Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 09.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ کووِڈ ٹیکے تیار کرنے کیلئے آئندہ چند ہفتوں میں دوا ساز کمپنیوںکو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔ مرکزی وزارتِ صحت کا عندیہ۔
٭ مراٹھا ریزرویشن معاملے پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت۔
٭ زرعی ترمیمی قوانین کے خلاف مختلف تنظیموں کے معلّنہ بھارت بند کا ملا جلا اَثر۔
٭ کسانوں کو دِن میں بجلی فراہمی کیلئے کوششیں جاری۔ وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ ریاست میں کل کورونا مریضوں کی تعداد میں 4 ہزار 26 کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں 14 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد کے تمام سیاحتی مراکز کل 10 دسمبر سے سیاحوں کیلئے کھول دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
کووِڈ ٹیکوں کی تیاری کیلئے آئندہ چند ہفتوں میں متعلقہ دواساز کمپنیوں کو اجازت نامے جاری کرنے کا اشارہ مرکزی وزارت ِ صحت نے دیا ہے۔ سیکریٹری برائے صحت ِ عامہ راجیش بھوشن نے کل دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے تدارک کیلئے ٹیکوں کی تیاری اور اسے ہر شہری تک پہنچانے کیلئے منصوبہ تیار ہے۔ پونا کے سیرم انسٹیٹیوٹ‘ حیدرآباد کے بھارت بائیو ٹیک اور امریکی فائزر کمپنی نے ٹیکوں کے ہنگامی استعمال کی مرکزی حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کے پہلے مرحلے میں تین کروڑ طبّی اہلکاروں کو ویکسین دینے کیلئے سرد خانو ںکا موجودہ نظام فعال ہے اور اس سرد خانوں میں ویکسین کا اضافی ذخیرہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ انھوںنے مزید کہا کہ کورونا کے تدارک کیلئے ویکسین صرف مرکز یا ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ عوام کو بھی اس کیلئے بھی پوری طرح تعاون کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقے کے تحت مراٹھا ریزرویشن پر عدالت ِ عظمیٰ کے جاری کردہ عبوری حکم ِ التواء پر آج عدالت ِ عظمیٰ کی آئینی بینچ سماعت کرے گی۔ اس حکمِ التواء کے باعث طلبہ کے داخلوں کا عمل اور نوکری میں بھرتیوں کا عمل بھی متاثر ہو اہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے درخواست گذار وِنود پاٹل نے اُمید ظاہر کی ہیکہ آج سماعت کے بعد ریزرویشن پر سے یہ اسٹے ہٹالیاجائیگا اور مراٹھا سماج کو انصاف ملے گا۔
***** ***** *****
زرعی ترمیمی قوانین کیخلاف مختلف جماعتوں اور تنظیموں کے کل معلّنہ بھارت بند کا ملا جلا اثر دیکھنے کو ملا۔ کئی تنظیموں نے اس بند کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مختلف طریقوں سے زرعی قوانین کی مخالفت کی‘ جبکہ چند ایک تنظیموں نے اپنے کام کاج کھلے رکھے۔ چند معمولی واقعات کو چھوڑ کر تمام تنظیموں نے پُرامن مظاہرے کیے۔
اورنگ آباد شہرمیں بند جزوی رہا۔ ضلع کے پیٹھن‘ سلوڑ اور دیگر تعلقوں میں بند کا زیادہ اثر ہوا۔ تاہم ویجا پور تعلقے میں کاروبار کھلے تھے۔ اورنگ آباد شہر کے دِلّی گیٹ کے قریب بائیں جماعتوں کے مظاہرین کو پولس نے حراست میں لے لیا۔
بیڑ ضلع میں کل صبح مسافر بردار بسیں بند تھیں تاہم دیگر اضلاع کی بسوں کی آمد و رفت جاری تھی۔ بیڑ شہر سمیت ضلع بھر میں کل بازار تاخیر سے کھلے۔ لاتور ضلع میں ضروری خدمات کے سوا دیگر کام کاج پوری طرح بند رکھے گئے۔ کانگریس‘ راشٹروادی کانگریس اور شیوسینا سمیت مختلف کسان مزدور تنظیموں نے اس بند میں حصہ لیا۔ پربھنی شہر میں بند کا زیادہ اثر ہوا۔ بھاجی ترکاری فروشوں سے لیکر دیگر تاجر طبقے تک ہر ایک نے اس بند میں حصہ لیا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہیکہ شہر کے بازاروں میں سناٹا چھایا ہوا تھا۔ جالنہ میں کانگریس کی جانب سے ٹووہیلر ریلی نکالی گئی۔ ونچت بہوجن آگھاڑی نے ماما چوک پر راستہ روکو مظاہرہ کیا۔ ریاست کے عثمان آباد‘ شولا پور‘ سانگلی‘ بلڈانہ، ایوت محل‘ دھولیہ، احمد نگر اور دیگر اضلاع سے بھی بند کے جزوی طو رپر کامیاب ہونے کی اطلاعات ہیں۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیرِ محصول باڑا صاحب تھورات نے کہا ہے کہ زرعی ترمیمی قوانین کی کسانوں کی جانب سے کی جارہی مخالفت اب عوامی تحریک بن چکی ہے اور ان قوانین کی منسوخی تک یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔ کل ممبئی میں بالا صاحب تھورات کی زیرِ قیادت مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں تعمیرات ِ عامہ کے وزیر اشوک چوہان اور وزیرِ توانائی نتن رائوت سمیت ریاستی کابینہ کے متعدد وزراء شریک تھے۔
***** ***** *****
بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکنِ اسمبلی چندر کانت پاٹل نے کہا ہے کہ زرعی قوانین کے خلاف کل کا احتجاجی بند یقینی طو رپر کسانوں کی تحریک نہیں تھی۔ کل کولہاپور میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت بند کامیاب تھا یا نہیں یہ دیکھنے کی بجائے یہ معلوم کیا جائے کہ اس بند میں کتنے کسان راستوںپر اُترے۔ مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے الزام عائد کیا ہے کہ حزبِ اختلاف زرعی قوانین سے متعلق کسانوں میں غلط فہمی پیدا کررہا ہے۔ مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا ہیکہ یہ قوانین کسانوں کے خلاف نہیں ہیں او ران قوانین کی مخالفت کرنے والوں کو اپنا مؤقف آئندہ پارلیمانی اجلاس میں پیش کرنا چاہیے۔ وہ کل کولہا پور میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
آیوروید پوسٹ گریجویٹ نصاب میں عمل ِ جراحی کے 58 باب شامل کیے جانے کی مذمت میں انڈین میڈیکل اسوسی ایشن آئندہ 11 دِسمبر کو ضروری خدمات کو چھوڑ کر طبّی کام کاج بند رکھے گی۔ تنظیم کی مجلس ِ عاملہ کی رُکن ڈاکٹر جیوتی چڑگپکر نے شولاپو رمیں یہ اعلان کیا۔ سینٹرل کونسل آف انڈین میڈیسن آیوروید نصاب میں عمل ِ جراحی کی شمولیت واپس لے۔ نیز مکسوپیتھی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں قومی طبّی کمیشن کی تمام چار کمیٹیاں برخاست کی جائیں۔ یہ مطالبہ میڈیکل اسوسی ایشن نے کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دادا بھوسے نے تیقن دیا ہے کہ زراعت کیلئے دِن میں بجلی فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ کل احمد نگر میں ایک پروگرام سے آن لائن خطاب میں وزیرِ موصوف نے کہا کہ کسانوں کو دِن میں 8 گھنٹے بجلی کی فراہمی اور قطرہ قطرہ آبپاشی کو 80 تا 90 فیصدامداد کی تجاویز زیرِ غور ہیں اور ان پر عنقریب مثبت فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ستارا ضلع کی کراڑ جنتا سہکاری بینک کا بینکاری اجازت نامہ ریزرو بینک آف انڈیا نے منسوخ کردیا ہے۔ اجازت نامے کی تنسیخ کے بعد امدادِ باہمی کمشنر نے بینک کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے اورنگ آباد گریجویٹس حلقہ انتخاب سمیت 5 حلقوں سے منتخب نئے ارکان نے کل ایوان کی رُکنیت کا حلف اٹھایا۔ کونسل کے چیئرمین رام راجے نمبالکر نے ان ارکان کو حلف دلایا۔ ان نومنتخبہ ممبران میں ستیش چوہان‘ ابھیجیت ونجاری‘ ارون لاڈ‘ جینت آسگائونکر اور کرن سرنائیک شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 4 ہزار 26 نئے کورونا کے مریض پائے گئے۔ اس طرح اب ریاست میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 18 لاکھ 59 ہزار 367 ہوگئی ہے۔ کل ریاست میں دورانِ علاج 53 افراد کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح مہلوکین کی کُل تعداد 47 ہزار 827 ہوگئی۔ مراٹھواڑہ میں کل 14 کورونا مریضوں کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ 267 نئے مریض سامنے آئے۔ بیڑ ضلع میں 5‘ لاتور اور ناندیڑ میں 3-3 اور اورنگ آباد‘ جالنہ اور پربھنی ضلع میں ایک۔ ایک شخص انتقال کرگیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے اجنتا‘ ایلورہ اور دولت آباد کے قلعے سمیت تمام سیاحتی مقامات 10 دسمبر سے سیاحوںکیلئے کھول دئیے جائیں گے۔ اس خصوص میں ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے متعلقہ افراد کو رہنماء خطوط اور ضوابط کی پابندی کی تلقین کی ہے۔ کل ضلع کلکٹر دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں انھوںنے کہا کہ ان تمام مقامات پر سیاحوں کو محدود داخلہ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین کھیلے گئے تیسرے T-20 کرکٹ میچ میں آسٹریلیاء نے بھارت کو 12 رنوں سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں 186 رَن بنائے‘ جواب میں بھارت کی ٹیم 20 اووروں میں 174 رَن ہی بناسکی۔ بھارت نے یہ سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ کووِڈ ٹیکے تیار کرنے کیلئے آئندہ چند ہفتوں میں دوا ساز کمپنیوںکو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔ مرکزی وزارتِ صحت کا عندیہ۔
٭ مراٹھا ریزرویشن معاملے پر آج عدالت ِ عظمیٰ سماعت کریگی۔
٭ زرعی ترمیمی قوانین کے خلاف مختلف تنظیموں کے معلّنہ بھارت بند کا ملا جلا اَثر۔
٭ کسانوں کو دِن میں بجلی فراہمی کیلئے کوششیں جاری۔ وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ ریاست میں کل کورونا مریضوں کی تعداد میں 4 ہزار 26 کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں 14 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ اورنگ آباد کے تمام سیاحتی مراکز کل 10 دسمبر سے سیاحوں کیلئے کھول دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment