Tuesday, 12 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ غیر ملکی کرنسی خرچ کرنے کی ذاتی عادات سے گریز کرنے کی اپیل کا وزیرِ اعظم نے کیا اعادہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی قانون کے نفاذ سے متعلق سرکاری اعلامیہ جاری۔
٭ مہاراشٹر میں مستقبل میں معیشت کی قیادت کرنے کی صلاحیت ہے - وزیر اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کی جدید عمارت کے کام جون 2027 تک ہوں گے مکمل۔
اور۔۔۔٭ ممبئی انڈینز کی آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں ختم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل غیر ملکی مصنوعات کے استعمال کو کم کرنے اور غیر ملکی کرنسی کو خرچ کرنے کی ذاتی عادات سے بچنے کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔ گجرات کے وڈودرا میں سردار دھام ہاسٹل کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غیر ملکی اشیاء کے بجائے ملک کی مصنوعات کو اپنانے اور ”ووکل فار لوکل“ کے نعرے کو ایک عوامی تحریک بنانے کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے موجودہ حالات میں سونے کی خریداری سے گریز کرنے، پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال کم کرنے‘ گھر سے کام کرنے اور آن لائن تعلیم کو ترجیح دینے کی ترغیب بھی دی۔ انہوں نے کہا…
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دریں اثناء، وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کی کفایت شعاری کی درخواست کو حمایت دیں۔ کل‘ صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پیٹرولیم اور غیر ملکی مصنوعات کے بے دریغ استعمال سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم کی طرف سے کفایت شعاری سے کام لینے کی درخواست کی تائید میں ریاست کے ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے فوری طور پر اپنا کانس کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ شیلار نے اپنے محکمے پر تین اہم ضابطے بھی عائد کیے‘ جن میں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کیلئے وفد کی منسوخی، آمد و رفت پر ایندھن کے اخراجات کو ٹالنے کیلئے تمام میٹنگز آن لائن کرنے، اور سرکاری کاموں کیلئے صرف الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال شامل ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں ہے اور 60 دن کے خام تیل کا ذخیرہ موجود ہے۔ اسی طرح ملک میں 45 دن کی پکوان گیس اور 60 دن کی طبعی گیس کا بھی ذخیرہ ہے۔ جبکہ ملک کے پاس اس وقت 703 ارب امریکی ڈالر کا زرِمبادلہ ہونے کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود، بھارتی معیشت لچکدار ہے اور موجودہ مالی سال میں چھ اعشاریہ چھ فیصد کی نمو درج کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں معیشت نے مضبوط ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کل‘ترقی یافتہ بھارت جی رام جی روزگار اور گذر بسر قانون2025 کے نفاذ کے سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔یہ قانون یکم جولائی سے پورے ملک میں نافذ ہوگا۔مرکزی دیہی ترقیات کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے اس بارے میں مزید جانکاری دی۔ انہوں نے کہا…
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں مستقبل میں معیشت کی قیادت کرنے کی صلاحیت ہے۔ وہ کل‘ نئی دہلی میں کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے زیرِ اہتمام اینیوول بزنس سمٹ-2026 کے تحت وژن فار انڈیا @ 100کے موضوع پر دو روزہ مذاکرے میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہاراشٹر آج 660 بلین ڈالر کی معیشت ہے، جو ملک کی جی ڈی پی میں تقریباً 15 فیصد کا حصہ ڈالتا ہے۔ جبکہ ملک کی انجینئرنگ برآمدات میں ریاست کا حصہ 20 فیصد سے زیادہ ہے، وزیر ِاعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر ملک کے ”ڈیٹا سینٹر“ اور ”اسٹارٹ اپس“ کا دارالحکومت ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چیف جسٹس سوریہ کانت نے ملک بھر کی عدالتوں کیلئے ”ایک کیس، ایک ڈیٹا“ سسٹم کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ملک کی تمام ہائی کورٹس کے ساتھ ساتھ ضلعی اور تعلقہ عدالتوں کے مقدمات کی معلومات ایک ہی سسٹم میں درج کی جائیں گی۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس کے ذریعے ملک بھر کی تمام عدالتوں کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔ انہوں نے عدالت کے کام کاج سے متعلق معلومات کیلئے سُو سہائے کے نام سے ایک چیٹ بوٹ بنانے کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی دس نشستوں کیلئے آج رائے دہی کی جا رہی ہے۔ نو باقاعدہ نشستوں اور ایک خالی نشست کے ضمنی انتخابات کیلئے اہم سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سمیت پانچ آزاد امیدواروں کی طرف سے دس درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ ان انتخابات کی رائے دہی شام چار بجے تک ہوگی اور ضرورت پڑنے پر ووٹوں کی گنتی شام پانچ بجے کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاستی گورنر جشنو دیو ورما نے کہا ہے کہ گجرات میں سومناتھ مندر اس حقیقت کی ایک بہترین مثال ہے کہ چاہے کتنی بھی جارحیت ہو سناتن ثقافت کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ وہ کل ممبئی میں ”سومناتھ سوابھیمان پرو“ کے موقع پر مہالکشمی کے دھاکلیشور مہادیو مندر میں پوجا کرنے کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
’بال بھارتی‘ کی جانب سے تعلیمی سال 2026-27 سے کچھ جماعتوں کیلئے نئے نصاب کے مطابق نصابی کتابیں شائع کی جائیں گی۔جماعت ِ دوّم‘ سوم‘ چہارم اور ششم کی نئی نصابی کتابیں جون 2026 میں دستیاب ہوں گی، لہٰذا‘ سرپرستوں سے نئے نصاب کی کتابیں خریدنے کی اپیل، ’بال بھارتی‘کی ڈائریکٹر انورادھا اوک نے کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ریلوے اسٹیشن کے تعمیری کام جون 2027 تک مکمل ہوجائیں گے۔ اس اسٹیشن کے تقریباً ایک ایکڑ کے احاطے کو مکمل طور پر چھت سے ڈھانپ دیا جائے گا‘ جبکہ اسٹیشن کے پہلے منزلے پرکھانے پینے کی دکانیں اور ہوٹلس، بچوں کی تفریح کیلئے کھیلوں کے ساتھ ساتھ مسافروں کے آرام کیلئے جدید سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ اسٹیشن کے دونوں طرف ٹکٹ دفاتر اور داخلی دروازے ہوں گے۔ جبکہ پٹ لائن کا کام آئندہ چار ماہ میں مکمل ہونے کی اطلاع بھی متعلقہ خبر میں دی گئی ہے۔
***** ***** *****
آبرسانی اور صفائی محکمے کی وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر نے کہا ہے کہ سینچائی کیلئے معقول مقدار میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے پانی کا مؤثر طریقے سے انتظام کرنا ضروری ہے، اور اس کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو باہمی تال میل سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ، پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ، نہروں کی مرمت وغیرہ اُمور کا جائزہ لیا اور ضروری تجاویز دیں۔
***** ***** *****
آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے پلے آف میں پہنچنے کی ممبئی انڈینز کی امیدیں ختم ہو گئی ہیں۔ ممبئی اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں 11 میں سے آٹھ میچ ہارکر چھ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ جبکہ رائل چیلنجرز بنگلورو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 14 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست مقام پر‘ اسی طرح سن رائزرس حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنس بھی 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔ کل کے میچ میں دہلی کیپٹلس سے شکست کے بعد پنجاب کنگس 13 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں آج گجرات ٹائٹنس اور سن رائزرس حیدرآباد آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ احمد آباد میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل‘ سب سے زیادہ درجہ حرارت جلگاؤں میں 44 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی میں 42 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیس، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 42 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس، بیڑ میں 42 اعشاریہ چار اور دھاراشیو میں 39 اعشاریہ نو ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ، وسطی مہاراشٹرا اور ودربھ کے چند مقامات پر غیر موسمی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ غیر ملکی کرنسی خرچ کرنے کی ذاتی عادات سے گریز کرنے کی اپیل کا وزیرِ اعظم نے کیا اعادہ۔
٭ ترقی یافتہ بھارت جی رام جی قانون کے نفاذ سے متعلق سرکاری اعلامیہ جاری۔
٭ مہاراشٹر میں مستقبل میں معیشت کی قیادت کرنے کی صلاحیت ہے - وزیر اعلیٰ کا دعویٰ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کی جدید عمارت کے کام جون 2027 تک ہوں گے مکمل۔
اور۔۔۔٭ ممبئی انڈینز کی آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں ختم۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 30 May 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ت...