Thursday, 21 December 2023

Text - آکاشوانی چھترپتی سنبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 دسمبر 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 21 December-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۱؍دسمبر  ۲۰۲۳ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭              فوجداری قوانین میں تبدیلی کرنے والے تین بل لوک سبھا میں منظور۔

                ٭              ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا اختتام۔ مثبت اور عوام کے مفادات میں فیصلے لینے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا دعویٰ۔

                ٭              کرشنات کھوت کے ناول رِنگان ساہتیہ اکادمی ایوارڈ منتخب‘ قومی کھیل ایوارڈز کا بھی اعلان۔

اور           ٭              تلجابھوانی دیوی کے مندر میں زیورات چوری کے معاملے میں چار پجاریوں سمیت سات ملزمین کے خلاف مقدمہ درج۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                لوک سبھا میں کل فوجداری قوانین سے متعلق تین ترمیمی بل منظور کیے گئے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے ان ترمیمی بلوں پر بحث کا جواب دیتے ہوئےکہا کہ برطانوی دور کے فراہمی انصاف قانون، شہری تحفظاتی قانون اور گواہی سے متعلق قوانین کے مسودہ کو منسوخ کرکے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے نئے بل تیار کیے گئے ہیں۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ نئے قانون میں دہشت گردی کی واضح تشریح کی گئی ہے، اور ہجومی تشدد کے معاملات میں موت کی سزا دیئے جانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

                علاوہ ازیں کل لوک سبھا میں ٹیلی کمیونیکیشن بل بھی منظورکیا گیا۔ جبکہ گڈز اینڈ سروس ٹیکس یعنی GST ترمیمی بل کی راجیہ سبھا میں منظوری کے بعد لوک سبھا میں منظور کیا گیا۔

                دریں اثنا، لوک سبھا میں کل مزید دو ارکانِ پارلیمنٹ کومعطل کر دیا گیا۔

***** ***** *****

                ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا کل اختتام ہوگیا۔ اسمبلی کا آئندہ بجٹ اجلاس 26 فروری 2024 سے ممبئی میںشروع ہوگا۔ اختتام پذیر سرمائی اجلاس میں قانون ساز کونسل کے دس اجلاس میں 71 گھنٹے سے زیادہ کام کاج ہوا اوراس دوران قانون ساز اسمبلی میں منظور شدہ 14 بلوں کو قانون ساز کونسل نے منظوری دے دی۔ اسی طرح قانون ساز اسمبلی میں سرمائی اجلاس کے دوران دس اجلاس میں تقریباً 101 گھنٹے اور 10 منٹ ایوان کی کارروائی چلی۔ اس دوران 18 بل منظور کئے گئے۔

                وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سرمائی اجلاس سے متعلق صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس اجلاس میں مثبت اور عوام کے مفاد میں فیصلے لیے گئے۔ سرمائی اجلاس کے بعد وزیرِ اعلیٰ ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلی اجیت پوار بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ شندے نے اجلاس میں منظور کیے گئے بلوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ۔ اس اجلاس میں ودربھ کیلئے بھی اہم فیصلے لیے گئے،انھوں نے بتایا کہ 29 سینچائی پروجیکٹوں کیلئے فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور پیاز کیلئے مہابنک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مراٹھا ریزرویشن جیسے اہم اور حساس مسئلے پر بھی اجلاس میں مثبت طور پر بحث کی گئی ہے اور حکومت کسی بھی دوسرے طبقے کے ساتھ ناانصافی کیے بغیرمراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کے وعدے پر قائم ہے ۔

                قبل ازیں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اسمبلی میں ہفتۂ آخر کی تجویز کا جواب دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے دو ر میں اسکولی تعلیم کے معیار میں آئی پستی کو سدھارنے کیلئے ہماری حکومت کوشاں ہے ‘ اور اسی مقصد کے تحت مختلف تعلیمی سرگرمیوں کو شفاف طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سب کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین بھی کی۔

                دریں اثنا اسمبلی اجلاس میں ہفتۂ آخر کی تجویز پر بحث کرتے ہوئے حزب ِ اختلاف کے رہنما وجے وڑیٹیوار، جینت پاٹل اور جتیندر اوہاڑ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف امباداس دانوے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سرمائی اجلاس میں کسانوں، مزدوروں اور عوام کے مفادات کے بارے میں کوئی اعلان نہ کرنے اور ودربھ سمیت ریاست کے عوام کے مسائل سے چشم پوشی کرنے کا الزام عائد کیا۔

***** ***** *****

                شے گائوں۔ پنڈھر پور قومی شاہراہ پر جالنہ اور بیڑ ضلعے میں پُلوں کے زیرِ التوا کام ایک مہینے میں شروع کرنےکے احکامات متعلقہ کانٹریکٹر کو دئیے جانے کی اطلاع ریاستی وزیر شمبھو راجے دیسائی نے دی۔ وہ اسمبلی اجلاس میں توجہ دلائو تحریک کا جواب دے رہے تھے۔

***** ***** *****

                شیوسینا ارکانِ اسمبلی کی نااہلی سے متعلق جاری سماعت کل مکمل ہوگئی۔ اس معاملے میں تمام قانونی نکات کا مطالعہ کرنے اور تمام نکات پر غور کرنے کے بعد مناسب فیصلہ کیا جائےگا۔ اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ یہ فیصلہ ریاست میں ممانعت ِ پارٹی تبدیلی قانون کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔

***** ***** *****

                ساہتیہ اکادمی کے سال 2023 کے ایوارڈ کا کل اعلان کردیا گیا۔ مصنف کرشنات کھوت کے ناول ’’رِنگان‘‘ کو مراٹھی زبان کے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ کھوت نے اپنے ناول ’’رِنگان‘‘ میں بے گھر افراد کی زندگی کی عکاسی کی ہے۔

***** ***** *****

                ریاست کے طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف نے کل ناگپور میں کووِڈ اُنیس سے متعلق جائزاتی میٹنگ لی۔اس موقع پر انھوں نے ریاست کے تمام سرکاری طبّی کالج اور اسپتالوں میں طبّی آلات اور مشنری کو تیار رکھنے کا حکم جاری کیا۔

                دریںاثنا تھانہ میں ایک 19 سالہ شخص کورونا سے متاثر پایا گیا‘ جبکہ سندھو دُرگ ضلعے میں کورونا کی نئی شکل جے وَن سے متاثرہ ایک مریض پایا گیا۔

                چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے بھی کورونا کے ضمن میں محکمہ صحت کی ایک جائزاتی میٹنگ کی اور طبّی محکمے کو ضرو ری ہدایات دیں۔ میونسپل صحت افسر ڈاکٹر پارَس منڈلیچا نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انھوںنے عوام سے سردی‘ بخار‘ کھانسی کی شکایت ہونے پر فوری ڈاکٹرس سے رجوع کرنے اور جانچ کروانے سمیت بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کرنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی اپیل بھی کی۔

                کووِڈ 19- کے پس منظر میں لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکرگھوگے نے بھی شہریوں سے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔

***** ***** *****

                اس سال کے قومی کھیل ایوارڈز کا کل اعلان کیا گیا۔ بہترین کھلاڑی کیلئے میجر دھیان چند کھیل رَتن ایوارڈ بیڈمنٹن کھلاڑی چراغ شیٹی اور ساتوِک سائی راج رانکی ریڈی کی جوڑی کو جبکہ دھیان چند جیون گورو ایوارڈ بیڈ منٹن کھلاڑی منجوشا کماری کو‘ ہاکی کیلئے وِنِت کمار شرما اور کبڈی کیلئے کویتا سیلو راج کا انتخاب کیا گیا ہے۔

                ملّ کھامب کوچ گنیش دیورُکھکر سمیت پانچ کھیلوں کے کوچ کو درونا چاریہ ایو ارڈ جبکہ 26 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس میں کرکٹ کھلاڑی محمد شمیع‘ تیر انداز اَوجس دیوتڑے‘ آدیتی سوامی‘ مکّے باز سشیل کمار شامل ہیں۔ اَوجس کے والد نے آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے ایوارڈ کیلئے منتخب کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

***** ***** *****

                دھارا شیو ضلعے کے تلجابھوانی دیوی مندر میں زیورات کی چوری کے معاملے میں چار منتظمین سمیت سات ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مندر کے قدیم زیورات کی کئی سالوں بعد گنتی کی گئی‘ جس میں مندر کے قیمتی زیورات غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔ قانون ساز کونسل کی ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر نیلم گورہے نے اس سے متعلق مقدمہ درج کرنے کے احکامات دئیے تھے۔

***** ***** *****

                ترقی یافتہ بھارت سنکلپ یاترا کو عوام کی حمایت مل رہی ہے۔ ’’میری کہانی‘ میری زبانی‘‘ کے تحت کئی لوگوں نے حاصل شدہ سہولیات سے متعلق اظہارِ خیال کیا۔

***** ***** *****

                بزرگ سماجی کارکن میدھاپاٹکر آج ناندیڑ کا دورہ کریں گی۔ اس مناسبت سے لینڈی پروجیکٹ کے مقام پر عوام سے گفت و شنید کا اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ اس دوران میدھاپاٹکر گذشتہ 38 سال سےزیرِ التوائ لینڈی پروجیکٹ کے متاثرین سے گفتگو کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں گی۔

ؕ***** ***** *****

                دھارا شیو میں آئندہ 24 تا 26 دسمبر کے درمیان سب جونیئر زمرہ کے ریاستی سطح کی تیر اندازی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس ٹورنامنٹ میں ریاست بھر سے 750 تیر انداز حصہ لینے کی اطلاع ضلع تیر اندازی تنظیم کے صدر رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے دی ہے۔

***** ***** *****

                ناندیڑ ضلعے میں بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول اسکیم کے تحت ’’وزیرِ اعلیٰ میرا اسکول‘ خوبصورت اسکول‘‘مہم شروع کی گئی ہے۔  تعلیمی افسر ڈاکٹر سویتا بِرگے نے بتایا کہ اس مہم کے تحت اسکولوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کی مختلف سرگرمیاں چلائی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

                جالنہ ضلعے کے عنبڑ تعلقے کے وڑی گودری میں انکش نگر شکر کارخانہ کے نزدیک سڑک حادثے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر سے بیڑ جانے والی تیز رفتار کار کارخانے کے سامنے کھڑے کنٹینر سے ٹکرانے پر یہ حادثہ پیش آیا۔

***** ***** *****

                چھترپتی سمبھاجی نگر کے عام خاص میدان پر آئندہ 2 جنوری سے آئی جے ایف فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ فیسٹیول کے منتظم بلال جلیل نے کل منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ اس فیسٹیول میں کرکٹ اور فٹ بال کے مقابلوں سمیت کُل ہند مشاعرہ اور فوڈ فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جائےگا۔

***** ***** *****

                ناندیڑ ضلع میں کل پیش آئے دو الگ الگ حادثات میں ایک پولس اہلکار کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر ایک حادثے میں ایک پولس جوان زخمی ہوگیا۔ ناندیڑ ضلع پولس دفتر میں برسرِ خدمات تکارام جائےبھائے کو لوہیا سے ناندیڑ لوٹنے کے دوران قومی شاہراہ پر کارے گاؤں میں ایک حادثہ پیش آیا‘ جس میں اُن کی موت ہو گئی۔ جبکہ دوسرے حادثے میں لکشمن سوریہ ونشی جو بلولی تعلقہ کے رام تیرتھ تھانے میں تعینات ہیں‘حادثہ کا شکار ہوکر زخمی ہو گئے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭              فوجداری قوانین میں تبدیلی کرنے والے تین بل لوک سبھا میں منظور۔

                ٭              ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا اختتام۔ مثبت اور عوام کے مفادات میں فیصلے لینے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا دعویٰ۔

                ٭              کرشنات کھوت کے رِنگان ناول کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کا اعلان‘ قومی کھیل ایوارڈز کا بھی اعلان۔

اور           ٭              تلجابھوانی دیوی کے مندر میں زیورات چوری کے معاملے میں چار پجاریوں سمیت سات ملزمین کے خلاف مقدمہ درج۔

***** ***** *****

                اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

                 اس خبرنامے کو آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جا سکتا ہے۔

***** ***** *****

 

 

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 04.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 04 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...