Saturday, 4 May 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 مئی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 May-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۴/ مئی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    عام انتخابات کے پانچویں مرحلے کیلئے پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ ختم؛ امیدواری درخواستوں کی آج ہوگی جانچ۔
    ٭    تیسرے مرحلے کی تشہیری مہم کیلئے آخری دو دِن باقی؛ انتخابی مہم زوروں پر۔
    ٭    جعلی تشہیری مواد پھیلانے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف پولس کارروائی کی ہدایت۔
    ٭    ووٹنگ کے فیصد میں اضافے کے معاملے میں کوئی بات قابلِ اعتراض نہیں؛ ریاست کے چیف انتخابی افسر کی وضاحت۔
اور۔۔    ٭    اکولہ ضلع میں دو کاروں میں تصادم کے سبب چھ افراد ہلاک۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
    لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں اُمیدواری فارم داخل کرنے کی مدت کل ختم ہوگئی۔ اس مرحلے میں ریاست کے 13 انتخابی حلقوں کے 397 امیدواروں نے کُل 512 درخواستیں داخل کی ہیں۔

 کل نامزدگی پرچہ داخل کرنے کی آخری دِن پال گھر لوک سبھا حلقے سے مہایوتی کی جانب سے بی جے پی اُمیدوار ہیمنت سورا نے اپنا امیدواری پرچہ بھرا‘ اسی حلقے میں بہوجن وِکاس آگھاڑی کی جانب سے رکنِ اسمبلی راجیش پاٹل نے اپنی نامزدگی داخل کی۔ وہیں دِنڈوری لوک سبھا حلقے سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سابق رکنِ اسمبلی سنجے چوہان نے آزاد امیدوار کے طور پر اپنی درخواست داخل کی۔ اسی طرح دھولیہ لوک سبھا حلقے سے دِنیش موتی لال بچھاؤ نے کانگریس کے متبادل امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ داخل کیا۔ اسی حلقے سے ڈاکٹر شوبھا دِنیش بچھاؤ کانگریس کی اُمیدوار ہیں، جبکہ ونچت بہوجن آگھاڑی سے عبدالرحمن نے اسی حلقے سے کل اپنا امیدواری فارم داخل کیا۔
    دھولیہ لوک سبھا حلقے میں کُل 42 نامزدگی کے پرچے داخل کیے گئے ہیں۔ دِنڈوری حلقے میں 29‘ ناسک 56‘ پال گھر 26‘ بھیونڈی 48‘ تھانے 43‘ شمالی ممبئی 32‘ شمال مغربی ممبئی 33‘ شمال مشرقی ممبئی 42‘ شمال وسطی ممبئی 45‘ جنوب وسطی ممبئی 41‘ جبکہ جنوبی ممبئی انتخابی حلقے میں 30 امیدواری پرچے داخل کیے گئے۔ ان تمام حلقوں کیلئے درخواستوں کی جانچ آج کی جائیگی۔ پانچویں مرحلے کیلئے فارم واپس لینے کی کل آخری تاریخ ہے اور ووٹ 20 مئی کو ڈالے جائیں گے۔
***** ***** *****
    اُترپردیش کے رائے بریلی حلقے سے کانگریس نے راہل گاندھی کی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کل اپنا پرچہ داخل کیا۔ وہیں کانگریس کے کشوری لال شرما امیٹھی سے الیکشن لڑیں گے۔ انھوں نے بھی کل اپنی امیدواری داخل کی۔
***** ***** *****
    لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں ملک بھر کی 10 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی 96 سیٹوں کیلئے ایک ہزار 717 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں مہاراشٹر کے 11 حلقوں کے 298 امیدوار شامل ہیں۔ چوتھے مرحلے کی ووٹنگ 13 مئی کو ہوگی۔
***** ***** *****
    عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم کیلئے اب آخری دو دِن رہ گئے ہیں۔ اس لیے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی تشہیری مہم میں تیزی نظر آرہی ہے۔ تمام امیدوار تشہیری جلسے‘ جلوس‘ روایتی اور جدید ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کل رتناگری- سندھو دُرگ لوک سبھا حلقے سے مہایوتی کے امیدوار نارائن رانے کی انتخابی مہم کے دوران جلسہئ عام سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں انھوں نے مجاہدینِ آزادی لوک مانیہ تلک‘ ویر ساورکر، سمیت شیواجی مہاراج کا خصوصی ذکر کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ اگرچہ اُدّھو ٹھاکرے نے آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے کے گھر میں جنم لیا ہے تاہم اُن کی اصل میراث نارائن رانے‘ ایکناتھ شندے اور راج ٹھاکرے کے پاس آئی ہے۔ انھوں نے کل سانگلی میں مہایوتی اُمیدوار سنجے کاکا پاٹل کیلئے بھی انتخابی جلسہ کیا۔
***** ***** *****
    کانگریس قائد راہل گاندھی نے کل پونے میں مہاوِکاس آگھاڑی کے امیدوار رویندر دھنگیکر کے انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر کے دوران انھوں نے وزیرِ اعظم سے پچاس فیصد ریزرویشن کی حد ختم کرنے کا چیلنج دیا اور اس پر بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی اقتدار میں آنے پر ریزرویشن کی حد ختم کردے گی۔ انھوں نے انتخابات میں رُکاوٹیں ڈالنے اور دستور ختم کرنے جیسے معاملات پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
***** ***** *****
    اسی بیچ بی جے پی کے سینئر قائد نتن گڈکری نے کہا کہ بی جے پی پر دستور بدل دینے کا الزام عائد کرنے والی کانگریس نے آئین کو 80 بار بدلا ہے۔ وہ کل لاتور ضلع کے نلنگا میں مہایوتی اُمیدوار سدھاکر شرنگارے کے تشہیری جلسے میں بول رہے تھے۔ گڈکری نے کانگریس پر ملک میں ایمرجنسی عائد کرنے کیلئے بھی نکتہ چینی کی۔ اس موقع پر سابق وزیرِ اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
    رتناگری- سندھو دُرگ حلقے سے مہاوِکاس آگھاڑی امیدوار ونایک راؤت کی انتخابی تشہیر کیلئے اُدّھو ٹھاکرے نے کنکولی میں کل جلسہئ عام سے خطاب کیا۔ وہیں آدتیہ ٹھاکرے نے کل مہا وِکاس آگھاڑی امیدوار اننت گیتے کی تشہیرکیلئے مُروڈ میں انتخابی جلسہ کیا۔ اسی طرح ونچت بہوجن آگھاڑی کے قومی صدر پرکاش امبیڈکر نے جالنہ لوک سبھا حلقے کے اپنے اُمیدوار پربھاکر بکلے کیلئے جالنہ میں جلسہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کانگریس اور بی جے پی دونوں پر تنقید کی۔
***** ***** *****
    انتظامیہ نے عام انتخابات کے دوران جعلی ویڈیوز‘ کلپس‘ تصاویر یا دیگر جعلی مواد تیار کرنے اور اس کی سوشل یا ڈیجیٹل میڈیا پر تشہیر کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کی پولس کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی ہے۔ انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنانے کی خاطر یہ کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
    رائے دہی کے چند دِنوں بعد ووٹنگ فیصد میں اضافہ ہوجانے پر شک کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ریاست کے چیف انتخابی افسر ایس چوکّ لنگم نے یہ وضاحت کی۔ وہ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی کے ختم ہونے پر ہر انتخابی مرکز پر ڈالے جانے والے ووٹوں کے اعداد و شمار سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو دئیے جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ظاہر کیے گئے اعداد و شمار اوراصل اعداد و شمار ایک ہی ہیں۔
    اسی دوران ریاست میں سیاسی جماعتوں یا امیدواروں کی جانب سے ضابطہئ اخلاق کی خلاف ورزی کی 42 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ 15 شکایتوں پر کارروائی کی گئی اور بقیہ پر کارروائی کی جارہی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں اب تک 46 لاکھ 76 ہزار لیٹر سے زائد شراب‘ 220 کروڑ روپؤں کی منشیات اور کم و بیش 50 کروڑ روپؤں کی نقدی ضبط کی گئی ہے۔ ان تمام کی کُل مالیت 530 کروڑ روپئے ہے۔
***** ***** *****
    کل اکولہ ضلع میں دو کاروں کے درمیان سڑک حادثے کے سبب رُکنِ کونسل کرن سرنائیک کے خاندان کے چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والوں میں ایک خاتون اور اُس کی نو ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ اس حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ سرنائیک کے اہلِ خانہ واشم جارہے تھے کہ پاتور گھاٹ پر دو کاریں روبرو ٹکرا گئیں۔
***** ***** *****
    7 مئی کو ہونے والے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں لاتور اور عثمان آباد حلقے شامل ہیں۔ ناندیڑ ضلع کا لوہا اسمبلی حلقہ، لاتور لوک سبھا حلقے میں شامل ہے۔ ناندیڑ ضلع انتظامیہ نے کل پانچ تاریخ کو اس حلقے میں الیکشن ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کیلئے بس کا انتظام کیا ہے۔ 7 مئی کو رائے دہی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھی واپسی کیلئے بسوں کا انتظام رہے گا۔
***** ***** *****
    بیڑ کی ضلع انتخابی افسراور کلکٹر دیپا مدھوڑ منڈے نے بیڑ لوک سبھا حلقے میں 13 مئی کو ہونے والی رائے دہی میں خواتین سے اپنے ووٹ دینے کے حق کے استعمال کی اپیل کی ہے۔ وہ کل بیڑ میں بول رہی تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ بیڑ اسمبلی حلقے میں 6,7 اور 8 مئی کو ہاؤس پول کا انعقاد کیا گیاہے۔ اس دوران سینئر رائے دہندگان جن کی عمریں 85 برس سے زائد ہے اور معذور ووٹروں کے پاس جاکر ان سے گھر پر ہی رائے دہی کروائی جائیگی۔ ایسے 49 ووٹرس کا اندراج کیا گیا ہے اور اس کام کیلئے پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
    وہیں اورنگ آباد لوک سبھا حلقے میں رائے دہی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے تیاری کی جارہی ہے۔ ضلع الیکشن افسر اور کلکٹر دلیپ سوامی نے ”سنواد سیتو“ نامی پروگرام کے دوران یہ اطلاع دی۔
    اسی بیچ محکمہ پولس کے ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا نے عام انتخابات کے پیشِ نظر کل چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتخابی فرائض انجام دینے والے ملازمین و افسران کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
    مرکزی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تحت سینٹرل بیورو آف کمیونیکیشن کی جان سے رائے دہندگان میں انتخابی بیداری کیلئے 6 تا 8 مئی کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن پر ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیاہے۔ علاقائی تشہیری افسر پردیپ پوار نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
    پربھنی میں کل ضلع انتخابی افسر اور کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے اسٹرانگ روم یعنی ای وی ایم مشینیں رکھنے کی جگہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اس علاقے میں سیکوریٹی نظام کا بھی معائنہ کیا۔
***** ***** *****
    ناندیڑ میں پانی کی قلّت کے پیشِ نظر عیسیٰ پور آبی منصوبے سے آسنا ندی کے سانگوی پروجیکٹ تک آبرسانی کی جائیگی۔ یہ پانی آج شام تک دستیاب کردیا جائیگا۔ اس سے پیر تک شمالی ناندیڑ میں آبرسانی کی جاسکے گی۔
    اسی بیچ ناندیڑ ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت نے نائیگاؤں اور بلولی میں پانی کی سخت قلّت کے پیشِ نظر تعلقہ سطح کے سینئر عہدیداروں کی میٹنگ کا انعقاد کیا اور اس سلسلے میں منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    عام انتخابات کے پانچویں مرحلے کیلئے پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ ختم؛ امیدواری درخواستوں کی آج ہوگی جانچ۔
    ٭    تیسرے مرحلے کی تشہیری مہم کیلئے آخری دو دِن باقی؛ انتخابی مہم زوروں پر۔
    ٭    جعلی تشہیری مواد پھیلانے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف پولس کارروائی کی ہدایت۔
    ٭    ووٹنگ کے فیصد میں اضافے کے معاملے میں کوئی بات قابلِ اعتراض نہیں؛ ریاست کے چیف انتخابی افسر کی وضاحت۔
اور۔۔    ٭    اکولہ ضلع میں دو کاروں میں تصادم کے سبب چھ افراد ہلاک۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 07.10.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 07 October 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...