Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date : 03 May 2024
Time : 09.00 to 09.10 AM
آکاشوانی چھتر پتی سنبھا جی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ : ۳ ؍مئی ۲۰۲۴ ء
وقت : صبح ۹.۰۰ سے ۹.۱۰ بجے
پہلے خاص خبروں کی سر خیاں ...
٭ لوک سبھا چُنائو کے 5؍ ویں مرحلے میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ‘ کل
کاغذات کی جانچ کی جائے گی
٭ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں تشہیری مہم زورو پر ‘ رہنمائوں کے جلسے و جلوس
٭ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرس کو لالچ دینے کا چُنائو کمیشن نے لیا نوٹِس
اور
٭ بانگلہ دیش کے خلاف خواتین
T-20
؍ کرکٹ سیریز میں بھارتی ٹیم فاتح
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمانی انتخابات کے 5؍ ویں مرحلے میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے ۔ اِس مرحلے میں ریاست کے دھولیہ ‘ دنڈوری ‘ ناسک ‘ پالگھر ‘ بھونڈی ‘ کلیان ‘ تھانے اور ممبئی کے 6؍ حلقہ انتخابات کا شمار ہے ۔ اِس مرحلے میں کل کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور 6؍ تاریخ تک پرچہ نا مزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں ۔ خیال رہے کہ 5؍ ویں مرحلے میں آئندہ 25؍ تاریخ کے روز ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ دِنڈوری حلقہ انتخاب سے عظیم اتحاد کی امید وار بھارتی پوار اور ناسک حلقہ انتخاب سے ہیمنت گوڈسے نے کل اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے ۔
کلیان حلقے انتخاب سے عظیم اتحاد کے امید وار شری کانت شندے اور متحدہ بھارت پارٹی کے سنبھا جی جا دھو نے جبکہ چندر کانت میٹے نے بطور آزاد امید وار پرچہ نامزدگی داخل کیے ۔
تھانہ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے آزاد امید وار راجیو بھو نسلے ‘ پالگھر لوک سبھا حلقہ انتخاب سے مہا وکاس آگھاڑی کی بھارتی کامڈی ‘ دھو لیہ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے آل اِنڈیا فارورڈ بلاک پارٹی کے امید وار شیواجی پاٹل نےبھی کل اپنے پرچہ نامزدگی داخل کیے ۔
***** ***** *****
پارلیمانی انتخابات کے تیسرے اور چوتھے مرحلے میں تشہیری مہم زور پر جاری ہے ۔ تیسرے مرحلے میں آئندہ 7؍ اور چوتھے مرحلے میں آئندہ 13؍ تاریخ کے روز رائے دہی کی جائےگی ۔
رتنا گیری - سندھو دُرگ لوک سبھا حلقہ انتخاب میں عظیم اتحاد کے امید وار نارائن رانے کی انتخابی تشہیر کے لیے بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر ِ داخلہ امِت شاہ آج رتنا گیری میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔
اِسی طرح کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی بھی آج پونا میں تشہیری جلسے میں اظہار خیال کریں گے ۔
***** ***** *****
راشٹر وادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ انڈیا اتحاد نے ابھی تک وزیر اعظم کے عہدے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ وہ کل کولہا پور میں صحافتی کانفرنس میںاظہار خیال کر رہے تھے ۔ شرد پوار نے بتا یا کہ خاطر خواہ اکثریت ملنے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کایہ دعویٰ غلط ہے کہ اِنڈیا اتحاد غیر مستحکم حکو مت بنائے گا ۔جناب شرد پوار نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں پارلیمانی انتخابات ایک ہی دن میں کر وائے جا رہے ہیں لیکن مہا راشٹر میں جان بوجھ کر 5؍ مرحلوں میں چُنائو کر وائے جا رہے ہیں تاکہ تشہیر کےلیے وقت مل سکیں ۔
***** ***** *****
لاتور حلقہ انتخاب سے ونچت بہو جن آ گھاڑی کے امید وار نر سنگ اُدگیر کر اور عثمان آباد حلقہ انتخاب سے بھائو صاحیب آندھڑ کر کی انتخابی تشہیر کے لیے پارٹی کے صدر پر کاش امبیڈکر نے کل جلسہ عام سے خطا ب کیا ۔
اِسی طرح جالنہ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے عظیم اتحاد کے امید وار رائو صاحیب دانوے نے کل رام نگر میں تشہیری جلسے میں خطاب کیا ۔
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کل دھارا شیو میں عظیم اتحاد کی امید وار ارچنا پاٹل کی انتخابی تشہیر کے لیے کار کنان کے جلسےمیں خطاب کیا ۔
سانگلی حلقہ انتخاب سے مہا وکاس آگھاڑی کے امید وار پہلوان چندر ہار پاٹل کی انتخابی تشہیر کے لیے راشٹر وادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے صدر شرد پوار نے تشہیری جلسے میں خطاب کیا ۔
***** ***** *****
سر وے کی آڑ میں رائے دہندگان کو فلاحی اسکیمات کا لالچ دے رہی سیاسی جماعتوں کا چُنائو کمیشن نے سنجید گی سے نوٹس لیا ہے ۔ چُنائو کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو اِس معاملے میں جاری کر دہ ہدایات پر عمل کرنے کو کہا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کی تشہیر کے دوران سر وے کے نام پر کوئی بھی سیاسی جماعت ووٹرس کو کسی طرح کالالچ نہیں دے سکتی ۔چُنا ئو کمیشن نے مزید کہا کہ انتخابات ختم ہونے سےپہلے کوئی بھی سیاسی جماعت فلاحی اسکیمات ‘ امدادی فنڈ کی معلومات یا کسی بھی قسم کے منصبوں کا سنگ بنیاد رکھنا جیسے پروگرام کا انعقاد بھی نہیںکر سکتی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ ایکزامِنیشن کائونسل کی جانب سے لیے گئے 5؍ ویں اور 8؍ ویں جماعت کے اسکالر شپ امتحان کے نتائج ظاہر کر دیے گئے ہیں۔طلباء ایکزامِنیشن کائونسل کی ویب سائٹ پر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں ۔
***** ***** *****
چھتر پتی سنبھا جی نگر ضلعے میں کل 2؍ بچن کی شادیاں رکوانے میںانتظامیہ کو کامیابی ملی ہے ۔ پیٹھن کے سلطان پور میں 14؍ سالہ دوشیزہ کی شادی ہونے کی خبر ملنے پر پاچوڑ پولس اور بہبود اطفال شعبے کے دستے نے اقدام کرتے ہوئے یہ شادی رکوادی ۔
اِسی طرح کروڈی کے علاقےمیں بھی ہو ری بچن کی شادی پولس نے رکوا دیا ۔
***** ***** *****
لاتور لوک سبھا حلقہ انتخاب میں انتخابی اخراجات کے نگراں سنجیب بینر جی نے کل متعلقہ حلقے میں چُنائو لڑ رہے امید واروں کے انتخابی اخراجات کی دوسری تفتیش کی ۔لاتور کی سرکاری آرام گاہ میں یہ تفتیش انجام دی گئی ۔
اِسی طرح بیڑ لوک سبھا حلقہ انتخاب میں امید واروں کے انتخابی اخراجات کے نگراں سو سانت کمار بِسواس آئندہ کل یعنی 4؍ 8؍ اور 12؍ تاریخ کے روز متعلقہ حلقے میں امید واروں کے انتخابی اخراجات کی تفتیش کریں گے ۔ بیڑ ضلع کلکٹر دفتر میں یہ تفتیش کی جائے گی ۔
***** ***** *****
لاتور لوک سبھا حلقہ انتخاب میں کل سے بزرگ اور معذور رائے دہندگان کے لیے گھر بیٹھے ووٹ دینے کاعمل شروع کیاگیا ۔ اِس موقعے پر ضلع کلکٹر ور شا ٹھا کُر گھو گے نے اُدگیر اسمبلی حلقہ انتخاب میں گھر سے رائے دہی کے عمل کا از خود معائنہ کیا ۔
***** ***** *****
چھتر پتی سنبھا جی نگر کے ضلع کلکٹر نیز ضلع ریٹرننگ آفیسر دلیپ سوامی نے رائے دہی مراکز پر ووٹرس کو مہیا کی جانے والی سہولیات سے متعلق کل ایک جائزہ میٹنگ کا اہتمام کیا تھا ۔ اِس موقعے پر انھوں نے شعبہ خواتین و بہبود اطفال ‘ شعبہ سماجی انصاف اور شعبہ صحت کو مل جل کر انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ جس میں رائے دہی مراکز پر ابتدائی علاج کا ڈبہ ‘ معصوم بچوں کی دیکھ بھال کا کمرہ اور وہیل چیئر کی سہولت مہیا کرنا شامل ہیں ۔
***** ***** *****
عثمان آباد لوک سبھا حلقہ انتخاب میں رائے دہی کے دن نا بینا اور معذور ووٹرس کو رائے دہی مراکز آنے جانے کے لیے آنگن واڑی خادمائیں مدد کریں گی ۔ ضلع کلکٹر نیز ضلع ریٹرننگ افسر ڈاکٹر سچن اومباسے نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتا یا کہ اِس کام کے لیے آنگن واڑی خادمائو ںکو گاڑی کا کرایہ دیا جائے گا ۔
***** ***** *****
بھارت اور بانگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے ما بین کھیلی جا رہی 5؍ T-20؍ کرکٹ مقابلوں کی سیریز میں بھارت کو 0-3؍ کی بر تری حاصل ہو گئی ہے ۔ سیل ہٹ میں کل کھیلے گئے تیسرے مقابلے میں بھارت نے بانگلہ دیش کو 7؍ وکٹ سے شکست دی ۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بانگلہ دیش کی ٹیم نے 8؍ وکٹ کے نقصان پر 117؍ رن بنائے تھے ۔ جوابی بلّے بازی میں بھارت کی ٹیم نے19؍ ویں اوور میں محض 2؍ وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر دیا ۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر کو پانی فراہم کرنے والے وشنوپو ری پمپ ہائوس میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں آئندہ 4؍ دنوں تک پانی فراہم نہیں کیا جا سکے گا ۔ لہذا ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر گیریش کدم نے شہر یان سے پانی کا استعمال نہایت کفایت شعاری سے کرنے کی درخواست کی ہے ۔
***** ***** *****
ریاست میں آئندہ 5؍ دنوں کے دوران گرمی کی لہر آنے کا اندیشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ اطلاع دی ہے ۔ مراٹھواڑے میں آئندہ 5؍ تاریخ تک درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ اِن ایام میں رات کےوقت بھی فضا مرطوت رہے گی ۔
پر بھنی ضلع کلکٹر رگھو ناتھ گاوڈے نے شہر یان سے اپیل کی ہے کہ گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے شہر یان احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
***** ***** *****
آخر میں اہم خبروں کی سر خیاں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے ...
٭ لوک سبھا چُنائو کے 5؍ ویں مرحلے میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ‘ کل
کاغذات کی جانچ کی جائے گی
٭ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں تشہیری مہم زورو پر ‘ رہنمائوں کے جلسے و جلوس
٭ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرس کو لالچ دینے کا چُنائو کمیشن نے لیا نوٹِس
اور
٭ بانگلہ دیش کے خلاف خواتین
T-20
؍ کرکٹ سیریز میں بھارتی ٹیم فاتح
علاقائی خبریں ختم ہوئیں
آپ یہ خبر نامہ ہمارے یو ٹیوب چینل AIR چھتر پتی سنبھا جی نگر پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
...........
No comments:
Post a Comment