Friday, 23 November 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 23.11.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 23 November 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲۳؍ نومبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
تمام ملک کے شہریوں کو پائپ کنکشن کے ذریعے سے گھریلو استعمال کی گیس تقسیم کرنے کی اہم اسکیم کا افتتاح کل وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں نئی دلّی میں عمل میں آیا۔ تمام ملک کے 129/ اضلاع میں اس اسکیم پر عمل درآمد کیا جائیگا۔ اس کے تحت ریاست کے اورنگ آباد‘ لاتور‘ عثمان آباد‘ دھولیہ‘ ناسک‘ سانگلی‘ ستارا اور سندھو دُرگ اضلاع شامل ہیں۔ لاتور میں رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر سنیل گائیکواڑ‘ احمد نگر میں رکنِ پارلیمنٹ دلیپ گاندھی کی موجودگی میں اس اسکیم کا افتتاح ہوا۔
***** ***** ***** 
مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں پچھڑے ہوئے طبقات کمیشن رپورٹ کی سفارشات حکومت نے قبول کرلی ہے۔ اس ضمن میں غلط فہمی نہ ہو، یہ بات وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز اسمبلی میں کہی۔ دیگر پچھڑے ہوئے طبقات‘ OBC سماج کے ریزرویشن کو دھکا نہ لگاتے ہوئے مراٹھا سماج کے ریزرویشن مطالبے کو انصاف دینے کا رول حکومت نے اختیار کیا ہے۔ اس کی وضاحت انھوں نے کی۔ اسمبلی کے اجلاس میں کل تیسرے دِن بھی مخالفین نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے مراٹھا سماج کے ریزرویشن کے سلسلے میں پچھڑے ہوئے طبقات کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ حزبِ مخالف پارٹی رہنما رادھا کرشن وکھے پاٹل سمیت دیگر اراکین نے مراٹھا ریزرویشن کے ساتھ دھنگر سماج کے ریزرویشن کا سوال اٹھایا۔ اراکین کی جانب سے ریزرویشن کے مطالبے سمیت آدیواسی شیتکری مورچہ‘ خودکشی متاثرہ کسانوں کی بیوائوں کا احتجاج اور خشک سالی سے متاثرہ کی امداد کے سوالات پر ہنگامہ آرائی جاری رہنے کی وجہ سے اسپیکر ہری بھائو باگڑے نے ایوان کی کاروائی پیر تک ملتوی کردی۔
 قانون ساز کونسل میں ان ہی مسائل پر ہنگامہ جاری رہنے کی وجہ سے کام کاج ملتوی کرنا پڑا۔ اس ہنگامہ آرائی میں دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کو عمر قید کی سزا کا بل منظور کرلیا گیا۔ اس کے تحت اب دودھ‘ اسی طرح دیگر خوراک کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے کا جرم غیر ضمانتی ہوگا۔
***** ***** *****
 مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں پچھڑے ہوئے طبقات کمیشن کی سفارشات پر آئینی کاروائی کرنے کیلئے محصول وزیر چندر کانت پاٹل کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دینے کے ضمن میں حکومت کا فیصلہ کل جاری کیا گیا۔ ریاستی کابینہ نے رپورٹ کی سفارشات مکمل طور پر قبول کرکے سب کمیٹی قائم کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ کابینی سب کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ اسی طرح غور و خوص کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق ماہرین‘ آئینی مشیر اور افسران کو مدعو کرنے کا اختیار سب کمیٹی کو دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 ریاست میں اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں‘ اسے فوراً پُر کیا جائے۔ ایسا مطالبہ مراٹھواڑہ گریجویٹ حلقۂ انتخاب کے رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے کل قانون ساز کونسل میں کیا۔ رکنِ اسمبلی وِکرم کاڑے‘ کپل پاٹل نے تدریسی اور غیر تدریسی ملازمین کے مسائل کے سلسلے میں ایوان میں توجہ دلائی تھی۔
***** ***** ***** 
 دسویں اور بارہویں کے اس سال کے سالانہ امتحانات کا نظام الاوقات کل مہاراشٹر ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے ظاہر کیا۔ بارہویں کے امتحانات 21/ فروری سے 20/ مارچ 2019 کے درمیان اور دسویںکے امتحانات یکم مارچ سے 22 / مارچ 2019 کے درمیان ہونگے۔ مصدقہ نظام الاوقات بورڈ کی ویب سائٹ پر مہیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی میں ریاستی ریزرو پولس فورس۔ SRP بھرتی گھپلے کے سلسلے میں اَپّر پولس سپرنٹنڈنٹ نامدیو مٹھے واڑ کو کل حراست میں لیا گیا اور انہیں پانچ یوم کی پولس کسٹڈی کا حکم صادر کیا گیا۔ مٹھے واڑ نے بیس افراد کے مارکس میں اضافہ کرکے نوکری دینے کا معاملہ گذشتہ ماہ افشاء ہوا تھا۔
***** ***** *****
ناندیڑضلع کے کنوٹ اور گوکندا میں سگریٹ اور دیگر تمباکو کی اشیاء فروخت کرنے کے پابندی قانون کے تحت 27/ تمباکو فروخت کرنے والوں سے 16/ ہزار 350/ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ناندیڑ ضلع اسپتال کے قومی تمباکو کنٹرول یونٹ کو حاصل ہوئی معلومات کے تحت یہ کاروائی کی گئی۔
***** ***** *****
 ناسک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر تکارام منڈے کا منترالیہ میں پلاننگ محکمہ میں اسٹنٹ سیکریٹری کے عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ عثمان آباد کے ضلع کلکٹر رادھا کرشن گمے کا تقرر کیا گیا ہے۔ کل منڈے کے تبادلے کے سلسلے میں حکم حاصل ہونے کے بعد ناسک کے ضلع کلکٹر رادھا کرشن بی کو کام کاج سپرد کردیا گیا۔
***** ***** ***** 

No comments: