Friday, 27 March 2020

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date : 27 March 2020
Time:  09 : 00 to 09: 10 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲۷ ؍  مارچ  ۲۰۲۰ئ؁
وَقت: صبح  ۰۰۔۹  سے  ۱۰۔۹؍ بجے 

 سب سے پہلے خاص خبروں کی سر خیاں......

 ٭  شہر یان کی مدد کے لیے مرکزی حکو مت کی جانب سے  ایک  لاکھ  70؍ ہزار کروڑ روپیوں کے پیکیج کا اعلان ۔
 ٭  اشیاء ضروریہ  اور  دوائوں کی دکانیں 24؍ گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت
  ٭ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد130؍  نئی ممبئی سے تعلق رکھنے والی کورونا کی متاثرہ مریضہ کی موت
 اور
 ٭ اِنڈین میڈیکل کونسل نے  ملک بھر کی27؍ خانگی تجزیہ گاہوں کو کورونا اِنفیکشن جانچ کے مراکز کے طور پر دی منظوری   مہاراشٹر کی 8؍ تجزیہ گاہیں بھی ہے شامل۔


 مرکزی حکو مت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈائون کے تنا ظر میں ملک کے غریب اور یو میہ اُجرت پر کام کرنے والے شہریوں کی امداد کے لیے ایک لاکھ70؍ ہزار کروڑ روپیوں کے غریب کلیان پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر خزا نہ نِر ملا سیتا رمن اور اُسی وزارت کے مملکتی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں اِس پیکیج سے متعلق معلو مات دی۔ اِس پیکیج کے ذریعے آئندہ تین ماہ کے لیے خطِ افلاس سے نیچے زندگی گزار نے والے افراد ‘ تعمیراتی مزدور‘ کسان ‘ من ریگا ملازمین اور خواتین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ۔ اِس راحتی پیکیج کے تحت کورونا سے متاثرمریضوں کا علاج کر رہے ڈاکٹر‘ نرسیس‘ صفائی اور آ شا ملازمین کو فی کس50؍ لاکھ روپیوں کا طبی انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ اور 80؍ کروڑ غریب شہر یوں میں
ما ہا نہ پانچ کلو گندم‘ یا چاول اور ایک کلو دال کی مفت تقسیم کی جائے گی۔
  وزیر اعظم کسان سمان اسکیم کے تحت 8؍ کروڑ70؍ لاکھ کسانوں کو آئندہ اپریل کے پہلے ہفتے میں دو ہزار روپیوں کی پہلی قسط اور من ریگا مزدوروں کو 182؍ روپیوں کی بجائے 202؍ روپئے یومیہ اُجرت دی جائے گی۔ ضعیفوں ‘ معذورین اور بیوہ خواتین کے بینک کھاتوں میں معمول کے مطا بق ما ہانہ امداد کے علاوہ ایک ہزار روپئے ما ہانہ راست منتقل کیے جائیں گے۔ اِس کے علا وہ 20؍ کروڑ50؍ لاکھ جن دھن کھاتوں کی حامل خواتین کو آئندہ تن مہینے ہر ماہ 500؍ روپئے دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی بچت گروپوں کے لیے قرض کی حد میں اضا فہ کر کے اُسے 20؍ لاکھ روپئے کر دیا گیا ہے۔
 خطِ افلاس سے نیچے زندگی بسر کر نے والی 8؍ کروڑ30؍ لاکھ اُجولا گیس کنیکشن کی حامل خواتین کو آئندہ 3؍ ماہ تک مفت گیس سلینڈر فراہم کیا جائے گا۔ اِسی طرح اِس راحتی پیکیج کے ذریعے منظم شعبوں کے ملازمین اور آجروں کی جانب سے پروویڈنٹ فنڈ میں فی کس 12؍ فیصد یعنی جملہ24؍ فیصد رقم مر کزی حکو مت جمع کرے گی۔ وزیر خزا نہ نے بتا یا کہ یہ فیصلہ اُن کمپنیوں پر نافذ ہو گا جہاں  100؍ سے کم ملازمین ہیں  یا 90؍ فیصد ملازمین کی تنخواہ15 ؍ ہزار روپئے سے کم ہے۔

***** ***** ***** 

 مرکزی حکو مت کے اِس پیکیج کا وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے استقبال کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اِس پیکیج سے غریب اور محنت کش طبقے کی مدد ہو گی۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ اِس پیکیج کا فائدہ عوام تک پہچانے کے لیے  پو ری کوشش کی جائے گی۔
 اِسی دوران اجیت پوار کی زیر صدارت کل ممبئی میںمنعقدہ اجلاس میں ریاست میں مال بر داری کرنے والے ٹرکوں کی آمد ورفت کی اجازت دیدی گئی۔ پولس کو ہدایت دی گئی ہے کہ لازمی اشیاء کی فراہمی کے بعد واپس لوٹ رہی گاڑیوں کو نہ  رو کیں۔ اِس کے علا وہ پوار نے خدمات پر مامور پولس ملازمین ‘ میڈیکل آفسران اور ملازمین پر حملہ کرنے والوں پر سخت کار وائی کر نے کا بھی اشارہ دیا ۔ اِجلاس میں مقامی خود مختار اِداروں کو  اشیائے ضروریہ کی گھروں پر فراہمی سے متعلق انتظا مات کر نے کے احکامات دیے گئے۔ پوار نے کہا کہ دودھ‘ سبزی تر کاریاں ‘ پھل ‘ ادویات ‘ اجناس  اور پکوان گیس  کی وافر مقدار دستیاب ہو نے کے با وجود  بازاروں میں گاہکوں کا ہجوم ہو نا تشویشناک بات ہے۔
 اِس موقعے پر پوار نے فلاحی اِداروں سے اپیل کی کہ تنہا رہنے والے بزرگ شہر یان ‘ طلبہ  اور بے گھر افرادکو غذا فراہم کرنے کی کوشش کریں۔ جناب اجیت پوار نے ریاست بھر میں عوامی نمائندوں اور صحافی برادری کو ہدایت دی کہ وہ عوام سے آن لائن رابطہ کر کے سلامتی قائم رکھنے میں تعاون کریں۔ 

***** ***** ***** 

 وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے نے کل روز مرہ کی لازمی اشیاء کرانہ او رادویہ کی دکانیں 24؍ گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت دی ہے۔ ممبئی میں کل کورو نا وباء سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کے تنا ظر میں منترالیہ کنٹرول روم کے سینئر افسران کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان کیا۔ اُنھوں نے بتا یا کہ کر فیو کے سبب لازمی اشیاء کی خریدی کے لیے عوام کا ہجوم ہو رہاہے۔ جس سے اُن کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ شہر یان کو آ سانی فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے صارفین سے دکانوں پر آپس میں مناسب فاصلہ رکھنے اور صاف صفائی سے متعلق ہدایات پر عمل آ وری کی اپیل کی ہے۔ 

***** ***** ***** 

 ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر130؍ ہو گئی ۔ کل  نئی ممبئی میں کو رونا سے متاثرہ ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی ۔ جس کے بعد ریاست بھرمیں کورونا سے مر نے والوں کی تعداد 4؍ ہو گئی ہے۔ وزیر صحت راجیش ٹو پے نے بتا یا کہ 15؍ مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے رخصت دیدی گئی ۔

***** ***** ***** 

 اِنڈین میڈیکل ریسرچ کونسل نے ملک میں27؍ خانگی تجزیہ گاہوں کو کورونا جانچ مرکز کی حیثیت سے منظوری دی ہے ۔ ریاست کے وزیر ِ طبی تعلیم امیت دیشمکھ نے بتا یا کہ اِن میں سب سے زیادہ8؍ لیباریٹریز  مہا راشٹر میں ہیں۔وزیر موصوف نے  بتا یا کہ اِس منظوری کے بعد کورونا سے متعلق جانچ کرنے میں تیزی آئے گی۔ اور مریضوں کا فوری علاج ممکن ہو سکے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ اِن معائنہ مراکز پر دو ہزار سے زائد مشتبہ مریضوں کی جانچ کی جا سکے گی۔

***** ***** ***** 

 امدادِ باہمی کے وزیر بالا صاحیب پاٹل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کی غرض سے نافذ کیے گئے کر فیو سے کاشتکار پریشان نہ ہوں  بلکہ  زندگی کے لیے ضروری سبزی تر کاری کی کاشت کریں۔ اور اُنھیں بازاروں تک پہنچائیں

***** ***** ***** 
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** ***** 

 سماجی انصاف کے مرکزی وزیر رام داس آٹھولے نے کورونا وباء کے پیش نظر 14؍ اپریل کو بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا یومِ پیدائش گھروں پر رہ کر منا نے کی اپیل کی ہے۔ وزیر موصوف نے اِس مشکل وقت میں شہر یوں سے ذمہ دارانہ بر تائو کر نے اور کورونا پر فتح پانے کے بعد متحدہ طور پر جینتی منا نے کی بات کہی ہے۔

***** ***** ***** 

 جالنہ ضلع پولس کی جانب سے عوام کے لیے ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے ۔ جس شخص کوبھی نہایت ضروری کام کے سلسلے میں ضلعے سے باہر جانا ہو  یا کوئی بڑا مسئلہ در پیش ہو  تو وہ  فون نمبر  93 56 72 00 79؍  پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔

***** ***** ***** 

 اورنگ آباد میں آج جمعہ کی نماز کی بجائے ظہر کی نماز گھروں میں ہی ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع سر کر دہ عالم ِ دین مولانا عبد الریشد ندوی نے دی۔

***** ***** ***** 

 حکو مت نے ریاست کے اُن 11؍ ہزار قید یوں کو پے رول پر رخصت دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کی بقا یہ سزا سات برس سے کم ہے۔ وزیر داخلہ امیت دیشمکھ  نے بتا یا کہ جیل میں قید یوں کی تعداد کم کر کے ہجوم کو ٹالنے اور کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے حکو مت نے  یہ فیصلہ کیا ہے۔

***** ***** ***** 

 اورنگ آباد پولس کمشنر یٹ کی جانب سے شہر یان کے لیے  اندرون ِ شہر نہایت ضروری کام سے آنے جانے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے  آن لائن در خواست دینے کی سہولت دستیاب کی گئی ہے۔اِس کے لیے شہر یان www. aurangabadcitypolice.gov.inاِس ویب سائٹ پر ضروری تفصیلات  و   دستاویزات فراہم کر کے در خواست دے سکتے ہیں۔ 

***** ***** ***** 

 عثمان آباد کے رکن اسمبلی سجیت سنگھ ٹھا کر نے علاقائی کمشنر سے لاک ڈائون کے دوران کسانوں کو زرعی پیداوار فر وخت کرنے کے لیے ضلع اور تعلقہ سطح پر کسان مدد مراکز شروع کرنے کا مطا لبہ کیا ہے۔ اپنے مطالباتی مکتوب میں جناب ٹھا کرنے کہا ہے کہ کسانوں کو سبزی تر کاریاں  اور پھل وغیرہ کی حمل و نقل کرنے کے لیے اجازت نامے دیے جائیں۔ جس کی ذریعے کسان اپنی زرعی پیدا وار ضلعے کے باہر لے جا کر بھی فروخت کر سکیں ۔ 

***** ***** ***** 

 پر بھنی ضلعے میں لاک ڈائون کے دوران سبزیاں‘ اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے تسلسل کو بر قرار رکھنے کے لیے ضلع انتظا میہ کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چو نکہ ضلعے میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کا ذخیرہ معقول مقدار میں موجود ہے اس لیے انتظا میہ نے شہر یوں سے خریدی کے لیے ہجوم نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

***** ***** ***** 

 محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں کے دوران مراٹھواڑہ ‘ مغربی اور شمالی مہاراشٹر میں  تیز ہوائوں سمیت بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔پونا ‘ کو لہا پور‘ ساتارہ اور احمد نگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور بجلی کی کڑ ک کے ساتھ بر سات ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

***** ***** ***** 

 طبی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ نے کہا ہے کہ ریاست میں حمل ونقل پر پا بندی عائد کی گئی ہے لہذا کوئی بھی شخص اپنے آبائی گائوں جانے اور اپنی جان جو کھم میں ڈالنے سے گریز کریں ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ایسے حالات میں جو جہاں ہے وہی رہیں ۔ اُن کے مسائل حل کرنے کے لیے سر کاری مشنری پوری طرح کار بند ہے۔
 اِسی دوران  ایمولینس کے ذریعے غیر قانو نی طور پر سفر کرنے والے دس افراد کو کل واشم ضلع پولس نے حراست میں لے لیا۔ 

***** ***** ***** 

خاص خبروں کی سر خیاں ایک مر تبہ پھر
 ٭  شہر یان کی مدد کے لیے مرکزی حکو مت کی جانب سے  ایک  لاکھ  70؍ ہزار کروڑ روپیوں کے پیکیج کا اعلان ۔
 ٭  اشیاء ضروریہ  اور  دوائوں کی دکانیں 24؍ گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت
  ٭ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد130؍  نئی ممبئی سے تعلق رکھنے والی کورونا کی متاثرہ مریضہ کی موت
 اور
 ٭ اِنڈین میڈیکل کونسل نے  ملک بھر کی27؍ خانگی تجزیہ گاہوں کو کورونا اِنفیکشن جانچ کے مراکز کے طور پر دی منظوری   مہاراشٹر کی 8؍ تجزیہ گاہیں بھی ہے شامل۔

***** *****
*****

No comments: