Saturday, 1 February 2020




Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 01.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن آج پارلیمنٹ میں مالی سال 2020-21 کا بجٹ پیش کریں گی۔ اُنھوںنے کل ایوان میں معاشی سروے پیش کیا۔ معاشی سروے میں سال 2020-21 کے دوران ترقی کی شرح موجودہ پانچ فیصد سے بڑھ کر ساڑھے چھ فیصد ہونے کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔ معاشی سروے کے مطابق’ بھارت کے پانچ ٹریلین ڈالر معیشت بننے کا انحصار صنعتی شعبے کی کارکردگی پر ہے۔ معاشی سروے میں کھاتے داروں کا بھروسہ جیتنے کیلئے عوامی شعبے کی بینکوں کے کام کاج میں اصلاح کرنے‘ جائیداد کے اندراج اور نئے کاروبار شروع کرنے کے عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ 
اس بیچ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کی شروعات کل صدرِ جمہوریہ جناب رامناتھ کووِند کے خطبے سے ہوئی۔ اپنی تقریر میں صدرِ جمہوریہ نے شہریت ترمیمی قانون اور جموں و کشمیر سے دفعہ 370/ ہٹانے جیسے مرکزی حکومت کے فیصلوں کا ذکر کیا۔
صدرِ جمہوریہ کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کا ذکر کرتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے نعرے بازی شروع کردی۔ وہیں کانگریس نے صدرِ جمہوریہ کی تقریر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد کا کہنا تھا کہ صدرِ جمہوریہ کی تقریر میں مہنگائی‘ بیروزگاری اور عام لوگوں کی پریشانیوں کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
***** ***** *****
دلّی کے نربھیا اجتماعی جنسی زیادتی اور قتل معاملے میں چاروں قصور واروں کی موت کی سزا پر دلّی ہائیکورٹ نے اگلے حکم تک روک لگادی ہے۔ 
دلّی ہائیکورٹ نے اپنے اگلے فیصلے تک چاروں قصورواروں کے ڈیتھ وارنٹ پر عمل آوری روک دی ہے، جس کے بعد آج ایک فروری کو دی جانے والی پھانسی ٹل گئی ہے۔ قصورواروں کے وکیلوں کا کہنا تھا کہ چاروں میں سے کچھ ملزموں کے پاس معافی کا متبادل اب بھی موجود ہے لہٰذا پھانسی کی سزا پر عمل درآمد نہیں کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے اس دلیل کو قبول کرتے ہوئے اگلے حکم تک پھانسی کی سزا پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
***** ***** *****
ملک بھر میں گذشتہ کل سے بینک ہڑتال پر ہیں۔ بینکوں کی تنظیم ’’یونائیٹڈ فورَم آف بینک یونین‘‘ نے بھارت بھر میں دو دِن بینک ہڑتال کی کال دی ہے۔ انکے مطالبات میں مساوی کام‘ مساوی تنخواہ‘ کام کے مقررہ اوقات‘ پنشن اور پانچ دنو ں کا ہفتہ کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔ ہڑتال میں نیشنلائز بینکوں کے ساتھ ساتھ دیہی بینکوں کے افسران اور ملازمین بھی شامل ہیں جنھوںنے کل کئی مقامات پر احتجاج کیا۔
اورنگ آباد میں بھی عدالت روڈ پر واقع بینک آف مہاراشٹرا کی شاخ پر مظاہرے کیے گئے۔ بینک یونین کے سیکریٹری دیوی داس تلجاپور کر نے بتایا کہ بینکوں کی دو روزہ ہڑتال میں اورنگ آباد ضلعے سے تین ہزار سے زیادہ افسران اور ملازمین شریک ہیں۔ 
لاتور میں بھی بینک آف مہاراشٹرا کی مرکزی عمارت کے سامنے ملازمین نے دھرنا احتجاج کیا۔ ان مظاہروںکو کانگریس اور شیتکری کامگار پارٹی جیسی سیاسی جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ 
ہنگولی ضلعے میں بھی نیشنلائز بینکوں کے افسران اورملازمین ہڑتال میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر ببن رائو لونیکر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر مراٹھواڑہ واٹر گریڈ منصوبے کو تکنیکی وجوہات بتاکر ردّ کا گیا تو پورے مراٹھواڑہ میں شدید احتجاج کیا جائیگا۔ لونیکر‘ کل جالنہ میں اخباری کانفرنس میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ کے سبھی رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی وابستگی سے اُوپر اُٹھ کر ایک ساتھ آئیں۔ لونیکر نے مزید کہا کہ مراٹھواڑہ واٹر گریڈ منسوخ کیے جانے کی صورت میں وہ قانونی لڑائی لڑنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
***** ***** *****
اس بیچ مراٹھواڑہ کے مختلف مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے سبھی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی کل اتوار کے روز اورنگ آباد میں میٹنگ بلائی گئی ہے۔ رکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے یہ اطلاع دی۔ پرشانت بمب نے کہا کہ مراٹھواڑہ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے مراٹھواڑہ کے سبھی عوامی نمائندوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔ پھر چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی پارٹی سے ہو۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتاپارٹی کے مہاراشٹر صدراور رکنِ اسمبلی چندرکانت پاٹل نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کو بند کرنا بس یہی مہاراشٹر کی مہا وکاس آگھاڑی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ پاٹل نے کل شولاپور میں یہ بات کہی۔ انھوںنے کہا کہ کسی منصوبے کو بندکرنے کے دوران اُس کا متبادل شروع کرنا ضروری ہے۔
***** ***** *****
شہریت ترمیمی قانون‘ CAA اور NRC کیخلاف ہنگولی میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کل جیل بھرو آندولن کیا گیا۔ اِندرا چوک سے ضلع کلکٹر دفتر کی جانب جارہے مظاہرین کو پولس نے راستے میں روک لیا، جس کے بعد کچھ دیر تک ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ویلنگٹن میں کھیلے گئے چوتھے T-20 مقابلے میں بھارت نے سوپر اوور میں نیوزی لینڈ کو ہرادیا۔ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں آٹھ وکٹ کھوکر 165/ رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے بھی 7/ وکٹ گنوا کر165/ رن بناتے ہوئے اسکور برابری پر لاکھڑا کیا۔ اس کے بعد سوپر اوور کھیلا گیا، جس میں نیوزی لینڈ نے 13/ رَن بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 14/ رَن بناکر اپنی جیت یقینی بنائی۔ اس سیریز میں سوپر اوور کے ذریعے بھارت نے کل دوسرا مقابلہ جیتا ہے۔ اس سے پہلے تیسرے T-20 مقابلے کا فیصلہ بھی سوپر اوور کے ذریعے ہی ہوا تھا۔ کل ملی جیت کے بعد بھارت نے سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ کل کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****

No comments: