Monday, 11 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عالمی اقتصادی عدم استحکام‘ سپلائی چین میں خلل اور بین الاقوامی تنازعات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات پر وزیرِ اعظم نے دیا زور۔
٭ تملناڈو کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر ٹی وی کے‘ کے وجئے نے لیا حلف‘ فلور ٹسٹ بدھ کو ہوگا۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 135 ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر ممبئی میں ڈرون شو اور ثقافتی پروگرام۔
٭ اشوک کھرات کیس میں ریاستی خواتین کمیشن کی سابق چیئرپرسن روپالی چاکنکر سے خصوصی تفتیشی ٹیم کی پوچھ تاچھ۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے تمام میڈیم کے اسکولوں میں مراٹھی نصاب لازمی کرنے سے متعلق بال بھارتی کی جانب سے سرکلر جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عالمی اقتصادی عدم استحکام‘ سپلائی چین میں رُکاوٹوں اور بین الاقوامی تنازعات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی افراطِ زر سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات پر زور دیا ہے۔ وہ کل حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ بھارت ترقی کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے لیکن کووڈ کے بعد صورتحال اور بین الاقوامی تنازعات نے اناج‘ ایندھن اور کھاد کی فراہمی بر بڑا اثر ڈالا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ ہم وطنوں کو فرض کے احساس کے ساتھ آگے آنے کی تلقین کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حب الوطنی صرف قربانی سے نہیں بلکہ مشکل وقت میں ذمہ داری سے جینے اور ملک کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا نام ہے۔
انھوں نے پیٹرول اور ڈیزل کے معتدل استعمال‘ پبلک ٹرانسپورٹ اور الیکٹرک گاڑیوں کا زیادہ استعمال‘ زرِ مبادلہ بچانے کیلئے غیر ملکی اشیاء کا محدود استعمال اور کیمیائی کھادوں کے کم استعمال اور نامیاتی کاشتکاری کی طرف جانے کی اپیل کی۔ انھوں نے گھر سے کام کرنے‘ آن لائن کانفرنسوں‘ ورچول میٹنگز‘ غیر ضروری سفر‘ غیر ملکی تعطیلات اور غیر ملکی شادیوں پر زیادہ زور دینے‘ ملکی سیاحت اور گھریلو تقریبات کو ترجیح دینے اور ایک سال تک سونے کی غیر ضروری خریداری سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی۔ وزیرِ اعظم نے اپنے یقین کا اظہار کیا کہ اگر ہر شہری ان قراردادوں پر عمل کرتا ہے تو بھارت ہر بحران پر قابو پالے گا اور زیادہ قابل ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِاعظم نے اس تقریب میں تقریباً 9 ہزار چار سو کروڑ روپئے کے کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ ِ بنیاد بھی رکھا اور افتتاح کیا۔ انھوں نے حیدرآباد- پنجی اقتصادی راہداری پر گڑے بیلو ر تا محبوب نگر کے درمیان قومی شاہراہ 167 کی فور لین منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ ورنگل میں پی ایم مترا پارک کا افتتاح بھی کیا۔
اس سے پہلے وزیرِ اعظم نے آٹ آف لیونگ کی 45 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ سوچھ بھارت مہم اب لوگوں کی زندگی کا اٹوٹ حصہ بن چکی ہے اور یہ مہم سماج کی طاقت پرآگے بڑھ رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ‘ نوجوانوں کو بااختیار بنانے‘ اندرونی بہبود کے ذریعے ترقی یافتہ بھارت کا مطالبہ کرتے ہوئے انھوں نے خدمت‘ روحانیت اور سماجی تبدیلی کو فروغ دینے میں آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کے کردار کی تعریف بھی کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تاکہ ملک بھر میں گرمی کی لہر یا سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت کے مختلف اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ اس میٹنگ میں انھوں نے قبل از وقت وارننگ سسٹم کی تیاری‘ مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی اور وسائل کی دستیابی کا جائزہ لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ جانی نقصان و مالی نقصان کم ہو۔ انھوں نے ملک بھر میں سیلاب پر قابو پانے کیلئے دور رس اقدامات کے ساتھ ساتھ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سیلاب سے بچانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
تملناڈو میں TVK یعنی تملگا ویتری کڑگھم اس پارٹی کے بانی سی جوزف وجئے نے تملناڈو کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر راجندر آرلیکر نے انھیں عہدے و رازداری کا حلف دلایا۔ وجئے کے ساتھ نو دیگر وزراء نے بھی حلف لیا۔ 234 رکنی ایوان میں وجئے نے 120 ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل کی ہے بشمول کانگریس‘ سی پی آئی ایم‘ VCK اور IUML۔ گورنر آرلیکر نے کہا کہ TVK بدھ کو اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرے۔
***** ***** *****
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا ہے کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہر ووٹر کا شرکت کرنا لازمی ہے۔ وہ کل تروپتی میں صحافیوں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مغربی بنگال‘ آسام، کیرالہ، پڈوچیری اور تملناڈو میں کامیاب اور پُرامن انتخابات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گیانیش کمار جو اس وقت تروپتی کے دو روزہ دورے پر ہیں کل تروملا کے وینکٹیشور مندر گئے تھے۔
***** ***** *****
بابا صاحب امبیڈکر کے 135 ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر سماجی انصاف اور خصوصی معاونت کے محکمے کی جانب سے کل ممبئی میں ایک عظیم الشان ڈرون شو اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام دادر کے چھترپتی شیواجی مہاراج میدان میں منعقد ہوا۔ اس ڈرون شو کے ذریعے بابا صاحب کی زندگی کی کہانی سامنے آئی۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر رام داس آٹھولے، ریاستی ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار، سماجی بہبود کے وزیر سنجئے شرساٹ اور دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
یومِ والدہ کے موقعے پر کل پوشن ابھیان کے تحت ممبئی کے ملاڈ میں رکنِ پارلیمان ماتر شکتی پوشن تقسیم پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں رکنِ پارلیمان پیوش گوئل کے ذریعے ضرورت مند حاملہ خواتین اور ماؤں میں اغذیہ کٹس تقسیم کی گئیں۔ ماؤں کی صحت اور تندرستی ایک قابل معاشرے اور ترقی یافتہ بھارت کی مضبوط بنیاد ہے۔ اس کے بعد گوئل نے بوریولی کے شمپولی میں منعقدہ پہلے SRA جنتا دربار میں ڈیڑھ سو شکایات کا ازالہ کیا۔
***** ***** *****
دھوکے باز اشوک کھرات کے معاملے میں ریاستی خواتین کمیشن کی سابق چیئرپرسن روپالی چاکنکر سے کل ناسک میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی۔ اس دوران خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے روپالی چاکنکر اور کھرات کے مالی تعلقات‘ نجی کریڈٹ سوسائٹیوں کے اکاؤنٹ‘ کھرات کی مذہبی تنظیم میں چاکنکر کی رُکنیت اور دیگر مسائل پر پوچھ تاچھ کی۔
***** ***** *****
انگریزی‘ ہندی‘ اُردو اور تمل سمیت ریاست کے تمام میڈیم کے اسکولوں میں مراٹھی کی نصابی کتابیں لازمی قرار دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر اسٹیٹ ٹیکسٹ بک پروڈکشن اینڈ کریکولم ریسرچ بورڈ (بال بھارتی) نے ایک سرکلر جاری کیا ہے اور نئے تعلیمی سال سے تمام میڈیم کے اسکولوں میں مراٹھی کے اسباق پڑھانے کو کہا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ حکومت نے یہ فیصلہ طلبہ کو مراٹھی زبان سے محظوظ کرنے‘ مراٹھی کے علم میں اضافہ کرنے اور مقامی ثقافت اور روایات سے روشناس کرانے کے مقصد سے لیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے جنتور میں کل سائنس کی ترویج و اشاعت‘ فلکیات کے بارے میں عوامی بیداری‘ توہمات کے خاتمے اور سائنس پر مبنی مختلف سرگرمیوں اور منصوبوں کے سلسلے میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ فلکیاتی سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ میٹنگ میں جنتور تعلقے میں فروغ کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور سربراہان کا تقررکیا گیا۔ بتایا گیا کہ مستقبل میں مختلف سرگرمیاں جیسے فلکیاتی مشاہداتی کیمپ‘ سائنس نمائش اور سائنسی آگاہی مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں ڈین کے چار عہدوں کیلئے 24 خواہشمندوں نے انٹرویو دیا۔ اس کی اطلاع یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر پرشانت اَمرتکر نے دی۔ اسی طرح رجسٹرار کے عہدے کیلئے انٹرویو 22 مئی کو لیے جائیں گے۔ اس عہدے کیلئے کُل آٹھ امیدوار اہل قرار پائے ہیں۔ جبکہ آئینی افسر کے زمرے میں نو جائیدادوں کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور خواہشمندوں کے انٹرویوز شروع ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی نالج سورس سینٹر کے ڈائریکٹر اور رجسٹرار کے عہدے کے اہل امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا گیا ہے، اور انٹرویوز 12 اور 22 مئی لیے جانے کی اطلاع بھی ڈاکٹر امرتکر نے دی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ عالمی اقتصادی عدم استحکام‘ سپلائی چین میں خلل اور بین الاقوامی تنازعات کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات پر وزیرِ اعظم نے دیا زور۔
٭ تملناڈو کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر ٹی وی کے‘ کے وجئے نے لیا حلف‘ فلور ٹسٹ بدھ کو ہوگا۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے 135 ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر ممبئی میں ڈرون شو اور ثقافتی پروگرام۔
٭ اشوک کھرات کیس میں ریاستی خواتین کمیشن کی سابق چیئرپرسن روپالی چاکنکر سے خصوصی تفتیشی ٹیم کی پوچھ تاچھ۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے تمام میڈیم کے اسکولوں میں مراٹھی نصاب لازمی کرنے سے متعلق بال بھارتی کی جانب سے سرکلر جاری۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 30 May 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ت...