Date: 04 March-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ مارچ ۲۰۲۱ئ
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔۔
٭ 33 کروڑ درخت لگانے کی خصوصی مہم کا لیجسلیچر کمیٹی کے ذریعے اور ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سمتا ٹرسٹ کے کاموں کی
خصوصی ٹیم کے ذریعے تحقیقات۔
٭ جلگائوں کے سرکاری آشا دیپ خواتین ہاسٹل میں دوشیزائوں کو برہنہ رقص پر مجبور کرنے کے واقعہ کی جانچ کیلئے 4 رُکنی کمیٹی کا قیام۔
٭ کووِڈ کے خلاف مہاراشٹر کی جدوجہد پر ہر ایک کو فخر ہونا چاہیے: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے۔
٭ مراٹھا ریزرویشن معاملے میں قانونی دشواریوں پر مرکزی حکومت کا تعاون ضروری: اشوک چوہان۔
٭ ریاست میں کورونا کے 9 ہزار 855 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 15 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
سابقہ حکومت کی جانب سے 33 کروڑ درخت لگانے کی خصوصی مہم کی تحقیقات لیجسلیچر کمیٹی کے ذریعے کی جائیگی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل اسمبلی میں یہ اطلاع دی۔ اس خصوص میں 31 مارچ تک یہ کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ جسے ابتداء میں 4 ماہ کی مدت دی جائیگی اور ضرورت پڑنے پر اس میں 2 ماہ کی توسیع کی جائیگی۔ اجیت پوار نے بتایا کہ 6 ماہ میں یہ کمیٹی اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کریگی۔ وزیرِ مملکت برائے جنگلات دتاتریہ بھڑنے نے ایوان کو بتایا کہ درخت لگانے کی اس مہم میں محکمہ جنگلات کی جانب سے 28 کروڑ 27 لاکھ لگائے گئے تھے اور اکتوبر 2020 کے اواخر تک ان میں سے 75 فیصد سے زائد درخت موجود تھے اور ان کی بدستور دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سمتا پرتشٹھان کے تحت کیے گئے کامو ںکی جانچ کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائیگی اور بادی النظر میں خاطی پائے جانے والے افسران کو معطل کیا جائیگا۔ یہ اعلان سماجی انصاف کے وزیر دھننجے منڈے نے کل اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی 125 ویں جینتی کے سلسلے میں ٹرسٹ کی جانب سے جو پروگرام منعقد کیے گئے تھے ان پر ہونے والے مصارف میں سقم پایا جاتا ہے۔ اس لیے خصوصی ٹیم کے ذریعے اس کی جانچ کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
جلگائوں شہر میں واقع سرکاری خواتین اقامت گاہ آشا دیپ میں دوشیزائوں کو برہنہ رقص پر مجبور کرنے کے واقعے کی جانچ کیلئے 4 رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی اندورنِ دو یوم اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کل اسمبلی میں یہ اطلاع دی۔ ہاسٹل میں موجود کُل 18 لڑکیوں میں سے 5 لڑکیوں کو خصوصی دیکھ بھال مرکز منتقل کرنے کا حکم ضلع کلکٹر نے دیا ہے، جبکہ ایک لڑکی کو اس کے سرپرستوںکے حوالے کردیا گیا۔ ہمارے نامہ نگار کی اطلاع کے مطابق اس ہاسٹل میں 12 لڑکیاں اب بھی موجود ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ مہاراشٹر کووِڈ کے خلاف جنگ بھرپور طاقت اور صلاحیت کے ساتھ لڑرہا ہے اور اس پر ہر ایک کو فخر ہونا چاہیے۔ وہ کل اسمبلی میں گورنر کے خطبے کے شکریے کی تحریک پر مباحثے کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حزبِ مخالف الزامات کی سیاست کو چھوڑ کر مہاراشٹر کو مستحکم کرنے کیلئے کوشش کرے۔ اپنی تقریر میں وزیرِ اعلیٰ نے کئی نظمیں اور اشعار بھی پڑھے۔
مراٹھی کو خصوصی درجہ،آرے میٹرو تنازعہ، جل یُکت شیوار یوجنا، دہلی میں جاری کسانوںکی تحریک، چین اور پاکستان کی سرحدوں پر درپیش چیلنج اور ساورکر کو بھارت رتن دینے میں ہورہی تاخیر سمیت کئی ایک موضوعات پر وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ پونا میں مبینہ طور پر قابلِ اعتراض تقریر کرنے والے شرجیل عثمانی کو یقینا گرفتار کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد کا نام تبدیل کرکے سنبھاجی نگر کریں گے لیکن اسمبلی میں اورنگ آباد طیران گاہ کا نام چھترپتی سنبھاجی ایئر پورٹ کرنے کی منظور شدہ قرار داد پر مرکزی حکومت عمل درآمد کرے۔
صوتی رائے شماری کے ذریعے گورنر کے خطبے پر شکریہ کی یہ تحریک منظور کرلی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ کی تقریر کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ دئیے جانے پر حزبِ اختلاف کے ارکان نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ ایوان کے باہر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائد ِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کو عوامی مقامات پر کی جانے والی تقریر اور ایوان کی تقریر میں فرق کا پتہ نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں کسانوں کی تحریک کا ذکر کرنے والے وزیرِ اعلیٰ زرعی پمپوں اور عوام کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کے معاملات پر کچھ نہیں کہتے۔ انھوں نے مزید کہا کہ چین۔ بھارت سرحدی تنازعہ پر بیان دیکر وزیرِ اعلیٰ نے ہندوستانی فوج کی توہین کی ہے اور وزیرِ اعلیٰ کی پوری تقریر مایوس کُن تھی۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے وزیر باڑا صاحب پاٹل نے کہا ہے کہ ریاست کی ہائوزنگ سوسائٹیز کے مالکانہ حقوق غیر کمپیوٹرائز طور پر تبدیل کرنے کیلئے درکار دستاویزات کی تعداد کم کردی گئی ہے اور اس عمل میں مکمل طور پر شفافیت لائی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرِ موصوف نے بتایا کہ جنوری کے اواخر تک غیر کمپیوٹرائز تبدیلی کے 14 ہزار 822 معاملات موصول ہوئے، جن میں سے 13 ہزار 655 درخواستوں کو نمٹاکر صداقت نامے جاری کردئیے گئے۔
***** ***** *****
تعمیراتِ عامہ کے وزیر اور مراٹھا ریزرویشن سے متعلق کابینی کمیٹی کے سربراہ اشوک چوہان نے کہا ہیکہ مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ریاستی حکومت نے عدالت ِ عظمیٰ میں بھرپور انداز میں اپنا مؤقف پیش کیا، لیکن اس معاملے میں چند ایک آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں اور اس کیلئے مرکزی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں شرد رَن پسے کے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اس ضمن میں واضح مؤقف اختیار کرتی ہے تو مراٹھا ریزرویشن سمیت دیگر ریاستوں میں بھی ریزرویشن کے معاملات میں مدد مل سکتی ہے۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف نے ریاستی اسمبلی میں ریاست کے کسانوں کی قرض معافی‘ آفاتِ سماوی‘ کسانوں کو ترغیبی فنڈ اور دیگر امداد سے متعلق تحریکِ التواء پیش کی۔ قائد حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ قرض کی اقساط بروقت ادا کرنے والے کسانوں کو ابھی تک ترغیبی امداد نہیں ملی۔ اس کا حکومت جواب دے۔ اس موقع پر اسپیکر نے حکومت کو ہدایت کی کہ ان موضوعات پر توجہ دی جائے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سینیٹ رُکن اور عمرگہ کے رکنِ اسمبلی گیان راج چوگلے نے کل اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت سے ودھان بھون میں ملاقات کی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جن طلبہ کے امتحانات نہیں ہوئے ان کی امتحانی فیس واپس کی جائے۔ انھوں نے حال ہی میں یونیورسٹی کی ایکزیکٹیو کونسل میٹنگ میں بھی یہ موضوع اُٹھایا تھا۔ جس پر وائس چانسلر نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق اس خصوص میں فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی امباداس دانوے نے مطالبہ کیا ہے کہ اورنگ آباد کا نام جلد از جلد تبدیل کرکے سنبھاجی نگر رکھا جائے۔ کل قانون ساز کونسل میں بیان دیتے ہوئے انھوںنے پیٹھن کی سنت پیٹھ کا کام تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد میں اسپورٹس یونیورسٹی اور طیران گاہ کی توسیع کا معاملہ بھی انھوں نے اُٹھایا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 9 ہزار 855 نئے کورونا مریضو ںکی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح اب ریاست میں کورونا سے متاثرین کی کُل تعداد 21 لاکھ 79 ہزار 185 ہوگئی ہے۔ کل 42 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 52 ہزار 280 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست میں 82ہزار 343 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل 871 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت آئی۔ جبکہ ڈویژن میں 15 افراد چل بسے۔ جن میں اورنگ آباد ضلع میں 7‘ بیڑ ضلع میں 4‘ جالنہ میں 2 اور لاتور و ہنگولی میں ایک۔ ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے مابین رواں سیریز کا چوتھا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ آج سے احمد آباد میں شروع ہورہا ہے۔ میچ کا آغاز اب سے کچھ دیر بعد ساڑھے نو بجے ہوگا۔ بھارت نے سیریز میں 2-1 کی ناقابلِ شکست سبقت حاصل کررکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی مقابلے احمد آباد میں اور ایک روزہ میچ پونا میں ہوں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر سن لیجیے۔
٭ 33 کروڑ درخت لگانے کی خصوصی مہم کا لیجسلیچر کمیٹی کے ذریعے اور ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سمتا ٹرسٹ کے کاموں کی خصوصی
ٹیم کے ذریعے تحقیقات۔
٭ جلگائوں کے سرکاری آشا دیپ خواتین ہاسٹل میں دوشیزائوں کو برہنہ رقص پر مجبور کرنے کے واقعہ کی جانچ کیلئے 4 رُکنی کمیٹی کا قیام۔
٭ کووِڈ کے خلاف مہاراشٹر کی جدوجہد پر ہر ایک کو فخر ہونا چاہیے: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے۔
٭ مراٹھا ریزرویشن معاملے میں قانونی دشواریوں پر مرکزی حکومت کا تعاون ضروری: اشوک چوہان۔
٭ ریاست میں کورونا کے 9 ہزار 855 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 15 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment