Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 19 February-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی
چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۹؍ فروری ۲۰۲۴ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شیوجینتی کے موقع پر آج ریاست بھر میں جوش و خرو ش کا
ماحول؛ مختلف پرو گرا موں کا انعقاد۔
٭ مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمدات پر سے پابندی ہٹالی؛
تین لاکھ میٹرک ٹن پیاز کی برآمد کو منظوری۔
٭ کانگریس رہنما ا ور سابق وزیر رَجنی ساتَو کا انتقال۔
اور۔۔۔ ٭ راجکوٹ ٹیسٹ مقابلے میں بھارت نے انگلینڈ کو 434 رنوں کے بڑے فرق سے دی
شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
چھترپتی شیواجی مہاراج کا یوم پیدائش آج منایا جا رہا
ہے۔ اس مناسبت سے پوری ریاست میں جوش و خروش کا ماحول ہے اور مختلف جلسوں ا و ر
اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں شیو نیری
قلعہ میںشیو جینتی کی تقریب منعقد ہوگی۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں شیوائی دیوی کی
سرکاری مہاپوجا اور شیو اجی مہاراج کے جھولے سمیت دیگر یادگاروں کی پوجا کی جائےگی
اور دیگر مذہبی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ شیو نیری قلعہ پر محبانِ شیواجی مہاراج
کی ممکنہ بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے قلعے پر گیارہ سو پولس اہلکار تعینات کیے گئے
ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ریاست کی عو ام کو شیو
جینتی کی مبارکباد دیتے ہوئے ریاست کے کونے کونے میں شیو جینتی کا تہوار مناتے
ہوئے شیواجی مہاراج کے کارناموں سے تحریک لینے کی ترغیب دی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گذشتہ نصف شب سے شیوجینتی جشن
کا ا ٓغاز ہوگیا۔ شیواجی مہاراج کے عقیدت مندو ں نے شہر کے کرانتی چوک پر
چھترپتی شیواجی مہاراج کے گھوڑ سوار مجسّمے کے گرد زوردار آتش بازی کی۔ اس ضمن
میں ضلع شیو جینتی مہوتسو کمیٹی کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر
بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اسمارٹ سٹی کے کارگذار افسر رویندر
جوگدنڈ، ’’رعایا کے راجہ چھترپتی شیورائے ‘‘ کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
شیو جینتی کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کی وجہ سے
چھترپتی سمبھاجی نگر کے نظامِ ٹریفک میں تبدیلی کی گئی ہے۔ گوپال ٹی پوائنٹ سے سلح
خانہ چوک، پیٹھن گیٹ، گل منڈی، سٹی چوک تک کا راستہ آج صبح گیارہ بجے سے رات بارہ
بجے تک گاڑیوں کیلئے بند رہے گا۔ اسی طرح سڈکو علاقہ میں این 12، ٹی وی سنٹر، بلی
رام پاٹل چوک، بجرنگ چوک راستہ بھی ٹریفک کیلئے بند رہے گا اور گاڑیوں کیلئے
متبادل راستے کا انتظام کیا گیا ہے۔
شیوجینتی کے ضمن میں مراٹھواڑہ بھر میں بائیک ریلیاں،
پرچم کشائی، شیو گیتوں کے پروگراموں سمیت ثقافتی پروگراموں، طبّی جانچ کیمپ، عطیۂ
خون کیمپ جیسے رفاہی ا ور تفریحی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمدات پر عائد پابندی ہٹا دی
ہے۔ معاونت کے محکمے کے مرکزی وزیر امت شاہ کی سربر اہی و الی وزراء کی کمیٹی نے
کل منعقدہ اجلاس میں پیاز کی برآمد کو منظوری دے دی۔ ساتھ ہی اس اجلاس میں تین
لاکھ میٹرک ٹن پیاز کی برآمد کو بھی منظوری دی گئی۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیرِ
مملکت ڈاکٹر بھارتی پوار نے بتایا کہ بی جے پی حکومت کے دوران پچھلے دس سالوں میں
پیاز کے کاشتکاروں اور تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں
اور بڑے پیمانے پر پیاز کی خریدی کی گئی ہے۔ وہ کل اجلاس کے بعد صحافیوں سے مخاطب
تھیں۔
دریں اثنا، وزیر محصول رادھا کرشنا وکھے پاٹل نے کہا ہے
کہ مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمد پر پابندی ہٹا کرپیاز کے کاشتکاروں کو بڑی راحت
دی ہے۔ وکھے پاٹل نے اس فیصلے کیلئے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس
فیصلے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت ہمیشہ کسانوں کے ساتھ
مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے۔
***** ***** *****
کانگریس رہنما اور سابق ریاستی وزیر رجنی ساتَو کا کل
مختصر علالت کے بعد76 برس کی عمر میں ناندیڑ میں انتقال ہوگیا۔رَجنی ساتَو کے
سیاسی کیرئیر کا آغاز 1980 میں کلمنوری اسمبلی حلقے میں فتح سے ہوا تھا۔ انہوں نے
ریاست کے وزیرِ صحت، وزیرِ محصول ا ور بازآبادکاری محکمے کے وزیر کے طور پر خدمات
انجام دیں۔ انہوں نے مسلسل دو میعادمیں
کلمنوری اسمبلی حلقے کی نمائندگی کی۔ 1987 میں، وہ خواتین کے مالیاتی ترقیاتی
کارپوریشن کی صدر بھی منتخب ہوئیں، انھوں نے 1995 سے 1999 تک قانون ساز کونسل میں
حزبِ اختلاف کے قائدکے طور پر ذمہ داریاں بھی سنبھالیں‘ ساتھ ہی ریاستی خو اتین
کمیشن کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ رجنی سا توسابق رکنِ پارلیمان
آنجہانی راجیو ساتو کی والدہ تھیں۔ رجنی ساتو کے جسدِ خاکی پر آج ہنگولی ضلعے کے
کلمنوری میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے یقین دلایا ہے کہ ریاست
میں قانون کی حکمرانی ہوگی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ وہ کل نئی
ممبئی کے واشی میں راشٹروادی کانگریس پا رٹی کے ر یاستی اقلیتی سیل کی جانب سے
منعقدہ ریاستی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پوار نے اقلیتوں کیلئے
چلائی جارہی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔
***** ***** *****
ریاست میں آج سے موتیابین کے آپریشن کی مہم شروع ہو
رہی ہے۔ آئندہ ماہ 4 مارچ تک جاری رہنے والی اس مہم میں 50 سال یا اس سے زیادہ
عمر کے لوگوں کی سرکاری اسپتالوں یا تسلیم شدہ این جی اوز کے اسپتالوں میں موتیا
بین مرض کے مفت آپریشن کئے جائیگے۔
***** ***** *****
جنوبی کاشی کے نام سے مشہور ناسک میں گوداوری ندی کی
مستقل پوجا کی جائے گی۔ ثقافتی محکمہ کی جانب سے اس کام کیلئے بنیادی سہولیات کی
فراہمی کیلئےضلع انتظامیہ کو 11 کروڑ 77 لاکھ روپئے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے‘ ساتھ
ہی گود اوری ندی کی پوجا کیلئے 11 پلیٹ فارم بھی تیار کیے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ
نے کہا کہ عقیدت مندوں کے بیٹھنے کیلئے گیلری، ہائی ماسٹ قمقمے ‘ راستوں کی رو
شنائی، ایل ای ڈی بلب اور برقی کاری جیسے کام سرعت کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی ہائوزنگ ادارو ں کے مختلف مسائل کے سلسلے
میں آج ممبئی کے چیمبورمیں ایک روزہ قومی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہاؤسنگ
محکمے کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، مرکزی وزیرِ مملکت برائے تعاون بی۔ ایل۔
ورما، ممبئی کے رابطہ وزیر منگل پربھات لوڈھا اس کنونشن میں خصوصی طور پر شریک
رہیں گے۔ سہکار بھارتی کے قومی اور ریاستی سطح کے سرکردہ عہدیداران اس کنونشن میں
حاضرین کی رہنمائی کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ر اجکوٹ میں ہوئے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ مقابلے میں بھارت نے
انگلینڈ کو 434 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دیکر جیت حاصل کی۔ کل مقابلے کے چو تھے
دِن بھارت نے اپنی دوسری اِننگ میں 430 رنز بناکر انگلینڈ کے سامنے 556 رنوں کا
ہدف رکھا۔ بھارت کی جانب سے سلامی بلّے باز یشسوی جیسوال نے غیر مفتوح 214 رنز
بنائے۔ اس ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم صرف 122 رنوں پر آل آئوٹ
ہوگئی۔ رو یندر جڈیجہ نے پانچ‘ کُلدیپ
یادو نے دو ‘ جسپریت بمرا ہ او ر روی چندرن اشون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ
کیا۔
پہلی اننگ میں 112 رن او ر دو وِکٹ‘ جبکہ دو سری اننگ
میں پانچ وِکٹ حاصل کرنے والے رویندر جڈیجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دو۔ ایک سے برتری حاصل کرلی
ہے۔
***** ***** *****
ملیشیا میں ایشیا کپ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھا رتی خو
اتین ٹیم نے پہلی مرتبہ جیت حاصل کی ہے۔ کل اس ٹورنامنٹ کے فا ئنل مقابلے میں
بھارتی ٹیم نے تھائی لینڈ کو تین۔ دو سے شکست دی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں جاری ثقافتی میلہ آج شیوجینتی کے موقعے پر
مختلف پروگر اموں کے ذریعے اختتام پذیر ہوگا۔ دریں اثنا اس میلے میں نند گِری قلعے
پر منعقدہ تصویری نمائش سے عوام نے بڑی تعداد میں استفادہ کیا۔ اس نمائش میں
ناندیڑ ضلعے کے اہم مقامات‘ قدرتی مناظر‘ فنِ تعمیر‘ سیاحتی موضوع پر تصو یری
نمائش منعقد کی گئی۔
***** ***** *****
لاتو ر تعلقے کے نِیوڑی میں وِلاس کو آپریٹیو شکر
کارخانہ علاقے میں سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی وِلا س رائو دیشمکھ کے مجسّمے کی نقا
ب کشائی کل معززین کی موجود گی میں کی گئی۔ اس تقریب میں کانگریس قائد پرتھو ی ر
اج چوہان‘ نانا پٹولے‘ با لاصا حب تھورات‘ راشٹرواد ی کانگریس شرد پوار گروپ کے ریاستی
صدر جینت پاٹل‘ رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ سمیت دیشمکھ خاندان کے افراد موجود تھے۔
مجسّمے کی نقاب کشائی کے بعد معزز مہمانوں نے وِلاس رائو د یشمکھ کے نمایاں کاموں پر روشنی ڈالی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شیوجینتی کے موقع پر آج ریاست بھر میں جوش و خرو ش کا
ماحول؛ مختلف پرو گرا موں کا انعقاد۔
٭ مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمدات پر سے پابندی ہٹالی؛
تین لاکھ میٹرک ٹن پیاز کی برآمد کو منظوری۔
٭ کانگریس رہنما ا ور سابق وزیر رَجنی ساتَو کا انتقال۔
اور۔۔۔ ٭ راجکوٹ ٹیسٹ مقابلے میں بھارت نے انگلینڈ کو 434 رنوں کے بڑے فرق سے دی
شکست۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** ********** ***** *****
No comments:
Post a Comment