Friday, 5 March 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date: 05.03.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 March-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵؍ مارچ  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔۔
٭ مہاراشٹر حکومت مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے ہر حصے کی ترقی کیلئے پُرعزم؛ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی
یقین دہانی۔
٭ اورنگ آباد کے کووِڈ کیئر سینٹر میں خاتون مریضہ کے ساتھ ہوئی دست درازی معاملے میں ڈاکٹر برطرف؛ ریاستی حکومت 31 مارچ تک
جاری کریگی معیاری عملی طریقۂ کار۔
٭ طئے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق آف لائن طرز پر ہوں گے مہاراشٹر میں دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات؛
وزیرِ تعلیم کو وضاحت۔
اور
٭ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ جمع کرنے کے معاملے پر کل ریاستی اسمبلی میں ہوئی زبردست ہنگامہ آرائی؛ حکومت اور اپوزیشن
نے لگائے ایک دوسرے پر الزامات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مہاراشٹر حکومت مراٹھواڑہ‘ ودربھ اور ریاست کے دوسرے حصوں کی ترقی کے عہد کی پابند ہے اور ریاست کے کسی بھی حصے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائیگی۔ مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے یہ بات کہی۔ وہ کل قانون ساز کونسل میں گورنر کے خطاب پر جاری شکریہ کی تحریک کے دوران بول رہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ ریاست میں ترقیاتی بورڈ فی الحال موجود نہیں ہیں لیکن ان کی موجودگی فرض کرتے ہوئے ہی فنڈز تقسیم کیے جائیں گے۔ اجیت پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت مہاراشٹر کی ہمہ جہت ترقی کیلئے پُرعزم ہے اور کسی بھی حصے کی ترقی کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ اجیت پوار نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے تعاون کی بھی اپیل کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مہاراشٹر کو معاشی بحران کا سامنا ہے اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ مرکزی حکومت‘ مہاراشٹر کے GST بقایہ کی 32 ہزار کروڑ روپئوں کی رقم جلد سے جلد ادا کریگی۔
***** ***** *****
ریاست میں خواتین کورونا مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے 31 مارچ تک معیاری عملی طریقۂ کار SOPs تیار کیے جائیں گے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے یہ اعلان کیا۔ ودھان سبھا میں بولتے ہوئے انھوںنے کہا کہ یہ ضابطے ریاست کے سبھی کووِڈ سینٹر کیلئے نافذ رہیں گے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اورنگ آباد کے کووِڈ کیئر سینٹر میں خاتون مریضہ کے ساتھ پیش آئے دست درازی کے واقعے کے ضمن میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد کے معاملے میں جانچ کے بعد ڈاکٹر کو قصوروار پایا گیا ہے اور انہیں فوراً برطرف کردیا گیا ہے۔ ایوان کی کاروائی شروع ہوتے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کی منیشا چودھری نے یہ معاملہ اُٹھایا۔ جواب میں پوار نے کہا کہ اورنگ آباد کووِڈ کیئر سینٹر میں دست درازی کا معاملہ افسوسناک ہے اور خاتون ہیلتھ افسرکے ذریعے معاملے کی شروعاتی جانچ مکمل کرلی گئی ہے۔ پوار نے کہا کہ جانچ کی تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد آگے کی کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا ہیکہ جلگائوں شہر کے سرکاری ہوسٹل میں لڑکیوں کے کپڑے اُترواکر انہیں ناچنے پر مجبور کرنے کی بات بالکل بے بنیاد اور غلط ہے۔ دیشمکھ نے کل قانون ساز اسمبلی میں یہ بات کہی۔ انھوں نے اس معاملے میں خاتون افسر کی جانب سے کی گئی جانچ کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے حقائق کی جانچ کیے بغیر اس معاملے میں خبریں نشر کی ہیں۔
***** ***** *****
دسوی اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات اپنے طئے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق آف لائن طرز پر ہوں گے۔ اسکولی تعلیم کی ریاستی وزیر ورشا گائیکواڑ نے یہ وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد کے بارے میں ریاست میں تعلیم کے شعبے کے ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال جار ی ہے۔ وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے تعلیمی نصاب میں کٹوتی کردی گئی ہے اور ریاستی تعلیمی بورڈ نے پیپر پیٹرن کو بھی آخری شکل دے دی ہے۔ انھوںنے بتایا کہ پہلی سے نویں جماعت کے امتحانات کے بارے میں اسکولوں کو جلد ہی ہدایات دی جائیں گی۔
اس بیچ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک پڑھانے والے گریجویٹ اساتذہ کو 13  اکتوبر 2016 کے سرکاری حکمنامے کے مطابق تنخواہیں ادا کرنے کا بھی گائیکواڑ نے اعلان کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک پڑھانے والے اساتذہ کی بنیادی اہلیت میں تبدیلی کردی ہے۔ جس کے بعد ریاستی حکومت نے 13  اکتوبر 2016 کو جاری کیے گئے سرکاری حکمنامے میں ان اساتذہ کیلئے اضافی تنخواہیں جاری کرنے کی متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ایودھیا میں تعمیر کیے جارہے رام مندر کیلئے چندہ جمع کرنے کے معاملے پر ودھان سبھا میں کل خوب ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اس دوران حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا دور چلتا رہا۔ کانگریس کے نانا پٹولے نے پوچھا کہ ملک میں اور ریاست میں رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ جمع کرنے کا کام کن بنیادوں پر کیا جارہا ہے؟ اس سوال پر حزبِ اختلاف کے اراکین مشتعل ہوگئے اور جارحانہ رُخ اختیار کرلیا۔ اس کے بعد شور و غل اور ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور ڈپٹی اسپیکر نرہری جھروڑ کو ایوان کی کاروائی دس منٹ کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔
***** ***** *****
ایک اپریل سے بجلی کے نرخ میں دو فیصد کٹوتی کی جائیگی۔ ریاستی بجلی کمیشن نے اس بارے میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ریاستی بجلی کمیشن نے اگلے پانچ سالوں کیلئے ریاست میں بجلی کے نرخ سے متعلق خاکہ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق گھریلو استعمال کی بجلی فراہم کرنے والی کمپنی مہا وِترن‘ بجلی بل میں ایک فیصد کی کٹوتی کی جائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے جنگلات کے وزیر سنجے راٹھوڑ کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کا قلمدان وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو دے دیا ہے۔ پوجا چوہان معاملے میں سنجے راٹھوڑ نے کچھ دِن پہلے وزیرِ اعلیٰ کو استعفیٰ پیش کردیا تھا۔ اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے اُسے منظوری کیلئے گورنر کو بھیج دیا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ نے راٹھوڑ کے محکمے کا قلمدان انہیں سونپے جانے کا مطالبہ بھی کیا تھا، جسے گورنر نے منظور کرلیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 8998 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 21 لاکھ 88 ہزار 183 تک جاپہنچی ہے۔ ریاست بھر میں کل 60کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس طرح اس بیماری سے مرنے والوں کی کُل تعداد بھی بڑھ کر 52 ہزار 340 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب 2.39% رہی۔
دریں اثناء کل دِن بھر میں ریاست میں 6135 لوگوںکو کورونا وائرس سے صحت یاب قرار دے کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔ مہاراشٹر میں اب تک 20 لاکھ 49ہزار 484  افراد اس بیماری سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قریب 94% ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 85 ہزار 144 ہے اور یہ سبھی مریض ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 890 نئے کورونا پازیٹو مریض پائے گئے۔ اس دوران کل مراٹھواڑہ میں 10کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں اورنگ آباد اور بیڑ ضلعوں سے 2-2‘ جالنہ سے 4‘ اور پربھنی اور ناندیڑ ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد میں گذشتہ روز 357 نئے کوروناپازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ وہیں جالنہ ضلعے میں 131 کورونا مریض پائے گئے۔ ناندیڑ میں 125 لوگوں کے کورونا پازیٹیو ہونے کا انکشاف ہوا۔ اسی طرح بیڑ میں 88‘ لاتور میں 57‘ پربھنی میں 43‘ عثمان آباد میں 45  اور ہنگولی میں 44 لوگوں میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
دسویں اور بارہویں جماعت کو چھوڑ کر اورنگ آباد ضلعے میں سبھی اسکول 20 مارچ تک بند رہیں گے۔ اس بارے میں کارگذار ضلع کلکٹرڈاکٹر اننت گوانے نے کل سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہیکہ پانچویں سے نویں اور گیارہویں جماعت کی کلاسیز حسب ِ معمول آن لائن طریقہ سے جاری رہیں گی۔
***** ***** *****
گذشتہ دو دِنوں سے لاتور ضلعے کے خانگی اسپتالوں میں بھی کورونا وائرس مخالف ٹیکہ اندازی مہم کی شروعات ہوچکی ہے۔ ان خانگی اسپتالوں میں آدھار کارڈ یا کسی اور شناختی کارڈ کے ذریعے آف لائن رجسٹریشن کرکے ٹیکے لیے جاسکتے ہیں۔ لاتور کے ضلع کلکٹر پرتھوی راج BP نے کل اس مہم کا جائزہ لیا۔ اس دوران ضلع سول سرجن ڈاکٹر لکشمن دیشمکھ اور ٹیکہ اندازی مہم کے سربراہ ڈاکٹر ستیش ہرداس بھی موجود تھے۔ لاتور ضلعے میں 16 خانگی اسپتالوں کو کورونا مخالف ٹیکے دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے گیورائی تعلقے کے ہفتہ واری بازار میں کورونا مخالف ضابطوں پر عمل نہ کرنے پر انتظامیہ نے کل دُکانداروں کیخلاف کاروائی کی ہے۔ اس دوران کورونا جانچ کروانے سے انکار کرنے والے 10 دُکانداروں کی دُکانیں سیل کردی گئیں۔ عملے نے گیورائی میں بناء ماسک گھومنے والے 44  افراد پر بھی کاروائی کی اور اُن سے 8,500 روپئوں کا جرمانہ وصول کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں ٹووہیلر چرانے والے گروہ کے تین ملزمین کو کل مقامی کرائم برانچ کی خصوصی ٹیم نے قندھار تعلقے کے چکھل سے گرفتار کرلیا۔ پولس نے ان ملزمین کے قبضے سے 33 ٹو وہیلرس اور 29 ٹو وہیلرس کے کل پرزے برآمد کیے ہیں۔ ضبط کیے گئے سازو سامان کی قیمت 27 لاکھ سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔ ناندیڑ پولس نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے کا ناندیڑ ڈویژن دو خصوصی ٹرینیں شروع کرنے جارہا ہے۔ ان میں کولہا پور۔ ناگپور۔ کولہا پور اور تروپتی۔ شرڈی۔ تروپتی ٹرینیں شامل ہیں۔ ان میں تروپتی۔ شرڈی۔ تروپتی ٹرین ہفتہ واری ہوگی جو 6  اپریل سے شروع ہوگی۔ جبکہ کولہا پور۔ ناگپور ٹرین دو ہفتوں میں ایک بار چلے گی اور 12 مارچ سے اس کی شروعات ہوگی۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن نے یہ اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان احمدآباد میں کھیلے جارہے چوتھے کرکٹ ٹسٹ میچ کے پہلے دِن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت نے کل پہلی اننگز میں ایک وکٹ کھوکر 24 رَن بنالیے ہیں۔ اس سے پہلے انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا،لیکن بھارت کی تباہ کُن گیند بازی کے سامنے انگلینڈ کے بلّے باز نہیں ٹک پائے اور اُس کی پہلی اننگز 205 رَنوں پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے 55  اور ڈینیل لارینس نے 46 رَن بنائے۔ بھارت کی جانب سے اَکشر پٹیل نے 4‘ آراَشون نے 3‘ محمد سراج نے 2  اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ لیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر سن لیجیے۔
٭ مہاراشٹر حکومت مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے ہر حصے کی ترقی کیلئے پُرعزم؛ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی
یقین دہانی۔
٭ اورنگ آباد کے کووِڈ کیئر سینٹر میں خاتون مریضہ کے ساتھ ہوئی دست درازی معاملے میں ڈاکٹر برطرف؛ ریاستی حکومت 31 مارچ تک
جاری کریگی معیاری عملی طریقۂ کار۔
٭ طئے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق آف لائن طرز پر ہوں گے مہاراشٹر میں دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات؛
وزیرِ تعلیم کو وضاحت۔
اور
٭ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ جمع کرنے کے معاملے پر کل ریاستی اسمبلی میں ہوئی زبردست ہنگامہ آرائی؛ حکومت اور اپوزیشن
نے لگائے ایک دوسرے پر الزامات۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 09.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 09 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...