Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ مارچ ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ مسلمانو ںکو تعلیمی شعبے میں پانچ فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے وضاحت کی کہ اس خصوص میں کوئی بھی تجویز سرِ دست ان کے زیرِ غور نہیں ہے۔ انھوںنے کہا کہ قومی آبادی اندراج NPR کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیکر کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر شہریت ترمیمی قانون یعنی CAA پر انھوں نے اپنے مؤقف کا اعادہ بھی کیا۔ مہاتما جیوتی رائو پھلے شیتکری قرض معافی یوجنا کے تحت اب تک سات لاکھ 65/ ہزار کسانوں کے قرض کھاتوں میں 4/ ہزار 806/ کروڑ روپئے جمع کروائے جانے کی انھوںنے اطلاع دی۔ انھوںنے کہا کہ آئندہ 7/ تاریخ کو بھگوان رام کے درشن کیلئے وہ ایودھیا کا دورہ کرینگے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں کل اغذیہ کے معیار اور تحفظ سے متعلق قانون کا ترمیمی بل منظور کرلیا گیا۔ اغذیہ و ادویہ کے وزیر راجندر شنگنے نے یہ بل پیش کیا تھا۔ اس بل میں متعلقہ اداروں کی جانب سے شروع کی گئی کاروائی کے خلاف ملزم کو دوبارہ اپیل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ وزیرِ موصوف نے ایوان کو بتایا کہ راستوں پر غذائی اجناس فروخت کرنے والے افراد کو دستانے اور یونیفارم تقسیم کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ انھوںنے مزید بتایا کہ اس ترمیمی بل میں ملاوٹ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کاروائی کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ۔
***** ***** *****
ریاست کی نئی بجلی پالیسی آئندہ 3/ ماہ میں جاری کی جائیگی۔ یہ اطلاع وزیرِ توانائی نتن راوت نے کل قانون ساز اسمبلی میں دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس پالیسی میں ریاست کی عوام کو 100/ یونٹ تک مفت بجلی دینے اور کسانوں کو دِن بھر میں کم از کم چار گھنٹے بجلی فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ تاہم اس ضمن میں قطعی فیصلہ توانائی پالیسی جاری کیے جانے کے بعد ہی کیا جائیگا۔ بجلی کے نرخ میں تخفیف اور بجلی چوری روکنے کیلئے محکمۂ توانائی غورکررہا ہے۔
***** ***** *****
پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر وِجئے وڈیٹی وار نے کہا ہے کہ سارتھی ادارے میں ہوئی بدعنوانیوں کی جانچ رپورٹ موصول ہونے کے بعد خاطیوں کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔ کل قانون ساز کونسل میں اپنے ایک بیان میں وزیرِ موصوف نے کہا کہ کُنبی اور مراٹھا طلبہ کی تعلیمی ترقی کیلئے قائم شدہ سارتھی انسٹی ٹیوٹ کی خود مختاری برقرار رکھتے ہوئے ادارے کیلئے ضروری مالی امداد بجٹ میں مختص کی جائیگی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے وضاحت کی ہے کہ ریاستی سرکاری ملازمین کیلئے سابقہ پنشن اسکیم لاگو کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔ اس موضوع پر کل قانون ساز کونسل میں انھوں نے کہا کہ 2005ء میں مرکز اور ریاستی کومت کی منظور شدہ نئی پنشن اسکیمیں ہی نافذ العمل رہیں گی۔ ریاست کی چار لاکھ کروڑ سالانہ آمدن میں سے کم و بیش دیڑھ لاکھ کروڑ روپئے 24/ لاکھ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور وظیفوں پر ہی خرچ ہوجاتے ہیں اور اگر سابقہ پنشن اسکیم لاگو کی جاتی ہے تو سرکاری تجوری کی پوری رقم صرف تنخواہوں اور وظیفوں پر خرچ ہوجائیگی اور حکومت کے پاس دیگر کاموں کیلئے پیسہ ہی نہیں بچے گا۔
***** ***** *****
2014ء کے اسمبلی انتخابات کے دوران داخل کردہ انتخابی حلف نامے میں دو فوجداری مقدمات ظاہر نہ کرنے پر سابق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کیخلاف مقدمہ چلایا جائیگا۔ اس سلسلے میں زیریں عدالت میں مقدمہ چلانے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کیے جانے کی پھڑنویس کی درخواست کل عدالت نے مسترد کردی۔ اس ضمن میں آئندہ سماعت 30/ مارچ کو ہوگی۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ کے احکامات کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے شہر میں آویزاں غیر قانونی اشتہاری بورڈز ہٹانے کی کاروائی شروع کردی ہے۔ کارپوریشن کے تجاوزات مخالف دستے نے سخت پولس بندوبست میں کل شہر کے اہم بازاروں سے غیر قانونی بورڈز ہٹائے۔ ان بورڈز سے متعلق تفصیلات میونسپل کارپوریشن کو بذریعہ حلف نامہ عدالت میں جمع کروانا ہوگا۔ دریں اثناء اورنگ آباد شہر کے گلمنڈی‘ کمہار واڑہ اور تلک پتھ پر موجود تجاوزات کل ہٹائے گئے۔ میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے کی زیرِ قیادت یہ کاروائی کی گئی۔
***** ***** *****
لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے دوران بیڑ ضلع کے سرکاری افسران پر معینہ حدود سے بڑھ کر اخراجات کے الزام ہیں۔ ان الزامات کی تحقیقات کیلئے اورنگ آباد کے ڈویژنل کمشنر نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ہنگولی کے معاون ضلع کلکٹر جگدیش منیار کی زیرِ قیادت یہ کمیٹی کام کریگی۔ انا ہزارے بدعنوانی مخالف تحریک نے الزام عائد کیا ہے کہ ان افسران نے رائے دہی کی تربیت کیلئے لگائے گئے منڈپ کیلئے 9/ کروڑ روپئے خرچ کیے تھے۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت جماعت ِ دہم کے امتحانات کا کل سے آغاز ہوا۔ عثمان آباد ضلع میں 83/ امتحانی مراکز پر 22/ ہزار 442/ طلبہ امتحان دے رہے ہیں‘ یہاں کل پہلے ہی دِن امتحانات میں نقل کرنے والے 8/ طلبہ کو پکڑا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment