Thursday, 21 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ بھارت اور اٹلی نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے:وزیرِ اعظم کا عندیہ۔
٭ امریکی صنعت‘ ریاست میں جوہری توانائی سازی میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ وزیر اعلیٰ کی معلومات۔
٭ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کو منسوخ کرنے کی درخواست عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے مسترد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع پریشد اسکولوں کے اضافی کمرہئ جماعت میں آنگن واڑی شروع کرنے کا حکم۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر، وردھا میں سب سے زیادہ 47 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت کا اندراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور اٹلی نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ کل‘ اٹلی کے شہر روم میں اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کے ساتھ وفود کی سطح کے مذاکرات کے بعد مشترکہ صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ پالیسی منصوبہ بھارت اوراٹلی کے باہمی تعلقات کیلئے ایک عملی اور مستقبل کے حوالے سے فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بھارت-اٹلی انوویشن سنٹر کے قیام کیلئے کام جاری ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی ایکشن پلان سے فوجی آلات کے مشترکہ فروغ اور مشترکہ پیداوار کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں ممالک آبی حمل و نقل، بندرگاہوں کی جدید کاری، لاجسٹکس اور سمندری معیشت کے شعبوں میں بھی متحدہ کام کریں گے۔
اس موقعے پر جارجیا میلونی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی‘ احترام اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اُمور پر مفاہمت کی یادداشتوں پر اس موقعے پر دستخط کیے گئے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کے غیر ملکی دوروں میں مختلف ممالک کے ساتھ کیے گئے پالیسی معاہدوں کی وجہ سے آئندہ دو دہائیوں کیلئے بھارت کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔
اسی دوران، وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ جوہری توانائی مستقبل کی صنعتی معیشت کیلئے اہم ثابت ہوگی۔ وہ کل ”یو ایس نیوکلیئر ایگزیکٹیو مشن اِن انڈیا“ کے تحت منعقدہ جوہری توانائی اور بھارت- امریکہ پالیسی شراکت داری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی کی منتقلی کے عمل میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور صرف شمسی اور فضائی توانائی پر طویل مدتی صنعتی فروغ ممکن نہیں ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ امریکی صنعت‘ ریاست میں جوہری توانائی سازی میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں ڈیجیٹل بیداری اور محفوظ نقل و حرکت کیلئے کل Rapido اور مہاراشٹر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن لمیٹڈ (MahaIT) کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے ذریعے حکومت کی ڈیجیٹل خدمات کے بارے میں معلومات ریاست کے شہریوں تک پہنچانے اور آخری مرحلے تک عوامی بیداری بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلّت نہیں ہے اور ایندھن کا ذخیرہ مطلوبہ مقدار میں دستیاب ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کے افواہوں کا شکار ہوکر ضرورت سے زیادہ ایندھن بھرنے کی کوششوں سے سپلائی چین میں خلل پڑتا ہے، انہوں نے ایندھن کا کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی بھی اپیل کی۔
***** ***** *****
ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین پیارے جیا خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے اقلیتوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ وہ کل‘ ناگپور میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے اپیل کی کہ وہ اقلیتی مذاہب کے تمام طبقات کے شہریوں کیلئے دیانتداری کے ساتھ مختلف اسکیمات کو مؤثر طریقے سے نافذ کریں۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے کل‘ آئندہ مردم شماری کے دوران ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والی ایک عرضی کو خارج کر دیا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے حکومت کے پالیسی فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی اسکیموں کے نفاذ کیلئے حکومت کوپسماندہ طبقات کی صحیح آبادی معلوم ہونا ضروری ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
عدالت ِعظمیٰ نے سرکاری وکلاء بورڈ اور قانونی افسروں کے عہدوں پر تقررات میں خواتین وکیلوں کیلئے 30 فیصد ریزرویشن کی درخواست پر مرکزی حکومت، تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی زیرِقیادت بنچ نے یہ نوٹس ٹرسٹی بورڈ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر جاری کیا۔
***** ***** *****
آج‘ دہشت گردی مخالف دن منایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو دہشت گردی اور تشدد کے راستے سے بچانے اور دہشت گردی کی وجہ سے عام شہریوں کی حالت زار کو اجاگر کرکے دہشت گردی قومی مفاد کیلئے کس طرح نقصان دہ ہے اس کی یادہانی اس دن کو منانے کا مقصد ہے۔ آج کے ہی دن 1991 میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی ایک دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے تھے۔ ان کی برسی پر ملک بھر میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
ثانوی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے اضافی جماعتوں والے ضلع پریشد اسکولوں میں آنگن واڑیاں کھولنے کا حکم دیا ہے۔ اس فیصلے پر آئندہ تعلیمی سال 2026-27 سے براہِ راست عمل آوری کی جائے گی۔ پرائمری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر شرد گوساوی نے ایک حکمنامے کے ذریعہ ریاست کے تمام ضلع پریشدوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو یہ اطلاع دی۔ اس فیصلے سے ثانوی تعلیم کو اسکولی ڈھانچے سے جوڑنے میں آسانی ہوگی۔ متعلقہ اداروں کو اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کرنے اور اس کی رپورٹ تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈیویژنل کمشنر جی شری کانت نے زرعی کھاد کی ذخیرہ اندوزی، لنکنگ‘ کھاد اور بیجوں کو زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے جیسی بے ضابطگیوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ وہ ”ایل نینو“ کے پس منظر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سال خریف ہنگام کے دوران ممکنہ منفی اثرات کے پیشِ نظر کمشنر نے کسانوں کو مناسب اقدامات کرنے کی ترغیب بھی دی۔ جبکہ ڈویژنل زرعی محکمے کے جوائنٹ ڈائریکٹر سنیل وانکھیڑے نے بتایا کہ محکمہ زراعت ممکنہ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور کسانوں کو بھی مناسب منصوبہ بندی اختیارکرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کل قبل از خریف ہنگام جائزاتی اجلاس لیا۔ اس دوران انہوں نے انتظامیہ کو خریف ہنگام کیلئے محتاط منصوبہ بندی کرنے اور بے قاعدگیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
***** ***** *****
کُل ہند ادویات فروش تنظیم کا ایک روزہ بند کل کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے چار ہزار ادویات فروش اس بند میں شامل ہوئے۔
دریں اثناء، اس بند کے پس منظر میں، ضروری خدمات کیلئے اوشدھی بھون میں ایک ٹاسک فورس کو فعال کیا گیا تھا، اور ٹاسک فورس نے فوری طور پر ضرورت مندوں کو ادویات دستیاب کرائیں۔ شہر میں دوائیوں کی دکانیں بند ہونے کی وجہ سے گھاٹی اسپتال کے ادویات فراہمی مرکز پر ضرورت مندوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
ہنگولی ضلعے کے ایک ہزار 260 دوائی فروشوں نے بند میں حصہ لیا۔
جبکہ بیڑ ضلعے میں گیورائی کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس بند کی حمایت میں شہر میں خاموش مورچہ نکالا گیا۔
پربھنی ضلعے میں، ادویات فروشوں کی اس ہڑتال کو زبردست تائید حاصل ہوئی۔ جبکہ دھولیہ، شولاپور، رتناگری اور ایوت محل اضلاع میں بھی اس بند کو بہتر ردعمل ملا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات کیلئے 18 مئی سے نافذ مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہواس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل‘ تمام محکمہ جات کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کہا ہے کہ 300 کروڑ درخت لگانے کیلئے دھاراشیو ضلعے میں ایک اچھی نرسری بنانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے محکمہ زراعت کو ضلعے میں نرسری بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دھاراشیو کو مستقبل میں نرسری ضلعے کے طور پر متعارف کروانے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت وردھا میں 47 اعشاریہ ایک ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 43، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ سات ڈگری سیلسئیس اور دھاراشیو میں 41 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
ودربھ میں وردھا، امراوتی اور آکولہ میں آج گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ناگپور، چندر پور اور ایوت محل اضلاع کیلئے گرمی کا یلو الرٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ بھارت اور اٹلی نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے:وزیرِ اعظم کا عندیہ۔
٭ امریکی صنعت‘ ریاست میں جوہری توانائی سازی میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ وزیر اعلیٰ کی معلومات۔
٭ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کو منسوخ کرنے کی درخواست عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے مسترد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع پریشد اسکولوں کے اضافی کمرہئ جماعت میں آنگن واڑی شروع کرنے کا حکم۔
اور۔۔۔ ٭ ریاست کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر، وردھا میں سب سے زیادہ 47 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت کا اندراج۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 30 May 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ت...