Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 19 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹۱ /مئی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ NEET سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں رینوکائی کلاسیز کے ڈائریکٹر شیوراج موٹیگاؤنکر گرفتار؛ 9 دن سی بی آئی کی تحویل میں رکھنے کا حکم۔
٭ قانون ساز کونسل کی 16 نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ شرڈی میں قائم کردہ توپ گولہ سازی مرکز کا آئندہ ہفتے کو افتتاح۔
٭ پال گھر ضلع میں دلخراش سڑک حادثے میں 13 افراد ہلاک۔
٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں سن رائزرس حیدرآباد پلے آف مرحلے میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ اور وِدربھ میں شدید گرمی کی لہر کا اندیشہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
NEET-UG کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملے میں لاتور شہر کی رینوکائی کلاسیز کے ڈائریکٹر شیوراج موٹے گاؤنکر کو کل سی بی آئی نے گرفتار کرلیا ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے دوران موٹے گاؤنکر کے موبائل فون میں NEET امتحان کا سوالیہ پرچہ پایا گیا تھا۔ سی بی آئی نے بتایا کہ پرچہ افشاء کرنے کے معاملے میں شامل افراد میں موٹے گاؤنکر کا سرگرم کردار نظر آتا ہے۔ انھوں نے متعلقہ ملزمان سے 23 اپریل کو ہی سوالیہ پرچہ حاصل کرلیا تھا۔ عدالت نے انھیں 9 دن سی بی آئی کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں سی بی آئی نے اب تک دہلی‘ جئے پور، گروگرام‘ ناسک‘ پونا‘ لاتور اور اہلیا نگر سے کُل 10 افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ پانچ مقامات پر جانچ مہم کے دوران متعدد دستاویزات‘ کمپیوٹرس اور موبائل فون بھی سی بی آئی نے ضبط کیے۔
اسی دوران موٹے گاؤنکر کی سی بی آئی کی جانب سے گرفتاری کے بعد ان کی آر سی سی کلاسیز کے سامنے شیوسینا کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے کلاسیز کے بورڈ پر سیاہی پھینکی۔ اس مظاہرے کے بعد وہاں پولس دستہ تعینات کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نے ریاستی قانون ساز کونسل کی 16 نشستوں کے دو سالہ انتخابات کیلئے انتخابی پروگرام کا اعلان کردیاہے۔ مقامی خود مختار اداروں کی جانب سے منتخب کیے جانے والے‘ شولاپور‘ اہلیا نگر‘ تھانہ، جلگاؤں‘ سانگلی - ساتارا‘ ناندیڑ‘ ایوت محل‘ پونہ، بھنڈارا- گوندیا، رائے گڑھ- رتناگری، سندھودُرگ، ناسک، وردھا‘ چندر پور‘ گڈچرولی‘ امراوتی‘ دھاراشیو‘ لاتور‘ بیڑ‘ پربھنی‘ ہنگولی اور چھترپتی سمبھاجی نگر- جالنہ ان حلقوں کے ارکان کی معیاد ختم ہونے کے باعث یہ الیکشن ہورہے ہیں۔
اس کے علاوہ چندر شیکھر باون کُڑے کے اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کے بعد انھوں نے قانون ساز کونسل کی اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں خالی ہونے والی نشست پر بھی الیکشن ہوں گے۔ اس سلسلے میں حکمنامہ 25 تاریخ کو جاری کیا جائے گا۔ یکم جون تک کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے‘ 4 جون تک امیدواری واپس لی جاسکتی ہے۔ ان نشستوں کیلئے 18 جون کو رائے دہی اور 22 جون کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ متعلقہ حلقوں میں فی الفور ضابطہئ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
شرڈی کے ساوڑی وِہیر صنعتی علاقے میں تعمیر کردہ توپ گولہ سازی پروجیکٹ کا 23مئی کو وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا۔ تحفظ ِ آب کے وزیر اور اہلیا نگر کے رابطہ وزیر ڈاکٹر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس مرکز پر 155 ملی میٹر کے توپ گولے تیار کیے جائیں گے۔ اس کارخانے کی سالانہ پانچ لاکھ گولے تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ مانا جاتا ہے کہ یہ خانگی شعبے میں توپ گولہ سازی کی سب سے بڑا پروجیکٹ ہے‘ اس کیلئے مکمل ٹکنالوجی اور خام مال سودیشی ہی ہوگا۔ محض ایک برس میں یہ پروجیکٹ مکمل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ صدارت کل ریاست کے چھ مذہبی مقامات کے ترقیاتی منصوبے سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مذہبی مقامات‘ قلعوں اور تاریخی مقامات کی ترقی کیلئے 993 کروڑ 72 لاکھ روپئے کے کاموں کو منظوری دی گئی۔ ایلورہ کے گھرشنیشور جیوترلنگ کے ترقیاتی منصوبے کیلئے 210 کروڑ اور پرلی ویجناتھ جیوتر لنگ مندر احاطے کی ترقی کیلئے 301 کروڑ 54 لاکھ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیر برائے حمل و نقل اور مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ایس ٹی کے کرایے میں فی الفور کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈیزل کے نرخ میں اضافے کے پیشِ نظر کل منعقدہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کرایے میں اضافے سے بچنے کیلئے ای بس کے استعمال اور آمدنی میں اضافے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آبی تحفظ کیلئے عوامی تحریک کھڑی کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ وہ کل ناگپور میں ایک ادارے کی جانب سے منعقدہ ”جل کرانتی پریشد“ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دریاؤں کو صاف رکھنا صرف حکومت کی ہی نہیں بلکہ شہری کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر آبی تحفظ کے میدان میں گرانقدر کارکردگی انجام دینے والے سماجی کارکنوں کا استقبال بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آباد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
ممبئی- احمد آباد قومی شاہراہ پر باراتیوں سے بھرے ٹرک کی کنٹینر سے ٹکر کے نتیجے میں پیش آئے خوفناک حادثے میں 13 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پال گھر ضلع کے دھانی واری علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کا کاسا اور دھوندل واڑی میں علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلع کے لاسل گاؤں میں کل راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کی جانب سے گلے میں پیاز کی مالائیں پہن کر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر پیاز کو 2400 روپئے فی کوئنٹل ضمانتی نرخ دینے اور بازار کمیٹیوں کے ذریعے ہی پیاز کی خریداری کا مطالبہ کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سمردھی ایکسپریس وے پر جامبر گاؤں سے قریب پیاز کے کاشتکاروں کے حق میں شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل احتجاج کیا گیا۔ رکنِ اسمبلی امبا داس دانوے کی زیرِ قیادت یہ احتجاج کیا گیا۔ پولس نے دانوے کو حراست میں لیکرقانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد رہا کردیا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں کل بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں کا تربیتی ورکشاپ سابق مرکزی وزیرِ مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر کراڑ نے کہا کہ دین دَیال اُپادھیائے کا دیا گیا فلسفہ ہی ہمارے کاموں کی بنیاد ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں کل اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ NEET کا پرچہ لیک ہونے اور دیگر موضوعات پر طلبہ نے زوردار نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ایس ایف آئی کی جانب سے ایک محضر کلکٹر کو پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ شہر کے امام پور علاقے میں سڑک کی توسیع کے مطالبے پر کل کسانوں نے احتجاج کیا۔ سڑک کی 600 میٹر تک توسیع کیلئے بار بار خط و کتابت کے باوجود کام نہ ہونے پر مہاتما پھلے سمتا پریشد کے ریاستی سیکریٹری سبھاش راؤت کی قیادت میں یہ مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
کُل ہند میڈیکل ڈسٹری بیوشن اسوسی ایشن نے کل 20مئی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں لاتور ضلع فوڈ اینڈ ڈرگس انتظامیہ نے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بی ڈی مریواڑ نے کہا کہ جن مریضوں کو روزانہ باقاعدہ ادویات کی ضرورت ہے وہ پریشانی سے بچنے کیلئے پہلے ہی اپنی ضروریات کی دوائیں خرید کر رکھ لیں۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے تجاوزات ہٹاؤ مہم کے تحت کل قدیم جالنہ کی بھاجی منڈی علاقے میں تقریباً 70 دکانوں کے سامنے نالے پر موجود تجاوزات ہٹائی گئیں۔ میونسپل انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ شہری خود اپنے طور پر غیر قانونی تجاوزات ہٹالیں۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل چنئی سپر کنگس کو پانچ وکٹس سے شکست دیکر سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم پلے آف میں داخل ہوگئی۔ گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرز بنگلورو نے پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں آج راجستھان رائلس اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے مابین میچ کھیلا جائے گا۔ جئے پور میں شام ساڑھے سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
آکولہ ضلع کے پمپر کھیڑ میں کل ایک 50 سالہ شخص کی لُو لگنے سے موت واقع ہوگئی۔ تعلقے میں یہ لُو لگے سے ہونے والی دوسری موت ہے۔
کل ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیئس آکولہ میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 45 اعشاریہ دو ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 42 اعشاریہ چار ڈگری سیلسئیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
دریں اثناء‘ محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ اور ودربھ میں شدید گرمی کی لہر کے امکان کا اظہار کیا ہے۔ ودربھ کے ایوت محل اور وردھا اضلاع کیلئے آج آرینج الرٹ‘ جبکہ ناگپور‘ امراوتی اور آکولہ سمیت مراٹھواڑہ کے پربھنی اور ہنگولی اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جالنہ ضلعے میں بھی آئندہ دو دنوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ NEET سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں رینوکائی کلاسیز کے ڈائریکٹر شیوراج موٹیگاؤنکر گرفتار؛ 9 دن سی بی آئی کی تحویل میں رکھنے کا حکم۔
٭ قانون ساز کونسل کی 16 نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ شرڈی میں قائم کردہ توپ گولہ سازی مرکز کا آئندہ ہفتے کو افتتاح۔
٭ پال گھر ضلع میں دلخراش سڑک حادثے میں 13 افراد ہلاک۔
٭ IPL کرکٹ ٹورنامنٹ میں سن رائزرس حیدرآباد پلے آف مرحلے میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ اور وِدربھ میں شدید گرمی کی لہر کا اندیشہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment