Tuesday, 2 March 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 02.03.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 March-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ مارچ  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی کابینہ کی سفارش شدہ 12  ارکان کی قانون ساز کونسل میں نامزدگی کے بعد آئینی ترقیاتی بورڈ کا اعلان کیا جائیگا: نائب وزیرِ
اعلیٰ اجیت پوار۔
٭ قانون ساز کونسل ارکان کی نامزدگیوں کیلئے ودربھ اور مراٹھواڑہ کی عوام کو یرغمال نہ بنایا جائے: حزبِ
اختلاف کا مطالبہ۔
٭ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کانگریس کا سائیکل آندولن۔
٭ بزرگ شہریوں اور 45 سال سے زائد عمر کے امراضِ کہنہ میں مبتلا افراد کی کووِڈ ٹیکہ اندازی کا آغاز۔ نائب صدر‘ وزیرِ اعظم اور شرد پوار نے
کورونا تدارک کے ٹیکے لیے۔
٭ ریاست میں کورونا کے 6 ہزار 397 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 8  افراد کی موت۔
اور۔۔٭ ہنگولی ضلع میں ایک ہفتہ طویل سخت کرفیو کا نفاذ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ قانون ساز کونسل میں نامزدگی کیلئے کابینہ کی جانب سے 12  اراکین کی سفارش کے بعد ہی آئینی ترقیاتی بورڈ کا اعلان کیا جائیگا۔ وہ کل اسمبلی میں ان بورڈز کے قیام سے متعلق حزبِ اختلاف کی جانب سے اُٹھائے گئے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کے اس مؤقف کے بعد حزبِ اختلاف کے ارکان نے اس کی شدید مخالفت کی۔ اجیت پوار نے وضاحت کی کہ ودربھ اور مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے آئینی ترقیاتی بورڈرکے قیام کو ریاستی حکومت لازمی سمجھتی ہے اور آئندہ مالی بجٹ میں ان بورڈز کو موجود سمجھ کر ہی ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایاکہ کوکن اور شمالی مہاراشٹر کیلئے علیحدہ خود مختار آئینی ترقیاتی بورڈز کے قیام کیلئے مرکزی حکومت کو تجاویز ارسال کی جاچکی ہیں۔ اجیت پوار کے اس اعلان کے بعد حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ قانون ساز کونسل میں ارکان کی نامزدگی گورنر اور حکومت کا معاملہ ہے اور اس کیلئے ودربھ اور مراٹھواڑہ کی عوام کو یرغمال نہ بنایا جائے۔ اس کے بعد حزبِ اختلاف کے ارکان نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔
***** ***** *****
اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خطبے سے آغاز ہوا۔ گورنر نے اپنے خطبے میں کورونا کے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کی تفصیل پیش کرتے ہوئے وباء کیخلاف جدوجہد کرنے والے صف ِ اوّل میں شامل افرادکی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے شہریوں کو انصاف کی فراہمی حکومت کی پابندی ہے۔ اپنے خطاب میں گورنر نے کمزور معیشت‘ کسانوں کی مالی امداد‘ محصولات میں کمی‘ آفاتِ سماوی‘ مختلف امدادی فنڈز کی مد میں ریاستی حکومت کی جانب سے 15 ہزار کروڑ روپئے کی مدد اور دیہی معیشت کے فروغ کیلئے کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
کانگریس کے بھائی جگتاپ نے گورنر کے خطاب پر شکریے کی تحریک پیش کی‘ جس کی تائید وکرم کاڑے اور شیوسینا کی منیشا کائندے نے کی۔ اس تحریک پر آج اور کل بحث ہوگی۔ مملکتی وزیرِ خزانہ شمبھو راج دیسائی نے ایوان میں 2020-21 کے ضمنی مطالبات پیش کیے۔
***** ***** *****
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی جانب توجہ مبذول کروانے کیلئے کانگریس کے تمام وزرائ‘ ارکانِ اسمبلی اور دیگر رہنماء کل سائیکل پر ودھان بھون پہنچے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی زیرِ قیادت یہ مظاہرہ کیا گیا۔ منترالیہ کے سامنے مہاتما گاندھی کے مجسّمے سے قریب کانگریس ارکان نے ایندھن کے نرخ میں اضافے کے خلاف مظاہرے میں اپنے ہاتھوں میں مذمتی بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔
اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کانگریس کے اس مظاہرے پر شدید نکتہ چینی کی۔ کل ودھان بھون کے احاطے میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی بہ نسبت مہاراشٹر میں پٹرول فی لیٹر دس روپئے مہنگا ہے۔ مرکزی حکومت پٹرول پر جو ٹیکس وصول کرتی ہے اس کا 42 فیصد ریاست کو ادا کرتی ہے۔ اضافی بجلی بل‘ بجلی کے کنکشن منقطع کرنے‘ اسمبلی اسپیکر کا انتخاب اور پوجا چوہان قتل کیس جیسے معاملات پر بھی پھڑنویس نے سخت تنقید کی۔
***** ***** *****
گذشتہ برس 12  اکتوبر کو ممبئی میں بجلی منقطع ہونے کے معاملے میں مہاراشٹر سائبر کی جانب سے کی گئی تحقیقات کی رپورٹ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے وزیر ِ توانائی نتن رائوت کے سپرد کردی۔ اس ضمن میں منعقدہ ایک اطلاعی کانفرنس میں وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ممبئی کے الیکٹرک انفراسٹرکچر میں چین کی جانب سے مال ویئر نفوذ کیے جانے کا خدشہ ہے۔ انھوںنے بتایا کہ 28 فروری کو امریکی کمپنی نیٹ ورک انالیسس کی جانب سے دی گئی رپورٹ میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ۔
***** ***** *****
ریاست میں ایک ہزار ٹورسٹ گائیڈ تیار کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ برائے سیاحت نے ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاست کے مختلف علاقوں میں سیاحت سے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو سیاحوںکی راہبری کی تربیت مفت دی جائیگی۔ تربیت کے بعد ان امیدواروں کو ریاستی حکومت کی جانب سے ٹورسٹ گائیڈ کا صداقت نامہ دیا جائیگا۔ ان افرادکو ریاست کے مختلف سیاحتی مراکز پر کام کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ شعبۂ سیاحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دھننجے ساوڑکر نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور 45 سال سے زائد عمرکے مختلف امراض میں مبتلا افراد کی کووِڈ ٹیکہ اندازی کا کل سے آغاز ہوا۔ نائب صدرِ جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے چنئی میں‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دہلی میں‘ راشٹروادی کانگریس کے سربراہ رکنِ پارلیمان شرد پوار اور رکنِ پارلیمان سپریہ سڑے نے ممبئی کے جے جے اسپتال میں جاکر کووِڈ سے تدارک کے ٹیکے لیے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کوروناکے 6 ہزار 397 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 21 لاکھ 61 ہزار 467 ہوگئی ہے۔ کل 30 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح اس وباء کے باعث ریاست میں ہلاک ہونے والے افراد کی کُل تعداد 52 ہزار 184 ہوگئی ہے۔ سرِ دست ریاست کے مختلف اسپتالوں میں 77 ہزار 618  افراد زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں 647  افرادکی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 8  افرادکی موت واقع ہوئی۔ جن میں اورنگ آباد ضلع کے 3‘ لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں 2-2  اور پربھنی ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ کل اورنگ آباد ضلع میں 225‘ جالنہ میں 178‘ ناندیڑ میں90‘ بیڑ 52‘ لاتور 41‘ پربھنی 28‘ ہنگولی 24  اور عثمان آباد ضلع میں کورونا کے 8 نئے مریضوں کی موجودگی درج کی گئی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں کل سے ایک ہفتے کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت ہنگولی ضلع کے ایس ٹی بس ڈپو کی تمام بسوں کی آمد و رفت پر حکمِ امتناع نافذ کردیا گیا ہے‘ لیکن بیرون اضلاع جانے والی بسوں پر ان امتناعی احکامات کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ضلع کلکٹر رُچیش جئے ونشی کے احکامات کے مطابق ہنگولی۔ کلمنوری۔ آکھاڑا باڑا پور اور بسمت سے آنے والی تمام بسوں کے مسافروں کی RT-PCR جانچ کی جارہی ہے۔ کل ہنگولی بس اسٹینڈ پر 4  افراد کی جانچ مثبت پائی گئی۔
اسی دوان ضلع کے کووِڈ ٹیکہ اندازی مرکز پر 60 سال سے زائد بزرگ شہریوںاور 45 سال سے زائد عمرکے مختلف امراض میں مبتلا افراد کی ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوا۔ کلمنوری اسپتال میں سابق وزیرِ صحت رجنی ساتو نے کووِڈ سے بچائو کا ٹیکہ لگوایا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں 60 برس سے زائد عمر کے بزرگوں اور امراضِ کہنہ میں مبتلا افراد کی ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوا۔ یہ اطلاع ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر اور ڈسٹرکٹ سول سرجن ڈاکٹر باڑا صاحب ناگر گوجے نے دی۔ اسکے علاوہ لاتور اور بیڑ اضلاع کے ٹیکہ اندازی مراکز پر بھی ویکسین دئیے جانے کا آغاز ہوا۔
***** ***** *****
پربھنی میں کل بغیر ماسک باہر نکلنے والے 114 شہریوں کے خلاف کاروائی کی گئی اور ان سے 23 ہزار 800 روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔ میونسپل کمشنر دیوی داس پوار کی ہدایت پر یہ کاروائی کی گئی۔
***** ***** *****
اورنگ آبادکی ہائیر مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی نامزدگی کے احکامات کو ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ رادھا کشن پٹھاڑے اور دیگر 13  ڈائریکٹرز نے ایک عرضداشت کے ذریعے عدالت ِ عالیہ سے استدعا کی تھی کہ اورنگ آباد مارکیٹ کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی معیاد میں توسیع کی جائے۔ جس پر عدالت نے حکم صادر کیا کہ ریاستی حکومت سابق بورڈ کی معیاد میں توسیع کرے۔ تاہم اس دوران یہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کوئی پالیسی فیصلہ نہیں لے سکتی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر سن لیجیے۔
٭ ریاستی کابینہ کی سفارش شدہ 12  ارکان کی قانون ساز کونسل میں نامزدگی کے بعد آئینی ترقیاتی بورڈ کا اعلان کیا جائیگا: نائب وزیرِ
اعلیٰ اجیت پوار۔
٭ قانون ساز کونسل ارکان کی نامزدگیوں کیلئے ودربھ اور مراٹھواڑہ کی عوام کو یرغمال نہ بنایا جائے: حزبِ
اختلاف کا مطالبہ۔
٭ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کانگریس کا سائیکل آندولن۔
٭ بزرگ شہریوں اور 45 سال سے زائد عمر کے امراضِ کہنہ میں مبتلا افراد کی کووِڈ ٹیکہ اندازی کا آغاز۔ نائب صدر‘ وزیرِ اعظم اور شرد پوار نے
کورونا تدارک کے ٹیکے لیے۔
٭ ریاست میں کورونا کے 6 ہزار 397 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 8  افراد کی موت۔
اور۔۔٭ ہنگولی ضلع میں ایک ہفتہ طویل سخت کرفیو کا نفاذ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 06.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 06 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...