Wednesday, 27 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاست میں ایندھن کی طلب میں زبردست اضافہ؛ وزیرِاعلیٰ کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا حکم۔
٭ ریاستی حکومت کا پانچ بڑے پروجیکٹس کو خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ، مراٹھواڑہ میں صنعتی ترقی کو ملے گافروغ۔
٭ ریاستی وائلڈ لائف بورڈ کا انسانی جنگلی حیات کے تصادم کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کا اعلان۔
٭ مختلف تنظیموں کی جانب سے دیوستھان انعام نرمولن ڈرافٹ ایکٹ کو واپس لینے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔ ٭ رائل چیلنجرز بنگلورو کی آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی، آج‘ حیدرآباداورراجستھان کے درمیان مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی مانگ میں اوسط سے کافی زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، لہٰذا‘ ریاستی حکومت ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ رسد اور محکمہ داخلہ مشترکہ طور پر ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائی کریں گے۔ پیٹرول کی مانگ میں 23 فیصد اور ڈیزل کی مانگ میں اوسط سے 52 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر قلّت جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کچھ اضلاع میں طلب زیادہ ہے اور تجارتی استعمال کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ اس لیے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بات کی تصدیق کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں کہ اس ایندھن کو تجارتی استعمال کی طرف موڑا جا رہا ہے یا نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کسانوں کو وقت پر ڈیزل فراہم ہو اور ذخیرہ اندوزی کرنے یا اس کا فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
ساونت واڑی ریلوے اسٹیشن کو‘ کوکن ریلوے کے معمار آنجہانی مدھو ڈنڈوَتے کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا۔
کل منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں 2026 میں سرکاری ملازمین کے عام تبادلوں کی معیاد میں توسیع کے فیصلے کے ساتھ ریاستی سرکاری ملازمین کے تبادلوں کے ضابطے اور سرکاری فرائض کی کارکردگی میں تاخیر کی روک تھام سے متعلق قانون 2005 میں ترمیم کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے تقریباً 89ہزار 731 کروڑ روپے کے پانچ بڑے اور ہمہ جہت منصوبوں کو خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ کل‘ منعقدہ محکمہ صنعت کی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں سے ریاست میں تقریباً 20 ہزار براہِ راست اور بالواسطہ نوکریاں پیدا ہوں گی اور ودربھ اور مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ یہ تمام منصوبے ریاست میں ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ سیکٹر کی توسیع میں مدد کریں گے۔
***** ***** *****
ریاستی وائلڈ لائف بورڈ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے انسانی جنگلی حیات کے تصادم کو روکنے کیلئے مختلف فیصلے لیے ہیں۔ اس سلسلے میں کل منعقدہ اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر جنگلات گنیش نائیک نے ان فیصلوں کو منظوری دی۔ ان فیصلوں کے مطابق پہلے مرحلے میں ریاست میں دس مقامات پر کنٹرول روم قائم کرنے، ریاست کے ایک ہزار دیہاتوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی الرٹ سسٹم قائم کرنے اور دو ریسکیو سینٹر اور دس معالجاتی مراکز قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس پروجیکٹ کی مالیت تقریباً 260 کروڑ روپے ہے، اور وزیر نائک نے ان اقدامات کو فوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت دی تاکہ انسانوں پر جنگلی جانوروں کے حملوں کو روکا جا سکے۔
***** ***** *****
دیہاتوں اور بڑے شہروں سمیت جنگلات سے متصل تمام سرکاری غیر استعمال شدہ اور محصولی اراضیات پر اب بڑے پیمانے پر ”نیپئر گراس“ اور بانس کی کاشت کی جائیگی۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ یہ زمینیں خواتین بچت گروپس، خواتین کی اقتصادی ترقیاتی کارپوریشنز اور تعلیم یافتہ بے روزگاروں کی تنظیموں کو تین سال کے کرایے پر دی جائیں گی۔
***** ***** *****
ناسک میں پیاز کی کم از کم امدادی قیمت ایک ہزار 580 روپے فی کوئنٹل کل سے نافذ ہو گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔ پیاز کی قیمتوں میں کمی کو لے کر ناسک ضلعے میں مختلف مقامات پر مظاہرے ہوئے تھے، جس کے پیشِ نظر یہ فیصلہ لیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
ریاست کی مندر کے ٹرسٹیان کی انجمن اور کچھ مذہبی تنظیموں نے مجوزہ ”مہاراشٹر دیوستھان انعام نرمولن ڈرافٹ ایکٹ 2026“ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ قانون وقف اراضیات کو اس کے دائرہئ کار سے خارج کرتا ہے۔ ان تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مندروں کی زمینات کو نشانہ بنانے کے بجائے ان مندروں کے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے۔
***** ***** *****
بیڑ شہر میں بھی اس مجوزہ قانون کے خلاف کل‘ سکل وارکری سماج اور مندر تحفظ کمیٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے بیڑ کے ضلع کلکٹر کو مطالبات پرمشتمل ایک محضر بھی پیش کیا۔
***** ***** *****
عثمان آباد-لاتور-بیڑ مقامی خود مختار اداروں کے قانون ساز کونسل کے انتخابی حلقے کیلئے 33 امیدواری عریضے فروخت ہوئے ہیں، اور ایک امیدواری درخواست جمع کی گئی ہے۔ کل، شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے کلمب میونسپل کونسل کے گروپ لیڈرو سابق صدرِ بلدیہ سنجے مندڑا نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔
جبکہ پربھنی-ہنگولی انتخابی حلقے میں کل چار امیدواروں نے کُل 10 پرچہ نامزدگی حاصل کیے۔ تاہم کسی بھی امیدوار نے اپناکاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کیا۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے اقتدار میں بارہ سال مکمل کر لیے ہیں۔ مراٹھواڑہ سمال اسکیل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے صدر اور سینئر تاجر ارجن گائیکواڑ نے اپنی رائے ظاہر کی کہ اس حکومت کے دور میں ڈیجیٹل انڈیا مہم کامیاب رہی ہے۔ اس نے کہا
بائٹ – ارجن گائیکواڑ
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے کہا ہے کہNEET پرچے افشاء ہونے کے معاملے کا تعلق لاتور تک پہنچنا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ دیشمکھ کل‘ لاتور میں منعقدہ ایک اجلاس سے قبل صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاتور پیٹرن کی شبیہ کو کسی ایک واقعے کی وجہ سے داغدار نہیں ہونے دیں گے۔ دیشمکھ نے یہ بھی واضح کیا کہ بحیثیت ِ حزبِ اختلاف جماعت‘ ہم امتحانی نظام میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثنا، NEET پیپر لیک معاملے کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی ٹیم نے اب لاتور میں طلباء، والدین اور ٹیوشن کلاسیز کی تحقیقات پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ اس کے علاوہ سی بی آئی نے ایک اور ڈاکٹر کی بھی تفتیش کی ہے۔
***** ***** *****
عالمی یوم حیاتیاتی تنوع کے موقع پر ہنگولی ضلعے کے کلمنوری تعلقے میں اُگم گرام وکاس سنستھا میں کاشتکاروں کیلئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اُگم کے صدر جیا جی پائیک راؤ نے اس موقعے پر مختلف موضوعات پر رہنمائی کی۔ انہوں نے کیادُھو ندی کے کنارے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے نرہر کُرُندکر پرتشٹھان اور پونے کے بھانڈارکر تحقیقی مرکز کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کے مطابق، بھانڈارکر تحقیقی مرکز کے”بھارت ودیا“ نامی مختلف آن لائن نصاب کورسیزکیلئے کُرُندکر پرتشٹھان،مراٹھواڑہ اورودربھ خطوں میں مشترکہ رابطہ کار کے طور پر کام کرے گا۔ قدیم بھارت کے علوم و فنون کی مختلف شاخوں کو متعارف کرانے والے یہ کورسیز نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
محکمہ زراعت نے ناندیڑ ضلعے کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ کا شکار نہ ہوں اور کھاد کی قلت کے خوف سے غیر ضروری کھاد نہ خریدیں۔ محکمہ زراعت نے کھاد کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ ہونے یا کھاد مناسب قیمت سے زیادہ پر فروخت ہونے پر فوری طور پر محکمہ زراعت سے رابطہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے فائنل مقابلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ کل‘ کھیلے گئے پہلے پلے آف میچ میں بنگلورو کی ٹیم نے گجرات ٹائٹنس کو 92 رنوں سے ہرادیا۔ پلے آف کا دوسرا میچ آج سن رائزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلس کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں کل بجلی گرنے سے ایک اسکولی طالب علم کی موت واقع ہوگئی۔ یہ لڑکا کلمنوری تعلقے کے پمپری میں بکریاں چرا رہا تھا‘ اسی دوران اس پر بجلی گر نے سے وہ موقعے پر ہی فوت ہوگیا۔ جبکہ اس کے ساتھ موجود ایک خاتون بھی بری طرح جھلس گئی اور اسے علاج کیلئے ناندیڑ کے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل چندرپور ضلع کے برہما پوری میں سب سے زیادہ 47 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 43 ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس اور دھاراشیو میں 39 اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
ودربھ کے زیادہ تر اضلاع میں آئندہ دو دنوں کیلئے گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ کے کئی اضلاع میں گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ ریاست میں ایندھن کی طلب میں زبردست اضافہ؛ وزیرِاعلیٰ کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا حکم۔
٭ ریاستی حکومت کا پانچ بڑے پروجیکٹس کو خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ، مراٹھواڑہ میں صنعتی ترقی کو ملے گافروغ۔
٭ ریاستی وائلڈ لائف بورڈ کا انسانی جنگلی حیات کے تصادم کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کا اعلان۔
٭ مختلف تنظیموں کی جانب سے دیوستھان انعام نرمولن ڈرافٹ ایکٹ کو واپس لینے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔ ٭ رائل چیلنجرز بنگلورو کی آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی، آج‘ حیدرآباداورراجستھان کے درمیان مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 30 May 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ت...