Monday, 13 February 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 13  February  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۱۳؍ فروری  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۵: ۸  -  ۴۰ :۸
***********************
 خواتین کو عزت و اِحترام کے ساتھ رِیزرویشن دِیا جائے۔ یہ بات لوک سبھا اِسپیکر سُمترا مہاجن نے کہی ہے۔ آندھرا پردیش کے اَمراوتی شہر میں خواتین اَراکینِ پارلیمان کی قومی کانفرنس کے اِختتامی اِجلاس سے وہ کل مخاطب تھیں۔ اُنھوں نے خواتین رِیزرویشن کو وَقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اِس کی مخالفت کرنے والوں پر زبردست نکتہ چینی کی۔ اُنھوں نے کہا کہ خواتین کا اِستحکام یعنی مردوں کی مخالفت نہیں ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ خواتین کُل آبادی کا نصف حصہ ہے۔ اُن کی ترقی کے لیے اِقدامات کی ضرورت پر بھی مہاجن نے زور دِیا۔
---------------------------------
 کل سے ملک بھر میں قومی پیداوار ہفتہ منایا جارَہا ہے۔ ملک بھر میں اَعلیٰ دَرجہ کی پیداوار کے فروغ کے مقصد سے ہر سال 12/ تا 18/ فبروری کے دَرمیان یہ ہفتہ منایا جاتا ہے۔ اِس ہفتہ میں پیداوار سے متعلق تربیتی پروگرامس‘ وَرک شاپ‘ مضمون نویسی مقابلوں اَور بحث و مباحثوں کا اِنعقاد کیا جاتا ہے۔ اِس سال اِس ہفتہ میں کچرے کے دوبارہ بہتر اِستعمالات سے متعلق معلومات کی فراہمی پر زور دِیا جائے گا۔
---------------------------------
 جمّوں و کشمیر کے کُلگام ضلع کے ناگ بل قصبہ میں کل بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دَوران 4/ دَہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اِس کاروائی میں اِنڈین نیشنل رائفل کے دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔ ایک مقامی لڑکا بھی اِس آپریشن کی زَد میں آجانے سے ہلاک ہوگیا۔ ایک میجر سمیت تین فوجی جوان زَخمی ہوئے ہیں۔ چاروں مہلوک دَہشت گرد لشکرِ طیّبہ اَور حزب المجاہدین سے متعلق تھے۔
---------------------------------
 آئندہ 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگُنا کرنے کے نکتۂ نظر سے حکومت کی تشکیل شدہ کمیٹی زَرعی شعبہ سے متعلق بڑی اِصلاحات کی سفارِشات پر غور کررَہی ہے۔ کمیٹی کے صدر اَشوک دَلوی  نے کل حیدرآباد میں کہا کہ کمیٹی کاشت کے دَوران اَخراجات کم کرنے اَور پیداوار میں اِضافے کے لیے کچھ تجاویز پیش کرے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ زِراعت سے مربوط تجارتیں جیسے حیوانوں کی خانہ نشینی وَغیرہ نفع بخش تجارتوں کے لیے بھی ایک لائحہ عمل دِیا جائے گا۔ یہ بات بھی جناب دَلوی نے کہی ہے۔
---------------------------------
 آئندہ سال مرکزی حکومت تقریباً دو لاکھ 86/ ہزار اَسامیوں پر ملازِمتیں دَستیاب کریگی۔ P.T.I. کے ذَرائعوں سے موصولہ اِطلاع میںیہ بات کہی گئی ہے۔ اِن ملازِمتوں کی دَستیابی سے متعلق بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے۔ پولس محکمہ‘ محکمۂ اُمورِ خارِجہ‘ صلاحیتوں میں فروغ اَور وزارتِ صنعت اَور محکمۂ پوسٹ وَغیرہ میں یہ ملازِمتیں دَستیاب کروائی جائیں گی۔
---------------------------------
 شادی شدہ بہن کو سسرالی رِشتہ داروں کی طرف سے ملنے والی ملکیت پر اس کا بھائی وِراثت کا حقدار نہیں ہوسکتا۔ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے میں یہ بات کہی گئی ہے۔ ہندو حق وِراثت قانون کے تحت بھائی شادی شدہ بہن کا وارِث یا اس کے خاندان کا فرد نہیں ہوسکتا۔ عدالت نے کہا ہے کہ اَگر مرنے والی خاتون لاوَلد ہوتو حقِ وِراثت اس کے شوہر کے دیگر وارِثوں کو مِل سکتا ہے۔
---------------------------------
 رِیاست میں میونسپل کارپوریشن اَور ضلع پریشد و پنچایت سمیتی چنائو کی تواریخ قریب آتی جارَہی ہے۔ اِنتخابی تشہیری مہم میں سبھی سیاسی جماعتیں پورا پورا زور لگارَہی ہے۔ اُمیدواروں کے ساتھ ساتھ پارٹی قائدین اَور کارکن تشہیر میں جٹے ہوئے ہیں۔ قائدین اَور وزراء کے تشہیری میدان میں اُتر جانے سے سیاسی جماعتوں پر اِلزام تراشی اَور جوابی کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی اَور شیوسینا ایک دوسرے پر تند و تیز حملوںمیں مصروف ہیں۔ وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر فرنویس اَور شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کے دَرمیان کل نوٹ بندی کے فیصلے پر زَبردست سرد جنگ دیکھنے کو ملی۔ نیشنلسٹ پارٹی کے صدر شرد پوار نے بھی کل ممبئی میں میونسپل اِنتخابات کی تشہیر کے دَوران شیوسینا اَور بی جے پی پر زور دار نکتہ چینی کی۔
---------------------------------
 مراٹھواڑہ میں ضلع پریشد اَور پنچایت سمیتی چنائو پہلے مرحلے میں آئندہ 16/ تاریخ کو ہونے والے ہیں۔ رِیاست کی تقریباً سبھی بڑی سیاسی پارٹیاں تنہا اِنتخابات لڑرَہی ہیں۔ لہٰذا سبھی جماعتوں کی تشہیر کا زوردار سلسلہ جاری ہے۔ کل وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر فرنویس نے لاتور میں بی جے پی اُمیدواروں کے تشہیری جلسے سے مخاطبت میں کہا کہ رِیاستی حکومت نے کسانوں کی ترقی کے لیے نانا جی دیشمکھ زَرعی خوشحالی پروجیکٹ تیار کیا ہے۔ وَزیرِ اَعلیٰ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ پورے ملک کے لیے سنگ ِ میل ثابت ہوگا۔
 کانگریس کے سابق وَزیرِ اَعلیٰ نارائن رانے ‘ اَسمبلی میں حزبِ اِختلاف رَہنما رادھا کرشن وِکھے پاٹل اَور بی جے پی کے وَزیر ببن رائو لونیکر نے کل اَورنگ آباد ضلع کا تشہیری دَورہ کیا۔
 پنکجا منڈے اَور اَسمبلی کے اَیوانِ بالا میں حزبِ اِختلاف قائد دھننجے منڈے بیڑ ضلع میں اَپنی اَپنی پارٹی کے اُمیدواروں کی تشہیر کررَہے ہیں۔
 مراٹھواڑہ کے سبھی اَضلاع میں سیاسی جماعتوں کے قائدین پوری طاقت کے ساتھ تشہیری مہم میں لگے ہوئے ہیں۔
---------------------------------

No comments: