Wednesday, 3 March 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 03.03.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 March-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ مارچ  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ قانون ساز اسمبلی میں فیصلہ ہونے تک بجلی کنکشن نہ کاٹنے کی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ زرعی پمپ مالکان اور گھریلو بجلی
صارفین کو ملی عارضی راحت۔
٭ کسانوں کو دِن میں معقول مقدار میں بجلی فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اوّلین ترجیح؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 8 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 325 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
اور
٭ اورنگ آباد شہر میں مریضوں کی بڑھ رہی تعداد پر انتظامیہ فکر مند؛ ایڈمنسٹریٹر پانڈے نے کہا متاثرہ علاقوں میں لگایا جاسکتا ہے لاک ڈائون۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
قانون ساز اسمبلی میں فیصلہ ہونے تک زرعی پمپوں اور گھریلو بجلی صارفین کے بجلی کنکشن نہ کاٹنے کی ہدایت نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دی ہے۔ وہ کل ودھان سبھا میں بول رہے تھے۔ اس سے پہلے کل بجٹ اجلاس کے دوسرے دِن اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے وقفۂ سوالات ملتوی کرکے بجلی فراہمی کے موضوع پر بحث کا مطالبہ کیا۔ بحث کے دوران اجیت پوار نے بتایا کہ واجب الادا بجلی بلوں کے بارے میں خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے تبادلۂ خیال کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔ اس دوران بجلی کنکشن کاٹ دینے کی مہم ملتوی کرنے پر پھڑنویس نے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ کسانوں کو دِن میں اور معقول مقدارمیں بجلی فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل ودھان بھون میں ’’مہا کرشی ابھیان مہم‘‘ کی شروعات کی گئی۔ اس دوران انھوںنے یہ بات کہی۔ اُدھو ٹھاکرے نے کہا کہ جب ملک بھر میں لاک ڈائون نافذ تھا تب کسان اپنا فرض نبھا رہا تھا۔ لہٰذا حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ دوسروں کیلئے محنت کرنے والے کسانوں کے حصے میں مایوسی نہ آئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
***** ***** *****
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے خطاب پر ایوان کی جانب سے شکریہ ادا کرنے کی قرارداد پر کل ودھان سبھا میں بحث کی شروعات ہوئی۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر د یویندر پھڑنویس نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ’’فیس بُک لائیو‘‘ کرنے میں مصروف ہے۔ انھوں نے ریاستی حکومت کے ’’ماجھے کُٹمب ماجھی جبابداری‘‘ اور ’’می جبابدار‘‘ جیسی مہموں کو نظامِ صحت کے ساتھ مذاق قرار دیا۔ پھڑنویس نے تعلیم کے شعبے میں ریاستی حکومت کی بڑھتی مبینہ مداخلت اور پوجا چوہان موت کے معاملے میں ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کی۔ پھڑنویس نے کہا کہ مہاراشٹر میں امن و قانون کی صورتحال بے حد سنگین ہے۔ پھڑنویس نے مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی بڑھتی تعداد پر بھی سوال اُٹھائے اور پوچھا کہ ریاست میں کورونا وائرس کا پھیلائو کیوں بڑھنے لگا ہے؟ انھوںنے الزام لگایا کہ کورونا مخالف ٹُول کٹ اور اناج کی خریداری کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا ہیکہ ریاست میں جس پولس اسٹیشن کی حدود میں حقہ پارلر چل رہے ہیں اُس پولس اسٹیشن کے افسر کو قصوروار قرار دیکر اُس کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ قانون ساز کونسل کے اراکین رویندر پاٹھک اور مہادیو جانکر نے وقفۂ سوالات کے دوران حقہ پارلرس پر سوال اُٹھائے تھے، جس کے جواب میں انیل دیشمکھ نے یہ بات کہی۔
***** ***** *****
کورونا مخالف ٹیکہ اندوزی مہم کے دوسرے مرحلے میں ٹیکہ لگوانے کے بدلے عوام سے پیسے لینے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پر سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے سوال کھڑے کیے ہیں۔ واضح ہو کہ ٹیکہ اندوزی مہم کے دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زیادہ عمر والوں اور 45 سال سے زیادہ عمر کے ایسے افراد جو کسی بیماری میں مبتلا ہیں‘ انہیں سرکاری اسپتالوں میں ٹیکہ مفت دیا جارہا ہے جبکہ اس ٹیکے کی خانگی اسپتالوں میں قیمت 250 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن کی بجٹ تقریر کے مطا بق ٹیکہ اندوزی مہم کیلئے 35 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے جاچکے ہیں اور اتنی رقم سے دیڑھ ارب سے زیادہ ڈوز خریدے جاسکتے ہیں۔ پرتھوی راج چوہان نے پوچھا کہ جب اس رقم سے حاصل کردہ ڈوز سے بھارت کی 75 کروڑ کی بالغ آبادی کو ٹیکہ دیا جاسکتا ہے تو پھر مرکزی حکومت عوام سے پیسے کیوں لے رہی ہے؟
***** ***** *****
اورنگ آباد۔ احمد نگر مجوزہ ریلوے لائن کے سروے کی شروعات ہوگئی ہے۔ 120 کلو میٹر لمبی اس ریلوے لائن کے سروے کے دو ران سیاحتی مقامات‘ تجارتی مراکز اور اہم کاروباری مقامات کا تعین کیا جائیگا۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی پتہ لگایا جائیگاکہ اورنگ آباد۔ احمد نگر شاہراہ پر مال برداری کتنی ہوتی ہے۔ اس ریلوے لائن کی بدولت اورنگ آباد بذریعہ ریلوے سیدھے پونے سے جُڑ جائیگا، جس سے پونے اور اورنگ آباد کے درمیان آمد و رفت میں کافی آسانی ہوگی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے 2 مارچ 1930 کو ناسک کے کالا رام مندر میں داخل ہوکر ستیہ گرہ کیا تھا۔ اس دِن کی مناسبت سے ہر سال 2 مارچ کو بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ اس موقعے پر کل ناسک کے کالا رام مندر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے چھوٹے پیمانے پر منعقد کی گئی ان تقریبات میں مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 7863 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی کُل تعداد 21 لاکھ 69 ہزار 330 تک جاپہنچی ہے۔ ریاست میں گذشتہ روز 54 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک مہاراشٹر میں 52 ہزار 238 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب ڈھائی فیصد پر برقرار ہے۔
دوسری جانب کل ریاست بھر کے مختلف اسپتالوں سے 6332 مریضوں کو کورونا وائرس سے صحت یاب قرار دیکر گھر بھیجا گیا۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے افرادکی مجموعی تعداد بڑھ کر 20 لاکھ 36 ہزار 790 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس سے نجات پانے کا ریاستی تناسب قریب 94 فیصد ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 79 ہزار 93 ہے جو ریاست بھر کے اسپتالوں میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 765 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا، جبکہ 8 مریضوں کی موت کا اندراج ہوا۔ مرنے والوںمیں لاتور‘ جالنہ اور ناندیڑ ضلعوں سے 2-2  اور بیڑ اور پربھنی ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 325 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ جالنہ ضلعے میں 122 مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ناندیڑ میں 93‘ ہنگولی میں 65‘ بیڑ اور لاتور میں سے ہر ضلعے میں 49‘ عثمان آباد میں 40 اور پربھنی ضلعے میں 31 لوگوں میں کل کورونا وائرس پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
اس بیچ لاتور ضلعے میں لاتور میونسپل کارپوریشن حدود اور اَوسہ، نلنگا، اودگیر اور احمد پور تعلقوں کی نگر پریشد حدود میں کل سے رات کا کرفیو لگادیا گیا ہے۔یہ کرفیو رات گیارہ بجے سے علی الصبح پانچ بجے تک نافذ رہے گا۔ لاتور ضلع کلکٹر پرتھوی راج BP نے اس بارے میں سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ اس کے مطابق انتہائی ضروری خدمات کی فراہمی کو اس کرفیو سے الگ رکھا گیا ہے۔ حکمنامے کے مطابق عوامی نظامِ ٹرانسپورٹ‘ میڈیکل دُکانوں اور اسپتالوں کو کرفیو سے استثنیٰ حاصل رہے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کو دیکھتے ہوئے لاتور کے سدھیشور اور رتنیشور مندروںکی مہا شیوراتری یاترا پوری طرح ردّ کردی گئی ہیں۔ مندر ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی چیئریٹی کمشنر US پاٹل کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مہا شیوراتری کے موقعے پر صرف چنندہ افرادکی جانب سے پوجا کی جائیگی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس دوران انتظامیہ بھی مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے۔ اس دوران اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے کہا ہیکہ شہر کے جن علاقوں میں بھیڑ جمع ہورہی ہے اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہاں لاک ڈائون لگایا جاسکتا ہے۔ عوام کی جانب سے کورونا مخالف طریقوں پر عمل نہ کیے جانے پر پانڈے نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
دوسری جانب پربھنی ضلعے میں لاک ڈائون لگانے کی تجویز کی بیوپاریوںاور صنعتکاروںنے شدید مخالفت کی ہے۔پربھنی ضلع کلکٹر دفتر میں کل منعقدہ میٹنگ میں ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے سات دِنوں کا لاک ڈائون نافذ کرنے کی بات کہی، لیکن بیوپاریوں نے مکمل لاک ڈائون کی سخت مخالفت کی۔ تاہم رات کا کرفیو نافذ کرنے پر انتظامیہ اور بیوپاریوں کے بیچ اتفاق ہوگیا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے امتحانات اپریل کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت وائس چانسلر پرمود ییولے نے دی ہے۔ وہ کل اورنگ آباد اور عثمان آباد کیمپس کے شعبہ صدور کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں بول رہے تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آن لائن اور آف لائن لیکچرز کے ذریعے نصاب مکمل کیا جائے اور امتحانات کے انعقاد کے دوران اس بات پر خاص توجہ دی جائے کہ طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے پشور پولس اسٹیشن کے PSI کاسلے کو 20 ہزار روپئوں کی رشوت مانگنے کے معاملے میں قصور وار پائے جانے پر اینٹی کرپشن بیورو نے کل گرفتار کرلیا۔ ایک معاملے میں درج کیے گئے کیس میں مدد کرنے کے بدلے کاسلے نے اس رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ ایک دوسرے معاملے میں دیوگائوں رنگاری پولس اسٹیشن کے PSI شیلیش جوگدنڈ نے زبردستی 25 ہزار روپئوں کی رشوت دینے والے ریت مافیا کو گرفتار کروایا۔ریت مافیا گوکل سوریہ ونشی بالے گائوں میں غیر قانونی طریقے سے ریت نکالنے اور اُس کی حمل و نقل میں ملوث تھا۔ اُس نے دیوگائوں رنگاری پولس اسٹیشن کی حدود سے ریت کی حمل و نقل کو یقینی بنانے کے بدلے PSI جوگدنڈ کو رشوت دینے کی کوشش کی، جس کے بعد انھوںنے اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت کی اور جال بچھا کر گوکل سوریہ ونشی کو گرفتار کرلیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر سن لیجیے۔
٭ قانون ساز اسمبلی میں فیصلہ ہونے تک بجلی کنکشن نہ کاٹنے کی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ہدایت؛ زرعی پمپ مالکان اور گھریلو بجلی
صارفین کو ملی عارضی راحت۔
٭ کسانوں کو دِن میں معقول مقدار میں بجلی فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اوّلین ترجیح؛ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 8 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے 325 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
اور
٭ اورنگ آباد شہر میں مریضوں کی بڑھ رہی تعداد پر انتظامیہ فکر مند؛ ایڈمنسٹریٹر پانڈے نے کہا متاثرہ علاقوں میں لگایا جاسکتا ہے لاک ڈائون۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 05.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 05 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...