Wednesday, 6 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے مرکزی کا بینہ نے ’کپاس کانتی مشن‘ کو دی منظوری؛ گنّے کی راست اور مناسب قیمت FRP میں اضافہ۔
٭ ریاستی حکومت نے قبائلی علاقوں میں پانچ پرائمری اور 19 ثانوی امداد یافتہ آشرم اسکولوں کو اَپ گریڈ کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ تلجاپور مندر فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام انجینئرنگ کالج ریاستی حکومت کے حوالے۔
٭ ممتا بینرجی نے مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دینے سے کیا انکار۔
اور۔۔۔٭ اجنتا اور اطراف کی منصوبہ بند اور جامع ترقی کیلئے سیاحت کے ریاستی وزیر نے دی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ’کپاس کانتی‘ نامی ایک نئے مشن کو منظوری دی ہے۔ اس کا مقصد کپاس کی فی ہیکٹر پیداواری صلاحیت کو دُگنا کرنا ہے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کل کابینی اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف کل نئی دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس مشن کیلئے پانچ ہزار659 کروڑ روپؤں کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ اس مشن پر آئندہ پانچ برسوں تک عمل کیا جائے گا جس کے تحت ملک بھر میں دو ہزار Ginning اور Pressing مراکز قائم کیے جائیں گے۔ ویشنو نے اس سلسلے میں مزید معلومات دی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
مرکزی کابینہ نے کل گنّے کی راست اور مناسب قیمت FRP میں 10 روپئے فی کوئنٹل کے اضافے کو منظوری دی ہے۔ جس کے بعد یہ قیمت 365 روپئے فی کوئنٹل ہوگئی ہے۔ ویشنو نے بتایا کہ اس فیصلے سے ملک بھر کے کسانوں کو ایک لاکھ کروڑ روپؤں کا فائدہ ہوگا۔ کابینہ نے کل ربیع موسم کے دوران آٹھ لاکھ 19 ہزار 882 میٹرک ٹن چنے کی خریداری کو بھی منظوری دی۔ چنے کی خریداری کی آخری تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے اور اب ریاست میں چنے کی خریداری 29 مئی تک جاری رہے گی۔
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے MSMEs یعنی درمیانی اور چھوٹے درجے کی کاروباری اداروں‘ غیر MSMEs اور ہوائی کمپنیوں کیلئے ہنگامی کریڈٹ لائن ضمانتی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت MSMEs کو قرض کے حصول کیلئے کسی ضمانت کی ضروری نہیں ہوگی، جبکہ دیگر شعبوں کی کمپنیوں کو قرض کی رقم کا 10 فیصد Morgage رکھنا ہوگا۔ وہیں ایک دوسرے فیصلے میں مرکزی کابینہ نے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد 33 سے بڑھا کر 37کرنے کو منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں بھی کل کابینی اجلاس کا انعقاد کیا گیا اور کئی فیصلوں کو منظوری دی گئی۔ قبائلی علاقوں میں غیر سرکاری تنظیموں NGOs کے زیرِ انتظام چلائے جانے والے پانچ پرائمری اور 19 ثانوی امداد یافتہ آشرم اسکولوں کو Upgrade کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائمری اسکولوں کو ثانوی اور ثانوی اسکولوں کو جونیئر کالجز کا درجہ دیتے ہوئے ضروری عہدے وضع کرنے اور دیگر اخراجات کو بھی ریاستی کابینی اجلاس میں منظوری دی گئی۔جن پانچ پرائمری آشرم اسکولوں کے درجوں کو بلند کیا گیا ان میں ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے میں واقع مہاتما منگسا جی تعلیمی ادارے کا آشرم اسکول اور ناندیڑ ضلع کے کنوٹ تعلقے میں سبھاش شکشن پرسارک منڈل کا آشرم اسکول شامل ہے۔
کل منعقد کیے گئے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں دھاراشیو ضلع کے تلجاپور مندر فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام انجینئرنگ کالج کو ریاستی حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی شولاپور کے سرکاری ٹیکنیکل کالج میں آئندہ تعلیمی سال سے تین ڈگری سطح کے انجینئرنگ کورسیز شروع کرنے کو بھی منظوری دی گئی۔
رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ نے ریاستی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس فیصلے سے اس علاقے میں تعلیم کا چہرہ مہرہ بدلے گا۔
***** ***** *****
ممتابینرجی نے مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے۔ موصوفہ کل کولکتہ میں اخباری کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابات میں انھیں شکست نہیں ہوئی ہے بلکہ انھیں زبردستی ہرایا گیا ہے۔ اس بیچ راجر ہاٹ نیو ٹاؤن اسمبلی حلقے میں بی جے پی امیدوار کی جیت کے ساتھ مغربی بنگال اسمبلی میں بی جے پی اراکین کی تعداد 207 تک پہنچ گئی ہے۔
مغربی بنگال میں نئی حکومت کی تشکیل اور حلف برداری کی تقریب کیلئے تیاریاں زور پکڑرہی ہیں۔ نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب آئندہ 9 مئی یعنی گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور کے یومِ پیدائش پر ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر امت شاہ کو مغربی بنگال میں اراکینِ اسمبلی کے گروپ لیڈر کے انتخاب کیلئے مرکزی مبصر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح مرکزی وزیر جے پی نڈا آسام میں پارٹی کے مرکزی مبصر رہیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
تمل ناڈو میں تمل ویتری کڑگم (TVK) نامی پارٹی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر اُبھری ہے۔ اس پارٹی کے صدر جوسیف وجئے نے گورنر راجندر آرلیکر کو خط لکھ کر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا ہے۔ جوسیف وجئے کو اسمبلی میں TVK پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے۔ وہیں‘ ایم. کے. اسٹالن نے کل گورنر کو وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ دوسری جانب کیرلم کے وزیرِ اعلیٰ پنرائی وجین نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے قومی کمیشن نے کل نئی دہلی میں زچگی اور بچوں کی پرورش سے متعلق قوانین پر ایک جائزاتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس کی صدارت کمیشن کی چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے کی۔ کمیشن نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ یہ اجلاس ماؤں کے حقوق کے تحفظ اور بچوں کی محفوظ اور ذمہ دارانہ پرورش سے متعلق قوانین اور پالیسیوں کیلئے سفارشات وضع کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایندھن کی فراہمی سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں ایندھن کی فراہمی تواتر کے ساتھ کی جارہی ہے‘ اس لیے صارفین صرف ضرورت کے مطابق ہی ایندھن خریدیں۔ انھوں نے شہریان سے ایندھن کی ذخیرہ اندوزی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کین اور بیرل میں پیٹرول اور ڈیزل بیچنے پر دو پیٹرول پمپوں پر کارروائی کی گئی۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے ان پیٹرول پمپوں کو ایندھن کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کچھ پیٹرول پمپس پر بڑی مقدار میں ایندھن کی فروخت کیے جانے کے ویڈیو وائرل ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ شہریان کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد ضلع کلکٹر دفتر نے آئل کمپنی HPCL سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
سیاحت کے ریاستی وزیر شمبھو راج دیسائی نے عالمی سیاحت میں اہمیت کے حامل اجنتا اور اطراف کے علاقوں کی منصوبہ بندی اور جامع ترقی کیلئے ہدایات دی ہیں۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں اجنتا کی سیاحت کی ترقی کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں اجنتا غاروں کے علاقے میں مہاراشٹر ٹوریزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (MTDC) کی تقریباً 700 ایکڑ اراضی کی منصوبہ بند ترقی کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجئے شرساٹ نے بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سماجی ترقی اسکیم کے تحت مختلف سہولیات کیلئے تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ کل منترالیہ میں اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اسکیم کے تحت جالنہ ضلع میں کثیر مقصدی سہولیات جیسے کتب خانے، اسٹڈی رومز‘ دھم کیندر اور تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ کامن انٹرنس اگزام سیل (CET) نے 2026 میں اب تک منعقدہ اہلیتی امتحانات میں تقریباً 18 لاکھ 12 ہزار طلبہ کا اندراج کیا ہے۔ گذشتہ برس یہ تعداد 14 لاکھ آٹھ ہزار تھی جو گذشتہ برس کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں کل دوپہر غیر موسمی بارش ہوئی، جس سے شہریان کو شدید گرمی سے تھوڑی راحت ملی۔ تاہم‘ ہنگولی کی زرعی پیداوار بازار کمیٹی کے احاطے میں فروخت کیلئے لائی گئی ہلدی بھیگنے سے خراب ہوگئی۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ ہنگولی شہر کے علاوہ کلمنوری تعلقے کے آکھاڑا بالا پور اور اطراف میں بھی بے موسم بارش ہوئی ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن آج اور کل شہر کے گنج گولائی علاقے میں قبضہ جات ہٹانے کی مہم چلائے گا۔ میونسپل انتظامیہ نے اس علاقے کے خوانچہ فروشوں‘ تاجروں اور دکانداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے کیے گئے قبضوں کو فوری طور پر ہٹائیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے مرکزی کا بینہ نے ’کپاس کانتی مشن‘ کو دی منظوری؛ گنّے کی راست اور مناسب قیمت FRP میں اضافہ۔
٭ ریاستی حکومت نے قبائلی علاقوں میں پانچ پرائمری اور 19 ثانوی امداد یافتہ آشرم اسکولوں کو اَپ گریڈ کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ تلجاپور مندر فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام انجینئرنگ کالج ریاستی حکومت کے حوالے۔
٭ ممتا بینرجی نے مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دینے سے کیا انکار۔
اور۔۔۔٭ اجنتا اور اطراف کی منصوبہ بند اور جامع ترقی کیلئے سیاحت کے ریاستی وزیر نے دی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 13.06.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 13 June 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...