  وزیر اعظم نے اُن سے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ اِس  وباء سے سنجید گی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

***** ***** *****

 کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکو مت کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات میں کانگریس پارٹی مکمل تعاون کرے گی۔جناب راہل گاندھی نے کل وزیر اعظم کو خط لکھ کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ سماجی سلامتی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے  اور غریب مزدوروں کی مدد کرنے اور پناہ دینے کے لیے عوامی اثاثوں کو بروئے کار لایا جا نا چا ہیے۔

***** ***** *****

 وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے نے دوسری ریاست میں اپنے گائوں جا رہے مزدوروں کو جہاں ہیں وہیں قیام کرنے کی در خواست کی ہے۔ اُنھوں نے کل سماجی رابطے کے ذرائع پر عوام سے خطاب کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکو مت تارکین ِ وطن کی ذمہ داری ہے  اور انتظامیہ اُنکے رہنے اور کھانے پینے کا نظم کر رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مزدوروں کی آمد و رفت پوری طرح بند کر دی گئی ہے۔ اِس موقعے پر وزیر اعلیٰ نے انتباہ دیا کہ اگر عوام حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدا یات پر عمل نہیں کریں گے تو حکومت کو سخت اقدامات اُٹھا نا ہوں گے۔  اُنھوں نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضا فہ ہونے کا اندیشہ ہے اس خدشے کے پیش نظر کورونا جانچ مراکز کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خانگی ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ کسی مریض میں نمو نیہ کی علامات نظر آنے پر وہ فوراً قریبی سر کاری ہسپتال کو اِس کی اطلاع دیں۔

***** ***** *****

 ریاست میں کرونا متاثرین کی تعداد 203؍ ہو چکی ہے۔ کل مزید 22؍ مریضوں کی نشاندہی ہوئی۔ جبکہ 35؍مریضوں کو علاج کے بعد ہسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ تا ہم ممبئی کے  KEM ہسپتال میں زیر علاج ایک 40؍ سالہ خاتون  اور بلڈھا نہ کے45؍ سالہ شخص کی کل موت واقع ہو گئی ۔ اِس طرح ریاست میں اب تک اِس مرض سے 8؍ افراد فوت ہو چکے ہیں۔

***** ***** *****

 نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ مجوزہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہم کورونا وائرس کے تیسرے مرحلے میں داخل ہونے سے بچ سکتے ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے گھر وں میں ہی ٹھہرے رہنے کا عزم مصصم کرنے کی اپیل کی ہے۔
جناب پوار نے کہا کہ ہجوم سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے سے ہم یقینی طور پر کورونا وائرس کی روک تھام کر سکتے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کا ہر فرد کم سے کم آئندہ دو ہفتے تک گھر سے باہر نہ جانے کا عزم کریں۔

***** ***** *****

 کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کے لیے حکو مت کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کے لیے وزیر اعظم امدادی فنڈ  اور وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ میں ہر سمت سے امداد کے سلسلے شروع ہو چکے ہیں۔
 مرکزی وزیر پر کاش جائوڑیکر نے پونا انتظا میہ کو ایک کروڑ روپئے اور مرکزی حکو مت کے امدادی فنڈ میں ایک کروڑ روپئے امداد جمع کر وائی ہے۔مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھو لے نے بھی اپنے ایم  پی  فنڈ سے ا یک کروڑ روپئے وزیر اعظم امدادی فنڈ میں جمع کرنے کا اعلان کیا  ہے۔اِس کے علا وہ  جناب آٹھو لے اپنی دو ماہ تنخواہ وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ میں بھی جمع کر وائیں گے۔
 مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے وزرتِ دفاع سے متعلقہ مختلف دفاتر کے افسران اور ملازمین کی1؍ دن کی تنخواہ  پی  ایم  کیئر س فنڈ میں عطیہ کر نے کی ہدایت دی ہے۔ اِس کے ذریعے تقریباً500؍ کروڑ روپئے کی امداد جمع ہونے کی امید ہے۔
 ناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ پر تاپ رائو پاٹل چکھلی کر نے وزیر اعظم امدادی فنڈ میں ایک کروڑ روپئے کی امداد دی ہے۔
 کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے ریاستی محکمہ جنگلات کے سبھی افسران و ملازمین اپنی ایک دِن کی تنخواہ وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ میں جمع کر وائیں گے۔ ریاستی وزیر جنگلات سنجئے راٹھوڑ نے کل یہ اطلاع دی۔ وہ ایوت محل میں مخا طب تھے۔ اُنھوں نے امید ظا ہر کی کہ کورونا کے خلاف لڑائی ہم ضرور جیتیں گے۔
 ناندیڑ کی سوامی راما نند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اُدھو بھونسلے نے  یونیور سٹی سے ملحقہ تمام کالجوں کے پرنسپلس‘ پروفیسرس ‘غیر تدریسی عملہ اور  ملازمین سے  اپنی ایک دن کی تنخواہ وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ میںجمع کروانے کی در خواست کی ہے۔
 پر بھنی کے رکنِ پارلیمنٹ سنجئے جادھو نے کورونا وائرس کی روک تھا م کے لیے ضلع انتظامیہ کو ایک کروڑ روپئے کی امداد دی ہے۔ 

***** ***** *****

 لاک ڈائون کی وجہ سے ملک بھر میں تمام مسافر ریل گاڑیاں آئندہ14؍ اپریل تک بند رہیں گی تا ہم زندگی کے لیے لازمی اشیاء ’ اجناس ‘ کھا د‘ بیچ ‘ سبزی تر کاری  اور  دودھ وغیرہ چیزوں کی بار بر داری کرنے والی مال گاڑیاں حسبِ معمول چلتی رہیں گی۔ 

***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****

 ریاستی حکو مت نے ریاست کے تمام شکر کار خانوں کو اپنے علاقے میں گنا توڑ نے والے مزدوروں کے لیے رہائش ‘ خوراک اور صحت سے متعلق سہو لیات فراہم کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکو مت نے شکر کا ر خانوں کو خامل مال فراہم کرنے والی گاڑیوں کو بین الرستوں اور اندرون ریاست بغیر کسی رکاوٹ کے حمل و نقل کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔  ساتھ ہی گنا توڑ نے والے مزدوروں کی کورونا سے حفا ظت کرنے کے لیے اقدامات کرنا بھی شکر کار خانوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

***** ***** *****

 کورونا وائرس کی روک تھام کے مقصد سے ریاست میں نافذ کر دہ کر فیو کے دوران بے گھر مزدوروں اور مسا فر وں کے لیے آج سے شیو بھو جن فی کس 5؍ روپئے کے حساب سے دستیاب کر وا یا جائے گا۔ اغذیہ و شہری فراہمی کے وزیر چھگن بھجبل نے کل ناسک میں یہ اطلاع دی۔ اُنھوں نے بتا یا کہ اِس اسکیم کو شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں تک وسعت دی جائے گی۔ اسکے علا وہ شیو بھو جن مراکز اب صبح11؍ بجے سے دو پہر3؍ بجے تک کھُلے رہیں گے۔ وزیر موصوف نے بتا یا کہ دیہی علاقوں میں فی الفور شیو بھوجن مراکز قائم کرنے کی ہدایت تحصیلداروں کو دیدی گئی ہے۔

***** ***** *****

 آئندہ تین ماہ کے عر صے میں غریب خاندنوں کو فاقہ کشی سے بچا نے کے لیے راشن دکانوں پر اناج مفت فراہم کیا جائے گا۔ لاتور کے نگراں وزیر امِت دیشمکھ نے بتا یا کہ ضلع میں راشن دکانوں پر گندم ‘ چا ول  اور دال دستیاب ہو گی۔ وزیر موصوف نے لاتور ضلع راشن دکاندار ایسو سی ایشن کے صدر ہنس راج جا دھو سے اِس خصوص میں بات چیت کی۔ اِس موقعے پر جا دھو نے بتا یا کہ ضرورت محسوس ہونے پر راشن دکانوں میں پھل‘ دودھ‘ تیل’ گیس  اور دیگر ضروری چیزیں بھی دستیاب کروائی جائے گی۔

***** ***** *****

 یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے مزدوروں ‘ غرباء اور گھروں سے دور رہنے والے طلباء کی  لاک ڈائون کے دوران انتظامیہ اور فلاحی اِداروں کی جانب سے مختلف طرح سے معاونت کی جارہی ہے۔
 لاتور ضلع بی جے پی صدر رامیش کراڑ  روز آنہ ایک ہزار ضرورت مند افراد میں خوراک کے پاکٹ تقسیم کر رہے ہیں۔
 ناندیڑ ضلعے میں اردھا پور پنچایت سمیتی کا جانب سے کورونا کی روک تھام کے لیے خدمات انجام دے رہے میڈیکل افسران و دیگر طبی عملہ ‘ آشا‘ آنگن واڑی کار کنان‘  گرام سیوک‘  تلا ٹھی  اور گرام پنچایت ملازمین میں
600؍ ماسک تقسیم کیے گئے ۔
 اِسی طرح ناندیڑ کے سچ کھنڈ گرو دوارا  اور لنگر صاحیب گرو دوارے کی جانب سے کل غرباء ‘ سبزی فروش  اور  راستے پر گھومنے والے ذہنی معذور افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔  

 ***** ***** *****

 سانگلی ضلع کے اسلام پور میں ایک ہی کنبے کے 25؍ افراد کورونا کی زد میں آ گئے ہیں۔ یہ علاقہ کورونا وائرس کے اثر سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اِس علاقے کے گنا توڑنے والے تقریباً60؍ مزدور بیڑ ضلع گئے ہوئے تھے اُنھیں وہاں مخصوص وارڈ میں شریک کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

 کو رونا وائرس کی روک تھا م کے مقصد سے ناندیڑ پولس کی جانب سے پورے شہر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
شہر میں60؍ مقامات پر بندوبست ناکے لگائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی بے مقصد گھونے پھر نے والوں کی ٹو وہیلر گاڑیاں بھی ضبط کی جا رہی ہیں۔

***** ***** ****

 کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی غرض سے پر بھنی ضلعے میں جنتور تعلقے کے پو کھری قصبے میں کل جراثم کُش دوائو ںکا چھڑ کائو کیا گیا۔

***** ***** ****

 کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے استعمال کیے جا رہے سینی ٹائزر کی ریاست میں قلت پیداہوگئی ہے۔ اس لیے ریاستی حکو مت کے  اغذیہ  و  ادویہ انتظامیہ نے عثمان آباد ضلعے میں تین صنعتوں کو ہینڈ سیٹی ٹائزر تیار کر نے کی اجازت دی ہے۔

***** ***** *****

 جالنہ ضلعے کے بھوکر دن‘ عنبڑ اور گھن سائونگی علاقے میں کل طوفانی ہوائوں کے ساتھ زور دار بارش ہوئی۔ کولتے پیپل گائوں میں کچھ دیر ژالہ باری ہونے کی بھی خبر ہے۔جس کی وجہ سے گندم ‘ چنا ‘ اور مکئی وغیرہ کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعے  کے کئی حصوں میں آج صبح پانچ سے ساڑھے پانچ بجے کے دوران بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے کی اطلاعی  ہے۔
 واِشم ضلعے میں بھی متوا تر چوتھے روز در میانی شب طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش ہونے کی خبر ہے۔ 

***** ***** *****

  تعمیرات ِ عامہ کے وزیر اور ناندیڑ کے نگراں وزیر اشوک چو ہان نے  ضلع انتظا میہ کو ہدایت دی ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے ایک بھی شخص ‘ مزدور‘ حمال  یا  روزآنہ اُجرت پر کام کرنے والے لوگ بھوکھے نہ رہے اِس بات کا خاص خیال رکھیں ۔ وزیر موصوف نے ناندیڑ میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کی گئی تدابیر کا  بھی جائزہ لیا۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے ہدایت دی کہ ضلع کلکٹر دفتر میں شروع کیا گیا کنٹرول روم ہر وقت چو کنا رہے اور رابطہ کرنے والوں کی فوراً مدد کی جائے اور ضلعے میں کہی بھی خون کا عطیہ دیا جا سکے اسکے لیے بھی انتظامات کریں ۔

***** ***** *****

  محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 48؍ گھنٹوں میں وسطی مہاراشٹر ‘ مراٹھواڑہ اور  وِدربھ کے کچھ حصوں میں طوفانی ہواوئں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا اندیشہ ہے۔ 

***** ***** *****

 آخر میں خاص خاص خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے
 ٭   مزدوروں کی نقل مکانی روکنے کے مقصد سے ریاستوں اور تمام اضلاع کی سر حدیں مکمل طور پر بند کرنے  مرکزی حکو مت کاحکم   ‘  خلاف ورزی کرنے والوں کو 14 ؍ دن آئسولیشن واڈر میں رکھنے کی ہدایت۔
 ٭کوروناء وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں سخت اقدامات ۔ وزیر اعظم نریندر مودی
 ٭  ہجوم سے گریز کریں بہ صورت دیگر مزید سخت فیصلے کرنا ہو گے ۔ وزیر اعلیٰ کا انتباہ۔
 ٭ریاست میں کورونا سے متاثرہ مزید 2؍ مریض جا بحق  ‘  جبکہ کُل مریضوں کی تعداد203؍
  اور
 ٭آئندہ تین ماہ کے لیے شیو بھوجن محض فی کس 5؍ روپئے میں دستیاب۔ ریاستی حکو مت کا فیصلہ

علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
٭٭٭٭٭

No comments: