Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ NEET پیپر افشاء ہونے کے معاملے میں غلطیوں کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے: عدالت ِ عظمیٰ کا مشاہدہ۔
٭ مستقبل میں مہاراشٹر عالمی سطح پر AI کی قیادت کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کا اعتماد۔
٭ قانون ساز کونسل کی 17 میں سے 15 نشستوں کی تقسیم پر مہاوِکاس آگھاڑی کا فیصلہ۔
٭ جالنہ ضلع میں دیوار منہدم ہونے سے دو بچوں کی موت؛ پربھنی ضلع میں سڑک حادثے میں چار نوجوان ہلاک۔
اور۔۔۔ ٭ گجرات ٹائٹنس IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
عدالت ِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ NEET سوالیہ پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں غلطیوں کی ذمہ داری کا تعین کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں داخل درخواستوں پر جسٹس پی ایس نرسنگھ اور جسٹس آلوک آرادھیے کی بینچ نے کل سماعت کی۔ ان میں سے ایک درخواست میں قومی امتحانی ایجنسی (NTA) کی ازسرِ نو تشکیل یا اس کی جگہ میڈیکل کورسیز میں داخلے کیلئے ایک مضبوط اور خود مختار ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اس مقدمے کی آئندہ سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے میں ہوگی۔
دریں اثناء‘ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ NEET کا سوالیہ پرچہ افشاء ہونے کا معاملہ نہایت ہی سنگین ہے۔ 21 جون کو ہونے والے دوبارہ امتحان بہتر طور پر کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کل نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے امتحان کے پورے عمل میں کسی قسم کی غلطی نہ ہو اس کیلئے ہر ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ معاملے سی بی آئی کے سپرد کیا جاچکا ہے اور اس خصوص میں روزانہ نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اصل سازش تک پہنچنے اوراس کے مرتکب ملزمان کو سخت ترین سزائیں دلانے کیلئے حتی المقدور کوششیں جاری ہیں۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے ملک کی تمام عدالت ِ عالیہ کو حکم دیا ہے کہ زیرِ التواء مقدمات پر محفوظ کیے گئے فیصلے اندرونِ تین ماہ جاری کیے جائیں۔ سپریم کورٹ نے شخصی آزادی سے متعلق مقدمات کی فوری سماعت اور فیصلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ آنے والے وقت میں مہاراشٹر صرف ہندوستان نہیں بلکہ پوری دنیا میں مصنوعی ذہانت یعنی AI کی قیادت کرے گا۔ ممبئی کے باندرہ- کُرلا کمپلیکس میں ٹیک وِیک 2026- کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر AI انقلاب کی قیادت کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انھوں نے ممبئی کی اقتصادی قوت‘ تکنیکی مہارت‘ مضبوط اسٹارٹ اَپ نظام اور جدید ٹکنالوجی اپنانے کی صلاحیت کی سمت توجہ مبذول کروائی۔ ان کے مطابق مسلسل تین برسوں سے مہاراشٹر سرمایہ کاری اور اسٹارٹ اَپس کی تعداد کے لحاظ سے ملک کی سرِ فہرست ریاست ہے۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کی 17 میں سے 15 نشستوں کی تقسیم سے متعلق مہاوکاس آگھاڑی کی رُکن جماعتوں میں فیصلہ ہوگیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ چندرپور‘ ایوت محل‘ بھنڈارا- گوندیا‘ دھاراشیو‘ اہلیانگر‘ شولاپور‘ امراوتی اور بیڑ- لاتور اور ناگپور کے ضمنی الیکشن میں کانگریس امیدوار کھڑا کرے گی، جبکہ رائے گڑھ- رتناگری‘ جلگاؤں‘ پربھنی‘ ہنگولی اور سمبھاجی نگر میں شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے امیدوار میدان میں ہوں گے۔ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے پونا‘ تھانہ اور سانگلی- ساتارا سے امیدوار کھڑا کرے گی۔
***** ***** *****
نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA) کے 150 ویں کورس کی تقریب تقسیمِ اسناد کل پونہ کے کھڑک واسلہ میں پُروقار طریقے سے منعقد ہوئی۔ تقریب میں پڈوچیری کی سابق لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی بطورِ مہمانِ خصوصی شریک تھیں۔ اس موقع پر236 کیڈیٹس کو جواہر لال یونیورسٹی کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
***** ***** *****
ریاست میں گیارہویں جماعت میں داخلے کی پہلی فہرست کل جاری کردی گئی۔ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم کے محکمے کے زیرِ انصرام تمام جونیئر کالجوں کیلئے آن لائن داخلے کا عمل جاری ہے۔ ان داخلوں کیلئے ریاست بھر سے 12 لاکھ 51 ہزارطلبہ نے رجسٹریشن کیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
شارجہ سے پیٹرولیم مصنوعات ہندوستان کی جانب لے آنے والے تیل بردار جہاز نسوس کیروس نے کامیابی سے آبنائے ہرمز پار کرلیا ہے۔توقع ہے کہ 3 جون کو یہ جہاز وشاکھا پٹنم کی بندرگاہ پہنچے گا۔ اسی دوران خلیجی ممالک میں جاری بحران کے پیشِ نظر حکومت نے LPG کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ 30 دنوں کا ذخیرہ محفوظ کیا جائے۔
***** ***** *****
پیٹرول - ڈیزل اور گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کل کانگریس کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے۔ ناندیڑ میں آئیٹی آئی کے احاطے میں واقع مہاتما پھلے کے مجسّمے کے روبرو مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بیل گاڑی پر لاد کر ٹو وہیلر اور سڑک پر ہی چولہے جلاکر روٹیاں سینکیں۔ یہ مظاہرہ ضلع صدر وٹھل پاؤڑے اور شہر صدر عبدالغفار کی قیادت میں کیا گیا۔
بیڑ میں ضلع صدر راہل سونونے کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سونونے‘ نے انتباہ دیا کہایندھن کی قلّت دور کرکے قیمت میں کمی نہیں کی گئی تو تحریک مزید تیز کی جائیگی۔ پارٹی کی جانب سے ضلع کلکٹر کو محضر بھی پیش کیا گیا۔ دھاراشیو میں ضلع صدر امیش راجے نمبالکر کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں ایک قدیم مکان کی دیوار منہدم ہوجانے سے دو نابالغ بچوں کی موت واقع ہوگئی۔ عنبڑ تعلقے کے گھونگرڈے حد گاؤں میں کل یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ دونوں بچے بکریوں کیلئے درخت کے پتے توڑ رہے تھے کہ مخدوش مکان کی دیوار گرگئی‘ جس کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی۔
پربھنی ضلع میں کلیان-نرمل قومی شاہراہ پر ایک خانگی بس اور ٹووہیلر کے درمیان ہوئے حادثے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ کل شب پیش آیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے چاروں نوجوانوں کا تعلق مانوت سے بتایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
قومی تحقیقاتی ادارے (NIA) نے کل ملک بھر میں 12 مقامات پر چھاپے مارکر متعدد افراد سے تفتیش کی۔ اس کارروائی میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے والوج علاقے سے ایک شخص کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کیے جانے کی بھی بات سامنے آئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن اور دیگر مطالبات کیلئے بھوک ہڑتال کے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کے مؤ قف کا اظہار منوج جرانگے پاٹل نے کیا ہے۔ انتروالی سراٹی میں کل ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل اور رکنِ اسمبلی پرساد لاڑ کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔ تاہم جرانگے نے کہا کہ تحریری تیقن اور سرکاری حکمنامہ موصول ہونے پر آج صبح بھوک ہڑتال سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ایل نینو کے اثرات کے باعث اس سال جنوب مغربی مانسون اوسط سے کم90 فیصد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجئے موہاپاترا اور وزارتِ ارضی سائنس کے سیکریٹری ڈاکٹر روی چندرن نے کل نئی دہلی میں مانسون 2026 کے دوسرے مرحلے کی طویل پیش گوئی جاری کی۔ ان کے مطابق جون سے ایل نینو کے اثرات میں اضافہ متوقع ہے اور وسطی و جنوبی ہندوستان میں بارش کا تناسب کم رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
کپتان شبھمن گل کی جارحانہ سنچری کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے انڈین پریمیر لیگ (IPL) کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل نیو چنڈی گڑھ میں کھیلے گئے میچ میں گجرات نے راجستھان رائلز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ راجستھان کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 214 رن بنائے‘ تاہم گجرات کی ٹیم نے یہ ہدف 19 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ 53 گیندوں میں 104 رن بنانے والے شبھمن گِل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کل ٹورنامنٹ کا فائنل گجرات اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل وردھا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 42 اعشاریہ چارڈگری‘ ناندیڑ میں 42 اعشاریہ چھ ڈگری اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہ حرارت 41 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ NEET پیپر افشاء ہونے کے معاملے میں غلطیوں کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے: عدالت ِ عظمیٰ کا مشاہدہ۔
٭ مستقبل میں مہاراشٹر عالمی سطح پر AI کی قیادت کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کا اعتماد۔
٭ قانون ساز کونسل کی 17 میں سے 15 نشستوں کی تقسیم پر مہاوِکاس آگھاڑی کا فیصلہ۔
٭ جالنہ ضلع میں دیوار منہدم ہونے سے دو بچوں کی موت؛ پربھنی ضلع میں سڑک حادثے میں چار نوجوان ہلاک۔
اور۔۔۔ ٭ گجرات ٹائٹنس IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment