Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی سرکیولر بایو انرجی منصوبے ’گوبر-دھن‘کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ Appropriation بل 2026 کو پارلیمنٹ کی منظوری؛ لوک سبھا میں ٹیکس سلیب اور دیگر قانونی ترامیم کا بل منظور۔
٭ بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹروں کی ہڑتال واپس۔
٭ ایس آئی آر میں اندراج سے چھوٹ جانے والے رائے دہندگان بھی ووٹرلسٹ میں اپنے نام شامل کرا سکتے ہیں: انتخابی کمیشن کا بیان۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم سے پانی کے اخراج میں کمی؛ مراٹھواڑہ میں آئندہ دنوں کے دوران بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے قومی سرکیولر بایو انرجی منصوبے ”گوبر-دھن“ کو منظوری دے دی ہے۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کل نئی دہلی میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔تقریباً 23 ہزار 731 کروڑ روپیوں پر مشتمل یہ منصوبہ 2026-27 تا 2035-36 کے دوران نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اشونی ویشنو کے مطابق، اس منصوبے کا بنیادی مقصد ملک میں کمپریسڈ بایو گیس (CBG) کی گھریلو پیداوار میں تقریباً دس گنا اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا۔۔۔
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
پارلیمنٹ نے کلAppropriation بل 2026 منظور کر لیاہے۔ لوک سبھا سے منظور شدہ اس بل کو مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے راجیہ سبھا میں پیش کیا۔ بحث کے بعد راجیہ سبھا نے اس بل کو دوبارہ لوک سبھا کو واپس بھیج دیاہے۔
دوسری جانب، طلبہ تحریک کے دوران پولس کی مبینہ کارروائی کے معاملے پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بیان دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کیا، جس کے باعث کارروائی بار بار متاثر ہوئی۔اسی ہنگامہ آرائی کے دوران لوک سبھا میں ٹیکس ڈھانچے اور دیگر قانونی ترامیم کا بل بغیر بحث کے منظور کر لیا گیا۔
***** ***** *****
بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹروں نے کل اپنی ہڑتال واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹروں کا مؤقف سنا جائے گا۔ قائم مقام چیف جسٹس جسٹس رویندر گھوگے کی بنچ نے یہ یقین دہانی کرائی۔مہاراشٹر حکومت کی جانب سے فارماکولوجی میں سرٹیفکیٹ کورس مکمل کرنے والے ہومیوپیتھی ڈاکٹروں کو مہاراشٹر میڈیکل کونسل میں رجسٹریشن کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے یہ ہڑتال شروع کی تھی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ واضح کیا ہے کہ ذات کے سرٹیفکیٹ کی جانچ اور تصدیق کا عمل سپریم کورٹ کی ہدایات اور مقررہ ضابطوں کے مطابق انجام دیا جاتا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہوتی۔مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرانگے نے کنبی ذات کے سرٹیفکیٹ منسوخ کیے جانے کے معاملے پر ریاستی حکومت پر تنقید کی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ نے یہ وضاحت پیش کی۔ ریاستی حکومت نے متعلقہ ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ ذات کے سرٹیفکیٹ منسوخ ہونے کے معاملات کی جانچ کریں۔ اگر کسی نے جان بوجھ کر بے ضابطگی کی ہو تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مراٹھاریزرویشن ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کل اہلیا نگر ضلع کے سنگم نیرمیں میڈیا سے یہ بات کہی۔
***** ***** *****
ثقافتی امورکے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کہا ہے کہ تفریحی صنعت میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ وہ کل ممبئی میں دو روزہ برکس ویوز بازار کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر اطلاعات و نشریات کے سیکریٹری چنچل کمار نے بتایا کہ اس برس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کے ساتھ ساتھ برکس فلم فیسٹیول بھی منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ برکس کے 20 ممالک کے 500 سے زائد نمائندے اس کانفرنس میں شریک ہیں اور اس کے ذریعے مختلف زبانوں، تہذیبوں اور روایات کے تبادلے کو فروغ ملے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے مقامی خود اختیاری اداروں او ر خانگی انتظامیہ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں شکشن سیوک اور اساتذہ کی 30 ہزار 209 خالی نشستوں پر تقررات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔اسکولی تعلیم کے کمشنر سچندر پرتاپ سنگھ نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ پوترپورٹل کے ذریعے شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے یہ بھرتی کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ رائے دہندگان کی فہرست پر خصوصی نظرِ ثانی مہم’ایس آئی آر‘کے دوران جن اہل ووٹروں کے نام شامل نہیں ہو سکے، وہ بعد میں بھی اپنا نام ووٹر فہرست میں درج کرا سکتے ہیں۔ ابتدائی ووٹر فہرست میں جن اہل ووٹروں کے نام موجود نہیں ہیں، وہ فارم نمبر 6، حلف نامہ اور ضروری دستاویزات جمع کرا کے اپنا نام شامل کرا سکتے ہیں۔ اس کے بعد 27 اکتوبر کو شائع ہونے والی حتمی ووٹر فہرست میں ان کے نام شامل کیے جا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی ووٹر کا نام حتمی فہرست میں بھی شامل نہ ہو تو وہ اس کے بعد بھی اپنا اندراج کرا سکتا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں گنگاکھیڑ سب ڈویژن نے خصوصی نظرِ ثانی مہم کے تحت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع میں سب سے پہلے 100 فیصد ہدف مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اسی کے ساتھ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں بھی گنگاکھیڑپہلا اسمبلی حلقہ بن گیا ہے جس نے سو فیصد ہدف مکمل کیا ہے۔
***** ***** *****
معروف بزرگ ادیب سرینواس وِنایک کلکرنی کا کل انتقال ہو گیا۔ وہ 91 برس کے تھے۔ ان کے پہلے ہی مضامین کے مجموعے ”دوہ“ نے انہیں مراٹھی ادب میں ایک نمایاں مقام دلایا تھا۔ وہ کرہاڑ میں منعقدہ کل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن کے استقبالیہ صدر بھی رہ چکے تھے۔وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ان کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھی ادب،ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنتیرا اجیت پوار نے بھی سرینواس کلکرنی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
زراعت کے ریاستی وزیر مملکت آشیش جیسوال نے کل ضلع جالنہ کے بدناپور میں واقع زرعی تربیتی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بایومکس اور مٹی کی جانچ کی لیبارٹری، زرعی نمائش کے اسٹالز اور مختلف تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے نامیاتی کاشتکاری، مٹی کی صحت کے تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کیلئے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر موصوف نے زرعی کالج کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے تحقیق پر مبنی زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی اپیل کی۔
***** ***** *****
پونے کی ڈیکن شوگر ٹیکنالوجسٹ ایسوسی ایشن نے لاتور کے ولاس امدادباہمی شکر کارخانے کو2026 کے بہترین امداد باہمی شکر کارخانے کے باوقار اعزاز دیئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کامیابی پر پنچایت سمیتی کے عوامی نمائندوں نے کارخانے کی چیئرپرسن ویشالی دیشمکھ کا بابھل گاؤں میں ان کی رہائش گاہ پر استقبال کیا۔
***** ***** *****
ضلع پربھنی کے پالم میں کل پنڈت دین دیال اُپادھیائے روزگار میلہ منعقد ہوا۔ اس میں مجموعی طور پر 187 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 60 امیدواروں کا ابتدائی انتخاب جبکہ 12 امیدواروں کا حتمی انتخاب کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ کے مہاتما جیوتی با پھلے کالج آف سوشل ورک کے پرنسپل راہل ہیورالے سمیت پانچ ملازمین کو انسدادِ بدعنوانی بیورو (ACB) نے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزمان نے کالج کے ایک سبکدوش ملازم کو حاصل شدہ رخصت کی نقد ادائیگی اور پروویڈنٹ فنڈ کا فائدہ دلانے کیلئے رشوت طلب کی تھی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے دھرم آباد تعلقہ کے بالاپور گاؤں میں فصلوں پر چھڑکاؤ کیلئے گھر میں موجود کیڑے مار دوا کے پھیل جانے سے ڈیبیکر خاندان کے تمام افراد زہریلے اثرات کا شکار ہو گئے۔ اس حادثے میں دو بچیوں کی موت ہو گئی، جبکہ ان کے والدین کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
***** ***** *****
پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے پانی کے اخراج میں کمی کر دی گئی ہے۔ اس وقت ڈیم سے 6 ہزارمکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اس میں سے تقریباً 4 ہزار 300 مکعب فٹ اسپِل وے کے ذریعے، ایک ہزارمکعب فٹ دائیں نہر اور 700 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی بائیں نہر کے ذریعے خارج کیا جا رہا ہے۔جبکہ ڈیم میں 10 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے اور ذخیرہ آب تقریباً 93 فیصدہو چکا ہے۔
وہیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آئندہ پانچ دنوں تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قومی سرکیولر بایو انرجی منصوبے ’گوبر-دھن‘کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ Appropriation بل 2026 کو پارلیمنٹ کی منظوری؛ لوک سبھا میں ٹیکس سلیب اور دیگر قانونی ترامیم کا بل منظور۔
٭ بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹروں کی ہڑتال واپس۔
٭ ایس آئی آر میں اندراج سے چھوٹ جانے والے رائے دہندگان بھی ووٹرلسٹ میں اپنے نام شامل کرا سکتے ہیں،انتخابی کمیشن کا بیان۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم سے پانی کے اخراج میں کمی؛ مراٹھواڑہ میں آئندہ دنوں کے دوران بارش کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment