Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 09.06.2020, Time : 9:00 to 9.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹؍جون ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
شروع میںچند اہم خبروںکی سرخیاں:
٭ کسانوں کی بچی ہوئی کپاس 12/ جون تک خریدنے عدالت کا ریاستی حکومت کو حکم۔
٭ قومی بینک کسانوں کو جلد از جلد قرضہ جات تقسیم کریں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ آئندہ 11/ تاریخ تک مانسون ممبئی میں داخل ہونے کا امکان؛ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی۔
٭ ریاست میں کل مزید 2/ ہزار 553/ نئے کورونا مریضوں کی موجودگی کا اندراج؛ 109/ افراد کی موت۔
٭ اورنگ آباد میں کورونا سے متاثرہ 2/ قیدی کورنٹائن سینٹر سے فرار۔
٭ جالنہ، بیڑ، لاتور اور ہنگولی میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ؛ ناندیڑ میں ایک شخص کی موت۔
٭ اور۔۔۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دِن 60/ پیسے کا اضافہ۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے ریاستی کسانوں کی بچی ہوئی کپاس 12 / جون تک خریدنے کا حکم حکومت اور ریاستی محکمۂ تجارت کو دیا ہے۔ پربھنی کے چند کاشتکاروں نے کپاس کی خرید کیلئے آن لائن اندراج نہیں کروایا تھا۔ جس کے بعد ان کسانوں کی کپاس نہ خریدنے کے احکامات ڈپٹی رجسٹرار نے جاری کیے تھے۔ اس کے خلاف کسانوں نے عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ سے رجوع کیا۔ اس عرضداشت پر سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کپاس خریدنے کے سلسلے میں کوئی شکایت ہو تو کسان اپنے سات بارہ کے ساتھ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں اور حکم دیا کہ طئے شدہ قیمت سے کم قیمت پر کپاس خریدنے والے تاجروں اور ایجنٹوں کے خلاف حکومت کاروائی کرے۔ علاوہ ازیں کپاس خریدنے کے طریقۂ کار کی حکومت مکمل تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کرے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے نیشنلائزڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ کسانوں کو جلد از جلد زرعی قرض تقسیم کریں۔ ممبئی میں خریف ہنگام کے کاموں کا کل وزیرِ اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جائزہ لیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ کسانوں کی جانب سے اس خصوص میں شکایات نہ آئیں‘ اس بات کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ تخم اور دیگر اشیاء کی کمی کسانوںکو نہ ہونے دی جائے۔ تخم اور دیگر اشیاء کی فراہمی میں جعلسازی پر سخت کاروائی کا انتباہ بھی وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔
***** ***** *****
محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس ماہ کی 11/ تاریخ کو مانسون ممبئی میں داخل ہوگا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دبائو کا پٹہ تیار ہورہا ہے جس کے باعث ممبئی سمیت مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران مراٹھواڑہ کے چند علاقوں میں آئندہ دو دِنوں میں بارش ہونے کے امکان کا اظہار بھی محکمۂ موسمیات نے کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی محکمۂ صحت نے 10/ ریاستوں کے کورونا سے شدید متاثرہ 45/ میونسپل کارپوریشنوں کے افسران کو گھر گھر جاکر سروے کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ وباء کے پھیلائو اورمہلوکین کی تعداد میں اضافے کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ مرکزی سیکریٹری برائے صحت پریتی سودان اور محکمۂ صحت کے اعلیٰ افسران نے کل ان 38/ اضلاع کی 45/ میونسپل کارپوریشنوں کے میونسپل کمشنرز‘ کلکٹرز‘ ضلع اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹ اور میڈیکل کالجوں کے ڈین کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ ان دس ریاستوں میں مہاراشٹر بھی شامل ہے۔ لاک ڈائون ختم کرنے اور پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت بھی اس اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں شہری علاقوںکی گنجان آبادیوں میں کورونا وباء کے تیزی سے پھیلنے کو روکنے کیلئے اقدامات پر بھی گفت و شنید کی گئی۔ مرکزی محکمۂ صحت کی ہدایات کے مطابق اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بزرگ شہریوں کی طبّی جانچ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس کام کیلئے ایک ہزار 900/ اساتذہ کو متعین کیا گیا ۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے کنال کمار کو ریاست کے انچارج آفیسر کی حیثیت سے نامزد کیا ہے۔ وہ آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اورنگ آباد کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے مزید 2/ ہزار 553/ نئے مریض پائے گئے۔ا س طرح ریاست میں مریضوں کی کُل تعداد 88/ ہزار 528/ ہوگئی ہے۔ کل اس جان لیوا وباء کے باعث 109/ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ریاست میں اب تک مہلوکین کی مجموعی تعداد 3/ ہزار 169/ ہوگئی ہے۔ کل ایک ہزار 661/ افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ اب تک جملہ40/ ہزار 975/ افراد اس جان لیوا مرض سے نجات پاچکے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں کل کورونا سے متاثرہ دو قیدی کورونا کورنٹائن مرکز سے فرار ہوگئے۔ سیّد سیف سیّد اسد اوراکرم خان ایاز خان نامی یہ قیدی کورنٹائن مرکز کی دوسری منزل کی کھڑکی سے کود کر فرار ہوئے۔ مرکز کی حفاظت کیلئے متعین افراد نے ان کا تعاقب کیا۔ تاہم وہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ یہ اطلاع سینٹرل جیل ذرائع نے دی۔ ان دونوںمفرور قیدیوں کے خلاف پولس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ قیدیوںکی نگرانی پر مامور ایک اہلکار کو فرائض میں کوتاہی کی پاداش میں معطل کردیا گیا ہے۔ قلعۂ ارک علاقے میں قائم کیے گئے اس کورنٹائن مرکز میں کورونا سے متاثرہ 19/ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں کل 49/ نئے کورونا مریض پائے گئے۔ جن میں اورنگ آباد شہر کے پیر بازار علاقے کے 8/ افراد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنڈھر پور کے 4/ دیوشی پمپل گائوں‘ گنگا پور‘ ساور کھیڑہ اور سوئیگائوں کا ایک ایک مریض بھی شامل ہے۔
دریں اثناء کل اورنگ آباد شہر میں جان لیوا کورونا وائرس کے باعث 4/ افراد فوت ہوئے۔ جن میں سنجے نگر کی 43/ سالہ خاتون، اندرا نگر کی 70/ سالہ خاتون‘ بائجی پورہ کا 63/ سالہ شخص اور شیواجی نگر کا ایک 65/ سالہ شخص شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں کورونا وباء سے اب تک کُل 104/ افراد فوت ہوچکے ہیں اور 741/ مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں کل کورونا وائرس سے متاثرہ 55/ سالہ خاتون انتقال کرگئیں۔ یہ خاتون گلزار باغ علاقے کی ساکن تھیں۔ اسی دوران ضلع میں اب تک تقریباً ساڑھے چار ہزار مشتبہ مریضوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ جن میں 192/ افراد وائرس سے متاثر پائے گئے۔ 9/ افراد جانبر نہ ہوسکے۔ 131/ افراد صحت یاب ہوئے اور فی الحال 52/ مریض زیرِ علاج ہیں۔
کل جالنہ ضلع میں 14/ بیڑ ضلع میں 6/ لاتور ضلع میں ایک اور ہنگولی ضلع میں کورونا کا ایک نیا مریض پایا گیا۔ اس طرح جالنہ میں کُل مریضوں کی تعداد 219/ بیڑ ضلع میں 56/ لاتور میں 138/ اور ہنگولی ضلع میں یہ تعداد 201/ ہوگئی ہے۔ اسی دوران بیڑ ضلع میں کل ایک مریض کی موت بھی واقع ہوئی۔
اس کے علاوہ کل ممبئی میں ایک ہزار 314/ ستارا میں 18/ سانگلی میں 11/ احمد نگر میں 2/ سندھو دُرگ ضلع میں 9/ شولاپور میں 33/ واشم میں 2/ اور گڈچرولی ضلع میں مزید ایک نیا کورونا مریض پایا گیا۔
***** ***** *****
انجن سے خارج ہونے والی گیس سے متعلق BS-6 معیار پر پورا اُترنے والی چار پہیہ گاڑیوںکی نمبر پلیٹ پر علیحدہ سبز رنگ کی پٹی لگانے کا حکم مرکزی وزارت برائے روڈ ٹرانسپورٹ و شاہراہ نے دیا ہے۔ فی الحال اس معیار پر اُترنے والی گاڑیوں پر یہ ایک اضافی پٹی ہو گی۔ پٹرول۔ ڈیزل یا گیس کسی بھی ایندھن پر چلنے والی ان گاڑیوں پر ایک سینٹی میٹر اونچی یہ پٹی لگانا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے امبہ جوگائی میں سوامی راما نند تیرتھ دیہی میڈیکل کالج میں کورونا جانچ کیلئے ضلع کی پہلی تجربہ گاہ قائم کی گئی ہے۔ سماجی انصاف اور ضلع کے رابطہ وزیر دھننجے منڈے کے ہاتھوں اس تجربہ گاہ کا افتتاح عمل میں آیا۔ بیڑ ضلع کے مشتبہ مریضوں کے لعاب کے نمونے اب تک لاتور ضلع بھیجے جاتے تھے تاہم کل سے شروع ہونے والی اس تجربہ گاہ میں اب بیڑ شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوںکے مریضوں کی جانچ ممکن ہوسکے گی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں دھننجے منڈے نے کہا کہ اس تجربہ گاہ کے باعث کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر اُدئے چودھری نے کہا ہے کہ اورنگ آباد میں اندرونِ ایک ہفتہ کووِڈ 19- سے متاثرہ افراد کیلئے نرسنگ ہوم تیار کرلیا جائیگا۔ چکل تھانہ صنعتی علاقے میں تعمیر ہونے والے اس اسپتال میں ڈھائی سو پلنگ ہوں گے۔ اس اسپتال کیلئے 60/ طبّی ملازمین کی ضرورت ہوگی۔ اس خصوص میں قومی شہری طبّی مہم کے ذمہ داروں کو تجاویز ارسال کردی گئی ہیں۔ یہ اطلاع اورنگ آباد میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے دی۔ انھوں نے بتایاکہ 6/ کروڑ روپئے کے صرفے سے تعمیر ہونے والے اس نرسنگ ہوم میں تمام طبّی آلات کل تک پہنچ جائیں گے۔
***** ***** *****
پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کل مسلسل دوسرے دِن فی لیٹر 60/ پیسے کا اضافہ ہوا۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے لاک ڈائون کے باعث روزانہ کی قیمتوںمیں تبدیلی کا جائزہ گذشتہ 82/ دِنوں سے نہیں لیا تھا۔ تاہم اتوار سے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے سلسلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ کسانوں کی بچی ہوئی کپاس 12/ جون تک خریدنے عدالت کا ریاستی حکومت کو حکم۔
٭ قومی بینک کسانوں کو جلد از جلد قرضہ جات تقسیم کریں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی ہدایت۔
٭ آئندہ 11/ تاریخ تک مانسون ممبئی میں داخل ہونے کا امکان؛ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی۔
٭ ریاست میں کل مزید 2/ ہزار 553/ نئے کورونا مریضوں کی موجودگی کا اندراج؛ 109/ افراد کی موت۔
٭ اورنگ آباد میں کورونا سے متاثرہ 2/ قیدی کورنٹائن سینٹر سے فرار۔
٭ جالنہ، بیڑ، لاتور اور ہنگولی میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ؛ ناندیڑ میں ایک شخص کی موت۔
٭ اور۔۔۔۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دِن 60/ پیسے کا اضافہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment