Friday, 29 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ CBSEکے بارہویں جماعت کے امتحانات میں نشانات دینے کے عمل کو دوبارہ کیا جائے گا:مرکزی وزیر تعلیم کا اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ میں خشک سالی کو ندی جوڑمنصوبے کے ذریعے ختم کیا جائے گا: نائب وزیرِ اعلی ایکناتھ شندے کا تیقن۔
٭ اقتدار میں حصہ داری سے محرومی پرمرکزی وزیر رام داس آٹھولے کا اظہارِ افسوس۔
٭ معروف شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کا طویل علالت کے بعد بھوپال میں انتقال۔
٭ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی سے ملحقہ 29 کالجز میں سالِ اوّل کے داخلے روکنے کا حکم۔
اور۔۔۔ ٭ NEET پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں ناندیڑ میں دو طلبہ اور ان کے افرادِ خانہ سے CBI کی تفتیش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی تعلیمی بورڈ(CBSE) کے جماعت ِ بارہویں کے امتحان کے نشانات دینے کے عمل میں کچھ تضادات اُجاگرہونے کے بعد اس عمل پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کل نئی دہلی میں (CBSE) کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ پردھان نے بتایا کہ اس معاملے میں طلبہ کے تمام شکوک و شبہات کو دور کیا جائے گا، اور تضادات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا…
Byte: Education Minister Dharmendra Pardhan
***** ***** *****
کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ مئی 2023 میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے بعد سدارامیا دوسری مرتبہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بنے تھے، وہ اس سے قبل 2013 سے 2018 تک بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ کرناٹک اسمبلی میں کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہے، اس لیے سدارامیا نے گورنر سے درخواست کی ہے کہ وہ نامزد وزیر اعلیٰ کو حکومت بنانے کیلئے مدعو کریں۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنماء نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل نئی دہلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس دوران پھڑنویس نے ریاست میں جاری مختلف اہمیت کے حامل اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ پھڑنویس نے اس ملاقات کے بعد احساس ظاہر کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہمیشہ ہی تحریک اور مثبت توانائی دینے والی ہوتی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مراٹھواڑہ میں ندیوں کو جوڑنے کے منصوبے کے ذریعے خشک سالی کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وہ کل لاتور ضلعے کے احمد پور میں پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ شندے نے یقین دلایا کہ ال نینو کی وجہ سے کم بارش کی پیش گوئی کی صورتحال میں حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔ سابق وزیر ونائیک راؤ پاٹل کی شیو سینا میں شمولیت کے بعد، احمد پور علاقے کے ہزاروں کارکنان نے نائب وزیر اعلیٰ شندے کی موجودگی میں کل شیوسینا میں شمولیت اختیار کی۔
دریں اثناء‘ اس اجلاس میں پولس کی مبینہ طور پر صحافیوں کے ساتھ دھکا مکی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اس معاملے کے باعث ذرائع ابلاغ میں سخت ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے کہ مہا یوتی قانون ساز کاؤنسل کی 17 نشستوں کیلئے متحدہ طور پر مقابلہ کرے گی اور تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ گزشتہ روز دہلی میں میڈیا نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہایوتی کی حلیف جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور نشستوں کی تقسیم منصفانہ طریقے سے کی جائے گی۔ شندے نے بتایا کہ حکومت مراٹھا سماج کے مسائل کے تئیں پوری طرح حساس ہے اور بی جے پی کے رکنِ اسمبلی پرساد لاڑ نے ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات سنے ہیں۔ مراٹھا برادری کے فیصلوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے انا صاحب پاٹل اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کے ذریعے سماج کو انصاف فراہم کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت کا موقف ہے کہ جرانگے پاٹل کو بھوک ہڑتال کرنے کی نوبت نہ آئے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ منوج جرانگے پاٹل نے مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کو لیکر کل 30 مئی سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ کنبی سرٹیفکیٹ کی تقسیم اور مراٹھا سماج کے افراد کو ریزرویشن سے متعلق بقیہ مطالبات کو پورا کرنے کیلئے جرانگے کی طرف سے حکومت کو دی گئی مہلت آج ختم ہو رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ بی جے پی-شیو سینا اتحاد میں راشٹروادی کانگریس پارٹی شامل ہونے کی وجہ سے آر پی آئی کی اہمیت کم ہو گئی ہے۔ آٹھولے‘ کل ایوت محل میں ذرائع ابلاغ سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ آر پی آئی کو حکومت میں حصہ داری نہیں مل رہی ہے انھوں نے کہا کہ حکومت میں پارٹی کا کوئی ایک وزیر ہونا چاہئے تھا۔ آٹھولے نے کہا کہ مہایوتی میں آر پی آئی کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور ہمیں بی جے پی کے کوٹے سے قانون ساز کونسل کی نشست یا کسی کارپوریشن میں نمائندگی دی جانی چاہیے۔
***** ***** *****
مذہب ِ اسلام کا مقدس تہوار عیدالاضحی کل ریاست میں روایتی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ممبئی سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید ادا کی گئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کی عیدگاہ چھاؤنی میں بندگانِ توحید نے نمازِ عید ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ ہنگولی کے عیدگاہ میدان میں نمازِ عید ادا کی گئی، جبکہ بیڑ ضلعے کی مختلف عیدگاہوں اور مساجد میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
***** ***** *****
معروف شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کل‘ بھوپال میں طویل علالت اور ضعیف العمری کے باعث انتقال کر گئے، وہ 91 برس کے تھے۔ بدر کافی عرصے سے یادداشت کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی طبعیت کچھ عرصے سے مسلسل نازک تھی، اسی دوران وہ گزشتہ روز انتقال کر گئے، ڈاکٹر بشیر بدر کی ادبی خدمات کا مختصر جائزہ لینے والی یہ رپورٹ ملاحظہ فرمائیں:
Voice Cast
ڈاکٹر بشیر بدر کو ادب میں ان کی نمایاں خدمات کیلئے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ معروف نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اختر نے بدر کوخراج عقیدت پیش کیا۔ بدر کی وفات پر ادبی دنیا میں شدید رنج و غم کا ماحول ہے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت 29 کالجز میں سال ِ اوّل کے داخلوں کو روکنے کا حکم دیا ہے، ان کالجز نے تعلیمی اور انتظامی آڈٹ کے آن لائن امتحان میں 40 فیصد سے کم نشانات یعنی ”ایف“ گریڈحاصل کیا ہے۔ اس میں ناندیڑ ضلعے کے سب سے زیادہ آٹھ کالج، لاتور ضلعے کے سات اور پربھنی ضلعے کے چار کالج شامل ہیں۔
***** ***** *****
NEET پرچے افشاء کیے جانے کے معاملے میں سی بی آئی کی ایک ٹیم نے کل ناندیڑ شہر میں دو مقامات پر تفتیش کی۔ شہر میں دو طلبہ اور ان کے افرادِ خانہ سے پرچہ خریدنے کے شبے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ ہمارے نمائندے کے مطابق سی بی آئی کی ایک ٹیم نے اس سے قبل 16 مئی کو ناندیڑ میں ایک طالبہ اور اس کے سرپرستوں سے پوچھ تاچھ کی تھی۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ CBSEکے بارہویں جماعت کے امتحانات میں نشانات دینے کے عمل کو دوبارہ کیا جائے گا:مرکزی وزیر تعلیم کا اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ میں خشک سالی کو ندی جوڑمنصوبے کے ذریعے ختم کیا جائے گا: نائب وزیرِ اعلی ایکناتھ شندے کا تیقن۔
٭ اقتدار میں حصہ داری سے محرومی پرمرکزی وزیر رام داس آٹھولے کا اظہارِ افسوس۔
٭ معروف شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کا طویل علالت کے بعد بھوپال میں انتقال۔
٭ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی سے ملحقہ 29 کالجز میں سالِ اوّل کے داخلے روکنے کا حکم۔
اور۔۔۔ ٭ NEET پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں ناندیڑ میں دو طلبہ اور ان کے افرادِ خانہ سے CBI کی تفتیش۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 30 May 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ت...